پرکشش جسم اور گوری رنگ
میں نے ادویات استعمال کیں‘ بیوٹی پارلر سے کریمیں بنوائیں لیکن بیکار ثابت ہوئیں۔ مجھے اپنے ہاتھ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ کتنے بھدے اور کتنے کالے ہیں۔ میرا جسم کالا اور موٹا ہے۔ مجھے مشورہ دیجئے۔ میں رنگ گورا اور جسم پرکشش کرنا چاہتی ہوں۔ (سویرا بخش‘ لالہ موسیٰ)۔
مشورہ: اب میں اس بچی کو کیا مشورہ دوں؟ یہ بچے اخبارات میں اشتہار پڑھ کر الٹی سیدھی دوائیاں خرید لیتے ہیں۔ کمزور جسم اور پچکے گال دواؤں سے ٹھیک نہیں ہوتے۔ اسی طرح رنگ گورا کرنے کی کریم لگانے سے بعض دفعہ نقصان ہوتا ہے۔ مثلاً چہرے پردانے نکل آتے ہیں‘ کسی کا رنگ مزید خراب ہوجاتا ہے۔ ایسی اشتہاری کریموں سے اجتناب کرنا چاہیے۔سچ یہ ہے کہ کالا رنگ عیب نہیں۔ رنگ اور روپ ظاہری باتیں ہیں۔ دراصل صورت کے بجائے سیرت اچھی ہونی چاہیے۔ سویرا! آپ کسی اچھے ڈاکٹر سے اپنے لیے حیاتین تجویز کرائیے اور اپنی غذا میں پھل‘ تازہ سبزی اور دودھ شامل کیجئے۔ چار چمچے دودھ لے کر اس میں ایک لیموں کا رس شامل کیجئے۔ دودھ پھٹ جائے گا۔ اب اس آمیزے کو چہرے‘ ہاتھوں اور پاؤں پر اچھی طرح مل لیجئے۔ آدھ گھنٹے بعد دھو لیجئے۔ روزانہ یہ آمیزہ لگائیے۔ ایک گلاس پانی میں شہدایک چمچ اور آدھے لیموں کا رس ڈالیے اور روزانہ صبح پی لیجئے۔ امید ہے آپ کا رنگ صاف ہوجائے گا۔
جسمانی کمزوری دور کرنے کیلئے روزانہ سات بادام اور ایک چمچہ کشمش آدھے کپ پانی میں رات کو بھگوئیے۔ صبح بادام چھیل کر کشمش کے ساتھ کھائیے اور پانی بھی پی لیجئے۔ آدھے گھنٹے بعد ناشتہ کیجئے۔ کیلے میں بہت پوٹاشیم ہوتی ہے‘ دوتین کیلوں کا ملک شیک بنا کر پی لیا کیجئے۔ آج کل آم کا موسم ہے تو روزانہ دو تین آم کھا کر اوپر سے دودھ پیجئے۔ آپ کی صحت ٹھیک ہوجائے گی۔ اس کے علاوہ آپ بیسن سے منہ دھوئیے اور آدھے کپ تیز گرم دودھ میں روئی بھگو کر اس سے اپنا چہرہ اچھی طرح صاف کیجئے۔ روئی گندی ہوجائے تو صاف روئی لے کر چہرے پر اچھی طرح ملئے بعد میں پانی سے منہ دھولیجئے۔ دودھ سے چہرے کا میل کچیل صاف ہوتا ہے۔
’’سنبھالو‘‘ کے پتوں سے علاج
میں شادی شدہ عورت ہوں‘ میرے جسم میں بہت زیادہ گرمی ہے‘ جس کی وجہ سے میں مختلف مسائل کا شکار ہورہی ہوں۔ براہ مہربانی میرے لیے اس کا کوئی آسان ساعلاج تجویز کردیں۔ (ش،غ)۔
مشورہ: سنبھالو تین چار گز لمبا درخت ہے جس کے پتے انار کے پتوں کی طرح ہوتے ہیں مگر ان کارنگ نیچے سے سفید سبزی مائل ہوتا ہے۔ بیج کالی مرچ کی طرح ہوتے ہیں۔ پھول زردی مائل نیلے رنگ کے چھوٹے چھوٹے خوشوں میں نکلتے ہیں اس پودے کے پتے اور بیج مختلف امراض دور کرنے کے سلسلے میں زمانہ قدیم سے استعمال ہورہے ہیں۔ سنبھالو کے پتے جسم کی بڑھی ہوئی گرمی بھی دور کرتے ہیں۔ سنبھالو کے پتے خشک کرکے پیس لیجئے‘ آدھا چمچ چائے والا میں تھوڑا سا شہد ملا کر کھاتے ہیں۔ گوشت‘ مچھلی اور انڈے ہرگز نہ کھائیے۔ ہرا دھنیاروزانہ کھائیے۔ ٹینڈے‘ شلجم‘ گھیا‘ قلفے کا ساگ اور دہی اپنی غذا میں شامل کیجئے۔ امید ہے آپ کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔
دودھ سے علاج
میں اور میرا شوہر صبح سے رات گئے تک کام کرکے بُری طرح تھک جاتے ہیں۔ میری آنکھیں سوج گئی ہیں اور چہرہ مرجھا گیا ہے‘ سر کے بال روکھے ہوگئے ہیں۔ ہمیں کوئی قدرتی علاج بتائیے کیونکہ ہم دوا کے قائل نہیں۔ (عالیہ مظفر‘ شیخوپورہ)۔
مشورہ: عالیہ بی بی! زندگی سادہ طریقے سے گزاری جائے تو معمولی بیماریوں کے سوا انسان کسی خطرناک مرض کاشکار نہیں ہوتا۔ آپ لوگ بہت اچھے ہیں کہ دوا بالکل نہیں کھاتے۔ جب آپ زیادہ تھکن محسوس کریں تو گرم دودھ کا ایک گلاس چسکی چسکی کرکے پی لیا کیجئے‘ تھکن دور ہوجائے گی۔ ٹھنڈے دودھ سے اپنی آنکھوں کی تھکن اور سوجن ختم کریں۔ آدھا کپ ٹھنڈا دودھ لیجئے‘ اس میں تھوڑی سی روئی بھگو کر آنکھوں پر رکھئے۔ دوتین منٹ بعد ہٹا کر دودھ میں بھگو کر پھر آنکھوں پر رکھیے۔ یہ عمل کم از کم پندرہ منٹ تک کریں تھکن دور ہوجائے گی۔ایک چمچہ کلف اور ایک چمچہ جو کے آٹے کو ایک چمچہ دودھ میں ملا کر پتلا سا آمیزہ (پیسٹ) بنا لیجئے اور اسے چہرے اور گردن پر لگا کر دس منٹ کیلئے لیٹ جائیے۔ پھر پانی سے اچھی طرح منہ دھو لیجئے‘ چہرے پرتازگی آجائے گی۔بادام کی کھلی عام ملتی ہے۔ دو تین چمچے کھلی آدھے کپ کھولتے دودھ میں ملائیے اور سر کے بالوں میں اچھی طرح لگائیے۔ آدھ گھنٹے بعد سر دھو کر کسی اچھے تیل کی معمولی مقدار انگلیوں میں مل کر سر کے بالوں پر پھیرلیجئے۔ ہفتہ میں ایک دو دفعہ سر دھویا جاسکتا ہے‘ امید ہے کہ بالوں میں چمک آجائے گی۔ موسم کے لحاظ سے پھل ضرور کھائیے اورقدرتی صحت کی نعمت سے لطف اندوز ہوئیے۔
بالوں کے مسائل
میری عمر چودہ سال ہے‘ میرے منہ پر دانے نکل آئے ہیں‘ مجھے بال لمبے کرنے کا شوق ہے لیکن سر میں خشکی بہت ہے۔ ہمارے شہر میں سردی بہت پڑتی ہے‘ لہٰذا کبھی کبھی سردھوتی ہوں۔ میرے مسئلے کا حل کردیجئے۔ (رضیہ شہزاد‘سوات)۔
رضیہ بی بی! آپ سر میں زیتون کا تیل لگائیے‘ بال مضبوط ہوکر بڑھ جائیں گے‘ خشکی بھی دور ہوجائے گی۔ آج کل تو موسم گرما ہے تودہی میں تھوڑا سا سرسوں کا تیل ملا کر سر کے بالوں میں ایک گھنٹے کیلئے لگائیے پھر دھو لیجئے۔ ہفتہ میں دو بار اس طرح کیجئے‘ بال ملائم ہوں گے اور خشکی بھی نہیں رہے گی۔ چہرے کے دانوں پر آپ کچھ نہ لگائیے‘ گھیگوار مل جائے تو اس کا گودالگائیے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں