Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

روحانی بیماریوں کا شافی علاج

ماہنامہ عبقری - نومبر 2010ء

کیا ہمارے گھر سایہ ہے؟ افراد خانہ نے کئی بار محسوس کیا ہے کہ گھر کے ایک مخصوص کمرے میں کوئی کھڑا ہے یا گزرتے ہوئے چلا گیا ہے۔ پہلے ہم نے اسے وہم سمجھا لیکن کئی لوگوں نے اس بات کو واضح طور پر متعدد بار محسوس کیا ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے ہم سب میں ایک خوف پیدا ہوگیا ہے اور مذکورہ کمرے میں جانے کی ہمت نہیں ہوتی۔ اس کے علاوہ کوئی اور بات ہم لوگوں نے محسوس نہیں کی ہے۔ کیا یہ کوئی سایہ وغیرہ ہے۔ ( اورنگ زیب‘حیدرآباد) جواب: اس طرح کے مشاہدات رات کو ہوتے ہیں یا دن کو صرف نامعلوم ہستی دکھاتی دیتی ہے یا کوئی اور بھی غیرمعمولی واقعہ پیش آتا ہے ان باتوں کو چند ہفتوں تک نوٹ کرکے بذریعہ خط مطلع کریں۔ اس وقت تک کیلئے عرض ہے کہ ڈر، خوف کو قریب نہ آنے دیں اور ان باتوں کا گہرا اثر نہ لیں۔ سورہ فلق، سورہ ناس تین تین بار رات کو پڑھ کر گھر کے چاروں کونوں کی جانب منہ کرکے دم کردیا کریں۔ گیارہ روز تک۔ آمنا سامنا میں ایم اے اور بی ایڈ کرچکی ہوں۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ میرے اندر اعتماد کی بہت کمی ہے۔ کسی کے سامنے اعتماد کے ساتھ بات نہیں کرسکتی۔ (فریحہ ظفر‘ کراچی) جواب: ہر نماز کے بعد سوبار اسم ذات یااللہ کا ورد کریں۔ اپنی انفرادی صلاحیتوں کو جلا دینے کیلئے اہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ شعرو شاعری اور ادب کی کتابیں پڑھا کریں۔ اپنے پسندیدہ اشعار اور اقتباسات دوسروں کو سنائیں۔ یہ علاج ڈیڑھ ماہ جاری رکھیں۔ نامعلوم شخص کئی سالوں سے میرے حالات خراب ہیں۔کوئی نہ کوئی مشکل آگھیرتی ہے۔ ذہنی و جسمانی طور پر بھی خود کوچاق و چوبند محسوس نہیں کرتا۔ رات کو ہلکی نیند میں کئی بار دیکھا کہ کوئی نامعلوم شخص کھڑا مجھے بغور دیکھ رہا ہے یا پھر وہ مجھ پر حملہ کرنے کیلئے آرہا ہے۔ ایک خاص بات یہ ہے کہ میں نے اپنے گھر کے اندر کئی بار کاغذوں کے تہہ کیے ہوئے ٹکڑے پڑے پائے جن کے اندر کچھ خاص لکیریں بنی ہوئی تھیں۔ میں نے توجہ نہیں دی اور انہیں پھینک دیا۔ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ کوئی بدخواہ برے عمل کے ذریعے آپ کو پریشان کررہا ہے۔ (سعیدالزماں‘ کوئٹہ) جواب: آپ روزانہ رات سونے سے پہلے سورہ فاتحہ ایک بار اور سورہ فلق اور سورہ ناس تین تین بار پڑھ کر دونوں ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھ چہرے اور پورے جسم پر پھیرلیا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس دن کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ روزانہ نماز فجر کے بعد تین بار آیت الکرسی پڑھ کر حالات بہتر ہونے کی دعا کریں۔ کم از کم نوے دنوں تک۔ چالیس دن بعد خط لکھ کر حالات سے مطلع کریں۔ انشاءاللہ تین ہفتوں میں آپکے خیالات و احساسات میں تبدیلی واقع ہوجائےگی۔ خبر سن کر کچھ عرصے سے میرے ذہن کی حالت عجیب ہوگئی ہے۔ کسی کے بیمار ہونے کی خبر سن لوں یا انتقال کی خبر ملے تو بار بار یہ خیال آتا ہے کہ مجھے بھی یہی مرض لاحق ہونے والا ہے یا میں بھی جلد ہی اس دنیا سے رخصت ہونے والا ہوں۔ حادثات کی خبر پڑھ کر یقین کی حد تک یہ بات ذہن میں آنے لگتی ہے کہ میں بھی اس صورتحال کا شکار ہونے والا ہوں۔ ان خیالات کے دباو کی وجہ سے اعصاب کمزور ہوگئے ہیں۔ تیز آواز سن کر دل ڈوبنے لگتا ہے۔ اندرونی طور پر ایک پریشانی ہر وقت گھیرے رہتی ہے۔ (عبدالحفیظ‘ اوکاڑہ) جواب: نماز فجر اور نماز مغرب کے بعد سورہ حشر کی آیت نمبر 22 کم از کم گیارہ بار پڑھ کر اپنے قلب کے مقام پر دم کردیا کریں۔ رات سونے سے پہلے وضو کرکے لیٹ جائیں اور یہی آیت دل ہی دل میں پڑھتے ہوئے سوجائیں۔ انشاءاللہ چند ہفتوں میں ذہن پر سے خوف و اندیشوں کا غلبہ ختم ہوجائیگا۔ مایوسی کا اندھیرا مجھے اپنا مستقبل تاریک دکھائی دیتا ہے یوں لگتا ہے کہ زندگی کی ہر راہ مجھ پر بند ہے اور میں کسی میدان میں بھی کامیاب نہیں ہو سکوں گا۔ دل کو بار بار سمجھاتا ہوں لیکن مایوسی کی کیفیت ختم نہیں ہوتی۔ اس وقت میں گریجویشن کررہا ہوں اور مزید تعلیم حاصل کرنے کا پروگرام ہے۔ میرے خیرخواہ سمجھاتے ہیں لیکن مجھ پر اثر نہیں ہوتا۔ (ہمایوں‘ پشاور) جواب: نماز کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد سورہ فاتحہ گیارہ بار اور نماز عشاءکے بعد اکیس بار پڑھ کر اپنے قلب پر دم کردیا کریں۔ چالیس دن یہ عمل کریں۔ انشاءاللہ مایوسی کی کیفیت مغلوب ہوجائے گی۔ گھر میں نااتفاقی کا بسیرا جب سے ہوش سنبھالا ہے گھر میں نااتفاقی کا بسیرا دیکھا ہے۔ حالات بھی مسلسل تنگی کا شکار چلے آرہے ہیں۔ ہمارا گھر بھی اپنا نہیں ہے۔ رشتہ دار ہمارے خلاف تعویذ‘ گنڈوں میں مصروف رہتے ہیں اور ہمارا ساتھ چھوڑ دیا ہے۔ والد کا کام گرمیوں میں چلتا ہے اور سردیوں میں نہ ہونے کے برابر رہ جاتا ہے۔ والدین آپس میں الجھ پڑتے ہیں۔ (راحیلہ‘ کراچی) جواب: سورہ کوثر روزانہ رات کو گیارہ بار پڑھ کر دعا کریں اور گھر کے چاروں کونوں کی طرف دم کردیا کریں۔ والد صاحب سے کہیں کہ وہ نماز کی پابندی کیساتھ سورہ شوریٰ کی آیت نمبر 19 اکیس بار نماز فجر کے بعد پڑھا کریں۔ حصول معاش میں ایک تعلیم یافتہ شخص ہوں اور کئی کورسز کیے ہوئے ہیں لیکن تاحال نوکری سے محروم ہوں۔ کئی جگہ انٹرویو دئیے لیکن جواب نفی میں ملا۔ گھر میں کمانے والا واحد شخص ہوں لیکن کافی عرصے سے روزگار سے محروم ہوں۔ (عبدالحق‘ لاہور) جواب: ہر نماز کے بعد سورہ شوریٰ کی آیت نمبر 19 اول و آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے فضل و کرم کا سوال کیا کریں۔ کوشش جاری رکھیں۔ مایوس نہ ہوں۔ بفضل الٰہی جلد مسئلے کا حل سامنے آجائے گا۔ رشک و حسد ہمارے حالات پہلے اتنے اچھے نہ تھے۔ پھر اللہ نے فراخی عطا فرمائی اور ہمارا گھرانہ خوشحال شمار ہونے لگا۔ بعض رشتے دار اور جاننے والے اس تبدیلی سے خوش دکھائی نہیں دیتے اور طرح طرح کی باتیں کرتے ہیں۔ لوگ رشک وحسد میں مبتلا رہتے ہیں۔ کچھ عرصے قبل ہمارے گھرانے کو چند ناخوشگوار واقعات کا سامنا کرنا پڑا اس کی وجہ سے ہم سب فکر و تشویش میں گرفتار ہوگئے ہیں۔ (صغیر‘ایبٹ آباد) جواب: صدقہ‘ خیرات پابندی سے کریں اور سب لوگ نماز کی پابندی کریں۔ اس کیساتھ ساتھ نماز کے بعد سورہ کوثر اور سورہ توبہ کی آخری آیت پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے خیروبرکت کی دعا کیا کریں۔ نماز عشاءکے بعد 7 بار سورہ فلق بھی پڑھا کریں۔ صرف ذہنی سکون نہیں اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں ہر چیز سے نوازا ہے لیکن ہمارے گھر میں ذہنی سکون نہیں ہے۔ ہر شخص کی طبیعت میں چڑچڑاپن ہے اور قوت برداشت کی نہایت کمی، افراد خانہ کے دلوں میں بڑوں کیلئے احترام اور چھوٹوں کیلئے پیار ومحبت کی جگہ نفرت نے ڈیرے ڈال دئیے ہیں۔ (اعجاز حسن‘ ملتان) جواب: رات کو سونے سے قبل سورہ بنی اسرائیل کی آیت نمبر 110 اول وآخر گیارہ گیارہ بار درود شریف کے ساتھ گھریلو جھگڑے ختم ہونے اور باہمی حسن سلوک کیلئے دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ جاری رکھیں۔ علاوہ ازیں اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں کا شکر ادا کیا جائے۔ شکر یہ ہے کہ اللہ نے جو کچھ بھی عطا کیا ہے اس سے دوسروں کو بھی فائدہ پہنچایا جائے۔ چاہے اس کی شکل کچھ بھی ہو۔ صحت و تندرستی میرے جسم میں خون کی کمی ہے اور اسی کمی کی وجہ سے چہرے کا رنگ مانند پڑگیا ہے اور آنکھوں کے گرد حلقے بھی پڑگئے ہیں۔ میری خوراک اچھی ہے مگر اس کا کوئی اثر ظاہر نہیں ہوتا۔ جلد میری شادی بھی ہونے والی ہے جس سے پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ (عرشی‘ راولپنڈی) جواب: متوازن غذا کے ساتھ ساتھ تیز قدموں سے چہل قدمی کو بھی معمول میں شامل کریں اور کسی اچھے معالج سے مشورہ کریں۔ ہوسکتا ہے کہ جسم کے بعض کیمیاوی افعال معمول پر نہ ہوں۔ علی الصباح ہوادار جگہ پر آہستگی سے گہرے سانس لیں اور نکالا کریں۔ یہ عمل گیارہ بار کیا کریں۔ پانی پر صبح اور شام سورہ یوسف کی ابتدائی دو آیات دم کرکے پی لیا کریں۔ میرا بیٹا میرا بیٹا عمر کے ساتھ ساتھ نہایت بدتمیز‘ چڑچڑا اور جھگڑالو ہوگیا ہے۔ گھر کے کسی شخص کی بات نہیں سنتا۔ بڑوں سے زبان درازی کرتا ہے۔ میں نے اسے ہر طرح سمجھانے کی کوشش کی۔ پیارسے‘ غصہ سے مار کر۔ لیکن وہ میری کسی بات پر کان نہیں دھرتا۔ (عرفان‘ لیہ) جواب: سات بار بسم اللہ شریف‘ سات بار سورہ کوثر پڑھ کر پانی پر دم کریں اور صبح نہار منہ بچے کو پلائیں یہ عمل اکیس روز جاری رکھیں۔ اس کے علاوہ یہ کام بھی کریں کہ بیٹے سے نہایت نرمی اور شفقت کے ساتھ بات کریں۔ وہ درشت لہجے میں بات کرے تب بھی آپ اپنی روش نہ چھوڑیں۔ چند ہفتوں کی احتیاط سے انشاءاللہ اس کا رویہ تبدیل ہوجائیگا۔ رات کو جب وہ سوجائے تو سرہانے کھڑے ہوکر معمولی بلند آواز سے بچے کو اس کا نام لے کر مخاطب کرتے ہوئے کہیں کہ تم تمیزدار بچے ہو‘ غصہ اور ضد ترک کردو۔ یہ جملے پانچ منٹ تک مناسب آواز اورلب و لہجے سے ادا کریں۔ انشاءاللہ جلد اثرات ظاہر ہوں گے۔ یہ عمل چالیس روز کیا جائے۔ بیماری اور شفائ میں گزشتہ کئی سالوں سے صحت کے مسائل سے دوچار ہوں۔ کبھی سردرد ہوجاتا ہے تو کبھی جسم میں درد ہونے لگتا ہے۔ بلڈپریشر ہر وقت بڑھا رہتا ہے۔ میں نے بہت سے اچھے معالجوں سے علاج کروایا مگر افاقہ نہیں ہورہا۔ کسی کا کہنا ہے کہ آپ پر عمل کرایا گیا ہے جن کے اثرات سامنے آرہے ہیں۔ (علیم اللہ‘ پشاور) جواب: ان کیفیات کا کسی اثر سے کوئی تعلق نہیں۔ آپ کا علاج بھی ہوا ہے لیکن ضروری نہیں کہ مرض کی درست تشخیص ہوئی ہو یا دوا اور احتیاط تقاضوں کے مطابق ہوں۔ کسی ماہر طبیب سے مشورہ کریں اور پرہیز اور احتیاط بھی کریں۔ ساتھ ساتھ صبح و شام پانی پر تین بار سورہ فاتحہ پڑھ کر دم کرکے پیا کریں۔ اللہ تعالیٰ جلد شفاءعطا فرمائیں گے۔ کاروبار ہمارے والد صاحب ٹرانسپورٹ کا کام کرتے ہیں۔ پہلے کاروبار میں برکت تھی اور ہماری کافی بسیں بھی تھیں لیکن اب فقط ایک بس باقی رہ گئی ہے۔ ہمارے چچا جان بھی کاروبار میں شریک ہیں۔ بجائے نفع کے نقصان ہوتا ہے۔ (ندیم عماد‘بہاولنگر) جواب: کاروباری امور میں بہرحال امانت‘ دیانت اور اخلاقی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھیں۔ نماز فجر کے بعد سورہ ص پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا کیا کریں اور سورہ مبارکہ کا ترجمہ بغور پڑھا کریں۔ نماز عشاءکے بعد آیت الکرسی اکیس بار پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے فضل و کرم کی دعا کیا کریں۔ حسب استطاعت ضرورت مند افراد کی مالی مدد کی جائے کاروبار پر مکمل توجہ دی جائے۔ بیماری و علاج پچھلے دس سالوں سے خشک کھانسی میں مبتلا ہوں۔ کھانس کھانس کر بدحال ہوجاتا ہوں۔ کئی طرح کے علاج کروا چکا ہوں مگر فائدہ نہیں ہورہا۔ شہر کے کسی ڈاکٹر، کسی حکیم کو نہیں چھوڑا۔ کسی دوا کے استعمال سے کسی قدرے بہتری آتی ہے لیکن چند دنوں بعد وہی حال ہوجاتا ہے۔ (انیس احمد‘ ملتان) جواب: جو دوا بھی استعمال کریں اس پر سورہ فاتحہ دم کرکے استعمال کیا کریں۔ علاوہ ازیں صبح، شام اور رات کو پانی پر سات بار سورہ فاتحہ اور سورہ اخلاص تین بار دم کرکے پیا کریں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ آپ کو شفاءکامل عطا فرمائے۔ علاج پر مکمل توجہ دیں۔
Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 844 reviews.