روحانی اور دینی پستی
خواب: میں نے دیکھا کہ جمعة المبارک کا وقت ہے اور میں نمازباجماعت ادا کر رہا ہوں۔ جب سورئہ فاتحہ پڑھنے لگتا ہوں تو درمیان سے بھول جاتا ہوں۔ دوبارہ شروع کرتا ہوں تو پھر بھول جاتا ہوں۔ یہی عمل دو تین بار دہراتا ہوں لیکن سورئہ فاتحہ یاد نہیں آتی جس کی وجہ سے بہت کشمکش میں مبتلا ہو ں کہ اچانک میری آنکھ کھل جاتی ہے۔(اسد محمود ساندہ۔ لاہور)
تعبیر: آپ روحانی اور دینی اعتبارسے بہت پستی کی طرف جارہے ہیں۔ یہاں تک حقیقت کے ساتھ ساتھ ظاہر داری بھی آپ کی غالباً ختم ہوتی جارہی ہے جو بڑی سنگین حالت ہے آپ کو سخت فکر کی ضرورت ہے ورنہ نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔ اللہ آپ کو نیک بنائے اور دین کی فکر نصیب ہو۔ اس کیلئے آپ حضرت شیخ الحدیث رحمتہ اللہ علیہ کی کتاب فضائل اعمال کامطالعہ کریں اوراللہ والو ں کے ساتھ تعلق پیدا کریں۔ اللہ آپ پر فتوحات کے دروازہ کھول دے گا نیز آپ کے خواب میں یہ بھی اشارہ ہے کہ باجماعت نماز ادا کرتے ہوئے سورئہ فاتحہ صرف امام نے پڑھنی ہوتی ہے۔ متقدی کو نہیں اسی لیے آپ پڑھنے سے اٹک رہے ہیں۔ واللہ اعلم۔
تنگدستی سے کشادگی
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اور میری چھوٹی بھابھی حج کرنے جا رہے ہیں۔ میں بہت خوش ہوں ۔یہ معلوم نہیں کہ حج پر جانے کیلئے کس نے ہمارے لیے پیسے جمع کروائے ہیں۔ جب ایئرپورٹ پہنچتی ہوں تو وہیں پر زمین پر سونے کا لاکٹ، زنجیر اور سونے کی انگوٹھی پڑی ہے۔ جو میں اٹھا لیتی ہوں۔ اتنے میں منظر بدل جاتا ہے دیکھتی ہوں کہ ہماری پڑوسن (جو کہ شادی شدہ ہے) کی شادی ہو رہی ہے، مہندی اور نکاح کے دن وہ بہت خوبصورت لگ رہی ہیں میں بھی انہیں دیکھ کر خوش ہوتی ہوں۔(فریدہ بلوچ۔ بلوچستان)
تعبیر: آپ ہرگز پریشان نہ ہوں۔ اللہ آپ کا حامی و ناصر ہے! آپ کی تنگدستی انشاءاللہ کشادگی سے بدل جائے گی اور آپ کوبہترین ازدواجی زندگی عطا ہو گی۔ جس سے آپ کو مالی آسودگی ملے گے بشرطیکہ اس طرح آپ اللہ کے حضور گڑگڑاتی رہیں جیسی کہ توفیق ہورہی ہے۔ اگر ہو سکے مغرب کے بعد سورئہ واقعہ کی تلاوت کا اہتمام کریں۔ لفظ واللہ اعلم۔
فکرو غم کی بھٹی
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اور میری وہ کزن جس سے میں محبت کرتا ہوں ایک دوراہے پر جارہے ہیں۔ اس دوراہے کے بیچ میں ایک سبز پتلا سا میدان ہے اور اس میدان کے ایک راستے پر وہ جارہی ہے اور دوسرے راستے میں پر میں جارہا ہوں۔ ہم دونوں بہت خوش ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ باتیں کرتے ہوئے جارہے ہیں۔ پھر وہ دوراہا ختم ہو جاتا ہے او ر جب ہم باتیں کرتے ہوئے ایک دوسرے کے قریب پہنچ جا تے ہیں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔(محمد حنیف خان۔ کراچی)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کی یہ کزن آپ کی امانت نہیں بلکہ کسی دوسرے کا مقدر ہے۔ اس لیے اس کا خیال دل سے نکال دیں اور اس کے غم کا ہرگز شکار نہ ہوں۔ خواہ مخواہ اپنے آپ کو فکر و غم کی بھٹی میں جلانے سے کیا حاصل ؟ بہرکیف آپ دونوں کی زندگی کی راہیں جدا ہیں اور سمتیں مختلف نیز خواہ مخواہ کی توقعات رکھنا حماقت ہے۔
چاند در چاند
خواب: رات کا وقت ہے آسمان پر چودہویں کا چاند روشن ہے اور حیران کن بات یہ ہے کہ اس چاند کے اندر درمیان میں ایک اور چاند ہے جو 3یا 4 دن کا ہے اور اس کا ایک کونہ ذرا سا ٹوٹا ہوا ہے۔ ہم اپنے صحن میں کھڑے اسے دیکھ کر حیران ہو رہے ہیں اور مجھے بہت خوف محسوس ہو رہا ہے۔ اچانک کوئی کہتا ہے کہ گھر میں دو مہمان آئے ہیں اور میں بہت خوفزدہ ہوتی ہوں کہ پتا نہیں یہ کون ہیں اور کیوں آئے ہیں۔ (شمائلہ خان ۔ کوئٹہ)
تعبیر: اگر آپ شادی شدہ ہیں تو آپ کو ایسا فرزند عطا کیا جائے گا جو نیک نام ہو گا اور اس سے خوب نسل چلے گی لیکن اگر آپ غیر شادی ہیں توآپ کا شوہر نیک نام ہو گا اور اس سے آپ کی اولاد میں پہلا بیٹا پیدا ہو گا جو جسمانی ساخت میں ممکن ہے کچھ کمزور ہو گا۔ اگرچہ وقت کے ساتھ ساتھ نارمل ہو جائے گا ۔ اس سلسلے میں آپ کو خوف و پریشانی پیش آئے گی بہرکیف حسب توفیق صدقہ دیدیں۔
گناہوں سے توبہ
خواب: میں نے دیکھا کہ میں ایک بڑے سے ہال کمرے میں ہوں بہت سے لوگوں کے علاوہ میرا ایک دوست بھی ہے۔ اتنے میں ایک شیر آنکلا ہے۔ سب لوگ بھاگ کھڑے ہوتے ہیں لیکن میں اورمیرا دوست وہیں کھڑے رہتے ہیں شیرمیرے قریب آکر میرا ہاتھ سونگھتا ہے اور چلا جاتا ہے اسی اثناءمیں میرا دوست بے ہوش ہو جاتا ہے اور میں وہاں سے باہر آکر سکوٹر پر بیٹھ کر کسی ویران سمت کی طرف جا نکلتا ہوں کسی شخص سے پوچھتا ہوں کہ یہ راستہ کلفٹن کو جاتا ہے وہ کہتا ہے کہ تم غلط سمت نکل آئے ہو پھر میں گھومتا ہوا اپنے گھر کے قریب پہنچ جاتا ہوں اور مجھے اپنا گھر نظر آجاتا ہے(محمود احمد۔ کراچی)
تعبیر: آپ کے حق میں یہ خواب اچھا نہیں ہے اگرچہ شیر سے حفاظت بہت اچھی علامت ہے مگر آپ کے کوائف کے پیش نظر شیر کا آپ کے ہاتھ کو سونگھ کر چلا جانا اس حیوان کی طرف سے نہایت نفرت و حقارت کا اظہار ہے۔ آپ کو چاہیے کہ آپ تمام گناہوں سے توبہ کرکے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں۔ ان شاءاللہ نفس و شیطان کے طوفان بھی آپ کومتزلزل نہیں کر پائیں گے لیکن اگر آپ نے غفلت برتی تو دنیا میں کرب و بے چینی کی آگ اور آخرت میں جہنم کی ہولناک آگ تیار ہے۔
Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 516
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں