اگر نیند نہ آئے تو بستر پر لیٹنے کے بعد نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ دعا پڑھنے کی ہدایت فرمائی
اَللّٰھُمَّ غَارَتِ النُّجُوْمُ وَھَدَأَتِ الْعُیُوْنُ وَاَنْتَ حَیٌّ قَیُّوْمُ لَا تَأْخُذُکَ سِنَۃٌ وَّلَانَوْمٌ یَاحَیُّ یَاقَیُّوْمُ اَھْدِیْٔ لَیْلِیْ وَاَنِمْ عَیْنِیْ ۔ ترجمہ: اے اللہ! تارے چھپ گئے اور آرام پکڑا آنکھوں نے اور تو سدا زندہ قائم رہنے والا ہے۔تجھ کو اونگھ اور نیند نہیں پکڑتی۔ اے سدا زندہ سب کے سہارے آرام دے میری آنکھوں کو اس رات میں سلا دے۔
حضرت بریدہ رضی اللہ عنہٗ بیان فرماتے ہیں کہ حضرت خالد رضی اللہ عنہ نے نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے شکایت کہ کی ان کو رات میں اچھی طرح نیند نہیں آتی۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جب تم بستر پر لیٹ جائو تو پھر یہ پڑھو
اَللّٰھُمَّ رَبَّ السَّمٰوٰتِ السَّبْعِ وَمَا اَظَلَّتْ وَ رَبَّ الْاَرْضِیْنَ وَمَا اَقَلَّتْ وَرَبَّ الشَّیَاطِیْنِ وَمَا اَضَلَّتْ کُنْ لِیْ جَارًا مِّنْ شَرِّ خَلْقِکَ اَجْمَعِیْنَ اَنْ یَّفْرُطَ عَلَیَّ اَحَدٌ مِّنْھُمْ اَوْاَنْ یَّطْغٰی عَزَّجَارُکَ (وَتَبَارَکَ اسْمُکَ) وَجَلَّ ثَنَاؤُکَ وَلَا اِلٰہَ غَیْرُکَ (ترمذی
ترجمہ:۔ اے اللہ تو ساتوں آسمانوں اور ان کے آس پاس کا رب ہے اور زمینوں کا بھی رب ہے اور تمام شیاطین بھی تیرے قبضہ قدرت میں ہیں اور تو میرا محافظ بن جا ہر اس چیز کے خلاف جو میرے لئے نقصان کا باعث ہو سکتی ہے۔ مجھے خوشی اور مسرت عطا فرما میں تمہاری بزرگی بیان کرتا اور تیرے سوا کسی اور کی عبادت نہیں کرتا۔
نیند آور گولیوں سے حتی الامکان دور رہیے اور اس کی عادت تو ہرگز مت بنائیے کیونکہ شروع میں اگرچہ ان سے نیند آجاتی ہے مگر پھر رفتہ رفتہ ان گولیوں کی مقدار بڑھانی پڑتی ہے اور بالآخر نوبت یہاں تک پہنچتی ہے کہ چاہیے کتنی ہی گولیاں کھالی جائیں نیند نہیں آتی اور یہ گولیاں مضر صحت بھی ہوتی ہیں لہٰذا نیچے دئیے ہوئے علاج فرمائیے اللہ جل شانہ کرم فرمائیں گے۔ 1)۔ نیند نہ آتی ہو تو سونے سے قبل سورۂ احزاب کی آیت نمبر۵۶ پڑھ کر درود شریف پڑھ لیجئے انشاء اللہ نیند آجائے گی2)۔ رات کو سونے سے پہلے یہ دعا پڑھ لیجئے ’’ اللھم باسمک اموت واحیا ‘‘
3)۔ نیند نہ آتی ہوتو سورہ نبا کی آیت نمبر9بار بار پڑھیے انشاء اللہ جلدی نیند آجائے گی۔
4)۔ نیند نہ آتی ہوتو سونے سے قبل اول آخر درود پاک کے ساتھ کم از کم تین بار یہ پڑھیے ’’ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ اَلْمَلِکُ الْحَقُّ الْمُبِیْن ‘‘
5)۔ بے خوابی بہت پرانا مرض ہے‘ زمانہ قدیم میں اس کا علاج عام طور پر پیاز سے کیا جاتا تھا جس کو نیند نہ آتی ہو وہ یا تو کچی پیاز چبالے کر کھا یا ابلی ہوئی پیاز گرم دودھ میں ڈال کر استعمال کرے ‘انشاء اللہ خوب نیند آئے گی۔
6)۔ آدھا کلو پانی میں چھ ماشہ (یعنی تقریباً6گرام) سونف ڈال کر پانی کو چولہے پر جوش دیجئے جب دو چھٹانک (یعنی تقریباً 125گرام) پانی رہ جائے تو اس میں گائے کا دودھ 250 گرام اور ایک تولہ (یعنی تقریباً 12گرام) گائے کا گھی اور حسب ضرورت چینی ملاکر استعمال کیجئے انشاء اللہ نیند آنے لگے گی۔
7)۔ ایک درمیانہ پیاز دہی( مناسب مقدار) میں ملاکر سونے سے پہلے کھالیں انشاء اللہ نیند آجائے گی۔
8)۔ چٹائی بچھونے یا پلنگ پر چت لیٹ جائیے‘ دونوں ہاتھ سیدھے کرکے پہلوئوں کے برابر کرلیجئے۔ اب 6 سیکنڈ تک آہستہ آہستہ گہرا سانس لیجئے، تین سیکنڈ تک ہوا کو اندر روک لیجئے اور پھر 6سیکنڈ میں آہستہ آہستہ منہ سے خارج کیجئے‘ اس کے بعد الٹی کروٹ لیٹ کر چند بار یہ عمل دہرائیے ۔انشاء اللہ نیند آجائے گی۔
9)۔ کدو کے بیج کے مغز نصف تولہ میں تھوڑی سی مصری ملائیں اور اسے کھائیں تو بے خوابی کا مرض دور ہوجاتا ہے۔
10)۔ دھنیا کھانے سے بھی معدہ کے بخارات جو دماغ کو جاتے ہیں وہ ختم ہوجاتے ہیں اس لئے پرسکون نیند آتی ہے۔
11۔ فروٹ چاٹ کھانے سے بھی نیند نہ آنے کی شکایت دور ہوجاتی ہے۔ بعض اوقات سر میں خشکی ہونے کی وجہ سے بھی نیند نہیں آتی‘ ایسے میں سر کی مالش کرنا نہایت مفید ہے۔ چائے اور کافی کا استعمال کم کردیں اس کی جگہ دودھ اور پھل کا استعمال زیادہ کریں۔ فضول باتوں اور بے کار سوچوں کو اپنے ذہن میں جگہ مت دیں اس سے بھی نیند متاثر ہوتی ہے۔ اپنے گھر والوں اور ملنے جلنے والوں سے تعلقات کو خوشگوار بنائیے اپنے دل کو ہمیشہ انتقام ،ضد جیسی خبیث عادات سے پاک رکھئے انشاء اللہ زندگی اور نیند دونوں پرسکون ہوجائیں گی۔ (نبیلہ عارف، فیصل آباد)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں