قارئین! جب سے یَارَبِّ موسٰی یَا رَبِّ کَلِیْم بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ کے مشاہدات بتائے شروع کیے تب سے اس وظیفے سے فائدہ پانے والوں کی ڈھیروں ڈاک آرہی ہے۔ اب بھی ایک خوشیوں سے مزین خط میرے سامنے پڑا ہے جو کہ میں قارئین کی نذر کرتا ہوں:۔ محترم حکیم صاحب السلام علیکم! مجھے عبقری سے منسلک ہوئے چند ماہ ہوئے ہیں جتنی تعریف کی جائے کم ہے اور جو عوام کی آپ بے لوث خدمت کررہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔
میرا مسئلہ یہ تھا کہ میرے شوہر کپڑے کے تاجر ہیں‘ گزشتہ چند سالوں سے ہمارا کاروبار بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کافی خراب ہوا اور کچھ یکے بعد دیگرے تین بار ہماری دکان سے لاکھوں کا سامان چوری ہوا‘ پہلے تو ہم بینک سے لون لے کر بچتے رہے مگر جب تیسری بار چوری ہوئی تو وہ سارا سامان ہول سیلرز کا تھا ہم ساٹھ ستر لاکھ کے مقروض ہوگئے‘ بینک کا لون علیحدہ سود پر تھا‘ جو کچھ تھا سب ختم ہوگیا‘ نہ گھر رہا‘ نہ دکان۔۔۔!
گھر میرے سسرال کا ہے‘ میری شادی کو 21 سال ہوگئے ہیں۔ میرے میاں جس کام میں ہاتھ ڈالتے بگڑ جاتا‘ میرے سسرال والے کہتے کہ یہ سب میری قسمت ہے‘ حالانکہ میں اپنے شوہر کے ہر دکھ میں ان کی ہر طرح سے مدد کرتی رہی ہوں‘ پہلے تو میرے میاں محسوس نہیں کرتے تھے مگر پچھلے کچھ ماہ میں انہوں نے بھی دوسری شادی کا کہنا شروع کردیا‘ میری ماں فوت ہوچکی ہیں اور باقی بہنیں بھائی بڑے ہیں اور وہ سب اپنی اپنی شادی شدہ زندگیوں میں مصروف ہیں‘ میں بہت پریشان رہی‘ ایک دن پتہ چلا کہ میرے میاں نے دوعورتوں سے تعلقات بنالیے ہیں‘ کچھ لوگوں سے استخارہ کروایا تو انہوں نے کہا کہ آپ کے شوہر کی چوریاں بھی اصل میں نہیں ہوئیں وہ بھی انہوں نے غیر عورتوں پر لٹادیا ہے۔ گھر میں عجیب پریشانی پیدا ہوگئی‘ عبقری میں لکھا ہر وظیفہ پڑھتی‘ مگر میں ایک مکمل وظیفہ چاہتی تھی کیونکہ سمجھ نہیں آتی تھی کہ کیا پڑھوں‘ میں گاہے بگاہے وظائف بدلتی رہتی‘ ہر بار اک نیا وظیفہ پچھلے وظیفے سے زیادہ اچھا لگتا۔ میرے میاں سونے میں بھی ہاتھ ڈالتے تو مٹی ہوجاتا حالانکہ میں صوم و صلوٰۃ کی پابند ہوں مگر کاروباری وازدواجی پریشانیوں نے زندگی عذاب کردی۔ ہروقت خوف رہتا کہ پتہ نہیں کیا ہوگا۔
پھر ایک دن آپ کے درس جو میں ہر جمعرات کو نیٹ پر سنتی ہوں۔ اس میں آپ نے یَارَبِّ موسٰی یَا رَبِّ کَلِیْم بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ کے فضائل بتائے۔ مجھے ایسے لگ رہا تھا کہ وہ درس صرف آپ میرے لیے ہی کررہے ہیں۔ میں نے اسی دن فیصلہ کرلیا ہے اب میں سارے وظائف چھوڑ کر صرف یہی وظائف یقین توجہ اور اعتماد سے کروں گی۔
اس دن کے بعد میں نے یَارَبِّ موسٰی یَا رَبِّ کَلِیْم بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ لاکھوں کی تعداد میں پڑھا۔
اس کا سب سے پہلا فائدہ یہ ہوا کہ میرے سسرال والے چاہتے تھے کہ میرے شوہر دوسری شادی کرلیں‘ اسی وجہ سے میرےشوہر نے غیرعورتوں سے تعلقات بھی قائم کرلیے تھے اور میرے ساتھ انتہائی نامناسب رویہ رکھتے تھے۔ مگر میں نے ہمت نہ ہاری اور وظیفہ جاری رکھا۔ میں نے اس وظیفے کی برکت سے اپنے شوہر کو ان عورتوں کے چنگل سے چھڑوالیا۔ اس کے بعد میرے شوہر مجھ پر پہلے سے بھی زیادہ اعتماد اور محبت کرنے لگے۔ میرے میاں حقیقت میں پہلے بھی بدکردار نہیں تھے مگر میرے سسرال والے مجھے اتنا پسند نہیں کرتے انہوں نے اپنے گھر والوں کے بار بار اصرار پر شاید ایسا کیا۔ مگر اب الحمدللہ ثم الحمدللہ میرے میاں اس وظیفے کی برکت سے راہ راست پر آچکے ہیں۔
دوسرا بڑا مسئلہ ہمارے کاروبار کا تھا جو کہ دن بدن زوال کا شکار تھا۔ ہم ایک وقت کی روٹی کو ترس گئے تھے۔ ہمارا خرچہ میرے جیٹھ اور دیور چلارہے تھے۔ پھر میں نے اپنے شوہر کو بھی یہی وظیفہ بتایا اور کہا کہ سارا دن ہزاروں کی تعداد میں پڑھیں انشاء اللہ اللہ کرم کرے گا۔ انہوں نے بھی سارا دن یہی وظیفہ پڑھنا شروع کردیا۔ کچھ ہی عرصے میں اللہ نے غیب سے سبب بنایا اور اللہ نے میرے شوہر کے کچھ مخیر دوستوں کے دل میں ڈالا اور انہوں نے میرے شوہر کو رقم اکٹھی کرکے دوبارہ اسی بازار میں دکان ڈال کردی۔ الحمدللہ اب ہمارا کاروبار پہلے کی طرح چل رہا ہے اور میرے شوہر اپنے دوستوں کی رقم بھی آدھی سے زیادہ واپس دے چکے ہیں۔
محترم حکیم صاحب! ایک وقت تھا کہ میرے سسرال والے مجھے‘ میرے بچوں اور میرے شوہر کو بالکل حقیر جانتے تھے‘ ان سب باتوں کے پیش نظر میرے شوہر کہتے تھے کہ اگر خودکشی حرام نہ ہوتی تو میں اس ذلت سے بہتر تھا تم سب کو زہر دیکر خود بھی موت کو گلے لگا لیتا۔ میرے شوہر ساری ساری رات جاگتے۔اب الحمدللہ! میں نے اور میرے شوہر نے حال ہی میں عمرہ کیا ہے اور وہاں جاکر بھی عبقری کی مزید ترقی کیلئے رو رو کر دعائیں کی ہیں۔ کیونکہ عبقری کی ہی وجہ سے ہمیں یہ وظیفہ ملا۔ اگر ہمیں یہ وظیفہ نہ ملتا تو شاید آج میرا گھرانہ حرام موت کو گلے لگالیتا۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ عبقری اندھیروں میں چراغ ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں