اگر کسی ملازم کے عہدہ کی ترقی رکی ہو اور کسی وجہ سے افسران بالارکاوٹ ڈال رہے ہوں تو ملازم کو چاہیے کہ پیر کی شام کو بعد نماز مغرب12ہزار 636مرتبہ پڑھے اور اس کے بعد سجدے میں سر رکھ کر اپنے مقصدکی دعا کرے۔
اللہ تعالیٰ کی ایک صفت رافع ہے کہ وہ جسے چاہتا ہے دین و دنیا میں بلند درجات سے نواز دیتا ہے کیونکہ دنیا اور آخرت میں انعام و اکرام سے نوازنے والی ذات اللہ تعالیٰ ہی کی ہے اس لیے اسے الرافع کہا جاتا ہے ۔یہ صرف اسی کی شان ہے کہ اپنی مطیع و فرمانبردار مخلوق کی ذرا سی اطاعت پر خوش ہوکر اسے رفعت بخشتا ہے اور اپنی قربت سے نوازتا ہے اور اس پر اپنی رحمت کے دروازے کھول دیتا ہے۔ عبادت کرنے والے اور اس کی محبت کی آگ میں جلنے والوں کی روحوں کو اتنی رفعت اور سربلندی عطا فرماتا ہے کہ انسان سوچ بھی نہیں سکتا ہے اس لیے اگر تو اللہ کی راہ میں سربلند ہونا چاہتا ہے تو اس کے ذکر کو اپنے سینے میں ڈال لے اور ہردم کے ساتھ اسے پکارتا رہ۔ پھر دیکھ کہ وہ تجھے کیسے سربلند کرتا ہے۔ یہ اسم جمالی ہے اور اس کے اعداد 351 ہیں اور جو اسے کثرت سے پڑھے اللہ اس پر راضی ہوتا ہے اور اسے دنیا اور آخرت میں بلند درجات عطا فرمائے گا۔ اس کے چند فوائد مندرجہ ذیل ہیں:۔
عہدہ ملازمت میں ترقی:اگر کسی ملازم کے عہدہ کی ترقی رکی ہو اور کسی وجہ سے افسران بالارکاوٹ ڈال رہے ہوں تو ملازم کو چاہیے کہ پیر کی شام کو بعد نماز مغرب12ہزار 636مرتبہ پڑھے اور اس کے بعد سجدے میں سر رکھ کر اپنے مقصدکی دعا کریں۔ انشاء اللہ دعاپوری ہوگی اور یہ عمل گیارہ پیر تک کرے۔
شہرت و عزت میں بلندی:یہ اسم شہرت وعزت میں اضافے کیلئے بہت مؤثر ہے لہٰذا جو شخص حصول عزت کا خواہاں ہو اسے چاہیے کہ اس اسم کو روزانہ ایک سو مرتبہ پڑھے۔ اول آخر درود شریف جو یاد ہو پڑھے اور تین سال تک یہ عمل جاری رکھے انشاء اللہ اس کی شہرت اور عزت میں سربلندی ہوگی۔ لوگوں میں برگزیدہ ہوجائے گا اور ہر ملنے والا عزت کی نگاہ سے دیکھے گا جس محفل میں جائے لوگوں میں اس کی ہیبت قائم ہوجائے گی۔
حاکم کی نظر میں عزت پانا:دفاتر اور عدالت میں عموماً لوگ حاکموں کے سخت مزاج کی وجہ سے ان کے سامنے جاتے ہوئے ڈرتے ہیں۔ ان کا یہ ڈر یَارَافِعُ پڑھنے سے ختم ہوجائے گا لہٰذا جب ایسی صورت حال ہو تو تین دن تک روزانہ تین ہزار مرتبہ یہی اسم پڑھیں۔ پھر اس کے بعد جب حاکم کے سامنے جائیں تو یہی اسم پڑھتے جائیں۔ انشاء اللہ اللہ تعالیٰ حاکم کے دل میں رحم دلی اور نرمی کا جذبہ پیدا کردے گا اور وہ عزت سے پیش آئے گا۔
راہ سلوک میں رفعت:یہ اسم سالکان طریقت کیلئے سلوک میں حصول بلند درجات کیلئے مفید ہے۔ اگر کوئی مرید یا شیخ طریقت منزل بقا پانے کے بعد پڑھے تو اسے روحانی مراتب میں بلندی حاصل ہوگی مگر کثرت سے پڑھنا ضروری ہے۔
مقابلے میں جیت کا عمل:یہ اسم امتحان میں نمایاںکامیابی اور دیگر قسم کے مقابلوںمیں کامیابی کے لیے بہت مجرب ہے۔ اس لیے مقابلے سے پہلے اس اسم کو کثرت سے پڑھیں اور مقابلے کے وقت بھی دل میں پڑھتے رہیں۔ انشاء اللہ پڑھنے والا کامیاب ہوگا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں