ہر ماہ توحید و رسالت سے مزین مشہور عالم کتاب کشف المحجوب سبقاً حضرت حکیم صاحب مدظلہٗ پڑھاتے ہیں‘ قارئین کی کثیرتعداد اس محفل میں شرکت کرتی ہے۔ تقریباًدو گھنٹے کے اس درس کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
حضرت جنید بغدادی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں کہ دنیا کو جیب میں رکھنا تو جائز ہے دل میں رکھنا حرام ہے۔ اس لیے کہ جو جیب کی چیز ہوتی ہے اس کے نہ آنے کی خوشی اور نہ جانے کا غم اور جو دل کی چیز ہوتی ہے اس میں آنے کی خوشی بھی ہوتی ہے اور جانے کا غم بھی ہوتا ہے۔ یہ تو ہے حرص کی دنیا کی تفصیل اور دوسری چیز ہے آرزو۔ فقیر جو ہوتا ہے اس کا کھانا پینا اپنے لیے نہیں ہوتا بلکہ اللہ تعالیٰ کے حکم کی تکمیل کیلئے ہوتا ہے۔ مالک بن دینار رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے جب دنیا کی مذمت سنی تو سب کچھ چھوڑ چھاڑ دیا اور فاقہ کی حالت میں رہنا شروع ہوگئے اب اس سے ضعف‘ کمزوری اور نقاہت شروع ہوگئی‘ پہلے نوافل چھوٹے اور پھر سنتیں چھوٹنا شروعہوگئیں اور خطرہ ہوگیا کہ فرائض نہ چھوٹنا شروع ہوجائیں جب آپ کے اس حال کی خبر ان کےشیخ کو ہوئی تو شیخ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فوراً آپ کو تنبیہ کی اور فرمایا کہ ہم نے تو تمہیں یہ کہا تھا کہ ہم سے ہر چیز پوچھ پوچھ کر چلا کرو‘ اپنی مرضی سے تم نے فاقے کیوں شروع کرلیے؟ حضرت مالک رحمۃ اللہ علیہ نے عاجزی سے عرض کیا کہ جب حب الدنیا کی میںنے مذمت پڑھی تو میں نے غور کیا اور مجھے سمجھ آیا کہ اس کی ابتداء کھانے سے ہوتی ہے اسی وجہ سے میں نے فاقے شروع کردئیے۔ تو ان کے شیخ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے جواب دیا کہ اپنے اوپر اتنا ظلم نہ کرو کہ تمہارے نفس اور تمہاری جان کابھی تم پرحق ہے۔ میرے شیخ حضرت خواجہ سید عبداللہ ہجویری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ بھی ایک بات ارشاد فرمایا کرتے تھے کہ مرشد سے پوچھ پوچھ کر چلا کرو اور قدم قدم پر رہنمائی لیا کرو اگر مرشد سے رہنمائی نہیں لوگے تو یقیناً تمہارا رہبر شیطان بن جائے گا اور جس کا رہبر شیطان بن جائے اس کی ہلاکت اور بربادی یقینی ہوجاتی ہے اور شیطان بڑا تجربہ کار ہے وہ بہت طریقے اور سلیقے سے دوریاںپیدا کرتا ہے اور جس نوعیت کا شخص ہوتا ہے اسی نوعیت کا شیطان اس کیلئے ہوتا ہے‘ عالم شیخ کا شیطان بھی اس سے بڑا عالم ہوتا ہے۔ بعض مشائخ نے اس کی چار قسمیں بیان کی ہیں۔ اعراض‘ حجاب‘ سلب مزید اور سلب قدیم۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے اللہ ہم سب کی شیطان اورو سوسوں سے حفاظت فرمائے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں