ہر ماہ توحید و رسالت سے مزین مشہور عالم کتاب کشف المحجوب سبقاً حضرت حکیم صاحب مدظلہٗ پڑھاتے ہیں اور مراقبہ بھی کرواتے ہیں۔قارئین کی کثیرتعداد اس محفل میں شرکت کرتی ہے۔ تقریباًدو گھنٹے کے اس درس کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
ولی اور دوست کے معنی:اس وقت ہمارے پاس پیر علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب ’’کشف المحجوب‘‘ موجودہے۔ اس حلقہ کا نام’’ حلقہ کشف المحجوب‘‘ ہے ۔ آپ سبقاً کشف المحجوب پڑھ رہے ہیں۔ پیر علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ اللہ کے ایک ولی تھے۔ ولی کسے کہتے ہیں؟ قرآن پاک میں لفظِ ولی ’’دوست ‘‘کے معنی میں آیا ہے۔ دوست کسے کہتے ہیں؟ دوست اسے کہتے ہیں جو اپنے ساتھ کی یعنی دوست کی رعایت کر کے چلے۔ جب دوست کی رعایت نہیں کرے گا تو پھر دشمنی ہو جاتی ہے۔کیا یہ دوستی ہے؟:جیسے کوئی کہے کہ میں فلاں وقت تیرے پاس آیا تھا اور تو نے میری موجودگی میں وہ کام کر دیا تھا جو مجھے ناپسند تھا، تو نے میری توہین کی تھی، میری عزت احترام نہیں کیا تھا۔ کیاتیری یہی دوستی ہے؟ تواس سے معلوم ہوا کہ دوست اُسے کہتے ہیں جو دوست کا احترام کرےیا دوست کے احترام و ادب کا خیال رکھے۔ توجو لوگ اللہ کے دوست ہوتے ہیں اور اللہ جن کا دوست ہوتا ہے تو ایک دوسرے کی رعایت کرتے ہیں ۔وہ سب سے پہلے اپنے دوست کی چادر نہیں کھینچتے، اس کی چادر نہیں پھاڑتے۔ دوست کی چادر پکڑ کے پھاڑ دیں، اسکی چادر کھینچ دیں، دوست کو ننگا کر دیں کیا یہ دوستی ہوتی ہے؟
پیر علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ اللہ کے دوست:پیر علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے دوست اللہ جل شانہٗ کی چادر نہیں کھینچی یعنی اللہ کی عظمت اور اللہ کی بڑائی اللہ کی چادر ہے، اللہ جل شانہٗ کی وحدانیت اور اسکا لا شریک ہونا ،اللہ کی چادر ہے۔ جو اللہ کی عظمت اور اللہ کی بڑائی کو کھینچے گا اور اس میں شرک کی آمیزش کرے گا وہ اللہ کا دوست ہو ہی نہیں سکتا۔ کیاہوسکتا ہے؟ نہیں!دوست، دوست کی رعایت نہ کرے، یہ کیسی دوستی ہے؟ محبوب اگر محبوب کی رعایت کرے تو اس کا نام محبت اورمودت ہے۔ (جاری ہے)
استعانت کے معنی....!
اس وقت جو ہم باب پڑھ رہے ہیں یہ ساتویں فصل ہے۔ ساتواںchapter ہے۔ تو پیرعلی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ نے اس میں استعانت یعنی مددکو بیان کیا ہے۔ استعانت کیا ہے ؟ وہ یہ ہے کہ ہر پل،ہر سانس ،ہر لمحہ اورہر لحظہ ہمیں مدد کی ضرورت ہے۔ حفاظت مددہےاور مدد کے بغیر حفاظت نہیں ہو سکتی۔ کفایت....یعنی ضرورتوں کاپورا ہو جانا مدد ہے۔ کفالت.... دن اچھا گزرے، رات اچھی گزرے ،سہولت سے گزرے، سکھ میں گزرے، مدد ہے۔ حفاظت بھی مدد ہے،کفایت بھی مدد ہےاور کفالت بھی مدد ہے۔ حادثات و بلیات سے بچے رہنا، دشمن کے شر سے بچے رہنا، جادوجنات کی شرارت اور اسکے نقصانات سے بچے رہنا یہ بھی مددہے۔ ہر پل اور ہر سانس مدد کے بغیر ہمارا گزارا نہیں۔اور کس کی مدد؟ اللہ جل شانہٗ کی مددکیونکہ اللہ جل شانہٗ کی مدد کے بغیر ہمارا گزارا نہیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں