محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میری عمر 32 سال ہے اور میری تعلیم ماسٹرز ہے اور میں ایک کالج میں پڑھاتی ہوں۔ میرے والد صاحب اپنی جوانی میں جنات کو پکڑا کرتے تھے۔ آج سے تقریباً بیس سال پہلے جب میں سکول میں پڑھتی تھی تو مجھے رات کو بہت ڈر لگتا تھا‘ ایسا محسوس ہوتا تھا کوئی کالا سیاہ کتا میرے اوپر چڑھ آیا ہے۔ میں پکارتی‘ اٹھنے کی کوشش کرتی لیکن بے سود۔ میں نے اپنے والد صاحب کو بتایا تو انہوں نے مجھے تعویذ لکھ دیا اور دم کیا۔ کچھ دن تک تو میں ٹھیک رہی لیکن بعد میں پھر وہی حال ہوجاتا ہے۔ ایسابہت عرصہ چلتا رہا۔ پھر میں نے اپنی والدہ صاحبہ کو بتایا وہ جو کچھ ’’جن‘‘ کرتا تھا۔ میں شرم کے مارے کسی کو نہیں بتاتی۔ پھر یوں ہونا شروع ہوا کہ میں جب بھی دن رات کو سوتی تو وہ میرے ساتھ غلط کام کرتا۔ مجھے کوئی عمل بتاتا جب بھی وہ کرتی تو میرے جسم میں آگ لگ جاتی۔ آیۃ الکرسی پڑھتی لیکن وہ مجھے اس قدر کمزور کردیتا کہ میں ایک لفظ بھی نہ پڑھ سکتی۔ میں ہر مولوی‘ پیر‘ عامل کا وظیفہ آزمایا مگر وہ میرے جسم میں اس قدر سرائیت کرچکا کہ کوئی بھی عمل اس کو روک نہ رہا تھا‘ میں سخت پریشان تھی۔ پھر آہستہ آہستہ ایسا ہونا شروع ہوا کہ جب وہ میرے ساتھ غلط کرتا تھا تو باقاعدہ مجھے نظر آتا‘ چھوٹا سا قد‘ سیاہ رنگ اور سفید ڈاڑھی۔ اور کہتا تم صرف میری ہو۔ میرے علاوہ کسی کی نہیں ہوسکتی۔ تم ہی سے میری اولاد بھی ہوگی۔ میں تجھے کبھی کسی انسان کی نہیں ہونے دوں گا۔ وہ باقاعدہ میرے سامنے آکر مجھ سے یہ سب باتیں کرتا۔
مجھے مرد ذات سے نفرت ہوچکی تھی‘ شادی کے نام سے بھی نفرت تھی۔ خاندانی جھگڑے‘ گھر بالکل اجڑ چکا تھا۔ اتنی نفرتیں پیدا ہوگئیں کہ بارہ بہن بھائی ہیں چار بھائی بڑے ہیں اور آٹھ بہنیں ہیں لیکن دل نہیں کرتا ایک دوسرے سے بات کرنے کو۔ میرا چچازاد جو کراچی میں گارمنٹس کی فیکٹری میں کام کرنے گیا ہوا تھا وہ میرا منگیتر بھی تھا لیکن میرے والد اور میرے چاچو کے درمیان اتنی دوریاں پیدا ہوگئیں کہ ایک دوسرے کی شکل تک دیکھنا پسند نہیں کرتے تو میرا منگیتر لاہور میں دفتر ماہنامہ عبقری میں حاضر ہوا آپ کے اسسٹنٹ صاحب نے اسے ’’افحسبتم اور اذان کا عمل بتایا اور ساتھ ہی تہدیدی نامہ مبارک دیا۔ اس نے مجھے فون پر تمام اعمال بتائے۔ میں ہر دو گھنٹے بعد سات مرتبہ اذان اور ساتھ مرتبہ سورۂ مومنون کی آخری چار آیت پڑھ کر اپنے دونوں کندھوں پر دم کرتی رہی۔ جب میں نے یہ عمل کیا تھا تو کچھ ہی دنوں کے بعد اس کے آنے میں کمی واقع ہوگئی۔ پھر وہ کچھ عرصہ خوبصورت شکل و صورت بنا کر ہفتہ میں ایک بار آتا‘ پھر آہستہ آہستہ مہینہ دو مہینہ بعد آتا اور اب اس کا آنا بالکل بند ہوچکا ہے۔ میں نے عمل جاری رکھا۔ پھر میرے چاچو اور میرے والد میں جو دوریاں تھیں وہ ختم ہونا شروع ہوئیں اور ہماری شادی باعزت طریقے سے ہوگئی۔ اب الحمدللہ میں پرسکون ازدواجی زندگی گزار رہی ہوں اور وہ نامسلم غلیظ شیطان جن سے مجھے ہمیشہ کیلئے چھٹکارا مل چکا ہے۔
اب جب مجھے اپنا ماضی یاد آتا ہے تو میرے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔میرے والد بغیر کسی استاد یا کسی عامل کی اجازت کے بغیر جنات کو پکڑنے کا عمل کرتے تھے جس کی سزا ان کی بیٹی کو پندرہ سے بیس سال تک بھگتنی پڑے۔ اگر ہمیں افحسبتم اور اذان کا عمل نہ ملتا تو شاید اب بھی میں اس جن کی ہوس کا شکار ہورہی ہوتی۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں