رشتوں کے مسائل
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!میں چھ سال سے بیٹیوں کے لئے رشتہ تلاش کر رہا ہوں اور رشتہ کروانے والوں کوکم و بیش ڈیڑھ لاکھ روپے دے چکا ہوں لیکن کہیں کوئی امید نظر نہیں آتی بات بنتی ہی نہیں ہے۔اگر اپنے سے کم حیثیت والے لوگ دیکھتاہوں تو وہ بہت زیادہ لالچی ہوتے ہیں۔ اگر اپنے برابر کے دیکھتا ہوں تو بات نہیں بنتی ۔رشتہ دار بھی مجھے طعنے دیتے ہیں کہ تمہاری بیٹیوں کے رشتے نہیں ہوں گے یہ بوڑھی ہو جائیں گی ، مہربانی فر ما کر وظیفہ بااجازت دیجئے اور دعا کریں کہ اللہ اپنے فضل سے میری بیٹیوں کے نصیب اچھے کر دے۔(م،ج)
جواب :آپ اول و آخر درود ابراہیمی گیارہ بار اور یہ دعا رَّبِّ اغْفِرْ وَ ارْحَمْ وَ اَنْتَ خَیْرُ الرّٰحِمِیْنَ تین سو تیرہ بار پڑھیں۔چالیس دن یہ عمل کریں ان شاء اللہ اچھے رشتوں کے اسباب بن جائیں گے۔چالیس دن کے عمل سے مراد پوری ہو جائے گی ورنہ دوبارہ یہی عمل چالیس دن کریں۔
شوہر بھٹک گیا
محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم! میرے شوہر نے ساری زندگی نیکی اور حیا سے گزاری ہے لیکن اب بوڑھے ہو کر جگہ جگہ بدنامی ہو رہی ہے۔ ہماری ایک نوکرانی تھی جو کئی ماہ تک ہمارے گھر رہی ، وہ کسی کالے جادوگر کے ساتھ ملی ہوئی تھی مجھے اس پر شک ہوا کہ یہ کچھ غلط کر رہی ہے۔اس کو بڑی مشکل سے گھر سے نکالا۔ اس کے جانے کے بعد میرے شوہر باہر گلیوں سڑکوں پر لوگوں کے سامنے روتے ہیں کہ اس کو واپس لانا ہے۔ بہت بدنامی ہو رہی ہے، اس کے پیچھے جاتے ہیں اور کہتے ہیں میں تو اللہ کے لئے جاتا ہے، اس کام والی نے ان پر کوئی کالے جادو منترکے عمل کروائے ہیں۔ ہمیں اس ذلت سے نجات دلوا دیں۔ (بشریٰ خالد )
جواب:آپ یہ کلمات" یَا دِائِمْ بِلَآ فَنَاءِ وَلَا زَوَالِ مُلْکِہٖ وَ بَقَائِہٖ یَا دِائِمْ"پڑھ کر کھانے پینے کی چیزوں پر دم کر کے اپنے شوہر کو کھلائیں اور انہی کلمات کی ایک تسبیح پڑھ کر شوہر پر دم کر دیا کریں، چند دن میں اسے جادو کے اثرات ختم ہو جائیں گے۔
جان اور مال کا خطرہ
محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!میرے خاوند کی زمین کے ساتھ کچھ بد معاش قسم کے لوگوں کی زمین ہے۔ انہوں نے ہماری زمین پر زبردستی قبضہ کر لیا ہے۔ہم نے ہر طرح سے کوشش کرلی ہے لیکن وہ کسی طرح بھی قبضہ نہیں چھوڑ رہے۔ میرا ایک ہی بیٹا ہے، باتوں باتوں میں اس کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتے ہیں۔ ہم عجیب کشمکش میں پھنس چکے ہیں۔نہ ہماری جان محفوظ ہے اور نہ ہمارا ذریعہ معاش۔ ہماری آمدنی کا واحد ذریعہ یہ زمین ہے، ہم اسے نہیں چھوڑ سکتے،اس زمین کی قیمت کروڑوں میں ہے۔ میرے بیٹے کی ہر پل حفاظت کے لئے اور کوئی ہمارا حق ہم سے نہ چھین سکے‘ ان مسائل کے لئے طاقتور اور فوری اثر وظیفہ بتا دیجئے۔ ہم ہمیشہ آپ کے لئے دعا گو رہیں گے۔(ساجدہ بشیر)
جواب:محترمہ آپ تمام گھر والے چند دن پابند ی سے بعد نماز فجر چالیس مرتبہ سورہ نصر کی تلاوت کریں۔اس عمل کی برکت سےآپ کی جان مال کی حفاظت بھی ہوگی اورآپ کی جائیداد کا حق آپ کو ضرور ملے گا۔
ضد ی اور شرارتی بیٹی سے پریشان!
محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم! میری بیٹی ڈیڑھ سال کی ہے۔ پہلے یہ ذرا تنگ نہیں کرتی تھی، اب اپنے آپ کو مارتی ہے۔ اپنے ہی منہ پر خود تھپڑ مارنے لگ جاتی ہے، خود کو نوچتی ہے، دانتوں سےاپنے کپڑے پھاڑ لیتی ہے نہ کچھ کھاتی پیتی ہے، بس جب مرضی ہو گی تب ہی کچھ کھائے گی۔ دوسرے بچوں کو بھی مارنے لگ گئی ہے۔اب تو میرے بھی کپڑے پھاڑنے لگ گئی ہے، دیکھنے والا کہتا ہے کہ تم جھوٹ بولتی ہو کیونکہ اس کے چہرے سے نہیں لگتا کہ یہ کچھ نہیں کھاتی۔ میں اس کی وجہ سے بہت پریشان ہوں۔ برائے مہربانی میرا اور میر ی بیٹی کا حساب لگا کر بتا دیں کہ کیا مسئلہ ہے۔ (سمیرا بلال، لاہور )
جواب: آپ یہ نورانی الفاظ ــ’’بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ الٓمّٓصٓ طٰسٓمّٓ کٓھٰیٰعٓصٓ۔یٰسٓ وَ الْقُرْاٰنِ الْحَكِیْمِ۔ حٰمٓعٓسٓقٓ ۔نٓ وَ الْقَلَمِ وَ مَا یَسْطُرُوْنَ ‘‘ کاغذ پر لکھ کر تعویذ بنا کر بچی کے گلے میں ڈال دیں اور ہر نماز کے بعد یا صبح و شام گیارہ مرتبہ یہی الفاظ پڑھ کر بچی کے دونوںکانوں میں دم کردیں ۔ بیٹی کی تمام بری عادات، ضد اور بغاوت ختم ہو جائے گی۔
بیٹی جنات سے باتیں کرتی ہے
محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!ہمارےگھر میں جنات ہیں، ان کی وجہ سے گھر کا سکون غارت ہو چکا ہے۔ تین بچے ہیں، تینوں باری باری رونا شروع کر دیتے ہیں تو چپ ہی نہیں ہوتے ‘ بچوں کے کھلونے اور چیزیں خود بخود چلتی اور بکھرتی نظر آتی ہیں۔ایک بیٹی کی عمر سات سال ہے، رات کو ڈر جاتی ہے اور باقاعدہ کسی سے بات کر رہی ہوتی ہے کہ میںنے نہیں کھیلنا، پارک نہیں جانا، نیند میں چلتی ہوئی‘ سیڑھیاں چڑھ جاتی ہےاور گول گول گھوم رہی ہوتی ہے اور بچی کو کچھ پتہ نہیں ہوتا کہ وہ کہاں ہے، زور سے چیخنا اور رونا اس کا معمول بن چکا ہے۔شوہر ہر وقت غصہ ، چڑ چڑا پن، گالی گلوچ کرتے ہیں۔ کمائی میں بے برکتی ہے، محنت زیادہ اور کمائی کم ، شوہر نماز اور عبادت سے بہت دور ہیں۔ہمیں اس کا حل بتائیے۔ جزاک اللہ خیر۔(نوشین صباء، انگلینڈ)
جواب:آپ صبح و شام سا ت سات مرتبہ درج ذیل آیات پڑھ کر گھر کے چاروں کونوں میں دم کریں اوران آیات کو کاغذ پر لکھ کر موم جامہ کر کے گھر کے درمیانی حصے میں کسی دیورا کے ساتھ لٹکا دیں۔ جنات گھر سے چلے جائیں گے اور گھر کا ماحول نورانی اور پر سکون ہو جائے گا۔ان شاءاللہ۔حٰمٓ تَنْزِیْلُ الْكِتٰبِ مِنَ اللّٰهِ الْعَزِیْزِ الْعَلِیْمِ غَافِرِ الذَّنْۢبِ وَ قَابِلِ التَّوْبِ شَدِیْدِ الْعِقَابِ-ذِی الطَّوْلِ-لَااِلٰهَ اِلَّا هُوَ-اِلَیْهِ الْمَصِیْرُo
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں