Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔ --

یوگا کی مدد سے ایک ماہ میں 5 کلو وزن کم کریں

ماہنامہ عبقری - فروری 2014ء

زندگی خوبصورت اور دلکش ہے اور آپ اپنی دلکشی اور خوبصورتی کو برقرار رکھ کر اسے مزید خوبصورت بنا سکتی ہیں تاہم اس کیلئے آپ کو ہمیشہ اپنی صحت و خوبصورتی کےبارے میں چوکنا رہنا ہوگا‘ بالخصوص اپنی غذائی عادات کو اپنی جسمانی سرگرمیوں کے مطابق رکھنا ہوگا

عام خیال ہے کہ آج کی دنیا میں کھانے کی عادات میں تبدیلی اور بسیار خوری موٹاپے کے رجحان کی اہم وجہ ہے۔ جنک فوڈ میں زیادہ تر ایسی اشیاء شامل ہوتی ہیں جو ناصرف موٹاپے کو دعوت دیتی ہیں بلکہ ان کی زیادتی جوڑوں کے درد‘ ہائی بلڈپریشر‘ دل کے امراض میں اضافہ‘ کولیسٹرول میں اضافے کے ساتھ ساتھ احساس کمتری جیسے عوامل کا باعث بھی بن جاتی ہیں۔
ہر چھوٹے بڑے علاقے میں نظر آجانے والے فوڈ سنٹروں نہاری و تکہ ہاؤس‘ برگر کارنر نہ صرف بھوک چمکانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ بہت سی بیماریوں کودعوت دیتے ہیں۔
موٹاپا اگر قطعی موروثی نہ ہو تو یہ لاعلاج مرض نہیں ہے۔ اسے خوشحالی کا مرض بھی کہتے ہیں کیونکہ روکھی سوکھی کھانے والا کوئی فرد موٹاپے کا شکار نہیں ہوتا۔ ہمیشہ مرغن کھانے‘ جسمانی سرگرمیوں میں کمی اور بسیار خوری اس کی بڑی وجوہات ہیں۔ اگر اس مسئلے کی جانب توجہ نہ دی جائے تو لڑکیوں کے والدین پریشانی کا شکار ہوتے ہیں اور آخری حل کے طور پر سلمنگ سنٹرز میں داخلہ لیتے ہیں تاکہ ان کے بچوں کو مستقبل میں مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے اور لوگ مذاق نہ اڑائیں؟ اگر غور کیا جائے تو موٹاپا عورتوں اور مردوں کیلئے برابر مسائل پیدا کرتا ہے مگر مردوں میں جسمانی نقل و حرکت زیادہ ہوتی ہے اور وہ اپنے حرارے جلانے میں زیادہ کامیاب رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ مردوں میں چربی پیدا ہونے کی رفتار عموماً کم ہوتی ہےا ور سب سے اہم بات یہ ہے کہ موٹے لڑکوں کو رشتے کیلئے زیادہ مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا اور زیادہ پریشانی لڑکیوں کو اٹھانا پڑتی ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ سلمنگ سنٹروں میں مردوں کے مقابلے میں خواتین کی ایک بڑی تعداد داخلہ لیتی ہے اور کم عرصے میں زائد وزن کم کرنے کی خواہش مند ہیں۔
ڈائٹنگ کرنے والی خواتین کی شکایت: ڈائٹنگ کرنے والی خواتین اکثر یہ شکایت کرتی ہیں کہ ڈائٹنگ سے نقاہت ہوجاتی ہے‘ رنگ سانولا ہوجاتا ہے‘ تھکن اور سستی غالب رہتی ہے‘ ان چیزوں سے بچنے کیلئے غذائی ماہرین فوڈ پلان ترتیب دیتے ہیں تاکہ لوگ سلمنگ سینٹروں کو ترجیح نہ دیں اور فوڈ پلان کی مدد سے اپنا وزن کم کریں۔ عام طور پر اگر دیکھا جائے تو فوڈ پلان جسم میں ضروری وٹامن‘ منرلز اور لمحیات کو کم نہیں ہونے دیتے جس کی بدولت ہم تھکن محسوس نہیں کرتے اور یہ مکمل ’’ہائی پروٹین ڈائٹ‘‘ فراہم کرتے ہیں۔ اس ڈائٹ میں عام طور پر پروٹین شامل ہوتی ہیں‘ عام طور پر اس میں دہی‘ مرغی کا ابلا ہوا گوشت‘دالیں‘ ابلے ہوئے انڈے‘ بادام اور کاٹیج چیز شامل ہوتی ہیں اور اس کی مدد سے چند مہینوں میں وزن کم کیا جاسکتا ہے۔
یوگا کی مدد سے پانچ کلو وزن کم: ایک سلمنگ سنٹر میں داخل ہونے والی خاتون سے بات کرتے ہوئے مجھے شدید حیرت ہوئی کہ وہ نہ صرف موٹاپے سے پریشان ہے بلکہ ایک بڑی رقم فیس کی صورت میں سلمنگ سنٹر میں جمع کروا چکی ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب رشتے کیلئے آنے والے لوگوں نے صرف اس بات پر رشتہ کرنے سے انکار کردیا کہ’’ لڑکی کی شکل تو خوبصورت ہے مگر جسمانی لحاظ سے بہت موٹی ہے۔‘‘ اس لیے اب وہ نہ صرف ایروبکس بلکہ یوگا کی مدد سے پانچ کلو وزن کم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور اسے امید ہے کہ وہ مزید محنت سے وزن کم کریگی اور آئیڈیل جسمانی حالت میں واپس آجائے گی۔
اس طرح کی اور بہت سی مثالیں ہمارے اردگرد موجود ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب سے پہلے عہد کرلیں کہ ہم اپنے بڑھتے ہوئے وزن کو کم کرنا چاہتے ہیں اور اپنی گھریلو زندگی میں زیادہ سے زیادہ کوشش کریں کہ سادہ غذا کو ترجیح دیں کیونکہ خوش خوراک ہونا کوئی بُری بات نہیں ہے مگر ایک حد تک خوراک کو اپنے جسم میں شامل کریں‘ اپنی خوراک میں پھل‘ سبزیاں‘ دالیں شامل کریں اور گوشت کو کم سے کم استعمال کریں۔ تازہ کھانے کو ترجیح دیں اور بازاری یا جنک فوڈ (چٹ پٹے کھانے) سے پرہیز کریں۔ صبح کی سیر کو اپنا معمول بنانے کی کوشش کریں اور گھریلو کاموں کو زیادہ سے زیادہ خود کریں تاکہ نہ صرف اس سے آپ مصروف رہیں گے بلکہ جسمانی طور پر فٹ رہنے کیلئے یہ بہت ضروری ہے۔ تھوڑی سی محنت اور توجہ سے اس مسئلے کو کافی حد تک حل کیا جاسکتا ہے۔ شاید آپ نے سنا ہوگا کہ دنیا میں دو قسم کے لوگ ہیں ایک وہ جو کھانے کیلئے زندہ ہیں اور دوسری قسم میں وہ لوگ شامل ہیں جو زندہ رہنے کیلئے کھاتے ہیں۔
اگر آپ کا شمار ان لوگوں میں ہے جو صرف اور صرف کھانے کیلئے زندہ ہیں تو اس بات کے امکانات بہت زیادہ ہیں کہ ایسے لوگوں کی زندگیاں کسی بلند نصب العین یا مقصد سے خالی ہوگی اور ساتھ ہی کئی قسم کے مسائل آپ کے راستے میں حائل ہونگے بلکہ اگر دیکھا جائے تو دوسری قسم کے لوگ زیادہ مصروف‘ فعال کامیاب اور صحت مند زندگی گزارتے ہیں‘ کسی مفکر کا قول ہے کہ ’’جب میں کسی بھی شخص کو بے انتہا کھاتے ہوئے دیکھتا ہوں تو مجھے اس پر حیوانی اثرات کے غالب ہونے کا امکان ہوتا ہے اور مجھے یقین ہوجاتا ہے کہ یہ شخص دماغ سے نہیں پیٹ سے سوچتا ہے۔‘‘
زندگی خوبصورت اور دلکش ہے اور آپ اپنی دلکشی اور خوبصورتی کو برقرار رکھ کر اسے مزید خوبصورت بنا سکتی ہیں تاہم اس کیلئے آپ کو ہمیشہ اپنی صحت و خوبصورتی کےبارے میں چوکنا رہنا ہوگا‘ بالخصوص اپنی غذائی عادات کو اپنی جسمانی سرگرمیوں کے مطابق رکھنا ہوگا اسی صورت میں بہترین نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

Ubqari Magazine Rated 5 / 5 based on 373 reviews.