Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

روحانی بیماریوں كا روحانی علاج

ماہنامہ عبقری - دسمبر 2013

دس سال پرانی تکلیف

دس سال قبل ایک حادثے میں بائیں طرف سر اور ٹانگوں میں شدید چوٹیں آئیں، ٹھیک ہونے کے بعد بھی اس میں تکلیف موجود رہی جو آج بھی ہوتی ہے اور پورے حصے میں ہوتی ہے۔ مخصوص ادویات کے استعمال سے چند روز فائدہ رہتا ہے اور جیسے ہی گولیاں چھوڑتا ہوں تکلیف دوبارہ شروع ہوجاتی ہے۔(محمدبلال‘کراچی)
جواب: بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم ‘ کُلَّ یَوْمٍ ھُوَفِیْ شَاْنٍ (الرحمٰن) ان الفاظ کو صبح دوپہر شام پانی پر سات مرتبہ دم کرکے پیا کریں۔ ہاتھ پر دم کرکے متاثرہ جگہ پر پھیرا کریں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تکلیف سے نجات عطا فرمائیں۔

خرابی صحت کا اندیشہ

رات کو سوتا ہوں تو گہری نیند نہیں آتی، ہلکی نیند میں خیالات اس طرح کڑی در کڑی وارد ہوتے ہیں کہ نیند میں گہرائی واقع نہیں ہوتی۔ کچھ دیر میں ذہن اتنا تھک جاتا ہے کہ آنکھ کھل جاتی ہے اور نیند آنکھوں سے دور ہوجاتی ہے۔ بیدار ہونے کے بعد یوں لگتا ہے کہ جیسے نیند آئی نہ ہو اور میں بالکل سویا نہیں ہوں۔ نیند کی کمی اور بار بار بیدار ہونے سے میری صحت خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔(محمد کامران‘ لاہور)
جواب: رات کو سونے سے پہلے ایک پیالی دودھ میں شہد ملا کر پی لیا کریں۔ سونے کیلئے لیٹیں تو آنکھیں بند کرکے تصور کریں کہ پانی کے ساتھ ہی دل ہی دل میں ان آیات کا اطمینان کے ساتھ دہراتے رہیں ’’ ہُوَالَّذِیْ اَنْزَلَ مِنَ السَّمَآ ِٔ ‘‘ دس منٹ کے تصور کے بعد سو جائیں۔ انشاء اللہ خیالات کی زیادتی اور نیند کی کمی دور ہوجائیگی۔

خیالات میں تبدیلی

ایک سال سے خیالات میں ناقابل بیان تبدیلی آگئی ہے جسے میں زیادہ سے زیادہ حد تک بیان کرنے کی کوشش کررہی ہوں طرح طرح کے سوالات انسان اور اسکی ہستی کے بارے میں پیدا ہوتے ہیں طبیب دماغی دبائو بتاتے ہیں اور سکون بخش ادویات دیتے ہیں لیکن مجھے نیند بالکل نہیں آتی خاص طور پر مغرب کے وقت طبیعت عجیب سی ہوجاتی ہے اور دل زور زور سے دھڑکنے لگتا ہے اور جان نکلتی ہوئی محسوس ہوتی ہے خیالات میں ربط ختم ہوجاتا ہے غیر معمولی خبر سن کر دل کی حالت بہت بری ہوجاتی ہے۔(عالیہ‘ قصور)
جواب: نماز عصر کے بعد اور مغرب سے پہلے یَاحَفِیْظُ کا ورد کیا کریں ایک عمدہ کاغذ پر اسم ذات اللہ خوشخط لکھ لیں اور لکھنے میں نیلی روشنائی استعمال کی جائے کاغذ پر لکھے ہوئے اسم کو صبح اور رات کو سونے سے پہلے پانچ پانچ منٹ تک پلکیں جھپکائے بغیر دیکھا کریں دن کے دیگر اوقات میں جب بھی موقع ملے چند منٹ کے لئے اسم ذات کو دیکھ لیا کریں‘ آسانی کے لئے کاغذ کو کسی گتے وغیرہ پر چسپاں کرکے مناسب جگہ رکھ دیں یادیوار پر آویزاں کردیں۔

دعا کی قبولیت

میری دعا قبول نہیں ہوتی، ایسا لگتا ہے کہ دعا آسمان سے ٹکرا کر واپس آجاتی ہے اپنی طرف سے بڑی اچھی طرح دعا مانگتی ہوں لیکن قبولیت حاصل نہیں ہوتی۔(ن‘ کراچی)
جواب: دعا کے متعلق چند بنیادی باتوں کو یاد رکھنا ضروری ہے دعا ایسی باتوں کے متعلق مانگی جائے جو خیر پر مبنی ہوں، دعا کے ساتھ ساتھ آدمی اپنی عملی زندگی کا بھی جائزہ لے کہ وہ کسی کی حق تلفی اوردل آزاری کا سبب نہ بنے۔ رزق، حلال ذرائع سے حاصل کیا جائے۔ ان تمام باتوں کے ساتھ ساتھ یہ بھی ذہن نشین کرنا ضروری ہے کہ بہت سی باتیں جو بظاہر ہم کو اپنے لئے بہتر نظر آتی ہیں وہ پورا ہونے پر ہمارے لئے مشکل کا باعث بھی بن سکتی ہیں، اللہ تعالیٰ نظام حکمت کو بہتر سمجھتا ہے کہ ہمارے لئے کیا اچھا ہے اور کس وقت اچھا ہے ، اگر آپ اپنی زندگی کے تمام شعبوں پر نظر کریں گی تو یہ بات سامنے آجائے گی کہ کتنی نعمتیں اور آسانیاں اللہ تعالیٰ نے آپ کو محض اپنی رحمت سے عنایت فرمائی ہیں اور آپ انہیں استعمال کررہی ہیں ‘دعا قبول نہ ہونے کا وسوسہ شک پر مبنی ہے اور شک انسان کو اللہ سے دور کردیتا ہے۔

نسوانی تکالیف

میں دائمی مریضہ ہوں ، دوا بھی چند دنوں تک اثر کرتی ہے، قبض اور نسوانی تکالیف کا سامنا ہے، چہرہ داغ دھبوں اور مہاسوں سے بھرا ہوا ہے، آنکھوں میں زرد رنگ نمایاں ہے، میرا کسی کام میں دل نہیں لگتا ، اداسی چھائی رہتی ہے، لوگوں سے ملنے سے کتراتی ہوں ، بیٹھے بیٹھے وزن بڑھ گیا ہے، چہرے پر بال نکلنا شروع ہوگئے ہیں، میری مشکلات کی مناسبت سے کوئی مشورہ دیں اور کوئی حسب حال ورد وظیفہ بھی بتائیں۔(ک‘کراچی)
جواب: آپ کی تکالیف ایسی نہیں ہیں کہ ناقابل علاج ہوں، پریشان ہونا اور لوگوں سے بھاگنا ترک کردیں، تیز قدموں سے روزانہ صبح کے وقت چلا کریں کہ اس ورزش سے آپ کو فائدہ ہوگا،غذا میں بھی پھل اور سبزیاں زیادہ استعمال کریں، بہتر ہے کہ ’’ عبقری ‘‘ کے طبی کالم میں خط لکھ کر مناسب دوا تجویز کرالیں، پانی پر روزانہ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ سو بار دم کرکے پیا کریں، انشاء اللہ طبیعت بحال ہوجائے گی۔

تنگی رزق اور قرض

ہم چار بہنیں ہیں اور والد اکیلے کمانے والے ہیں، میری شادی ہوئی لیکن شوہر سے علیحدگی ہوچکی ہے، پندرہ بیس سالوں سے ہمارے گھریلو حالات کسی نہ کسی صورت خراب ہیں، گھر میں تنگی اور قرض کی مشکلات ہمیشہ موجود رہتی ہیں جس کام میں ہاتھ ڈالتے ہیں وہ پورا نہیں ہوتا، دنیا والوں نے بھی ہم سے منہ موڑ لیا ہے، کبھی تو یوں لگتاہے کہ کوئی بندش وغیرہ کرادی گئی ہے۔(کرن خان‘ پشاور)
جواب: بندش وغیرہ کا خیال پریشان خیالی کی پیداوار ہے، اللہ تعالیٰ پر توکل کرتے ہوئے نماز عشاء کے بعد آیت کریمہ سو بار اور نماز فجر کے بعد یَابَاسِطُ تین سو بار90 دنوں تک پڑھیں۔

مسلسل کرب میں مبتلا

یوں تو میری طبیعت میں پریشانی کا عنصر پہلے سے موجود ہے لیکن چند واقعات کی بناء پر دو چند ہوگئی ہے۔ میرے والد کو دل کی تکلیف ہوئی، انہی دنوں ایک لڑکی نے مجھے کہا کہ تم کسی بیماری کے سلسلے میں سفر کروگی۔ اس دن سے میری ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے، مسلسل کرب میں مبتلا ہوں، اگرچہ پڑھی لکھی ہوں لیکن یہ خیالات ذہن پر نشتر کی طرح لگتے ہیں۔ (ش‘حیدرآباد)
جواب: رات کو سونے سے پہلے باوضو ہو کر اندھیرے میں بیٹھ جائیں، اندھیرا جتنا زیادہ ممکن ہو کرلیں۔ اندھیرے میں ایک جگہ نگاہ کو جمائیں اور زبان

سے الٓمَّٓ اَللہُ لَا اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ

پڑھتی رہیں۔ اندازاً دس منٹ تک وظیفہ پڑھا جائے، اس کے بعد کسی سے بات کئے بغیر سوجائیں، چند ہفتوں میں وسوسوں کا زور ٹوٹ جائے گااور ذہن پر سوارخیالات ختم ہوجائیں گے۔

نیک اعمال

میں اللہ تعالیٰ کی طرف راغب ہونا چاہتی ہوں لیکن مجھے محسوس ہوتا ہے کہ مجھ سے نیک اعمال سرزد نہیں ہوتے جبکہ مجھے خواب میں بہت سی بشارتیں حاصل ہوتی ہیں حضور پاک ﷺ اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی زیارت ہوچکی ہے، کئی مرتبہ فرشتوں اور روشنیوں کا ہجوم دیکھا۔ میری دعائیں بھی قبول ہوجاتی ہیں ، لوگ مجھ سے دعائوں کے لئے کہتے ہیں تو دل پر بوجھ محسوس کرتی ہوں ، اس بابت اپنے مشورے سے نوازیں۔ (ج،لاہور)
جواب: آپ اس خیال کی طرف توجہ نہ دیں، رات کو سونے سے پہلے ایک تسبیح یَاحَیُّ یَا قَیُّومُ کی پڑھ کر سویا کریں، ہر ہفتے ضرور کچھ نہ کچھ رقم کی کسی مستحق کو جتنی بھی استطاعت ہو اس کے مطابق دے دیا کریں ۔

خیال کا نقش

میری طبیعت میں وہم بڑھ گیا ہے، کسی بند جگہ بیٹھنے سے طبیعت پر بار محسوس ہوتا ہے اور خوف غالب آجاتا ہے خودکو کمزور اور ناکارہ محسوس کرتا ہوں اور طبعی اعتبار سے کمتر خیال کرتا ہوں اس طرح کے خیالات اور احساسات میرے اندر نقش کی طرح جم کر رہ گئے ہیں۔(احتشام‘ اسلام آباد)
جواب: خود کو کمزور اور طبعی اعتبار سے کمتر خیال کرنا بھی در حقیقت آپ کے وہم کی پیداوار ہے جب آپ کے ذہن سے وہم کا نقش مٹ جائے گا تو یہ خیال بھی دور ہوجائے گا۔ نماز فجر کے بعد کسی ہوا دار جگہ چہل قدمی کیا کریں، ممکن ہو تو جوتے چپل اتار کر یہ عمل کیا جائے، ذہن کو تمام خیالات سے خالی کردیں اور زبان سے یَاحَفِیْظُ پڑھتے رہیں‘ دس پندرہ منٹ یہ عمل کیاجائے بعدازاں سورۂ فلق ایک مرتبہ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کریں اور ہاتھ سر سے لیکر پیر تک پھیر لیں۔ رات کو سونے کیلئے لیٹیں تو آنکھیں بند کرلیں اور ذہن میں آہستگی کے ساتھ یہ جملے دہراتے رہیں یہاں تک کہ نیند آجائے، میری طبیعت کا خوف دور ہوگیا اور میں ہر طرح سے بہتر ہوں۔

بھائیوں میں اتفاق

گھر کی مرکزیت ہمارے والد نہیں ہیں، چھوٹے چھوٹے بہن بھائی ہیں، گھر کی کفالت والدہ کرتی ہیں، چھوٹے بھائی والدہ سے بالکل نہیں ڈرتے‘ سارا وقت کھیلنے میں گزار دیتے ہیں، آپس میں لڑتے بھی بہت ہیں، کوئی ایسا بابرکت اسم و عمل تجویز کردیں جس سے بھائیوں میں اتفاق پیدا ہو اور وہ پڑھنے لکھنے میں دلچسپی لیں۔(رضیہ‘ اوکاڑہ )
جواب: والدین میں سے کوئی ایک نہ ہو یا گھر پر توجہ کم دی جائے تو گھر کی مرکزیت متاثر ہوتی ہے اور اس کے نتیجے میں بچوں کے اندر نفسیاتی طور پر بہت سی خامیاں جنم لے سکتی ہیں‘ اس کے تدراک کے لئے والدہ کو مرکزیت کا خلاء پورا کرنا چاہئے گھر کو جہاں تک ہوسکے زیادہ توجہ دی جائے اور مناسب حکمت عملی سے بچوں کو قریب لایا جائے۔ گھر کے بڑے اور باشعور بچے بھی اس کام میں والدہ کا ساتھ دے سکتے ہیں روحانی طورپر سورۂ کوثر کا ورد مؤثر ثابت ہوگا‘ رات کو جب بچے سو جائیں تو سرہانے کھڑے ہو کر ایک مرتبہ سورہ ٔکوثر پڑھ کر سر پر دم کردیں۔

اعصابی دباؤ میں مبتلا

جب سے ہوش سنبھالا ہے میرے ذہن میں یہ بات بٹھا دی گئی ہے کہ مجھے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنی ہے۔ تمام لوگوں کی نظریں مجھ پر ہیں اور بہت سی توقعات مجھ سے وابستہ ہیں۔ اب تک میری تعلیمی قابلیت اچھی رہی ہے مگر اب جبکہ میں میٹرک میں پہنچ گئی ہوں مجھے نہ صرف اپنا معیار برقرار رکھنا ہے بلکہ لگتا ہے کہ مزید محنت کی ضرورت ہے۔ میں نے سنا ہے کہ طالب علم تمام رات بیٹھ کر پڑھتے ہیں لیکن میں رات کو بالکل نہیں پڑھ سکتی۔ روز ارادہ کرتی ہوں لیکن رات ہوتے ہی طبیعت اس خیال سے ہٹ جاتی ہے مجھے ڈر بھی بہت لگتا ہے اور کبھی کبھی پڑھنے سے جی اکتا جاتا ہے۔ (افشاں‘ بادشاہ پور)
جواب: آپ نے سنی ہوئی بات کو اپنے اوپر قیاس کرکے غلطی کی ہے۔ امتیازی نمبروں سے پاس ہونے کیلئے رات بھر پڑھنا ضروری نہیں ہے۔ دن کے اوقات میں یا رات کے اوائل میں پڑھ کر بھی اچھے نمبر حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ علی الصباح نماز فجر کے بعد بھی کچھ وقت تیاری کیلئے مختص کیا جاسکتا ہے۔ یوں لگتا ہے کہ آپ امتحان کے نتیجے سے اعصابی دباؤ میں مبتلا ہوگئی ہیں۔ تمام باتوں کو ذہن سے ہٹا کر محنت کریں‘ انشاء اللہ ضرور کامیاب ہوجائیں گی۔یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ کا ورد زیادہ سے زیادہ کیا کریں۔

کم خوابی سے نجات

میری عمر 25 سال ہے‘ سات سال سے مسلسل کم خوابی میں مبتلا ہوں‘ کروٹ بدلتے بدلتے صبح ہوجاتی ہے۔ خواب کثرت سے دیکھتا ہوں اور دماغ ہمہ وقت بوجھل رہتا ہے۔ امید ہے کہ جواب و مشورے سے ضرور نوازیں گے۔ (محمدعابد‘ گوجرانوالہ)
جواب: رات کو سونے سے پہلے ایک پیالی دودھ میں شہد حل کرکے پی لیں۔ سونے کیلئے لیٹیں تو آنکھیں بند کرکے تصور کریں کہ پانی کا ایک حوض ہے جس میں آپ ڈوبے ہوئے ہیں اس تصور کو قائم رکھیں یہاں تک کہ نیند کا غلبہ ہوجائے۔ علی الصباح چند باداموں پر سو بار یَارَحِیْمُ دم کرکے کھالیا کریں‘ انشاء اللہ کم خوابی سے نجات مل جائے گا۔

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 219 reviews.