سائرہ اپنے سات ماہ کے بچے کو چمچ سے غذا کھلا رہی تھی۔ اچانک بچے کا دم گھٹنے لگا۔ شاید غذا کا کوئی بڑا ٹکڑا بچے کے منہ میں چلا گیا تھا جسے وہ نگل نہیں پارہا تھا۔ سائرہ نے ابتدائی طبی امداد کی تربیت حاصل کی تھی۔ اسے یہ معلوم تو تھا کہ اس موقع پر اسے کیا کرنا چاہیے؟ لیکن اپنے بچے کی حالت دیکھ کر وہ بدحواس ہوگئی اور سب کچھ بھول گئی کہ اسے کیا کرنا چاہیے۔ یہ صورت حال صرف سائرہ کے ساتھ ہی پیش نہیں آتی بلکہ اکثر لوگ اپنے قریبی رشتے داروں یا عزیزوں کے ساتھ کوئی حادثہ پیش آجانے کی صورت میں اسی طرح بدحواس ہو جاتے ہیں۔ ابتدائی طبی امدادکے اصولوں کا صرف پڑھ لینا ہی کافی نہیں ہوتا۔ انہیں بہت احتیاط کے ساتھ ذہن نشین بھی کرنا چاہیے۔ آپ کے علم میں جو بات آئی ہے اگر آپ کو اس پر مکمل یقین اور اعتماد ہوتو آپ وقت پڑنے پر اسے عمل میں بھی لائیں گے لیکن شرط یہ ہے کہ یہ بات آپ کو اچھی طرح یاد بھی ہو۔بہت سے والدین یہ چاہتے ہیں کہ ہنگامی حالت میں وہ بہترین عمل کا مظاہرہ کریں۔ ایسے والدین کی سہولت کے لیےاٹھارہ مواقع کی فہرست مرتب کی جو گھریلو سکون کو درہم برہم کردیتے ہیں۔ یہ فہرست مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ ان طریقوں کی تفصیل بھی شائع کی ہے جن کے ذریعہ سے ایسے اوقات میں پیدا ہونے والی صورت حال کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔
زخم یا خراشیں:زخم یا خراش زدہ حصے کو بہتے ہوئے گرم پانی اور صابن سے دھو دیجئے۔ اگر خون بہہ رہا ہو تو جراثیم سے پاک گاز کپڑے کی گدی سی بناکر اس سے زخم کو دبا دیجئے اس طرح خون رک جائے گا۔ اگر جسم کے اس حصے پر ورم آگیا ہو یا سوزش ہوتو (جراثیم سے پاک گاز کو ہلکے نمک کے محلول میں بھگو کر) گیلی، لیکن گرم پٹی باندھ دینے سے فائدہ ہوگا، لیکن معمولی خراشوں کی صورت میں اسے صاف کرنے کے بعد کوئی دافع عفونت دوا لگا کر پٹی باندھ دیجیے۔ آپ کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ آپ کے بچے کے جسم میں کزاز سے بچنے کی صلاحیت ہے یا نہیں کیونکہ کسی گندی یا زنگ آلود شے سے لگنے والا زخم چھوت کا مرکز بھی بن سکتا ہے۔
جانوروں کا کاٹنا:زخم کو اچھی طرح سفید صابن سے دھو لیجیے۔ پھر اسے بہتے ہوئے پانی کے نیچے تقریباً پانچ منٹ تک رکھیے۔ پھر جراثیم سے پاک پٹی باندھ کر فوراً معالج سے مشورہ کیجیے۔ حملہ کرنے والے جانور کو زندہ پکڑنا بہت ضروری ہے۔ (خاص طور پر کتوں کو) تاکہ ہلکائو یا جنون پیدا کرنے والے جراثیم کا سراغ لگایا جاسکتے۔ یہ انتہائی مہلک ہوتے ہیں لیکن انہیں فوری طور پر ناکارہ بنایا جاسکتا ہے جس سے سگ گزیدگی سے پیدا ہونے والے پاگل پن کی روک تھام ہو جاتی ہے۔
آبلے پڑجانا:بدن پر آبلے پڑجانے کی صورت میں متاثرہ جگہ کو صابن اور پانی سے اچھی طرح دھوئیے، لیکن آبلوں کو نہ توڑ ئیے۔ پھر ایک گلاس پانی میں ڈیڑھ چمچہ عام نمک ملا کر محلول تیار کیجئے۔ ایک پھایا گیلا کرکے اسے آبلے پر پھیریے، اوپر سے مانع جراثیم ویزلین کا لیپ کردیجئے اس پر جراثیم سے پاک کی ہوئی پٹی باندھ دیجیے۔ اگر متاثرہ جگہ پر سرخ لکیریں سی بھی نظر آرہی ہوں یایہ جگہ متورم ہوگئی ہوتو بیماری پھیلنے کا خطرہ ہوتا ہے۔ اس صورت میں فوراً اپنے معالج سے رجوع کیجئے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں