محترم قارئین السلام علیکم!27تا 29 اکتوبر2023ء عبقری حویلی سے صحرا کا ایک یاد گار سفر ہوا ۔ عبقری حویلی احمد پور شرقیہ میں شیخ الوظائف کے معزز مہمان تشریف لائے‘ جن میں سکھ سردار حضرات، ہندو حضرات، عیسائی حضرات اور مسلمان حضرات شامل تھے۔ان تمام مذاہب کی روایات کے مطابق لذیذ کھانے تیار کیے گئے اور خوب مہمان نوازی کی گئی ۔پھر سب حضرات نے عبقری حویلی سے صحرا کاسفر کیا‘ دورانِ سفر سب انتہائی خوش نظر آ رہے تھے ۔ ان تمام مذاہب کے بڑوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ اس طرح سب کو اکٹھا کرنا ‘ ملنا جلنا رواداری کی ایک بہت بڑی مثال ہے۔ یہ صحرا کا ایک یاد گار سفر تھا‘ جس میں نواب بہاولپور کا شاہی قبرستا ن، قلعہ دراوڑ ‘ شاہی مسجد اور صادق گڑھ پیلس(نواب کی ذاتی رہائش جو کہ پانچ مربوں پر محیط ہے) دیکھنے کا موقع ملا۔ فرحت ہوئی کہ ہمارے وطن عظیم میں تعمیر اور تاریخ کا شاہکار موجود ہے۔
صحرا کا جہاز اور جادو
صحرا کے چند گھنٹوں کے سفر کے بعد اندرون صحرا میں داخل ہوئے جہاں اونچے ٹیلے ، خطرناک راستے لیکن زندگی کا لطف موجود ہے۔ وہاں بیسیوں بار ذکر کی مجالس جمیں‘ وہاں پر انسان کم، گناہ کم اور نورانیت زیادہ ہے۔ صحرا کا جہاز یعنی اونٹ کی سواری سنت سمجھ کر کی‘ اونٹ مستی میں تھے کیونکہ سردی کی شروعات کا موسم تھا ۔ اونٹ پر شیخ الوظائف کے ہمراہ دعا مانگی کیونکہ حضور اکرم ﷺ نے اونٹ پر دعا مانگی تھی۔ وہاں پر شیخ الوظائف نے ایک عمل کے بارے میں فرمایا کہ اونٹ کے بائیں پائوں کے نیچے کی ریت یا مٹی اٹھا لیں اور اس پر 41 مرتبہ سور ۃ القاریہ(پارہ 30) پڑھیں لیکن فائدہ پوشیدہ‘ میرے سمجھنے میں اس کا جو فائدہ ہےوہ جادو کا علاج ہے کیونکہ جادو کا تعلق اونٹ سے ہے اور اونٹ کا تعلق جادو سے کیونکہ اونٹ کی ہڈی سے جادو کا علاج ہوتا ہے۔ صحرا میں ایک جڑی بوٹی اور چھوٹا سا پھل بہت زیادہ دیکھا جسے کوڑ تمہ کہتے ہیں۔ وہ لاکھوں کی تعداد میں پھیلا ہوا تھا۔ تیتر جیسا پرندہ دیکھنے کا اتفاق ہوا جو کہ شکاریوں کی مرغوب غذا ہے۔ راقم کی کوشش رہی کہ جتنی مہمانوں کی خدمت ہو سکے کرے۔ صحرا میں صحت کے لئے انتہائی مفید سبزیاں جو کہ قدرتی طور پر اگتی ہیں جیسے کہ پھبوسی، سنگریاں اور کھمبیاں وغیرہ ۔ہندو مُکھی حضرات نے ان تازے اور صحت مند ترین کھانوں کی بہت تعریف کی۔ چولستان کے اس سفر میں مہمانوں کے تاثرات بہت اچھے رہے۔ وہ اس سفر کو زندگی کا پہلا عجیب سفر شمار کر رہے تھے اور یاد گار سفر کے نام سے یاد کرتے ہوئے پائے گئے۔ دسمبر کے مہینے میں سردی آ چکی ہے اور لوگ سردی کی بیماریوں سے بچنے کی فکر میں ہیں۔چونکہ ہمارے خطے میں زیادہ گرمی ہو تی ہے‘ اس لئے سردی کافی دیر بعد جا کر موافق آتی ہے۔ عبقری رسالہ سے قارئین کو ایسے سستے اور آسان ٹوٹکے ملتے ہیں جس سے ایک غریب آدمی بھی اپنا تحفظ کر سکتا ہے۔ لیمن گراس مشہور قہوہ ہے اور بنانے میں بھی بہت آسان ہے۔ سردی کی وجہ سے مختلف بیماریاں کھانسی، نزلہ، زکام اور بلغم وغیرہ حملہ آوار ہو جاتی ہیں‘ لیمن گراس کا قہوہ ان کا بہترین علاج ہے۔اس قدرتی تحفے سے ان شاء اللہ یہ بیماریاں قریب نہیں آئیں گی۔ والسلام
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں