گرمی کے موسم میں زیتون۔۔۔؟؟؟
یک قاری نے زیتون کے تیل کے بارے میں لکھا ہے ’’جب میں نے اسے پینا شروع کیا تو مجھےسخت تکلیف ہوئی اور میں بیمار ہوگیا‘‘ دوسرا خط م خ کا ہے جو پوچھتی ہیں کہ گرمی کے موسم میں ایک چمچ تیل پینا درست ہے یا نہیں؟ دوسرے ان کے دانتوں میں کیڑا لگا ہے۔ دانت کا کونہ نیلا ہے جو ہنسنے پر بُرا لگتا ہے۔ اس پر زیتون کیسے لگایا جائے اور یہ نیلاہٹ کتنے دنوں میں دور ہوگی؟
مشورہ: محترم قارئین! اللہ تعالیٰ نے زیتون کی تعریف کلام پاک میں فرمائی ہے بلکہ ایک جگہ زیتون اور انجیر کی قسم بھی کھائی ہے جس کی تعریف خالق نے کی ہو اس کی افادیت سے منکر نہیں ہونا چاہیے۔ زیتون کا تیل کھانے اور لگانے سے ستر بیماریوں سے شفا ہوتی ہے جن میں کوڑھ جیسی موذی بیماری بھی شامل ہے۔ اب مجھے یہ معلوم نہیں‘ محترم قاری نے زیتون کا تیل کون سا استعمال کیا ہے‘ تیل کی رنگت سبز یا سنہری ہونی چاہیے۔ اس میں سیاہی کی آمیزش ہو یا سیاہ رنگ کا ہو تو تیل فائدے کی بجائے نقصان دے گا۔ زیتون کا تیل خالص ہونا چاہیے۔ باہر کے ممالک میں اسے کھانا پکانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس تیل کے بہت سے فائدے ہیں۔ جلدی‘ عصبی اور عضلاتی عوارض میں اس کا کھانا اور لگانا سود مند ہے۔ دائمی قبض دور ہوتا ہے‘ پیٹ کے کیڑے ختم ہوتے ہیں۔ پتے کی پتھری والے مریض چکنائی استعمال نہیں کرسکتے لیکن روغن زیتون ایسے مریضوں کو بھی فائدہ بخشتا ہے۔ ایک بار میرے عزیز کے بچے کو ہٹیلی پیچش ہوگئی۔ درد‘ مروڑ کے ساتھ اجابت ہوتی‘ کسی دوا سے آرام نہیں آیا۔ میں نے اسے کہا کہ صبح شام ایک ایک چمچہ روغن زیتون اللہ کا نام لے کر پیو۔ ایک ہی دن میں درد ختم ہوا۔ دو چار دن میں پیٹ بالکل درست ہوگیا۔
م،خ صاحبہ! مجھے ایسا لگتا ہے بچپن میں آپ کے دانت پر چوٹ لگی ہے جس کی وجہ سے کونہ نیلا ہے۔ کیڑا ہوتا تو وہ حصہ سیاہ ہوتا۔ زیتون کے پھل اور پتوں کا رس لگانے اور کھانے سے فائدہ ہوتا ہے۔ دانتوں کے ڈاکٹر کو دکھائیے‘ وہ ہی بتاسکتا ہے کہ دانت پر چوٹ لگی ہے یا کیڑا ہے؟
کہیں سرطان تو نہیں؟
میں کالج میں پڑھتی ہوں‘ چند ماہ سے سیدھی طرف چھاتی پر ذرا سا ہاتھ لگنے خصوصاً نہاتے وقت بڑی تکلیف ہوتی ہے۔ لگتاہے کوئی گلٹی ہے۔ مجھے بڑا ڈر لگ رہا ہے۔ گھر والوں کو بھی ابھی کچھ نہیں بتایا‘ آپ کو اپنا ہمدرد ساتھی جان کر خط لکھ رہی ہوں۔ یہ سرطان تو نہیں؟ میں بہت خوفزدہ ہوں۔ (ش، راولپنڈی)
مشورہ: بی بی! آپ ماشاء اللہ پڑھی لکھی ہیں‘ پھر جاہلوں کی طرح اپنی بیماری کیوں چھپا رہی ہیں۔آپ اپنی والدہ کے ساتھ جاکر کسی ماہر ڈاکٹر سے چیک کروائیں۔ مائیں تو بیٹیوں کی دوست ہوتی ہیں‘ نامعلوم آج کل یہ کیا معاملہ ہے کہ مائیںذرا سا وقت اپنی بچیوں کو نہیں دیتیں جس سے بچیاں الجھن کا شکار رہتی ہیں۔ گلٹی کو زیادہ نہ چھیڑئیے‘ اگر ڈاکٹر کچھ ٹیسٹ بتائے تو ضرور کروائیں۔ سب سے پہلے اپنی امی سے بات کیجئے پھر ڈاکٹر کو دکھائیے۔ خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں‘ بیماری تو آتی جاتی رہتی ہے۔ نماز پڑھ کر دعا کیجئے۔ قرآن پاک کی تلاوت پابندی سےکیجئے۔ اللہ تعالیٰ بڑا رحیم ہے۔
جان لیوا حادثہ
میں اوائل عمری میں ہی چچازاد بھائیوں کے شکنجے میں پھنس گئی‘ وہ تو چلے گئے مگر میں نفس کے ہاتھوں مجبور رہی۔ اب اللہ تعالیٰ سے رو رو کر گناہوں کی معافی مانگتی ہوں‘ اب دو ماہ سے طبیعت میں ٹھہراؤ ہے جب بھی شیطانی خیالات آتے ہیں فوراً اللہ کے آگے جھک کر پناہ مانگتی ہوں۔ (غ،ش)
مشورہ: بی بی! آپ نماز پابندی سے پڑھیے اور گھیا‘ توری‘ پالک‘ قلفہ اور دہی کا استعمال خوب کیجئے‘ گوشت کم کھائیے ‘ ایک دو ماہ میں آپ کے جسمانی اور ذہنی عوارض ختم ہوجائیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو استقامت دے اور شیطان سے بچائے۔ گھر میں آپ کی والدہ اور بہنیں ہیں‘ آپ ان کے ساتھ مل جل کر رہیے۔ آپ کی والدہ‘ آپ کا دھیان اور چچازاد بھائیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھتیں تو شاید آپ کے ساتھ یہ جان لیوا حادثہ پیش نہ آتا۔ ماؤں سے میں بار بار کہتی ہوں کہ بچیاں بڑی ہوں تو ان کا خاص خیال رکھیں‘ ان کے ساتھ دوستی کریں اور بُرا بھلا سمجھائیں۔ ماؤں کی لاپرواہی سے ایسے دلدوز واقعات جنم لیتے ہیں۔
گرمی اور نکسیر
گرمی کے موسم میں نکسیر پھوٹ جاتی ہے۔ خون بہت ضائع ہوتا ہے۔ بہت علاج معالجہ کیا مگر نکسیر ٹھیک نہیں ہوتی۔ اس کیلئے کوئی دیسی دوا تجویز کیجئے۔ (نائلہ‘ کراچی)
مشورہ: آپ کشتہ سنگ جراحت پانچ گرام اور گیرو ایک گرام لے کر ملا کر رکھ لیں۔ ایک رتی دوا دہی پر ڈال کر روزانہ کھلادیا کیجئے‘ نکسیر کا خون بند ہوجائے گا۔ کشتہ سنگ جراحت کسی اچھے مشہور دواخانے سے خریدئیے۔ جن لوگوں کو نکسیر کا عارضہ ہو وہ یہ دوا استعمال کریں۔ غذا میں دہی اور سبزیاں زیادہ کھلائیں‘ اللہ کرم کرے گا۔ اس دوا سے ماہانہ ایام کا خون بھی بند ہوجاتا ہے۔
پراسٹیٹ کی تکلیف
مجھے پراسٹیٹ (غدہ قدامیہ) کی تکلیف ہے‘ پیشاب کرتے وقت بہت تکلیف ہوتی ہے۔ (نواز بیگم‘ پشاور)
مشورہ: پیشاب کے مریض ملٹھی دس گرام پیس کر ایک گلاس پانی میں رات کو بھگو دیں۔ صبح چھان کر پی لیں‘ اس سے مثانے کی تکالیف‘ دوسرے عوارض حتیٰ کہ سرطان تک میں افاقہ ہوتا ہے۔ پچاس سال کی عمر کے بعد یہ تکالیف ہوتی ہیں۔ ملٹھی تازہ اور بغیر گھن لگی خریدئیے۔
قالین کا نشان
پچھلے دنوں ہم نے گھر میں روغن کروایا‘ جب صوفے اٹھائے تو صوفے کے نشان قالین پر نمایاں تھے اور قالین دب گیا۔ اسے کس طرح ٹھیک کیا جاسکتا ہے؟ نیا قالین تو ہم خریدنے سے رہے۔ مہربانی فرما کر ہمارا یہ مسئلہ حل کردیں۔ (شائستہ‘ لاہور)
مشورہ: قالین پر وزن ہونے کی وجہ سے نشان پڑجاتا ہے جو بہت بُرا لگتا ہے۔ اسے دور کرنے کیلئے آپ ایک ٹوٹکہ آزما کر دیکھئے۔ جہاں قالین دبا ہوا ہے‘ اتنا ہی بڑا برف کا ٹکڑا اس پر رکھ دیجئے۔ جب برف پگھل جائے تو پانی خشک ہونے دیجئے۔ جب بالکل سوکھ جائے ویکیوم کلینر سے صاف کرلیجئے‘ کافی حد تک قالین ٹھیک ہوجائے گا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں