Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

روحانی بیماریوں كا روحانی علاج

ماہنامہ عبقری - فروری 2013

صحیح بولنے سے قاصر ہوں

میں ایک طالبعلم ہوں‘ یوں تو میری زبان روانی سے چلتی ہے لیکن مخصوص حروف صحیح تلفظ کے ساتھ بولنے سے قاصر رہتا ہوں۔ بہت کوشش کرتا ہوں کہ زبان ٹھیک ہوجائے لیکن کامیاب نہیں ہوتا۔ اچانک غلط تلفظ ادا کرنے سے صورتحال مضحکہ خیز ہوجاتی ہے اور لوگوں کے سامنے شرمندگی اٹھانی پڑتی ہے یہی وجہ ہے کہ رشتہ داروں اور دوستوں سے حتی الامکان دور رہنے کی کوشش کرتا ہوں۔ (شیخ امجد‘ لاہور)
جواب: اگر زبان کی ساخت میں کوئی مسئلہ نہیں ہے تو مندرجہ ذیل عمل سے انشاء اللہ ضرور فائدہ ہوگا۔ ایک ہزار مرتبہ کھٰیٰعصٓ پڑھ کر ایک کاغذ پر دم کریں اور کاغذپر بھی حروف لکھ دیں۔ اس کاغذ کو اپنے تکیے کے اندر رکھ دیں۔ خیال رہے کہ آپ کا تکیہ کوئی دوسرا شخص استعمال نہ کرے۔ رات کو سوتے وقت بھی صرف ذہن میں آہستگی سے گیارہ بار دہرائیں اور سوجائیں۔ جب بھی بات کریں رک کر اور آہستگی کے ساتھ کریں تاکہ زبان کی حرکت پر زیادہ سے زیادہ کنٹرول حاصل رہے۔

ذہنی یکسوئی

جسمانی طور پر کوئی شکایت نہیں لیکن ذہنی یکسوئی ختم ہوکر رہ گئی ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے کسی غیبی طاقت نے دماغ کو جکڑ رکھا ہے۔ گھر میں نہ ختم ہونے والے مسائل کا سلسلہ جاری ہے۔ خاندانی رنجشیں بڑھتی جارہی ہیں۔ گھر کاماحول ایسا ہے کہ بعض اوقات گھر چھوڑ دینے کا خیال آجاتا ہے۔ ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی رائے اور مشورے سے نوازیں۔ (ندیم احمد‘ کراچی)
جواب: آدمی اپنے گردوبیش کو بالکل نہیں بدل سکتاا ورنہ قطعی طور پر اس سے لاتعلق ہوسکتا ہے تاہم ان حالات میں اسے چاہیے کہ خود کو تفکرات سے اس طرح دور رکھے کہ اس کی ذہنی توانائی کم سے کم ضائع ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ کا ورد ہر اعتبار سے بہتر ثابت ہوگا۔ زیادہ سے زیادہ پڑھا کریں۔

ناامیدی گھیرلیتی ہے

ہمہ وقت دماغی الجھن میں مبتلا رہتی ہوں۔ اچانک مایوسی اور افسردگی طاری ہوجاتی ہے‘ دل نہ پڑھنے کو چاہتا ہے اور نہ کسی کام کی امنگ باقی رہتی ہے۔ کسی سے بات کرنا نہایت برا محسوس ہوتا ہے۔ اکثر مستقبل کے بارے میں سوچتی ہوں اور شاید ناامیدی گھیرلیتی ہے۔ اچانک رونا آجاتا ہے۔ پہلے معمول کی تمام سرگرمیوں میں حصہ لیتی تھی لیکن اب حال برعکس ہے۔ کبھی کوئی ارادہ کرتی ہوں اور کبھی دوسرا منصوبہ دل میں جگہ کرلیتا ہے۔ غرض عجیب کشمکش میں دماغ گرفتار رہتا ہے۔ (طاہرہ‘ ملتان)
جواب:انسان کی بنیاد وہم اور یقین پر ہے۔ مذہب کی اصطلاح میں اسی کو شک اور ایمان کہا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ دماغ میں شک کو جگہ دینے سے منع فرماتے ہیں اور ذہن میں یقین کو پختہ کرنے کا حکم دیتے ہیں۔ یہی شک اور یقین ہے جو دماغی خلیوں میں ہمہ وقت عمل کرتا رہتا ہے جس قدر شک کی زیادتی ہوگی اس ہی قدردماغی خلیوں میں ٹوٹ پھوٹ واقع ہوگی۔ انہی دماغی خلیات کے زیر اثر تمام اعصاب کام کرتے ہیں اور اعصاب کی تحریکات ہی انسانی زندگی ہے جب ذہن پر شک کا غلبہ ہوتا ہے تو آدمی مفروضہ خیالات کو حقیقت کا درجہ دینے لگتا ہے اور یہ خیالات ایسے ہوتے ہیں جن میں شکست ودریخت ہوتی ہے مثلاً عمل کے ضائع ہونے کا خدشہ‘ مستقبل کے متعلق ناامیدی وغیرہ۔
ان تمام باتوں کو بیان کرنے کا مقصد یہ ہے کہ آپ اپنے خیالات میں شک کو زیادہ سے زیادہ دور کرتے ہوئے یقین کو بیدار کریں مستقبل کے متعلق اندیشوں کو قطعی طور پر ذہن سے دور کردیں۔ کسی ایک کام کا ارادہ کریں تو اس کے علاوہ کسی دوسری طرف دھیان نہ دیں۔ نماز کی پابندی کریں اور نماز فجر اور نماز عشاء کے بعد اکیس اکیس مرتبہ سورۂ فاتحہ پڑھ کر اپنے قلب پر دم کردیا کریں انشاء اللہ بہت جلد دماغی کشمکش ختم ہوجائے گی۔

دوست مذاق اڑاتے ہیں

میری عمر انیس سال ہے اور جماعت دہم کا طالب علم ہوں‘ حالت ایسی ہے کہ کوئی کام نہیں کرسکتا تمام جسم درد کرتا ہے اور جسم میرے ارادوں کا ساتھ نہیں دیتا ہر وقت اپنی بیماری کے متعلق سوچتا رہتا ہوں‘ خیال آتا ہے کہ شاید اب زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھوں گا ایک وہم میرے دماغ سے چمٹ کر رہ گیا ہے‘ دوست میرا مذاق اڑاتے ہیں جسم کی ہڈیاں نظر آتی ہیں دل گھبراتا ہے اور ہاتھ پاؤں ٹھنڈے ہوجاتے ہیں‘ علاج کرا رہا ہوں۔ (ندیم احمد‘ گجرات)
جواب: رات کو ایک مقرر وقت طے کرکے اندھیرے میں بیٹھ جائیں پانچ منٹ تک ان الفاظ کو پڑھیں اَلْعَظْمَۃُ لِلہِ مَافِی السَّمٰوَاتِ بعدازاں دس منٹ تک خاموش بیٹھے رہیں اس عمل کو کم از کم دو ماہ تک کیا جائے۔ علی الصباح پانی پر 41بار الٰرٰ تِلْکَ اٰیٰتُ الْکِتَابِ الْمُبِیْنِ اَلرَّحِیْمْ اَلرَّحِیْمْ اَلرَّحِیْمْ یَااَللہُ یَاحَفِیْظُ دم کرکے پی لیا کریں یہ عمل نوے دن تک کیا جائے علاج اور وظیفہ روحانی سے انشاء اللہ آپ کی ذہنی و جسمانی صحت بحال ہوجائے گی۔

رشتہ نہیں آتا

میں اپنی مظلوم والدہ کی اکلوتی اولاد ہوں‘ میری پیدائش سے پہلے ہی والدہ کو طلاق ہوگئی تھی۔ میں نے اپنے والد کو آج تک نہیں دیکھا۔ میں نے حال ہی میں گریجوایشن کرلیا ہے اور اب ایم اے کرنے کا ارادہ کررہی ہوں۔ ابھی تک میرا کوئی رشتہ نہیں آیا حالانکہ میں خوش اخلاق ہوں اور شکل و صورت بھی اچھی ہے۔ معاشی طور پر بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ لوگ مجھ سے ملتے ہیں تو متاثر ہوتے ہیں اور میری تعریف بھی کرتے ہیں۔ میرے خلوص کی قدر بھی کرتے ہیں۔ پھر بھی ابھی تک میرے لیے کوئی رشتہ نہیں آیا ہے۔ (حنا حیدر‘ لاہور)
جواب: نماز عشاء کے بعد اول و آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف کے ساتھ تین سو بار یَاوَھَّابُ پڑھ کر یہ تصور کریں کہ آپ عرش الٰہی کے نیچے موجود ہیں۔ پانچ منٹ تصور کرنے کے بعد اللہ تعالیٰ سے دعا کریں۔ یہ عمل چالیس روز کیا جائے اور جن دنوں مجبوراً نہ کرسکیں وہ شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔

کمزور ہڈیاں

مجھے ہڈیوں کی کمزوری کا مرض لاحق ہے۔ صحت خراب رہتی ہے اور ہاتھ پیر کمزور ہیں۔ گھر کے ماحول میں بھی تلخی اور تناؤ رہتا ہے۔ خون کی کمی کاشکار ہوں اور آنکھوں کے گرد حلقے ہیں ان تمام باتوں کی وجہ سے ہروقت ذہنی طور سے پریشان رہتی ہوں۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ جوانی میں یہ بیماری کیوں ہوگئی ہے۔ مالی حالات اور گھریلو حالات بھی اچھے نہیں ہیں۔ (عنبر‘ راولپنڈی)
جواب: علاج جاری رکھیں۔ بہتر غذا استعمال کریں۔ صبح و شام پانی پر سورۂ یوسف کی پہلی آیت اکیس بار دم کرکے پیا کریں۔ سورۂ حشر کی آیت نمبر 23نماز عشاء کے بعد اکیس بار پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے حصول صحت کیلئے دعا کیا کریں۔ اللہ تعالیٰ شفاء عطا فرمائیں گے۔

مایوسی ہی مایوسی

میری عمر بیس سال ہے اور میں نے بی اے کا امتحان دیا ہے۔ میرے اندر احساس کمتری بہت زیادہ ہے۔ ایک جسمانی عیب نے اس میں مزید گہرائی پیدا کردی ہے میں کسی سے بات نہیں کرسکتی اور سمجھ میں نہیں آتا کہ کروںتو کیا بات کروں۔ ذرا سی بات پر احساس کمتری غالب آجاتا ہے۔ لوگ میرا مذاق اڑاتے ہیں تو صدمہ بڑھ جاتا ہے۔ لوگ مجھے ناسمجھ سمجھتے ہیں کسی سے اپنی بات تسلیم نہیں کراسکتی۔ ان حالات نے مایوسی بڑھا دی ہے کبھی کبھی تو زندہ رہنے سے دل بھر جاتا ہے جبکہ میں چاہتی ہوں کہ نارمل لوگوں کی طرح زندگی گزاروں۔ (انیلا‘ راولپنڈی)
جواب: آپ یہ توقع نہ رکھیں کہ ہر شخص آپ کی مرضی کے مطابق عمل کرے۔ آپ اپنے کام میں مشغول رہیں اور اسے پورا کرنے کی کوشش کریں۔ اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور استعمال کرنے کی بھرپور کوشش و مشق کریں اپنی قوت ارادی کو ایک نقطے پر مرکوز کرنے کی کوشش کریں۔ رات سونے سے پہلے پوری توجہ و یکسوئی کے ساتھ سورۂ آل عمران کی دوسری آیت دس پندرہ منٹ تک پڑھا کریں۔ انشاء اللہ آپ کو اپنے مسائل کے حل میں بہت آسانی حاصل ہوجائیگی۔

دماغ کے اوپر خول

مجھے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے دماغ کے اوپر ایک خول سا چڑھ گیا ہے جس کے اندر میری صلاحیتیں اور دماغی قوتیں مقید ہوکر رہ گئی ہیں۔ یادداشت بھی پہلے جیسی نہیں رہی۔ بات کرتے ہوئے رک رک کر بولنا پڑتا ہے اورلوگوں کے نام اچانک ذہن سے نکل جاتے ہیں۔ ذہن اس تیزی سے کام نہیں کرتا جیسے پہلے کام کرتا تھا۔ ایک بے خیالی سی طاری رہتی ہے۔ (مصور علی‘ کوئٹہ)
جواب: علی الصباح نماز فجر ادا کرتے ہی افق پر نمودار ہونے والی روشنی کو دس منٹ تک پوری توجہ سے نگاہیں جما کر دیکھیں‘ اس دوران یَارَحِیْمُ کا ورد دل ہی دل میں کرتے رہیں‘ ہلکی روشنی کو دیکھیں‘ براہ راست سورج یا اس کے گرد موجود تیز روشنی کو دیکھنے سے احتراز کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ شام کو کوئی مناسب کھیل حسب حال کھیلیں یا تیز قدموں سے چلا کریں۔ علاوہ ازیں متوازن خوراک کا بھی خیال رکھیں۔ چند دانے بادام گری روزانہ کھالیا کریں۔

سوچ رہا ہوں…!!!

میں چند سال پہلے ملازمت سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کاروبار میں لگادی لیکن کاروبار میں خاطر خواہ کامیابی نہیں ہورہی جس سے دل و دماغ پر اس وقت بوجھ رہتا ہے۔ مختلف باتیں ذہن میں گردش کرتی رہتی ہیں۔ سوچ رہا ہوں کہ کاروبار اور دکان تبدیل کرلوں۔ (کریم اللہ‘ ملتان)
جواب: اسی کار معاش میں مختلف تدابیر و طریقے استعمال کریں۔ جلد اور بار بار تبدیلی سے حتیٰ امکان گریز کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ نماز فجر کے بعد سات بار آیۃ الکرسی اور ایک تسبیح یَافَتَّاحُ یَارَزَّاقُ کی پڑھ کر دعا کریں۔ کاروبار شروع کرنے سے پہلے سورۂ کوثر اور سورۂ اخلاص ایک ایک بار پڑھ کر دونوں ہاتھوں پر دم کرکے چہرے پر پھیر لیاکریں۔ اللہ تعالیٰ وسائل و اسباب میں فراوانی عطا فرمائیں گے۔

بڑے بھائی کی بیماری

بڑے بھائی کی بیماری نے سب کو پریشان و حیران کردیا ہے۔ دو سال قبل بھائی کے جگر پر ورم آگیا تھا اور پھر یہ بیماری آہستہ آہستہ ختم ہوگئی۔ کچھ عرصہ قبل ٹخنوں کی ہڈیوںمیں درد ہوگیا جو ابھی بھی جاری ہے۔ علاج جاری ہے لیکن ابھی تک بہت زیادہ فرق نہیں پڑا ہے۔ ان کا ذہن بھی کمزور ہوگیا ہے۔ بہت سی باتیں بھول جاتے ہیں۔ جلد غصے میں آجاتے ہیں۔ ہنستے بالکل نہیں صرف مسکرا دیتے ہیں۔ مزاج میں چڑچڑاپن بھی زیادہ آگیا ہے۔ (محمد فاروق‘ فیصل آباد)
جواب: علاج پر مکمل توجہ دیں۔ صبح و شام پانی پر سورۂ فاتحہ کے بعد یَااَللہُ یَارَحْمٰنُ ایک سو ایک بار اور سورۂ کہف کی آیت 109 تین بار دم کرکے پانی بھائی کو پلایا کریں۔ علاوہ ازیں صبح اور رات کو اسماء یَاحَفِیْظُ یَاسَلَامُ اکیس بار پڑھ کر بھائی کے سر پر دم کردیا کریں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ آپ کے بھائی کو شفائے کامل جلد عطا فرمادیں۔

شدید ڈیپریشن

میری تین بیٹیاں ہیں‘ تینوں آپس میں ذرا ذرا سی بات پر لڑنے لگتی ہیں۔ شوہر کا حال یہ ہے کہ وہ بھی ذرا سی بات پر مجھے ڈانٹتے ہیں اور لڑنے لگتے ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ بیٹیوں کے اندر بھی یہ عادت غیرشعوری طور پر دوسرے انداز میں ظاہر ہورہی ہے۔ گھر کا یہ ماحول دیکھ کر میں شدید ڈیپریشن میں مبتلا ہوجاتی ہوں۔(پوشیدہ)
جواب: نماز فجر ادا کرنے کے بعد پانی پر گیارہ بار یَاوَدُوْدُ پڑھ کر دم کردیں اور یہ پانی گھر کے سب افراد پی لیں۔ اس عمل کو کم از کم تین ماہ تک جاری رکھیں اور جن دنوںمیں نہ پڑھ سکیں وہ شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔ آپ صبرو حوصلے سے کام لیں اور شوہر سے لڑنے اور انہیں جواب دینے سے اجتناب کریں۔انشاء اللہ فضل الٰہی شامل حال ہوگا۔

Ubqari Magazine Rated 5 / 5 based on 471 reviews.