شیطان صفت انسان سے عورت یا لڑکی کی حفاظت
بعض شیطان صفت انسان کسی لڑکی یا عورت کی عزت کو پامال کرنے کے لئے ہر وقت منصوبے بناتے رہتے ہوں وہ عورت یا لڑکی اور اس کے گھر والے سخت تکلیف میں مبتلا رہتے ہیں۔ بعض مرتبہ ایسا شخص اگر مالدار اور اثر و رسوخ والا ہو تواور زیادہ پریشانی کا باعث بنتا ہے۔ وہ غریب والدین پر طرح طرح کے مقدمے قائم کر دیتا ہے اور طرح طرح کے الزامات لگا کر تھانے میں بند کرا دیتا ہے۔ ایسے ظالم اور موذی شخص کے ارادوں کو ناکام بنانے اور عورت یا لڑکی کی عزت محفوظ کرنے کیلئے یہ عمل بہت موثر اور تیر بہدف ہے۔ اس عمل کی برکت سے انشاءاللہ تعالیٰ شیطان صفت انسان ہر قسم کے برے ارادے سے ناکام ہو کر انتہائی ذلیل ہو گا۔ عمل یہ ہے: مسلسل لگاتار بلاناغہ ایک آدمی یا سب گھر والے مل کر اسم پاک یاخَافِضُ کو گیارہ دن تک آٹھ ہزار آٹھ سو چھیاسی بار پڑھیں۔ یہ عمل دن میں کیا جائے اور سورج غروب ہونے سے پہلے پہلے ختم کیا جائے۔ انشاءاللہ تعالیٰ گیارہ دن کے اندر اندر اس کی خباثتوں سے نجات مل جائے گی۔
شرارتی انسان سے حفاظت
اگر کسی شریف انسان کو کوئی شرارتی اور بد باطن انسان پریشان کرتا ہو اور طرح طرح سے ستاتا ہو تو اس برے آدمی کی شرارت و خباثت سے نجات کیلئے یہ عمل بہت مفید ہے ۔ عمل یہ ہے: شریف انسان سات روزے متواتر اور لگاتار رکھے ۔ ناغہ نہ کرے اور روزہ افطار کرنے کے بعد نمازِ مغرب ادا کرے۔ اس کے بعد دس ہزار مرتبہ یاخَافِضُ پڑھے۔ انشاءاللہ تعالیٰ سات دن کے اندر اندر شرارتی آدمی اپنی حرکتوں سے باز آ جائے گا اور تنگ کرنا چھوڑ دے گا۔
یاخَافِضُکی زکوٰة ادا کرنا
زکوٰة ادا کرنے سے عمل میں اللہ تعالیٰ کی رحمت سے بہت زیادہ تاثیر پیدا ہو جاتی ہے۔ زکوٰة کا طریقہ یہ ہے کہ یاخَافِضُکو روزانہ با وضو قبلہ کی طرف منہ کر کے بارہ ہزار پانچ سو بار پڑھیں اور بلا ناغہ اکتالیس دن تک مسلسل پڑھیں۔ چلہ پورا کرنے کے بعد اس اسم کو روزانہ با وضو ایک سو بار پڑھ لیا کریں تاکہ عمل قابو میں رہے۔ اگر ایک دن چھوٹ جائے تو دوسرے دن دو سو بار پڑھیں اور اگر دو دن ناغہ ہو جائے تو تیسرے دن تین سو بار پڑھ لے اور اگر لگاتار تین دن ناغہ ہو جائے تو چلہ ٹوٹ گیا۔ اب دوبار چلہ کرے۔
آسیب سے مکان کی حفاظت
اگر کسی مکان میں آسیب کا خطرہ ہے یا مکان میں رات کو آدمی چلتے پھرتے نظر آتے ہیں تو ا سکے دفعیہ کیلئے لوہے کی پانچ نئی کیلیں لے کر مندرجہ ذیل آیات پانچ بار پڑھ کر ہر کیل پر دم کرے اور چار کیلیں مکان کے چاروں کونوں میں اور پانچویں کیل مکان کی مشرقی دیوار میں گاڑھ دو۔ (ٹھونک دو)۔ انشاءاللہ تعالیٰ مکان آسیب کے خطرہ سے بالکل محفوظ ہو جائے گا ۔ وہ آیات یہ ہیں:
بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِoاِنَّھُم یَکِیدُونَ کَیدًاo وَّ اَکِیدُ کَیدًاo فَمَھِّلِ الکٰفِرِینَ اَمھِلھُم رُوَیدًاo (الطارق15تا 17)
جابر و ظالم حکمران کے سامنے جانے کا عمل
اگر کسی جابر و ظالم حاکم کے سامنے جانا ہو یا کسی انتہائی غصے والے شخص سے بات کرنی ہو یا کام پیش آجائے تو با وضو یہ آیت مع بسم اللہ شریف ایک مرتبہ پڑھ کر سیدھے ہاتھ کی چھنگلی (سب سے چھوٹی انگلی) پر پھونک مار کر انگلی موڑ کر بند کر لو۔ دوبارہ یہ آیت مع بسم اللہ شریف ایک مرتبہ پڑھ کر اس کے برابر والی انگلی بند کرلو۔ اسی طرح سے برابر پڑھتے پڑھتے مٹھی بند کر لو ۔ یہ مٹھی بند ہی رہے جب حاکم یا ظالم شخص کے سامنے جائے تو یہ مٹھی کھول کر اسی ہاتھ سے اسے سلام کرے۔ انشاءاللہ تعالیٰ وہ شخص انتہائی نرم اور موم ہو جائے گا اور جو اس کے اختیار میں ہو گا وہ کام کر دے گا، انکار نہیں کرے گا مٹھی بند کرنے کے بعد راستے میں نہ کھولو۔ اگر دوسری جگہ یا غیر کے سامنے کھل گئی تو عمل جاتا رہے گا۔مٹھی اس شخص کے سامنے کھولو جس کے مطیع کرنے کیلئے یہ عمل کیا گیا ہے۔ یہ عمل وقتی ہے جب تک اس حاکم کے پاس رہے گا وہ نرم رہے گا لیکن اس کے کمرے سے نکل کر دوبارہ اس کے کمرے میں جائے گا تو اثر نہ ہوگا۔دوبارہ پڑھ کر مٹھی بند کرنی ہو گی۔ وہ آیت معہ بسم اللہ شریف یہ ہے۔
بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِ oفَسَیَکفِیکَھُمُ اللّٰہُ وَھُوَ السَّمِیعُ العَلِیمُo(البقرہ:137)
قوت مردمی کیلئے
جس مرد میں قوتِ مردمی کی کمی ہو اور اس سلسلے میں بہت پریشان رہتا ہو تو اس کیلئے مندرجہ ذیل آیت مع بسم اللہ کے باوضو لکھ کر موم جامہ میں باندھ کر اپنے دائیں بازو پر باندھ لے انشاءاللہ تعالیٰ قوت زیادہ ہو جائےگی۔ وہ تعویذ معظم یہ ہے۔
بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِoاَعُوذُ بِاللّٰہِ السَّمِیعِ العَلِیمِ مِنَ الشَّیطٰنِ الرَّجِیمِo رَبَّنا مَاخَلَقتَ ھٰذَا بَاطِلاً سُبحٰنَکَ فَقِنَا عَذَابَ النَّارِo (آل عمران191)
ہر قسم کی حاجت کیلئے
جو شخص یہ چاہے کہ اس کی حاجت حسب منشاءپوری ہو تو ان کلمات کو باوضو جمعہ کی رات (جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات ) کو بارہ ہزار بار پڑھے۔ انشاءاللہ تعالیٰ اس کی حاجت حسبِ منشاءپوری ہو گی۔ وہ کلمات یہ ہیں: سُبحَانَ اللّٰہِ القَادِرِ القَاھِرِ القَوِیِّ الکَافِی اگر ایک مرتبہ پڑھنے سے مطلب حل نہ ہو تو اگلی شب جمعہ کو پھر بارہ ہزار مرتبہ پڑھیں۔ جب تک مقصد حل نہ ہو برابر پڑھتے رہیں۔
ہر مقصد میں کامیابی کیلئے
اس اسم مبارک کو ہر مقصد میں کامیابی کیلئے پڑھنا بہت جلد کامیابی کا سبب بنتا ہے۔ یہ اسم مبارک اکثر علماءومشائخ کا مختلف طریقے اور مختلف تعداد سے معمول رہاہے اور ان بزرگان دین نے اس عمل کی برکت سے بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس کے پڑھنے کا طریقہ یہ ہے کہ اتوار کی رات (ہفتہ کا دن گزرنے کے بعد جو رات آتی ہے وہ اتوار کی رات ہے) سے مسلسل آٹھ رات برابر ہر رات کو تین ہزار بار اس اسم کو پڑھے۔ پڑھنے میں کمی زیادتی نہ کرے بلکہ پوری تعداد کے مطابق پڑھے۔ اس کی برکت سے انشاءاللہ تعالیٰ جو مراد ہوگی وہ پوری ہو گی۔ اسمِ معظم یہ ہے: یَابَدِیعَ العَجَائِبِ بِالخَیرِ یَا بَدِیعُ
بچہ کا بات بات پر رونا
اگر بچہ چڑچڑا ہو گیا ہو اور ذرا ذرا سی بات پر روتا اور مچلتا ہو تو اس آیت کو باوضو لکھ کر کالے کپڑے میں موم جامہ کر کے بچے کے گلے میں ڈال دے انشاءاللہ تعالیٰ بچہ رونے سے رک جائے گا۔ وہ آیت یہ ہے:
بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِo وَخَشَعَتِ الاَصوَاتُ لِلرَّحمٰنِ فَلَا تَسمَعُ اِلَّا ھَمساًo(طہٰ:108)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں