مبارک خواب
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اور میری بڑی بہن ٹیوشن سے گھر واپس آئے ہیں‘ اتنے میں گھنٹی بجتی ہے اور کچھ اجنبی مہمان گھر میں داخل ہوجاتے ہیں جن میں کچھ بزرگ اور ایک لڑکی بھی تھی‘ امی نے ان کو سلام کرنے کو کہا اور بزرگ مہمان آتے رہے‘ میں سلام کرتی رہی۔ ایک بزرگ ہمارے نیچے والے صحن میں تسبیح پڑھتے ہوئے اس طرح ٹہل رہے تھے کہ میں باوجود کوشش کے ان بزرگ کا چہرہ نہ دیکھ سکی پھر میں نے انہیں جھک کر سلام کیا اور بزرگ نے میرے سر پر ہاتھ پھیرا اور گردن کے پیچھے بوسہ دیا اور دعا دینے لگے کہ تو ہمیشہ کامیاب رہے اور ہر امتحان میں پاس ہو۔ میں نے لڑکی کا ہاتھ پکڑ کر بزرگ کے بارے میں پوچھا کہ یہ کون ہیں تو وہ ٹال گئی پھر صحن میں دوبارہ گئی تو بزرگ نہیں تھے پھر میری آنکھ کھل گئی۔ (نبیلہ‘جہلم)
تعبیر: ماشاءاللہ خواب مبارک ہے۔ آپ کے کام آسان ہونگے بشرطیکہ آپ نیک اعمال کا اہتمام کریں‘ آپ روزانہ فجر کی نماز کے بعد ایک بار ”سورۀ یٰسین“ کی تلاوت کا اہتمام کریں۔
حالت اچھی نہیں
خواب: والد صاحب مسجد میں بیٹھے ہیں اور انہوں نے اس آدمی سے جس نے انہیں خواب میں دیکھا اس سے کہا کہ میرے بیٹوں کو بلائو کہ آکر نماز ادا کریں۔ (لیاقت‘ سندھ)
تعبیر: خواب میں اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کی حالت اچھی نہیں ہے آپ نیک اعمال کی طرف توجہ دیں اور کثرت سے توبہ استغفار کریں۔
سورۀ مریم کی تلاوت
خواب: گزشتہ15 برسوں سے خواب دیکھ رہی ہوں کہ میرا جوتا گم ہوجاتا ہے یا ٹوٹ جاتا ہے اب یہ خواب بند ہوگئے ہیں اب میں راستہ بھول جاتی ہوں اگر کسی کے ساتھ ہوتی ہوں تو وہ لوگ مجھے چھوڑ دیتے ہیں پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔(ف۔ راولپنڈی)
تعبیر:خواب کے مطابق تو حالات بہت خراب ہیں۔ کافی پریشانیاں معلوم ہوتی ہیں۔ آپ صدقہ خیرات کریں اور روزانہ مغرب کی نماز کے بعد ”سورۀ مریم“ ایک بار پڑھ کر حالات کی بہتری کی دعا کریں۔
حال اچھا ہے
خواب: دیکھا کہ میرے دادا جان جو اب اس دنیا میں نہیں رہے اور خواب میں بھی مجھے پتہ تھا کہ وہ اس دنیا میں نہیں۔ دیکھا کہ دادا جان ایک چشمے پر بیٹھے ہیں اور ادھر عبادت کرتے ہیں۔ کھاتے پیتے اور بیٹھتے ہیں اور سوتے ہیں تو میں ان کے پاس گیا۔ سلام کیا اور ان کا ہاتھ چوما اور کہا کہ دادا جان میرے لیے دعائے خیر کریں۔ دادا جان نے ہاتھ میرے کندھے پر رکھ کر دعائے خیر کی۔ پھر میں نے دیکھا کہ دادا جان کے تکیے کے نیچے ایک مرد یعنی انسان کی ایک پوری ٹانگ پڑی ہے۔ تو میں نے دادا جان سے پوچھا کہ یہ ٹانگ کس کی ہے اور یہاں آپ کے پاس کیوں رکھی ہے تو دادا جان نے کہا کہ یہ ٹانگ مجھے کسی ڈاکٹر نے دی ہے کہ یہ ٹانگ بیمار ہے آپ اسے دم کردیں۔ اتنے میں آنکھ کھل گئی۔ (عابد۔ مانسہرہ)
تعبیر: خواب کے مطابق تو آپ کے مرحوم دادا کا حال بہت اچھا ہے۔ آپ بھی نیک اعمال کی طرف توجہ دیں اور ان کی نصیحتوں پر عمل کریں۔ ان کے بتائے ہوئے وظیفے سے آپ کو نفع ہوگا اور بیماری دور ہوگی۔
گندے اثرات کا چکر
خواب: میری ہمسائی ہمارے گھر آئی تو اس کے ساتھ ہی ایک بلی ہمارے گھر میں داخل ہوکر میری طرف بڑھی جب میں اسے مارنے لگی تو وہ جالی والی کھڑکی کے سوراخ میں داخل ہوکر پھر میری طرف پلٹی لیکن میں نے بلی کو مارنے کیلئے اپنے ہاتھ سے زوردار جھٹکا مارا کہ بلی کا مغز میرے چہرے پر آگرا اور سر ایک طرف گرگیا اور بلی مرگئی‘ وہ ہمسائی جو گھر میں داخل ہوئی تھی کہتی ہے وہ بلی کا پوچھ رہی ہیں میں نے اس سے جھوٹ بولا کہ بلی چلی گئی ہے۔ (سمیرا‘ سرگودھا)
تعبیر: خواب تو اچھا نہیں ہے۔ گندے اثرات کی وجہ سے آپ کو کافی نقصان ہورہا ہے۔ دشمن کے حملے سے آپ کی حفاظت ہوئی ہے۔ آپ کسی بھی غیر پر اعتماد نہ کریں۔اپنا اور گھر والوں کا خیال رکھیں ہر نماز کے بعد تین بار آیة الکرسی پڑھ کر دم کریں اور پانی بھی استعمال کریں۔
اللہ کی رحمت
خواب: میں جب گھر سے باہر جاتا ہوں تو بارش ہوجاتی ہے اور جب گھر میں آتا ہوں تو بارش بند ہوجاتی ہے پورا خواب اس بارش پر ہی مشتمل تھا۔ (جلال‘ کراچی)
تعبیر: خواب ماشاءاللہ بہت مبارک ہے آپ پر اللہ کی خاص رحمت نازل ہوگی‘ آپ اللہ رب العزت کا خوب شکر ادا کریں اور نیک اعمال کی طرف بھرپور توجہ دیں۔
آیت الکرسی دم کریں
خواب: میں چند دنوں سے عجیب طرح کے خواب دیکھ رہا ہوں کبھی میرے جسم پر کوئی کپڑے نہیں ہوتے یا ایک دم غائب ہوجاتے ہیں کبھی کاغذ‘ کبھی پتوں سے‘ کبھی بیٹھ کر‘ کبھی کپڑے سے اپنا ستر چھپاتا ہوں کبھی خواب دیکھتا ہوں کہ نہایت چمکدار کپڑے پہنے ہیں‘ کبھی ان پر داغ محسوس ہوتا ہے تو کہتا ہوں کہ بھائی نے کپڑے پہنے تھے اور ان چمکدار سفید ملبوسات کو میں دیکھ کر بہت خوش ہوجاتا ہوں‘ کبھی دیکھتا ہوں کہ اجابت کیلئے جاتا ہوں تو پیشاب کے چھینٹوں سے بچنے کی بہت کوشش کرتا ہوں کبھی دوران اجابت کھڑا ہوا ہوں‘ کبھی بیٹھا ہوں لیکن پھر بھی چند قطرے میرے اوپر گرجاتے ہیں۔ (شیخ آصف‘ ٹنڈوآدم)
تعبیر: خواب اچھا نہیں ہے۔ آپ جادو کی لپیٹ میں ہیں۔ آپ فوراً گوشت کا صدقہ کریں اور ہر نماز کے بعد گیارہ بار آیت الکرسی پڑھ کر دم کریں اور پانی بھی استعمال کریں۔
خوشحالی نصیب ہوگی
خواب: دیکھتی ہوں کہ نیا مکان تیار ہورہا ہے اور میں اس کی چھت پر کھڑی ہوں اور مزدور سے کہہ رہی ہوں کہ چھت کی سیڑھیاں تھوڑی بنائی ہیں‘ سب سے نیچے والی دو سیڑھیاں تو بنائی نہیں۔ مزدور سیڑھیاں بنادیتا ہے اور سب سیڑھیوں پر پلستر کردیتا ہے اور میں نیچے اتر کر سیڑھیوں کا جائزہ لیتی ہوں‘ اس کے بعد میں اٹیچی تیار کررہی ہوں جس میں میرے سیٹ ہیں‘ پھر میں کہتی ہوں کہ اگر شادی لیٹ ہوگی تو کیا ہے اب میں جائونگی۔
(آ۔ خان۔ کراچی)
تعبیر: خواب کے مطابق تو ایسی کوئی پریشانی کی بات نہیں ہے۔ دشمن ناکام ہوگا تو خیروعافیت کے ساتھ آپ کو خوشحالی نصیب ہوگی خوب اللہ رب العزت کا شکر ادا کریں۔
Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 020
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں