عاطف دو دن سے سوں سوں کر رہا تھا‘ سردی آتے ہی اسے زکام کی شکایت ہو جاتی تھی‘ اس نے دوا لی مگر افاقہ نہ ہوا۔ اتفاق سے آج اس کی دادی ماں گاﺅں سے آئیں۔ انہوں نے لاڈلے پوتے کو زکام میں گرفتار دیکھا تو انہیں ایک سدا بہار ٹوٹکہ یاد آ گیا۔ فوراً آدھی چمچی ادرک چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹی‘ انہیں ایک پیالی پانی میں ڈالا اور پانی ابلنے کےلئے رکھ دیا ۔ جب پانی ابل گیا تو انہوں نے اس میں ایک چمچی چینی ملائی اور ”ادرک کی چائے“ پوتے کو پلائی۔ اگلے دن تک دو تین بار یہ خصوصی چائے پینے کے بعد عاطف کا زکام اڑن چھو ہو گیا۔ یہ اس چیز کا کمال تھا جو غذا بھی ہے اور دوا بھی ۔ حکیم کئی ہزار برس سے ادر ک کے ذریعے مختلف بیماریوں کا علاج کر رہے ہیں۔ اسے اردو میں ادرک‘ ہندی میں سونٹھ اور انگریزی میں جنجر کہتے ہیں۔ یہ وہ مبارک غذا ہے جس کا تذکرہ قرآن شریف میں بھی آیا ہے۔ قرآن پاک میں اسے زنجبیل کہہ کر پکارا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جنت میں پائی جانے والی نعمتوں کے حوالے سے ارشاد فرمایا ہے کہ وہاں انہیں ایسا مشروب پلایا جائے گا جس میں ادرک بھی ملا ہوا ہوگا۔ اسی طرح حضرت ابو سعید الخدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ”شہنشاہ روم نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ادر ک کا ایک بڑا ٹکڑا بطور تحفہ پیش کیا تھا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس ٹکڑے کو چھوٹے چھوٹے ٹکروں میں تقسیم کر کے صحابہ کرام کے درمیان تقسیم کر دیا۔ یہ سوغات مجھے بھی ملی جسے میں نے فوراً کھا لیا۔“
درج بالا واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ ادرک بڑی فضیلت اور اہمیت رکھتی ہے۔ یونانی اطباءنے اپنی کتب میں کئی جگہ اس کا ذکر کیا ہے۔ مثلاً حکیم جالینوس نے اسے فالج میں مفید بتایا ہے۔ کئی حکماءکا خیال ہے چین کی مشہور بوٹی ”جن سنگ“ در اصل ادرک ہی کی ایک قسم ہے۔
نظامِ ہضم
معدے کے جملہ امراض میں ادرک مفید ہے‘ یہ دست آور بھی ہے اور قابض بھی‘ تازہ پسی ہوئی آدھی چمچی ادرک لیجئے‘ اس میں ایک چمچی پانی ‘ ایک چمچی لیموں کا رس‘ ایک چمچی پودینے کا رس اور ایک چمچی شہد ملائیے‘ یہ آمیزہ دن میں تین بار وہ لوگ چاٹ لیں جنہیں متلی‘ قے‘ بد ہضمی‘ یرقان یا بواسیر کی شکایت ہو۔ یہ نسخہ ان بیماریوں کا شافی علاج ہے۔ ادر ک ریاح کو تحلیل کرتی ہے۔ بھوک کم لگنے کی صورت میں بھی ادرک استعمال کیجئے۔ پیٹ کا درد اور اپھارہ دور کرنے کےلئے بھی ادرک کھائی جاتی ہے۔ اگر آپ اپنا ہاضمہ درست رکھنا چاہتے ہیں تو کھانے کے بعد تازہ ادرک کا چھوٹا سا ٹکڑا چبا لیں۔ اس نسخے سے زبان کی میل بھی اترتی ہے ‘ نیز معدہ ‘ پیٹ میں پانی جمع ہو جائے تو مریض کو ادرک کا پانی پلائیں۔ یہ پانی پیشاب آور ہے اور پیٹ کا سارا پانی نکال دیتا ہے۔ ادرک انتڑیوںکی سوزش بھی ختم کرتی ہے۔
گلے کے امراض
اگر بلغمی کھانسی چمٹی ہوئی ہو یا آپ دمے کا شکار ہوں تو یہ نسخہ استعمال کریں‘ ادرک کا رس 3 ماشہ ‘ ایک تولہ شہد میں ملا کر چاٹ لیں۔ یہ معمولی سا نسخہ عموماً کھانسی اور دمے سے نجات دلا دیتا ہے۔ اگر آپ نزلے میں گرفتار ہوں تو ادرک کا رس تین ماشے ‘ کالی مرچ ایک ماشہ‘ لہسن چھ ماشہ اور شہد دو تولے ملا کر چٹنی بنالیں اور اسے تھوڑا تھوڑا چاٹتے رہیں۔ سردی سے ہونے والے نزلے میں بطور خاص یہ چٹنی مفید ہے۔ گلا صاف کرنے کےلئے بھی یہ مفید ہے۔ ادرک چبانے سے منہ میں جمع ہونے والا لعاب گلا صاف کرتا ہے۔ گلے کی خراش یا زخم دور کرنے کےلئے ادرک کا چھوٹا سا ٹکڑا منہ میں رکھ کر چباتے رہئے۔
سردی کا بہترین علاج
ادرک گرم مزاج رکھتی ہے اس لئے موسم سرما میں بیماریوں میں فائدہ پہنچاتی ہے۔ اس کے کھانے سے سردی کم لگتی ہے۔ بعض لوگ ٹھنڈے یا نیم گرم پانی سے نہانے کے بعد جسم میں کپکپی یا درد محسوس کرتے ہیں‘ وہ نہانے کے بعد تین سے چھ ماشے سونٹھ پھانک لیں‘ انہیں اس سردی سے نجات مل جائے گی۔ مزید برآں مضمون کے آغاز میں جو نسخہ بتایا گیا ہے وہ زکام کے علاج میں موثر ہے۔ ادرک کی چائے بنانے کا ایک اور طریقہ بھی ہے۔ ابلتے ہوئے پانی میں چائے کی پتی ڈالنے سے پہلے ادرک کے چھوٹے ٹکڑے ڈال دیں۔ سردی‘ زکام اور بخار کی صورت میں یہ چائے زیادہ مفید ثابت ہو گی۔
Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 310
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں