قرآن حکیم اللہ تعالیٰ کی وہ عظیم کتاب ہے جو سراسر خیر کا سرچشمہ ہے۔اس کتاب کا یہ زندہ معجزہ ہے کہ اس سے جتنی اور جیسی خیر مانگی جائے تووہ اللہ رب العزت عطا فرماتے ہیں۔اس میں کوئی شک نہیں کہ اس کلام پاک کی تلاوت سے بہت زیادہ اجر و ثواب حاصل ہوتا ہے مگر یہ محض ایصال ثواب کے لئے ہی نہیں بلکہ آخرت میں کامیابی اور بخشش کے علاوہ زندگی کے ہر مرحلہ‘ ہر موڑ اور ہر معاملہ میں رہنمائی اور خیر وبرکت کا ذریعہ ہے۔اس میں پوری انسانیت کے لیے رشد و ہدایت ‘کامیابی و کامرانی کا سامان موجود ہے، یہ کتاب بندوں کو خالق سے ملاتی ہے، راستوں سے بھٹکے ہوئوں کو صراطِ مستقیم کا پتہ بتاتی ہے، ویران ‘ اجڑے اور ٹوٹے ہوئے دلوں میں ایمان و یقین کے سبزے اگاتی ہے، قلب و جگر کو تقویٰ و طہارت کے نور سے منور کرتی ہے۔ مایوسی میں ڈوبی ہوئی زندگیوں میں امید و آس کی شمع روشن کرتی ہے، روحانی و جسمانی امراض سے نجات، پریشانیوں کو دور ‘ناکامیوں کو ختم اور کامیابیوں سے ہمکنار کرتی ہے۔
قرآن سے دوری اور آزمائشیں
قرآن پاک کی اہمیت ‘ فضیلت اور کمالات کا ادراک ہمیں تب ہوا جب آپ نے شب جمعہ کی روحانی محفل میں خوشحالی کے رازوں میں سے ایک راز قرآن پاک کی تلاوت کا بیان فرمایا۔میرے شوہر نے خود بتایا کہ گزشتہ پچیس سال سے انہوں نے کبھی قرآن پاک کا ناظرہ مکمل نہیں کیا تھا‘زندگی میں کبھی کبھارتھوڑی تلاوت کی ہو گی ۔انہوںنے بتایا کہ بچپن میں ایک بار قرآن پاک پڑھا تھا اس کے بعدزندگی کی مصروفیا ت میں کھو گئے اور قرآن سے دوری اختیار کر لی۔مگر قرآن سے دوری کے بعد زندگی میں بہت سی مشکلات‘ پریشانیوں اورمسائل کا سامنا کرنا پڑا۔زندگی کی الجھنوں میں الجھتے چلے گئے لیکن اس بات سے بے خبر تھے کہ یہ رکاوٹیں اور پریشانیاں زندگی کا حصہ کیوں بن گئی ہیںلیکن جب آپ سے خوشحالی کے رازوں میں قرآن پاک کا سنا تو آپ کے الفاظ اور بتانے کے انداز میں ایسا جادوئی اثر تھا جو ان کے دل کو لگا کیونکہ اس سے پہلے ہم یہی سمجھتے تھےکہ قرآن آخرت میں نجات ‘دنیا میں نیکیاں حاصل کرنے اور مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے ہےلیکن عبقری نے ہماری سوچ‘وہم و گمان کو یکسر تبدیل کر کے رکھ دیا ۔شوہر کو اپنی غلطی کا احساس ہوا۔اس دن کے بعد انہوں نے قرآن پاک کو باقاعدگی کے ساتھ پڑھنا شروع کر دیا اور فیصلہ کیا کہ اب روزانہ ترتیب کے ساتھ قرآن پاک کی تلاوت کریں گے اور پورا قرآن تھوڑے ہی عرصہ میں مکمل کیا کریں گے۔ الحمدللہ آج بھی یہ ترتیب جاری ہے۔
مشکلات نے زندگی اجیرن کر دی
اس سے پہلے میں بھی قرآن کی تلاوت کرتی تھی مگر پہلے ذہن میں ایصال ثواب اور نیکیاں ہوتی تھیں لیکن اب قرآن پاک ذوق و شوق‘محبت کے ساتھ پڑھنا شروع کردیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نےاب قرآن پاک کی تلاوت کرنے میں ایسی لذت عطا فرمائی ہے کہ اسے پڑھے بغیر سکون نہیں آتا۔پہلے مسائل اور مشکلات نے زندگی اجیرن کر رکھی تھی۔گھر میں ہر وقت بے چینی بے سکونی جیسی کیفیت رہتی تھی۔حالات اس قدر تنگ ہو چکے تھے کہ ضروریات زندگی بھی پوری نہ ہو پارہی تھیں۔کوئی نہ کوئی آفت ‘ مصیبت اور مشکل آئی رہتی تھی۔مگر اس بات کا احساس نہ تھا کہ یہ سب کس وجہ سے ہورہا ہے۔پھر جب قرآن اور خوشحالی کے رازوں پر روحانی محفل سنی تو شوہر پر یہ راز افشاں ہوا کہ یہ سب کچھ قرآن پاک کی دوری کی وجہ سے ہوا ہے۔پھر انہوں نے توبہ کی اور قرآن کا ساتھ لیا اور اسے اپنی زندگی میں شامل کر لیا۔ مشکلات اور مسائل حل ہو شروع ہوگئے‘غموں کے بادل چھٹ گئے۔اب گھر میں چین اور دل کو سکون نصیب ہوا ہے۔گھر میں راحت اور برکت نظر آرہی ہے۔اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اب ضروریات زندگی بھی غیب سے پوری ہو رہی ہیں۔ قرآن سے محبت نے ہماری زندگی کو سہل کر دیا ہے۔
قارئین! اگر آپ کی زندگی میں ناکامیاں‘ پریشانیاں اور مسائل ہیں‘ کوئی بھی ایسی مصیبت جس سے نجات نہیں مل رہی تو قرآن پاک سے دوستی کر لیں‘یہ خوشحالی کا ایسا راز ہے جو دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی اور کامرانی کا ذریعہ ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں