دلی مراد
میں نے دیکھا کہ میرے ابو حج پر جا رہے ہیں اور میری خالہ ‘ خالو ہمارے گھر مٹھائی لے کر آئے ہیں‘ جن کے بیٹے کو میں پسند کرتی ہوں۔ پھر میں نے دیکھا کہ میں ان کے گھر پر ہوں اور بہت سخت بیمار ہوں۔ ان کا بیٹا دور سے مجھے اشارے سے سلام کرتا ہے اس لئے کہ ان کا بیٹا بہت ڈرتا ہے میرے معاملے میں (حقیقت میں بھی) پھر پتہ نہیں کیسے ہمت کرتا ہے اور میرے پاس آکر بیٹھ جاتا ہے۔ میرا حال احوال پوچھتا ہے پھر اس کی امی میرے لئے کھانے کی کوئی چیز لے کر آتی ہیں۔ وہ اپنی امی کے ہاتھ سے لے کر کہتا ہے کہ میں اسے خود کھلاﺅں گا ۔ خواب میں مجھے اس سے یا اس کے گھر والوں سے کوئی دلچسپی نہیں ہوتی بیماری کی وجہ سے جبکہ حقیقت میں مجھے اس سے بات کرکے اور خالہ کے گھر جا کر بہت خوشی ہوتی ہے۔ (رانی۔لیہ)
تعبیر: ماشاءاللہ مبارک خواب ہے اور آپ کی کوئی دلی مراد پوری ہونیکا اشارہ ہے۔ ” یَابَدِیعُ ‘ ‘ کثرت سے پڑھا کریں اور شریعت کی پابندی کریں۔
نجومی
میں نے دیکھا کہ ایک نجومی بہت سے قیمتی پتھر لے کر بیٹھا ہے‘ میرا دل چاہتا ہے کہ میں اسے اپنا ہاتھ دکھاﺅں۔ پھر سوچتی ہوں کہ ایک تو کسی غیر مرد کو ہاتھ نہیں دیتے‘ دوسرا یہ اگر یہ مجھے اپنی آنے والی زندگی کی پریشانیوں کے بارے میں بتائے گا تو میں پریشان ہو جاﺅں گی۔ پھر بھی میں ہمت کر کے اس کے پاس جاتی ہوں اور اس سے پوچھتی ہوں کہ میرا لکی اسٹون کونسا ہے تو اس نے اپنا انگوٹھا میری پیشانی پر رکھا تو مجھے کچھ ہونے لگتا ہے۔ میں وہاں سے ہٹ جاتی ہوں‘ پھردوبارہ آتی ہوں تو وہ وہی عمل کرتا ہے۔ میری آنکھیں سرخ ہو جاتی ہیں اور ایک جنون سا ہونے لگتا ہے۔ نجومی کہتا ہے کہ تمہارے اندر سے شیطان نکل رہا ہے‘ میں نے کہا کہ ہاں ضرور نکلے اور اسے نکالنے کیلئے میں زور زور سے اللہ اللہ کا ورد کرتی ہوں۔ (ش۔ع،کراچی)
تعبیر: آپ کے خواب کا مطلب یہ ہے کہ آپ کو اللہ تعالیٰ نے کسی بڑی پریشانی میں گرفتار ہونے سے بچا لیا ہے اور آئندہ بھی حفاظت رہے گی(انشاءاللہ) بشرطیکہ شریعت کی پابندی کریں اور روزانہ اسم ذات اللّٰہ 1000دفعہ پڑھ لیا کریں۔
ناگ
میری امی نے خواب میں دیکھا کہ ہمارے گھر کے ایک کمرے کے کونے میں ایک کالا سیاہ ناگ پڑا ہے۔ امی میرے ابو کو باہر سے بلاتی ہیں کہ آکر اس ناگ کو ماریں۔ پہلے ابو باریک چھری لے کر آتے ہیں تو امی کہتی ہیں کہ ناگ اس چھری سے نہیں مرے گا‘ بڑا ڈنڈا لے کر آئیں۔ پھر ابو بانس لے کر آتے ہیں۔ جب وہ اس ناگ کو مارنے لگتے ہیں تو وہ میرا چھوٹا بھائی (خ) بن جاتا ہے۔ امی کہتی ہیں کہ یہ بھائی نہیں ناگ ہی ہے جس نے بھائی کی شکل بنا لی ہے۔ پھر اس ناگ کو مارنے لگتے ہیں۔ ابو میری امی کو کہتے ہیں کہ اگر چھوٹا بھائی ناگ ہے تو بڑا بھائی بھی ناگ ہو گا۔ پھر میری امی بڑے بھائی کے سر میں بڑا سا ڈنڈا مارتی ہیں کہ اگر بڑا بھائی بھی ناگ ہوا تو وہ ناگ کی شکل میں آ جائیں گے لیکن ڈنڈا ان کے سر میں لگنے کے بعد بھی بھائی ناگ نہ بنے۔ (مہک، بورے والا)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق آپ کے بھائیوں میں پیسے کی محبت بہت زیادہ ہے اور اس بات کا اندیشہ ہے کہ وہ اس محبت میں اپنے قریبی عزیز رشتہ دارو ں کونقصان پہنچا دیں۔ آپ انہیں 21 بار پوری بسم اللہ اور 21 بار سورہ ¿ والضحیٰ پڑھ کر پانی میں دم کر کے پلا دیا کریں یہ عمل 21 دن کریں۔
رنگین پتھر
میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں اپنے بیڈ پر بیٹھی ہوں۔ غالباً شام کا وقت ہے اور میں اپنے بھائی کا انتظار کر رہی ہوں اور کچھ فکر مند بھی ہوں کہ اس نے آنے میں دیر کر دی۔ اچانک وہ آتا ہے ( میرا بھائی اس وقت لندن میں ہے) وہ چہرے سے کافی تھکا ہوا لگ رہا ہے جیسے بہت زیادہ کام کر کے آیا ہو۔ وہ آکر میرے ہاتھ میں کوئی چھوٹی سی چیز تھما دیتا ہے جیسے کوئی پتھر ہو۔اس پتھر کے اندر تین چار رنگ ہیں جن میں سبز‘ میرون‘ پیلا رنگ واضح ہیں۔ یوں لگتا ہے کہ جیسے یہ تین چار رنگ ہیں جس کو آپس میں جوڑ دیا گیا ہے۔ میرا بھائی فوراً ہی بیڈ پر میرے پاس ہی تکیہ کے دوسری طرف منہ کر کے لیٹ جاتا ہے۔ میں اس سے پوچھتی ہوں کہ یہ کیا ہے مگر وہ جواب نہیں دیتا۔ میں دوبارہ اس سے پوچھتی ہوں کہ اتنی دیر کیوں لگا دی آنے میں‘ مگر وہ کوئی جواب نہیں دیتا کیوں کہ وہ سو چکا ہوتا ہے۔ (ع۔ر ،لاہور)
تعبیر: آپ کے خواب کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے بھائی کو خوشحالی اور ترقیاں نصیب ہوں گی اور گھریلو زندگی میں بھی اطمینان اور سکون ملے گا۔ آپ اپنے بھائی کو نماز کی پابندی اور کثرت سے صدقہ دینے کی ترغیب دیا کریں۔
بپھر ی گھوڑی
میں نے دیکھا کہ ایک مین روڈ پر جہاں گاڑیاں وغیرہ آجارہی ہیں وہاں ایک بپھری ہوئی گھوڑی آتی ہے اور گھوڑی گھبرا کر ادھر اُدھر دیکھ رہی ہے جیسے اسے کسی کی تلاش ہو۔ آس پاس لوگ گھوڑی کو دیکھ کر دور ہٹ جاتے ہیں۔ مین روڈ کے قریب سامنے ایک اونچا سا بڑا کمرہ بنا ہوا ہے ‘ کمرے میں 4 یا 5 چارپائیاں بچھی ہوئی ہیں اور لوگ ان پر لیٹے ہوئے ہیں۔ ایک چارپائی پر ہماری بہن ( ع ) بھی بیٹھی ہوئی ہے۔ وہ گھوڑی کمرے میں جاتی ہے اور ہماری بہن (ع) کی چھاتی کے اوپری حصے میں زور سے سر مارتی ہے اور بھاگ جاتی ہے اور بہن تکلیف کی وجہ سے اپنا سینہ پکڑتی ہے۔(والدہ معیز‘ کراچی)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق آپ کی بہن کے اوپر اثرات ہیں‘ اس کیلئے وہ روزانہ بعد نماز مغرب 125 بار آیت الکرسی پڑھ کراپنے اوپر دم کر لیا کریں اور پانی پر دم کر کے پی لیا کریں۔
اخروٹ
میں نے دیکھا کہ میں عمرہ کر رہی ہوں لیکن خانہ کعبہ کی عمارت زیر تعمیر ہے لہٰذا دیواروں کی اونچائی تقریباً 2 فٹ ہے اور بلاک وغیرہ ابھی اور رکھے جانے ہیں۔ میرے ساتھ اور لوگ بھی طواف کر رہے ہیں۔ میری گود میں ایک ڈیڑھ سالہ بچہ ہے اور 4سالہ بچہ انگلی تھامے چل رہا ہے اور ساتھ ہی ایک اور بچہ ہے جو کسی اور کا ہے۔ اس کے بال سنہرے ہیں وہ ہمارے ساتھ چل رہا ہے۔ خانہ کعبہ کی ایک دیوار پر سبز طوطا بیٹھا ہے اور دونوں بچے ہر چکر میں اس طوطے کے ساتھ چھیڑ خانی کرتے ہیں۔ ان کی وجہ سے میں چونکہ ڈسٹرب ہوتی ہوں تو اپنے کندھے سے لٹکے تھیلے سے اخروٹ نکال کر ان کو دے دیتی ہوں کہ طوطے کو نہ چھیڑو تاکہ میں یکسوئی سے دعائیں پڑھ لوں اور وہ بچے بھی پرسکون ہو کر چلنے لگتے ہیں۔ (نعمان انصاری‘ کراچی)
تعبیر:آپ کا خواب آپ کی کمزور دینی حالت کو ظاہر کرتا ہے اور اس بات کا اندیشہ ہے کہ کوئی ظالم دشمن آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے‘ لہٰذا آپ فوری طور پر مالی صدقہ کا اہتمام کریں اور تقویٰ والی زندگی اختیار کریں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں