٭میں امراض کا مجموعہ ہوں٭8سال سے کمر میں درد٭معدہ بہت خراب ہے٭ٹانسلز کا مسئلہ
توجہ طلب امور کے لئے پتہ لکھا ہوا جوابی لفافہ ہمراہ ارسال کریں اور اس پر مکمل پتہ واضح ہو۔ جوابی لفافہ نہ ڈالنے کی صورت میں جواب ارسال نہیں کیا جائیگا۔لکھتے ہوئے اضافی گوند یا ٹیپ نہ لگائیں سٹیپلرز پن استعمال نہ کریں ۔ رازداری کا خیال رکھا جائے گا۔ صفحے کے ایک طرف لکھیں۔ نام اور شہر کا نام یا مکمل پتہ خط کے آخر میں ضرور تحریر کریں۔ نوٹ: وہی غذا کھائیں جو آپ کیلئے تجویز کی گئی ہے۔مضمون مختصر لکھیں تاکہ جواب دینے میں آسانی ہو۔
میں امراض کا مجموعہ ہوں
بہت سال پہلے بیمار ہوئی تو الٹراساؤنڈ میں ڈاکٹر نے بتایا کہ آنتیں تیزی سے کام کرتی ہیں اور ان میں سوجن ہوگئی ہے۔ معدے کی ماہر ڈاکٹر نے بتایا کہ انڈوسکوپی کی رپورٹ نارمل ہے۔ ڈنمارک میں بھی سب ٹیسٹ نارمل رہے۔ کچھ عرصہ ہومیوپیتھک علاج کرایا اب کچھ افاقہ ہے۔ اب یہ حال ہے کہ بھوک بہت لگتی ہے‘ کھانے کے بعد بھی لگتا ہے کھایا ہی نہیں۔ پیٹ میں خوراک کی نالی‘ سینے اور زبان میں جلن ہوتی ہے۔ پیٹ میں گیس بہت ہے‘ وضو رکھنا مشکل ہے‘ کھانے کے بعد بھی جلن ہے مگر خاص کر صبح اور ٹوائلٹ کے بعد جلن زیادہ ہے۔ ٹوائلٹ کے بعد لگتا ہے کہ پیٹ بالکل خالی ہے‘ حالانکہ ناشتہ کیا ہوتا ہے‘ پیٹ میں گڑ گڑ ہوتی ہے‘ زبان پر سفید مواد جما رہتا ہے۔ سانس گرم رہتی ہے۔ جیسے اندر آگ دہک رہی ہو‘ منہ سے بدبو آتی ہے اور کبھی کبھی محسوس ہوتا ہے کہ اندر کچھ گلا سڑا ہوا ہے۔ تکلیف زیادہ ہونے پر بائیں بازو میں درد ہوتا ہے۔ دل کی دھڑکن تیز ہوتی ہے لیکن کئی مرتبہ دل کے ٹیسٹ کروائے وہ ٹھیک ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ معدے کی تکلیف میں بھی ایسا ہوتا ہے۔ بھوک ایک دم لگتی ہے اور برداشت نہیں ہوتی۔ کھانے کے بعد محسوس ہوتا ہے کہ کھانا معدے سے خوراک کی نالی میں واپس آرہا ہے اور جو چیز کھائی ہے اس کا ذائقہ محسوس ہوتا رہتا ہے۔ سوتے میں دانت بجتے ہیں اور کبھی کبھی رال بھی ٹپکتی ہے۔ چہرے پر دانے نکلتے ہیں۔ گلٹی کی شکل میں درد ہوتا ہے اور ان میں پیپ اور خون ہوتا ہے دبا کر نکالتی ہوں تو آرام آتا ہے مگر داغ رہ جاتے ہیں۔ ماہواری کے دوران میں زیادہ ہوجاتے ہیں۔ ماہواری ہر مہینے آتی ہے۔ چھ سال شادی کو ہوچکے ہیں۔ اولاد جیسی نعمت سے محروم ہوں۔ ڈاکٹروں کے مطابق میاں بیوی دونوں کی رپورٹس ٹھیک ہیں۔ میں بہت کمزور ہوں‘ 38کلو وزن ہے۔ ٹھیک تھی تو 49کلو تھا۔ آہستہ آہستہ کم ہوتا گیا۔ شدید کمزوری محسوس کرتی ہوں۔ سانس پھول جاتا ہے‘ خوراک کی کمی ہے‘ طاقت والی چیزیں کھانے سے تکلیف مزید بڑھ جاتی ہے۔ طبیعت ذرا بہتر ہو تو کدو توری‘ لوکی‘ مونگ کی دال وغیرہ کا سالن بنالیتی ہوں۔ (س۔ ا۔ فیصل آباد)
مشورہ: معلوم ہوتا ہے کہ آپ کو معدہ اور آنتوں کی سوزش ہے۔ صبح و شام اسپغول کی بھوسی آدھی چمچی ایک کپ پانی میں حل کرکے شربت بنفشہ ایک چمچہ ملا کر پئیں۔ غذا کے بعد بیل گری کا مربہ کھائیں۔ مرچ، گرم مصالحہ‘ کھٹائی‘ گوشت‘ انڈا‘ مچھلی‘ مرغی سے پرہیز کریں۔غذا نمبر 1استعمال کریں۔
بوہڑوالی گولیوں کے فوائد
برسوں سے پنجاب میں بوہڑوالی گولیاں بکثرت فروخت ہورہی ہیں‘ کوئی کیمسٹ یونانی اسٹاکسٹ ہوگا جو یہ گولیاں فروخت نہ کرتا ہو اس کے فوائد و خواص بہت زیادہ بتائے جاتے ہیں‘ ڈبوں پر اور ڈبوں کے اندر سے جو پرچہ نکلتا ہے‘ اس میں ان گولیوں کے ایسے فائدے لکھے ہوئے ہیں کہ آدمی ان کو خرید لیتا ہے۔ اول تو اس کا آسان نسخہ بتائیں دوسری بات یہ بتائیے کہ اس کے فائدے کیا ہیں۔ (ابراررسول‘قصور)
مشورہ: املی کو آٹھ دس دن تک کسی کپڑے میں باندھ کر پانی میں بھگورکھیں۔ پھر چھیل کر مغز نکال کر ہاون دستے میں کوٹیں پھر بڑ کا دودھ ڈال کر کوٹیں۔ اگر یہ دو تولہ ہو تو اس میں ماش کا آٹا‘ تخم گاجر ہر ایک ایک تولہ اور کشتہ قلعی بھنگ والا اصلی عمدہ چھ ماشہ اور بڑ کا دودھ ڈال کر خوب کوٹیں اور شہد کی مدد سے جنگلی بیر کے برابر گولیاں بنا کر سایہ میں خشک کرلیں۔ ’’بوہڑ والی گولیاں‘‘ کے نام سے جتنے نسخے دستیاب ہیں یہ ان سب نسخوں کا سرتاج نسخہ ہے۔ اس دوا کا مزاج سرد ہے۔ سردی سے ہونے والے امراض میں اس کا کوئی فائدہ نہیں‘ گرمی سے پیدا ہونے والے امراض جریان‘ بدخوابی‘ کمزوری‘ تقطیرالبول‘ پیشاب کی جلن میں مفید ہے۔ دو گولیاں صبح نہار منہ تازہ دودھ سے کھاسکتے ہیں۔ جن کوکوئی مرض نہ ہو وہ بلاضرورت نہ کھائیں۔ پندرہ بیس دن کا کورس ہے۔ اکثر اسی ایک دوا سے گرمی کا جریان‘ گرمی کی وجہ سے بے خوابی‘ بدخوابی‘ ضعف جاتا رہتا ہے۔
8سال سے کمرمیں درد
میری عمر 42سال ہے مجھے تقریباً آٹھ سال سے کمر کے نچلے حصے میں درد ہے۔ پہلے تو میں نے خاص توجہ نہیں دی اب عمر کے بڑھنے سے درد بھی زیادہ ہوتا ہے‘ زیادہ دیر بیٹھ نہیں سکتی۔ قرآن پاک کی تلاوت زیادہ نہیں کرسکتی‘ نماز پڑھنے میں بھی تکلیف ہوتی ہے۔ طبیبہ کو دکھایا تو اس نے کہا کہ تمہارا وزن زیادہ ہے اور پرہیز بھی بتایا یعنی آلو‘ چاول‘ بادی اشیاء سے پرہیز کرتی رہی اور واک شروع کردی‘ جس سے وزن کافی کم ہوگیا لیکن چہرے پر بہت برا اثر پڑا‘ چہرے سے برسوں کی مریض لگنے لگی‘ جو دیکھتا کہتا تمہیں کیا پریشانی ہے یا کیا بیماری ہے کہ تم اس طرح ہوگئی ہو؟ لیکن کمر کا درد ویسے ہی رہا‘ پھر کسی اور کو دکھایا اس نے کہا کہ یہ کمزوری ہے اس نے دوا لکھ دی جس کے کھانے سے درد کچھ کم ہوگیا لیکن اس سے شدید قبض ہوگیا اور ساتھ ہی بواسیر کی شکایت ہوگئی پھر حکیم کو دکھایا حکیم صاحب نے کہا کہ دودھ بالکل استعمال نہ کرو اور ٹھنڈی چیزیںمنع کردیں اور انہوں نے کہا ریح اور بادی ہے۔ تمہارے جسم اورکمر کا درد ریح کی وجہ سے ہے‘ گیس بھرجاتا ہے۔ دودھ تو میں ویسے بھی نہیں پیتی‘ کبھی کبھار پی لوں تو درد میں اضافہ ہوجاتا ہے سو کر اٹھوں تو درد زیادہ ہوتا ہے دن کو چلنے پھرنے سے کچھ کم ہوتا ہے۔ (کنول‘ کوئٹہ)
مشورہ: غلط علاج اور دواؤں کے استعمال سے یہی ہوتا ہے کہ اصل مرض تو وہیں رہتا ہے مگر اس کے ساتھ دوسرے امراض ایسے لگ جاتے ہیں کہ مریض اصل مرض کو بھول کر ان نئے امراض کی فکر میں لگ جاتا ہے۔ آپ عمدہ اصلی خمیرہ ابریشم حکیم ارشد والا چھ چھ گرام صبح وشام کھائیں۔ صبح دس بجے اور رات کو سوتے وقت حب مقل دو عدد کھائیں‘ دیسی گھی میں بکرے کے گوشت کو پکائیں اور روٹی سے کھائیں‘ سٹور سے مرہم کی کوئی ٹیوب بھی لے کر لگائیں۔ قبض کیلئے دیسی اجوائن‘ سناء کے پتے دس دس گرام‘ نمک لاہوری تین گرام گرائنڈر میں پیس کر محفوظ کرلیں‘ جب ضرورت ہو سوتے وقت ایک دو چٹکی ضرورت کے مطابق کھائیں۔غذا نمبر 3استعمال کریں۔۔
معدہ بہت کمزور ہے
گیس کا بہت زیادہ مسئلہ ہے۔ میرا معدہ اس قدر کمزور ہے کہ کوئی بھی چیز کھالوں فوراً ہوا بن جاتی ہے۔ نماز پڑھنا مشکل ہوجاتی ہے۔ سادہ پانی کے گلاس تک سے بھی مسئلہ بن جاتا ہے۔ میری جسمانی صحت بھی بہت کمزور ہے۔ کھایاپیا‘ جزو بدن نہیں بنتا‘ اچھی خوراک اور غذا کھانے کے باوجود فرق نہیں پڑتا‘ گال پچکے ہوئے ہیں۔ میری عمر 28 سال ہے۔ دیکھنے میں بیس سال کا لگتا ہوں۔ (محمد عقیل‘ گجرات)
مشورہ: جوارش جالینوس چھ چھ گرام غذا کے بعد کھالیا کریں۔ غذا میں بکرے کے گوشت میں کدو‘ توری‘ لوکی‘ ٹینڈے‘ شلجم‘ گاجر پکا کر شوربا بنا کر روٹی سے کھائیں۔غذا نمبر 1استعمال کریں۔
پیشاب نکل جاتا ہے
میری عمر 17سال ہے۔ مجھے تقریباً ایک سال سے یہ بیماری ہے کہ جب میں پیشاب کرتا ہوں تو پیشاب کرنے کے بعد جب کوئی زور کا کام کرتا ہوں یا اچھلتا کودتا ہوں تو پیشاب کپڑوں میں نکل جاتا ہے اور کپڑے ناپاک ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے میں نماز نہیں پڑھ سکتا۔ کبھی کبھی بدخوابی بھی ہوتی ہے اور میرے منہ پر سفید دھبے ہیں اور ناخنوں پر بھی سفید نشان ہیں‘ کیلشیم کی کمی ہے۔ (نوید‘ سکھر)
مشورہ: نودانے عمدہ قسم کے پاکستانی بادام رات کو پانی میں بھگودیں۔ صبح چھیل کر دانہ دانہ کرکے کھائیں۔ پندرہ دن کے بعد دوبارہ لکھیں۔ انشاء اللہ فائدہ ہوجائیگا۔ غذا کے بعد ایک چمچی خالص شہد بھی کھالیا کریں۔غذا نمبر 1استعمال کریں۔
چہرے پر کالے نشان
میری عمر 17سال کے قریب ہے۔ چہرے پر سرخ دانے نکلے ہوئے ہیں ویسے تو میرا رنگ بالکل سفید ہے اور چہرے پر کالے چھوٹے چھوٹے نشان ہیں۔ میں نے بہت علاج کروایا لیکن فرق نہیں پڑا‘ کسی نے کہا کہ خون صاف نہیں‘ کسی نے کہا نظر لگی ہے‘ میں بہت ہی احساس کمتری کا شکار ہوں۔ (روحی‘ اسلام آباد)
مشورہ: عرق منڈی استعمال کریں انشاء اللہ بہت فائدہ ہوگا۔غذا نمبر 3استعمال کریں۔
ٹانسلز کا مسئلہ
مجھے تقریباً چھ سات سالوں سے گیس کا مسئلہ ہے‘ یعنی جب میں کچھ کھاتا ہوں تو پیٹ میں کچھ گڑبڑ شروع ہوجاتی ہے۔ کبھی کبھی نماز میں بھی یہ مسئلہ پیش آتا ہے جس کی وجہ سے ہر نماز کیلئے مجھے الگ وضو کرنا پڑتا ہے اس کے علاوہ گلے میں ٹانسلز بھی ہیں۔ (فضل الٰہی‘ کراچی)
مشورہ: صبح و شام آدھی چمچی اسپغول کی بھوسی ایک کپ پانی میں ملا کر ذرا سی چینی ملا کر پئیں۔ غذا کے بعد دونوں وقت عرق بادیان آدھی پیالی پئیں۔ غذا نمبر 1استعمال کریں۔
کمر میں درد
تقریباً چھ مہینے پہلے میری شادی ہوئی ہے۔ میری عمر 25سال ہے۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ میری کمر میں ہروقت درد رہتا ہے روز بروز دبلا پتلا اور کمزور ہوتا جارہا ہوں۔ (صداقت علی‘ اسکردو)
مشورہ: معجون ثعلب چھ چھ گرام صبح و شام کھائیں۔ چاول دودھ سرد اشیاء سے پرہیز رکھیں۔غذا نمبر2استعمال کریں۔
دل کی گھبراہٹ اور بیماری سے نجات
اگر آپ کو دل کی گھبراہٹ اور بیماری دور کرنی ہو تو اول و آخر درودشریف اس آیت کو41 مرتبہ پڑھ کر پانی پر دم کرکے پی لیاکریں‘ انشاء اللہ دل میں سکون پیدا ہوگا اور آہستہ آہستہ بیماری ختم ہوجائیگی۔ آیت یہ ہے:۔
اَلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَتَطْمَئِنُّ قُلُوْبُہُمْ بِذِکْرِ اللہِ اَلَا بِذِکْرِ اللہِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوْبُ ﴿رعد28﴾
قرآن کریم کی برکت سے شوگر کا علاج
اول و آخر تین مرتبہ درود ابراہیمی درمیان میں یہ آیت پڑھ کر پانی پر پھونک مار کر پئیں اللہ کے فضل سے اس عمل سے شوگر کے ہزاروں مریض شفاء یاب ہوچکے ہیں‘ صرف ان چار باتوں کا خیال رکھیں۔1 گناہوں کی سچے دل سے توبہ۔2۔ آئندہ گناہوں سے بچنے کا پکا ارادہ۔3۔ نماز کی پابندی۔4۔ استغفار کی کثرت۔ مکمل شفاء یابی تک عمل جاری رکھیں۔آیت یہ ہے:۔
رَبِّ اَدْخِلْنِیْ مُدْخَلَ صِدْقٍ وَّ اَخْرِجْنِیْ مُخْرَجَ صِدْقٍ وَّ اجْعَلْ لِّیْ مِنْ لَّدُنْکَ سُلْطٰنًا نَّصِیْرًا ﴿بنی اسرائیل۸۰﴾ ( بندہ خدا‘ واہ کینٹ)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں