Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔ --

روحانی بیماریوں کا روحانی علاج

ماہنامہ عبقری - دسمبر 2014ء

زیارت رسول
میں اکثر خواب میں بزرگوں کو دیکھتی ہوں‘ کبھی کبھی مجھے آسمان پر روشنیوں سے تحریر کردہ اسمائے الٰہیہ اور آیات قرآنی بھی نظر آتی ہے اور کبھی کبھی تو جاگتے میں بھی ایسا ہوا کہ آسمان پر نظر ٹک گئی اور کوئی اسم الٰہی روشنیوں سے لکھا ہوا صاف اور روشن نظر آیا۔۔۔ ایک مرتبہ خواب میں حضور نبی اکرم ﷺ کی زیارت بھی نصیب ہوئی اور ایک مرتبہ حضرت بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے ملاقات ہوئی۔ ایک خواب میں میں نے خود کو حج کرتے ہوئے دیکھا ہے‘ اکثر وقت بے وقت میرے کانوں میں اذان کی آوازبھی آنے لگتی ہے۔ میں کسی کو بتاتی ہوں تو کوئی میری بات پر یقین نہیں کرتا۔ (میمونہ آصف‘ لاہور)۔
جواب: آپ کی بیان کردہ کیفیات حضور نبی کریم ﷺ سے آپ کے قلبی تعلق و محبت اور روحانی بزرگوں کے ساتھ گہری عقیدت کو ظاہر کرتی ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی خواب میں زیارت ہونا ایک بہت بڑی سعادت ہے۔ یہ سعادت ملنے پر بطور شکرانہ ہدیہ صلوٰۃ وسلام نبی کریم ﷺ کی خدمت میں پیش کرنا چاہیے۔ بطور شکرانہ غریبوں کی مالی مدد بھی ایک مستحسن کام ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے حبیب محمد مصطفیٰﷺ کی زیارت کا شرف عطا فرمائے۔ آمین۔
 بیٹیوں کے ساتھ بُرا سلوک
ہم آٹھ بہن بھائی ہیں‘ پانچ بہنیں اور تین بھائی۔۔۔ بھائی ہم بہنوں سے چھوٹے ہیں۔ ماں باپ نے بھائیوں کے خوب لاڈ اٹھائے لیکن دکھ کی بات یہ ہے کہ ہمارے والدین نے ہم بہنوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا۔ ہمارے خاندان میں بیٹیوں کا وجود پسند نہیں کیا جاتا۔ سائنسی ترقی کے دور میں بھی ہماری ایک رشتہ دار کو الٹراساؤنڈ سے جب پتہ چلا کہ ان کے ہاں بیٹی کی ولادت ہوگی تو انہوں نے دومرتبہ ابارشن کروالیا۔۔۔ کیا ہماری اُس رشتہ دار کا یہ عمل دور جاہلیت کے لوگوں جیسا نہیں ہے؟۔۔۔۔ ہمارے بھائیوں کو لاڈپیار نے بہت زیادہ بگاڑ دیا ہے وہ ہماری تو چھوڑیں ماں باپ کی بھی عزت نہیں کرتے۔ ہروقت آپس میں لڑتے جھگڑتے رہتے ہیں اور ابو سے پیسے مانگتے رہتےہیں۔ (پوشیدہ)۔
جواب: بیٹوں کے مقابلہ میں بیٹیوں کے ساتھ کمتر سلوک کی کسی بھی طرح تائید نہیں کی جاسکتی ہے۔ ایک مسلمان گھرانے میں یہ طرز عمل قرآن اور ارشادات نبویﷺ کے خلاف ہے۔ رسول کریم ﷺ نے تو لڑکیوں کے ساتھ زیادہ بہتر سلوک کی تاکید فرمائی ہے۔
بعض کڑی شرائط کے تحت مجبوراً اسقاط حمل کروایا جاسکتا ہے لیکن محض اس لیے اسقاط حمل کرادینا کہ لڑکی پیدا نہ ہو‘ ناجائز اور شدید جرم کے مترادف ہے۔ ہمارے معاشرہ میں بیٹا اور بیٹی کے حوالہ سے مختلف تصورات موجود ہیں۔ بعض والدین سمجھتے ہیں کہ بیٹا ان کے بڑھاپے کا سہارا بنے گا جب کہ لڑکیاں پرائے گھر چلی جائیں گی۔ لیکن کئی گھرانوں میں یہ صورتحال سامنے آئی کہ لڑکے تو شادی کے بعد اپنی بیوی کو لے کر والدین کو چھوڑ کر چل دئیے جبکہ لڑکیاں پرائے گھر میں ہونے کے باوجود اپنے والدین کی خبرگیری اور حتی الامکان خدمت کرتی رہیں۔ والدین کی خدمت کیلئے لڑکا یا لڑکی ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ والدین کی خدمت ایک سعادت ہے جو کسی کو بھی حاصل ہوسکتی ہے۔ آپ اپنے والدین کے فکر و عمل میں اصلاح کے لیے رات سونے سے قبل سورۂ النحل کی آیت 119 گیارہ گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر والدین کا تصور کرکے دم کردیں اور ان کے طرز عمل میں اصلاح اور اولاد کے ساتھ یکساں سلوک کی توفیق ملنے کی دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے یَارَءُوْفُ کاورد کریں۔
شوہراور بیٹوں کی لڑائی
میرے چار بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ بیٹی ماشاء اللہ اپنے گھر میں خوش ہے۔ ایک بیٹے کی بھی شادی کردی ہے۔ وہ اپنی بیوی کے ساتھ ہمارے ساتھ ہی رہتاہے۔ میرے شوہر کا وسیع کاروبار ہے۔ کراچی اورشارجہ میں ہمارے دفاتر ہیں۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ میرے شوہر اور بیٹوں میں بالکل نہیں بنتی۔ میرے شوہر ملنے جلنے والوں اور رشتہ داروں کے سامنے اپنے بیٹوںکی بے عزتی کردیتے ہیں۔ باپ کے رویہ کو دیکھتے ہوئے میرا ایک بیٹا تو ہم سے تقریباً لاتعلق ہی ہوگیا ہے۔ اس نے اپنا کاروباربھی الگ کرلیا ہے۔ اس کا کاروبار اچھا چل رہا ہے لگتا ہے کہ چھوٹا بیٹا بھی کچھ ایسا ہی سوچ رہا ہے۔ بڑے دوبیٹے کاروبار میں اپنے باپ کا ہاتھ بٹاتے ہیں لیکن میرے شوہر ان کا بھی کوئی خیال نہیں کرتے۔ بعض اوقات ان کے کاروباری وعدوں کو بلاوجہ منسوخ کردیتے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹ میں میرے بیٹوں کی ساکھ نہیں بن پارہی۔ براہ کرم کوئی دعا بتائیں جس کی برکت سے میرے شوہرکا غرور‘ تکبر ختم ہو‘ وہ اپنی اولاد سے اچھا سلوک کریں اور غریب رشتہ داروں کو کمتراور حقیر سمجھنا چھوڑدیں۔ آپ کے خیال میں کیا مجھے بیٹوں کو علیحدہ کاروبار کی اجازت دے دینی چاہیے؟ (پ، اسلام آباد)۔
جواب: رات سونے سے پہلے 41 مرتبہ سورۂ رعد کی آیت 21-22گیارہ گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے شوہر کا تصور کرکے دم کردیں اوران کے مزاج میں اعتدال اور عجز وانکساری کی دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔ وضو بے وضو کثرت سے یَاشَکُوْرُ کا ورد کریں۔ جتنا زیادہ ہوسکے صدقہ خیرات کرتی رہا کریں۔ آپ کے دو بڑے بیٹے اگر اپنا کاروبار علیحدہ کرنا چاہیں تو انہیں زبردستی نہ روکیں۔ بہتر ہوگا کہ آپ خود اپنے شوہر سے بات کرکے ان دونوں کو خوش اسلوبی سے علیحدہ علیحدہ کام سونپ دیں۔
مجھے اُس پر بھروسہ نہیں
کچھ عرصہ قبل یونیورسٹی میں ایک کلاس فیلو لڑکے نے پہلی ملاقات میں براہ راست مجھے پرپوز کیا جس پر میں نے خاصے سخت لہجے میں اسے منع کردیا۔ میرے منع کرنے کے باوجود وہ مستقل میری رضامندی کے حصول کی کوشش میں لگا رہا۔۔۔ بالآخر تنگ آکر میں نے کہا ہم اچھے دوست بن سکتے ہیں۔ پھر ہم نے ملنا شروع کردیا۔ وہ چاہتا ہے کہ ہم مستقبل میں جیون ساتھی بن جائیں جبکہ مجھے اس پر پوری طرح اعتبار بھی نہیں آیا ہے۔ پھر وہ ہماری قومیت کا بھی نہیں ہے۔ میری ایک بہت گہری دوست کہتی ہے کہ وہ تم سے بہت محبت کرتا ہے اور ایسا سیدھا اور محبت کرنے والا لڑکا آج کے دور میں بہت مشکل سے ملتا ہے۔ لیکن مجھے اُس کی بات پر یقین نہیں آتا۔ (پوشیدہ)
جواب: اتنے لمبے چوڑے الجھاوے میں پڑنے کی کیا ضرورت ہے؟ آپ ان تمام باتوں سے اپنی والدہ کو آگاہ کردیں۔ اس لڑکے سے کہیں کہ وہ آپ کے گھر باقاعدہ رشتہ بھیجے۔ جب رشتہ آجائے تو پھر معاملہ والدین پر چھوڑ دیں۔ پھر وہ جیسا آپ کے حق میں بہتر سوچیں گے ویسا ہی فیصلہ کریں گے۔
صحن‘جوتا اور بدصورتی
کچھ عرصہ قبل میں اور امی صحن میں سورہے تھے‘ رات کے تین بجے میری آنکھ کھلی تو میں نے دیکھا کہ ایک جوتا پڑا ہوا ہے۔ میں ڈر گئی اور امی کو جگا کر پوچھا کہ یہ کہاں سے آیا؟ امی کو بھی معلوم نہیں تھا کہ یہاں سے آیا اور کس کا ہے؟ اس واقعہ کے بعد میں مسلسل بیمار رہنے لگی ہوں‘ میرا جبڑا بہت بڑھ گیا ہے جس سے میری صورت عجیب سی ہوگئی ہے اس لیے میں نے لوگوں سے ملنا بھی چھوڑ دیا ہے۔ (ف،ر۔ ملتان)۔
جواب: آپ کی بیماری کا سبب اس روز ملنے والا جوتا نہیں ہے۔ ہمارے حساب سے آپ معدہ کی خرابی اور مسوڑھوں اور دانتوں کے امراض میں مبتلا ہیں بہتر ہوگا کہ نظام ہضم کی درستگی کی طرف توجہ دیں۔ کسی اچھی ڈاکٹر یا حکیم سے رابطہ کریں‘ مسوڑھوں اور دانتوں کا کسی ڈینٹسٹ سے معائنہ کروائیں۔ ہلکی اور زود ہضم غذائیں لیں۔ چند روز تک سنت  نبوی ﷺکے تحت مسواک کریں۔
گندگی کا خیال
میں جب بھی باتھ روم سے آتی ہوں تو کہنیوں تک ہاتھوں کو دھوتی رہتی ہوں پھر گھٹنوں تک ٹانگوں کو پانی سے اچھی طرح دھوتی ہوں۔ اُس وقت میرے ذہن پر یہ خیال شدت سے غالب ہوجاتا ہے کہ گندگی کی چھینٹوں سے میرے ہاتھ پیر گندے ہوگئے ہیں۔ بعض اوقات تو یہ خیال اس بُری طرح مجھ کو ستاتا ہے کہ میں اپنے کپڑے بھی تبدیل کرکے ان کپڑوں کو دیر تک دھوتی رہتی ہوں۔ گندگی لگ جانے کے اس خیال نے میرے ذہن کو ماؤف کرکے رکھ دیا ہے اور نماز کے دوران بھی مجھے یہ خیالات آتے رہتے ہیں کہ پتہ نہیں میرا وضو ہوا ہے یا نہیں۔ (مہوش‘ سیالکوٹ)۔
جواب: پاکی ناپاکی سے متعلق آپ کو آنے والے یہ خیالات دراصل شیطانی وسوسے ہیں۔ ان وسوسوں سے نجات کا ایک طریقہ یہ ہے کہ انہیں کوئی اہمیت نہ دی جائے نہ ہی ان پر عمل کیا جائے۔ یعنی اگر یہ خیالات آتے ہیں توانہیں روکا نہ جائے اور نہ ہی انہیں کوئی اہمیت دی جائے۔ چند روز کی اس مشق سے انشاء اللہ ان منفی خیالات کی شدت ٹوٹ جائے گی۔ قوت ارادی میں اضافے کے لیے صبح و شام اکیس اکیس بار سورۂ آل عمران کی آیت نمبر دو تین تین بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ٹیبل سپون شہد پر دم کرکے پئیں۔ وضو بے وضو کثرت سے  یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ کا ورد کریں۔
 آسیب زدہ مکان
ہم چھ مہینے پہلے نئے مکان میں شفٹ ہوئے ہیں۔ پہلے جو لوگ رہتے تھے انہوں نے ہمیں بتایا تھا کہ یہ مکان بھاری ہے۔ لیکن میرے میاں نے کہا یہ سب توہمات ہیں ایسا کچھ نہیں ہوتا لیکن کچھ عرصہ بعد ہی مجھے یقین آگیا کہ واقعی یہ گھر بھاری ہے۔ جب سے ہم لوگ یہاں آئے ہیں کوئی نہ کوئی ہروقت بیمار رہتا ہے۔ بیمار نہ ہو تو چوٹ لگ جاتی ہے یا گر پڑجاتا ہے۔ میرے بچے اکثر خواب میں ڈر جاتے ہیں اور بُری طرح چیخ مار کر اُٹھ جاتے ہیں۔ جاگنے پر بتاتے ہیں کہ چڑیل گلا دبارہی تھی۔ میں نے اپنے میاں کو بتایا تو انہوں نے پھر یہی کہا کہ تمہارا وہم ہے۔ آپ بتائیے کہ آخر یہ کیا ہے؟ اور اس کا کیا علاج ہے؟ (عائشہ حیات‘ لاڑکانہ)۔
جواب: گھر میں گیارہ دن تک روزانہ لوبان کی دھونی دیں‘ مغرب کے بعد تین بار سورۂ فلق پڑھ کر پانی پر دم کرکے سب گھر والوں کو پلادیں اور تھوڑا پانی گھر کے چاروں کونوں میں چھڑک دیں۔ رات کے وقت گھر میں مکمل اندھیرا نہ کیا کریں۔ بچوں کے کمرے میں ہلکی روشنی رہے تو بہتر ہے۔ بچوں کو صبح و شام ایک ایک چمچ شہد پلادیا کریں۔
 گھر داماد
میں اپنےو الدین کی اکلوتی اولاد ہوں‘ شادی کے بعد میں والدین کے ساتھ ہی رہتی ہوں۔ میرے والد کی ایک دکان ہے جس پر میرے شوہر کام کرتے ہیں لیکن میرے والد شوہر کے ہاتھ پر ایک روپیہ تک نہیں رکھتے گھر میں میرے شوہر کی کوئی عزت نہیں‘ میرے والدین ان سے نوکروں جیسا سلوک کرتے ہیں۔ ہرایک کے سامنے انہیں ذلیل کرتے رہتے ہیں۔ میں امی سے اس بات پر لڑتی بھی ہوں لیکن ان کے کان پرجوں تک نہیں رینگتی ‘ابو سے اس لیے کچھ نہیں کہتی کہ وہ غصے کے بہت تیز ہیں وہ ہمیں گھر سے نکالنے میں ایک منٹ کی دیر بھی نہیں کریں گے اور پھر ہم کہاں جائیں گے؟ یہ سب سوچ کر میں ان کے سامنے بالکل خاموش رہتی ہوں۔ میں چاہتی ہوں میرے شوہر کا کاروبار الگ ہوجائے بھلے سے ہم امی ابو کے ساتھ ہی رہیں لیکن ہماری اپنی زندگی ہو اور ہم اپنی مرضی سے کھاپی‘ پہن اوڑھ سکیں اور جہاں چاہیں آجاسکیں۔

(سویرا‘ کراچی)
جواب: اپنے مسئلہ کا حل تو آپ نے خود ہی تجویز کردیا ہے کہ آپ کے شوہر کا کاروبار الگ ہوجائے۔ بہتر ہوگا کہ رہائش بھی الگ ہو۔ خواہ ایک ہی مکان میں اوپر نیچے ہو۔ آپ اپنے شوہر کو ہمت دلائیں کہ وہ اپنا علیحدہ کاروبار کریں یا فی الحال کہیں ملازمت کرلیں۔ عشاء کی نماز کے بعد اکتالیس بار سورۂ طلاق کی آیت 2-3 گیارہ گیارہ بار درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے روزگار میں برکت و ترقی کیلئے دعا کریں کم ازکم چالیس روز تک۔ ناغہ کے دن بعد میں پورے کرلیں۔ وضو بے وضو کثرت سے یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ کا ورد کریں۔ ہر جمعرات کو پانچ روپے خیرات کردیا کریں۔

Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 764 reviews.