شعبان کے اسلامی وظائف
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ ماہ شعبان بہت ہی برگزیدہ مہینہ ہے اور اس ماہ مبارک کی عبادت کا اللہ تعالی بے حد ثواب عطا فرماتے ہیں۔
نفلی نماز
ماہ شعبان کی پہلی شب بعد نماز عشاءبارہ رکعت نماز چھ سلام سے پڑھے ہر رکعت میں بعد سورہ فاتحہ کے سورہ اخلاص پندرہ پندرہ مرتبہ پڑھنی ہے۔ سلام کے بعد ستر مرتبہ درود پاک پڑھ کر اپنے گناہوں سے توبہ کرے۔ انشاءاللہ اس نماز کی برکت سے اللہ تعالیٰ اس کے گناہ معاف فرما کر اسے جنت میں داخل کریں گے۔
ماہ شعبان کے پہلے جمعہ کی شب بعد نماز عشاءآٹھ رکعت نماز ایک سلام سے پڑھے اور ہر رکعت میں بعد سورہ فاتحہ کے سورہ اخلاص گیارہ گیارہ دفعہ پڑھے اور اس کا ثواب خاتون جنت حضرت فاطمة الزہرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو بخشے خاتون جنت فرماتی ہیں کہ میں ہرگز جنت میں قدم نہ رکھوں گی جب تک کہ اس نماز پڑھنے والے کو اپنے ہمراہ جنت میں نہ لیجاوں۔ ماہ شعبان کے پہلے جمعہ کی شب چار رکعت نماز ایک سلام سے پڑھے اور ہر رکعت میں بعد سورہ فاتحہ سورہ اخلاص تین تین بار پڑھنی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے اسے عمرے کا ثواب عطا ہوگا۔
شعبان کے پہلے جمعہ کو بعد نماز مغرب اور قبل نماز عشاءدو رکعت نماز پڑھے ہر رکعت میں بعد سورہ فاتحہ کے ایک بار آیة الکرسی دس بار سورہ اخلاص ایک بار سورہ فلق اور ایک بار سورہ ناس پڑھنی ہے۔ انشاءاللہ تعالیٰ یہ نماز ترقی ایمان کیلئے بہت مفید ہے۔
وظیفہ
شعبان المعظم کی چودہ تاریخ کو بعد نماز عصر آفتاب غروب ہونے کے وقت باوضو چالیس مرتبہ یہ کلمات پڑھے:
لَاحَولَ وَلَا قُوَّةَ اِلَّا بِاللّٰہِ العَلِّیِّ العَظِیم۔
اللہ تعالیٰ اس دعا کے پڑھنے والے کے چالیس سال کے گناہ معاف فرمادیںگے۔
اعلان مغفرت
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں کہ شعبان المعظم کی پندرہویں شب کی عبادت بہت افضل ہے فرمایا اس شب کو اللہ تعالی اپنے بندے کیلئے اپنی رحمت کے بے شمار دروازے کھول دیتا ہے اور فرماتا ہے کہ کون ہے جو آج کی شب مجھ سے بخشش طلب کرے اور میں اس کو دوزخ کے عذاب سے نجات دیکر اس کی مغفرت کروں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس شب کی عبادت کرنیوالے پر اللہ تعالیٰ دوزخ کی آگ حرام کردینگے۔
نوافل اور روزہ
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی کریم علیہ الصلوٰة والسلام نے ارشاد فرمایا کہ جب شعبان کی پندرھویںشب آئے تو تم رات کو قیام کیا کرو‘ یعنی نوافل پڑھو اور دن کو روزہ رکھو۔اس رات اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ہے کوئی بخشش چاہنے والا کہ میں اسے بخش دوں‘ کوئی رزق مانگنے والا ہے کہ میں اس کو رزق عطا کروں‘ کوئی مصیبت میں مبتلا ہے کہ میں اس کو عافیت دوں۔
شب برات
شب برات میں یہ نماز پڑھنی چاہیے جسے صلوٰة خیر کہا جاتا ہے۔ حضرت خواجہ حسن بصری رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں مجھ سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے تیس صحابیوں نے بیان کیا ہے کہ اس رات جو شخص یہ نماز پڑھتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی طرف ستر بار (نظر رحمت سے) دیکھتے ہیں اور ہر نگاہ میں ستر حاجتیں پوری کرتے ہیں جن میں سب سے ادنیٰ حاجت گناہوں کی مغفرت ہے۔ اس نماز کا طریقہ یہ ہے کہ دو ، دو نفل کی نیت سے سو رکعتیں پڑھے اور ہر رکعت میں دس مرتبہ سورہ اخلاص پڑھے بعد نماز دعا کرلے۔ (رات کو عبادت کرے اور دن کو روزہ رکھے)
شب برات میں دو رکعت نماز اس طرح پڑھیںکہ ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد آیة الکرسی ایک بار‘ سورہ اخلاص پندرہ پندرہ مرتبہ بعد سلام کے درود شریف ایک سو دفعہ پڑھ کر ترقی رزق کی دعا کریں۔ انشاءاللہ اس نماز کے باعث رزق میں ترقی ہوجائیگی۔
جو شخص شب برات کو آٹھ رکعت نماز دو سلام سے پڑھے ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ اخلاص دس دس مرتبہ پڑھے ۔ اللہ تعالیٰ اس نماز کے پڑھنے والے کیلئے بے شمار فرشتے مقرر کردینگے جو اسے عذاب قبر سے نجات اور جنت میںداخل ہونے کی خوشخبری دیں گے۔
گھر بیٹھے حج اور عمرہ کا ثواب
ماہ شعبان میں ہر جمعہ کی رات چار رکعت نفل پڑھیں۔ ہر رکعت میں الحمدشریف کے بعد سورہ اخلاص تین مرتبہ پڑھیں تو ان نوافل کے پڑھنے والے کو مقبول حج اور عمرہ کا ثواب نصیب ہو گا ۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں