مندرجہ ذیل اعمال بزرگان دین اور صالحین کے آزمودہ اور منقول شدہ ہیں جن کے شائع کرنے کا مقصد مخلوق خدا کو تسبیح اور مصلے کے ساتھ غیرشرعی اعمال کے بجائے نوافل و تسبیحات کے ذریعہ جوڑنا ہے۔
ماہ ذی قعدہ اسلامی سال کا گیارھواں مہینہ ہے۔ یہ بڑا مبارک اور حرمت والا مہینہ ہے ۔ حضور نبی کریم ﷺ کاارشاد ہے کہ ذیقعدہ کا مہینہ بہت بزرگی والا مہینہ ہے اور اس ماہ کی عبادت بہت افضل ہے۔ غزوۂ خَندق 8ذوالقعدہ5ہجری کو غزوۂ خَندق رُونما ہوا جس میں مسلمانوں کو فتحِ عظیم نصیب ہوئی۔6ہجری ذی قعدہ کے مہینہ میں بیعۃ الرضوان و صُلح حُدیبیہ کا واقعہ پیش آیا۔ اس موقع پر نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے صحابۂ کرام علیھمُ الرِّضوان سے بیعت لی جس کے بعد صُلح حُدیبیہ ہوئی۔اس ماہ نفلی عبادات اور اعمال کرنے کی بہت فضیلت ہے۔
ذی قعدہ کا چاند:۔جب ذیقعدہ کا چاند دیکھے تو یہ پڑھے:۔
اَللّٰھُمَّ ھٰذَا الشَّھْرُ اَوَّلُ مِنْ شَھْرِ الْحَرَامِ وَ اَوْسَطُھَا مِنْ شُھُوْرِحَجِّ بَیْتِکَ الْحَرَامِ فَاغْفِرْ لَنَا جَمِیْعَ الْمَعَاصِیْ وَالْاٰثَامِ وَلَا تُؤَ ا خِذْنَا بِالنَّواصِیْ وَالْاَقْدَامِ یَا ذَاالْجَلاَلِ وَالْاِکْرَامِ۔اس دعا کے پڑھنے سے بہت سی فضیلتیں اور برکتیں حاصل ہوتی ہیں۔
پہلی شب :۔ اس مہینے کی پہلی شب کو چاہیے کہ تیس رکعت نفل نماز دو دو رکعت کر کے اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد ایک مرتبہ سورۂ زلزال پڑھے اور سلام پھیرنے کے بعد ایک مرتبہ سورۂ نباء(پارہ 30) پڑھے۔اس کے علاوہ جو کوئی ذیقعدہ کی پہلی شب نماز عشاء کے بعد چار رکعت نفل نماز دو دو رکعت کر کے اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد 33,33 مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھے۔ نماز کے بعد نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگے اور خلوص دل سے توبہ کرے تو ان شاء اللہ تعا لیٰ اس کی توبہ قبول ہو گی اور اللہ تعالیٰ اس کو بخش دینگے۔
حاجت روا نوافل
ذیقعدہ کے مہینے میں چاہیے کہ ہر جمعہ کے دن نمازِ جمعہ کے بعد چار رکعت نفل نماز دو دو رکعت کر کے اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد اکیس اکیس مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ ثواب عظیم حاصل ہو گا اور مرادیں پوری ہوں گی۔دورکعت نفل:۔ ذیقعدہ کے مہینے کی ہر شب کو نماز عشاء کے بعد دو رکعت نفل نماز اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد تین تین مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھے اور نماز کے بعد اللہ تعالیٰ سے دعا مانگے اِن شاء اللہ تعالیٰ ہر رات عمرہ کی عبادت کا ثواب حاصل ہوگا۔
مشکلات کا خاتمہ
جو کوئی چاہے کہ بارگاہ الٰہی میں اس کا درجہ بلند ہو جائے‘ اللہ تعالیٰ اس پر اپنا خصوصی فضل و کرم نازل فرمائے تو اُسے چاہیے کہ وہ ذیقعدہ کے مہینہ کی نو تاریخ کی شب نماز عشاء کے بعد دو رکعت نفل نماز اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد ایک ایک مرتبہ سورۂ مزمل پڑھے اور نماز سے فارغ ہونے کے بعد تین مرتبہ سورۂ یٰسین پڑھے۔جمعرات کی شب:۔ ذی قعدہ کے مہینے میں جو کوئی ہر جمعرات کی شب سو رکعت نفل نماز دو دو رکعت کر کے اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد دس دس مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھے تو بفضلِ باری تعالیٰ اسے ثوابِ عظیم حاصل ہوگا‘ مشکلات حل ہوں گی۔
نقد مرادیں پائیں
جو کوئی ذیقعدہ کے مہینہ کی آخری تاریخ کو چاشت کے وقت دو رکعت نفل نماز اس طرح سے پڑھے کہ ہررکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد تین سو مرتبہ سوئہ قدر پڑھے ‘ سلام پھیرنے کے بعد گیارہ مرتبہ یہ درود پاک پڑھے اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلیٰ سَیِّدِ نَا وَمَوْلَانَا مُحَمَّدٍ وَّ عَلیٰ اٰلِ سَیِّدِنَا وَ مَوْلَانَا مُحَمَّدٍ مَعْدَنِ الْجُوْدِ وَالْکَرَمِ وَ اَصْحَابِہٖ وَ بَارِکْ وَسَلِّمْ ‘پھر پندرہ مرتبہ سورۂ فاتحہ پڑھے اور سجدے میں جا کر اللہ تعالیٰ سے جو بھی جائز دعا مانگے گا‘قبول ہو گی۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں