Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

ایک عمل اور دس آزمودہ کرشمے (ایڈیٹر کے قلم سے)

ماہنامہ عبقری - اگست 2010ء

قارئین! آپ کیلئے قیمتی موتی چن کر لاتا ہوں اور چھپاتا نہیں‘ آپ بھی سخی بنیں اور ضرور لکھیں (ایڈیٹر :حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی) قارئین!رمضان کی مبارک ساعتوں میں مقبولیت کا ایک خاص عمل جو کہ مجھے خواص اور صالحین سے ملا ایک صاحب کمال نے سختی سے نصیحت کی عمل بتا تو ضرور دینا لیکن کسی نااہل کو نہ بتانا، بہت دفعہ سوچا لیکن ہر شخص کو اپنے سے زیادہ اہل پایا سوچا عبقری کے قارئین واقعی اہل ہیں۔ شاید میری زندگی کے تجربے میں ایک شخص بھی ایسا نہیں جس نے یہ عمل کیا ہو اور اس کو حیرت انگیز تجربات نہ ملے ہوں جن کو ہر وہ شخص چاہتا ہے جو زندگی کے دن رات گزر رہا ہے۔ اس عمل کے دس بڑے فوائد جو اب تک چند نہیں بلکہ بے شمار لوگوں کے تجربات و مشاہدات میں آچکے ہیں وہ مردبھی ہیں عورتیں بھی حتیٰ کہ بعض نومسلموں نے بھی یہ عمل کیا اور اس کے کمالات اور برکات سے استفادہ کیا۔ پہلا فائدہ رمضان المبارک کی مبارک ساعتوں میں جو شخص اس عمل کو کریگا اس کی دعائیں قبول ہونا شروع ہوجائیں گی‘ جو مانگے گا،دل کی ہر آرزو بر آئے گی، ہر تمنا غیب کے خزانے سے پوری ہوگی، ایک صاحب اپنے تجربے کی بنیاد پر کہنے لگے جب سے آپ نے مجھے یہ عمل بتایا ہے ہر رمضان میں اہتمام سے کرتا ہوں۔ مجھے یاد نہیں میں نے اللہ سے کوئی سوال کیا ہو اور وہ کبھی رد ہوا ہو، جلد یابدیر بلکہ اکثر بہت جلدہی میںنے سوال پورا ہوتے دیکھا۔ دوسرا فائدہ رمضان المبارک میں اس عمل کو کرنے سے انسان خوشیاں ہی خوشیاں دیکھتا ہے، غم دور ہوجاتے ہیں سالہا سال سے اٹکے ہوئے مسائل حل ہوجاتے ہیں، کتنے لوگ ایسے ملے جن کے عدالت میں بہت زیادہ مقدمات تھے لیکن رمضان کے اس عمل نے ان کو مقدمات سے خلاصی دی، ان گنت لوگ ایسے تھے جن کے دفاتر میں کام الجھے ہوئے تھے‘ اس عمل سے غیبی مدد آئی اور ان کی الجھنیں دور ہوگئیں۔ تیسرا فائدہ شادیوں اور رشتوں کے اٹکے ہوئے مسائل ایسے حل ہوتے ہیں کہ انسان خود حیران رہ جاتا ہے، غیب سے رشتے بنتے ہیں، یاس اور امید کے اندر گھرے ہوئے گھرانے خوشیوں اور شادمانیوں میں کھوجاتے ہیں۔ چوتھا فائدہ اس وظیفہ کا چوتھا فائدہ یہ ہے رزق اپنی پوری برکت کے ساتھ متوجہ ہوتا ہے بلکہ بے شمار پڑھنے والے تجربہ کار لوگوں نے یہاں تک کہا کہ رزق بڑھتا نہیں بلکہ اس کی بارش ہوتی ہے بند دروازے کھلتے ہیں۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ حلال رزق کے ایسے دروازے کھلتے ہیںجس سے پیاسی اور بھوکی نسلیں سیراب ہو جاتی ہیں۔ اہل تجربہ جن کو سالہا سال سے بتاتا آرہا ہوں ان میں سے بعض نے کہا کہ یہ عمل اپنے لیے نہیں بلکہ نسلوں کیلئے رزق کی وسعت اور برکت کے دروازے کھلواتا ہے۔ ایسی جگہوں سے رزق ملتا ہے جہاں سے گمان نہیں ہوتا اور ایسے ہاتھوں سے طیب مال ملتا ہے جو سوچوں میں بھی نہیں آسکتے۔ عطاءہی عطاءہوتی ہے‘ رحمت ہی رحمت شفقت ہی شفقت، فضل ہی فضل، کرم ہی کرم، برکت ہی برکت ہوتی ہے۔ پانچواں فائدہ ایسی لاعلاج بیماریاں ایسے طریقے سے قابل علاج ہوجاتی ہیں اور اس طرح غیب کے خزانوں سے راہیں اور راستے کھلتے ہیں خود انسان حیران رہ جاتا ہے کیا واقعی ایسے ممکن تھا، کیا ایسے ہوبھی سکتا تھا‘ انسان کی سوچیں خود ساتھ دینا چھوڑ جاتی ہیں‘ جو شخص ہر طرف سے لاعلاج تھا وہ اس وظیفہ کی برکت سے قابل علاج ہوجاتا ہے۔ ایک صاحب اپنی مایوس والدہ کیلئے مشورہ لینے آئے‘ میں نے ان سے عرض کیا رمضان قریب ہے اگر آپ ہمت کرکے رمضان المبارک میں اٹھتے‘ بیٹھتے‘ چلتے‘ پھرتے‘ سوتے‘ جاگتے‘ وضو‘ بے وضو، ہر پل‘ ہر سانس‘ ہر لمحہ‘ہر لحظہ پڑھ کر سوا لاکھ کرلیں اپنی والدہ محترمہ کی صحت وشفاءراحت اور کمال آنکھوں سے ملاحظہ کریں گے۔ رمضان کے تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد کہنے لگے کہ 22 رمضان سے وہ والدہ جو خود اٹھ کر بیٹھ نہیں سکتی تھیں‘ مجھے سحری پکا کر کھلانا شروع کردی‘ ایک نہیں ایسی بے شمار سچی کہانیاں،سلگتی داستانیں اور حقیقی واقعات ہیں اس وظیفے کے بارے میں اتنے فوائد ہیں جگہ کی کمی کیوجہ سے تحریر میں نہیں آسکتے۔ چھٹا فائدہ وہ شخص جو ہر وقت نظر بد‘شا کی نظر رہتے ہیں یا ایسے بچے جن کو بہت جلد نظربد لگ جاتی ہے یا ایسے لوگ جنکا کاروبار نظربد کاشکار ہوگیااور ان کی زندگی میں زوال اور پریشانی ہے اس مسئلے کا بہترین حل یہ وظیفہ ہے۔ بگڑا‘ پرانا جادو‘ الجھی پریشان زندگی‘ حاسدین کا حسد، دشمنوں کا شر، اپنوں یا غیروں کی شرارتیں، ہر پل جان کا خوف، عزت و رسوائی کا خوف ان سب گھمبیر مسائل کیلئے یہ وظیفہ تیر بے خطاءاور شفاءکا سچا رہبر ہے۔ ساتواں فائدہ اس کا ساتواں فائدہ یہ ہے کہ ساری زندگی کرائے کے مکان میں گزر گئی یا ایک کمرے کے گھٹن زدہ گھر میں‘ ہر من یہ چاہتا ہے کہ آسودہ اور کشادہ رہائش مل جائے‘ پریشان کیوں ہیں رب کے خزانے میں کسی چیز کی کمی نہیں۔ اس کی عطاءکم ہے کیا؟ وہ بندوں سے غافل ہے کیا؟کیا وہ اتنا مصروف ہے کہ ایک کی سنتا ہے اور دوسرے کی سن نہیں سکتا؟، ایک کو دیتا ہے دوسرے کو دینے سے قاصر ہے‘ وہ خالق لازوال ہے وہ مالک کن فیکون ہے جس نے ساری کائنات اور زمین کو بنایا اس کے پاس آپ کیلئے ایک چھوٹا سا ٹکڑا بھی نہیں یہ وظیفہ آپ اور آپ کی نسلوں کو ٹھنڈی چھت مہیا کریگا اور انشاءاللہ ضرور کریگا‘ اعتماد اور کامل یقین سے پڑھیں اور خوبصورت رہائش پائیں۔ آٹھواں فائدہ اس کا آٹھواں فائدہ یہ ہے کہ آپ کسی اچھی جگہ جاب یا ملازمت چاہتے ہیں‘ ہر تدبیر اختیار کرکے دیکھ لی ہے تمام راستے بند ہیں‘ روزی کا ہر دروازہ بند ہے اور اس پر پڑے تالے اتنے کند ہیں کہ کوئی چابی یعنی تدبیر تالے میں گھومتی ہی نہیں، آپ چاہتے ہیں کہ آپ اچھی سی ملازمت یا بہترین کاروبار یا بیرون ملک جانے کے راستے یا آپ کی اولاد‘ بھائی یا خاوند بہترین رزق پائے بس آپ پراعتماد ہوکر صرف گھر کے افراد یہ وظیفہ پڑھیں ۔ نواں فائدہ اس کانواں فائدہ یہ ہے کہ ہر مومن کی تمنا ہوتی ہے کہ حج بیت اللہ کی زیارت کروں‘ بلکہ بار بار کروں‘ عمرہ کی سعادت حاصل کروں‘ بلکہ یہاں تک کہ خود بھی میرے گھر والے بھی حتیٰ کہ میرے مرنے کے بعد میری نسلوں کیلئے بھی حج بیت اللہ کی سعادتیں اور دروازے کھلے رہیں‘ مایوس ہونے کے بعد بھی آپ بہت سی دعائیں مانگ مانگ کر تھک چکے ہیں اور مایوسی کے قریب پہنچ چکے ہیں آپ اعتماد کرکے اور اللہ کا نام لے کر بس یہ وظیفہ شروع کردیں۔ جتنا اعتماد‘ درد‘ بے قراری، بے چینی اور خلوص ہوگا اتنا جلد قبولیت کی راہیں کھلیں گی۔ غیب سے اسباب بنیں گے اور راستے کھلیں گے بس اعتماد اور بے چینی شرط ہے۔ بیشمار لوگ یہ وظیفہ پڑھ کرحج کی سعادت حاصل کرچکے ہیں جن کی تعداد کا احاطہ ناممکن ہے۔ دسواں فائدہ اس کا دسواں فائدہ یہ ہے ہر شخص چاہتا ہے خیر کی غائبانہ دعائیں مجھے ملتی رہیں‘ واقعی اگر آپ چاہتے ہیں کہ اولین اور آخرین کی دعائیں موجودین اور غائبین کی سعادت مند دعائیں حتیٰ کہ سمندروں کی مچھلیاں ہوں یا زمین پر رہنے والے جانور، فضاوں اور ہواوں میں اڑنے والے پرندے یعنی بحرو بر کی ہر مخلوق آپ کیلئے بے تابانہ دعاوں میں مشغول ہوجائے حتیٰ کہ آسمانوں کے فرشتے بھی آپ کیلئے دعا کریں، خود سوچیں اگر یہ ساری مخلوق آپ کیلئے دعا میں لگ جائے کیا کوئی مشکل مشکل رہے گی؟ کیا کوئی پریشانی پریشانی رہ سکتی ہے؟ کیا ہر ناممکن ممکن نہ ہوگا؟ کیا ہر دیوار راستہ نہ بنے گی؟ کیا ہر نا ہاں نہ ہوگی؟ کیا ہر یاس آس میں نہ بدلے گی؟ کیا ہر نامرادی مراد میں نہ بدلے گی؟ تفکرات سے نجات دعاوں کے ذریعے سے ممکن ہے، بے چینی اور پریشانی جس نے آپ کو بے بس کردیا، دعا خود بے چینیوں اور پریشانیوں کو بے بس کردے گی۔ قارئین! اتنے فوائد کے بعد جی چاہتا ہے آپ کو یہ دعا بتا ہی دوں۔ اَللّٰھُمَّ اغفِرلِی وَلِوَالِدَیَّ وَلِلمُومِنِینَ وَالمُومِنَاتِ وَالمُسلِمِینَ وَالمُسلِمَاتِ وَالاَحیَائِ وَالاَموَاتِ۔ ہر پل ہر سانس کھلی تعداد میں دن رات نہایت کثرت سے اس کو پڑھیں کوشش ہو کہ رمضان المبارک میں ایک سوا لاکھ، دو سوا لاکھ، تین سوا لاکھ ورنہ ایک سوا لاکھ ہوجائے اگر مجبوری کیوجہ سے کچھ تعداد رہ جائے تو رمضان کے بعد پورا کرسکتے ہیں گھر کا ہر فرد پڑھے ورنہ گھر کے جتنے افراد زیادہ سے زیادہ پڑھ سکتے ہیں پڑھیں ہر بندہ اپنی تعداد پوری کرے‘ جتنا زیادہ سے زیادہ ان باسعادت راتوں میں پڑھیں گے اتنا کمال ملے گا۔ بندہ کی طرف سے ہر پڑھنے والے کو اجازت ہے۔
Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 696 reviews.