بے چینی سی ہوتی ہے
خواب: میں دیکھتی ہوں کہ میں بلندی سے گر رہی ہوں۔ یہ پتہ نہیں چلتا کہ گری کہاں سے ہوں؟ پھر اچانک میں چارپائی پہ گرتی ہوں اور بچ جاتی ہوں۔ خواب کے بعد میرے جسم میں بے چینی سی پیدا ہو جاتی ہے۔ (نازیہ‘ لاہور)
تعبیر: آپ کو کوئی بیماری یا پریشانی پیش آنے کا اندیشہ ہے۔ جس سے اب تک آپ برابر بچتی چلی آرہی ہیں اور انشاءاللہ آئندہ بھی محفوظ ہی رہیں گی۔ البتہ آپ دو رکعات نماز حاجت پڑھ کر عافیت کی دعا کریں اور حسب توفیق صدقہ دیدیں۔
دولت اورعزت داﺅ پر نہ لگائیں
خواب:کچھ روز پہلے میں نے خواب میں دیکھا کہ میری پسندیدہ لڑکی کی شادی کسی اور سے ہو رہی ہے یہ سب دیکھ کر میں بالکل مایوس ہو گیا اور اسی پریشانی میں میری آنکھ کھل گی۔ (عزیز۔لاہور کینٹ)
تعبیر: آپکے خواب میں اس طرف اشارہ ہے کہ یہ لڑکی جس کو آپ پسند کرنے لگے ہیں درحقیقت کسی دوسرے کی امانت ہے اور اسی کے حصے میں آئے گی آپ کو سوائے مایوسی کے کچھ ہاتھ نہ آئے گا۔ اس لیے اس لڑکی کا خیال دل سے نکال دیں اور اپنا وقت‘ دولت اور عزت داﺅ پر نہ لگائیں۔ اللہ آپ کو سمجھ دے‘ آمین۔
رشتہ مبارک رہے گا
خواب: میں نے دیکھا کہ جن سے میری منگنی ہوئی (خالہ زاد) میں ان کے گھر میں ہوں۔ دن کا کوئی وقت ہے کافی اجالا ہے۔ میں صحن میں اپنی خالہ زاد بہنوں یعنی ان کی بہنوں کے ساتھ بیٹی گپ شپ کر رہی ہوں۔ سامنے پلنگ پر خالہ جان بیٹھی ہیں۔ میں اس خیال سے ان کے گھر میں ہوں کہ میرے منگیتر اس وقت کام پر ہوں گے اس لیے ہمارا پردہ قائم رہے گا لیکن اچانک وہ گھر آجاتے ہیں۔ شاید انہیں کسی طرح خبر ہو جاتی ہے پھر وہ آتے ہی میری طرف دیکھ کر مسکراتے ہیں اور شرارت کے موڈ میںمیرے پیچھے بھاگتے ہیں۔ میں بھاگ کر خالہ جان کے پیچھے چھپ جاتی ہوں اور خالہ جان مجھے اپنے سینے سے لگا کر انہیں پیار سے ڈانٹ دیتی ہیں اور وہ مسکرا کر میری طرف دیکھ کر کہتے ہیں کہ مجھ سے ڈرنے کی کوئی بات نہیں میں تمہیں کچھ نہیں کہوں گا اور پھر مسکراتے ہوئے دوسرے کمرے میں چلے جاتے ہیں۔ (عائشہ صدیقی ۔ ناروے)
تعبیر: یہ رشتہ انشاءاللہ بہت ہی مبارک رہے گا اور خوب خیر و خوشیاں قدم چومیں گی۔ آپ کا منگیتر بھی بہت پیار کرنےوالا‘ ہنس مکھ شوہر ثابت ہو گا اور آپ کی خالہ بھی نہایت ہمدرد ساس کا کردار ادا کریں گی۔ نیز مرحوم خالو صاحب کی بھی روحانی توجہ اور خوشی شامل حال رہے گی۔ اللہ آپ کو بہت بہت خوشیاں دے۔ (آمین)
عقیدے کو صحیح رکھیں
خواب: میں نے دیکھا کہ ایک بہت بڑا میدان ہے اور سب لوگ قطاریں بنا کر کھڑے ہیں۔ میں نے اپنے گھر والوں اور ماموں کے گھر والوں کو بھی دیکھا۔ ایک طرف جنت اور دوسری طرف دوزخ تھی۔ سامنے ایک بہت بڑا سیمنٹ کا چبوترہ بنا ہوا تھا۔ اس چبوترے پر صرف ایک کرسی رکھی ہوئی تھی۔ جو پوری سونے کی تھی اور اس کرسی پر ایک بزرگ بیٹھے ہوئے تھے۔ بزرگ نے سفید چغہ پہنا ہوا تھا اور داڑھی لمبی اور سفید تھی۔ ان کے ہاتھ میں تسبیح تھی اور ہم سب قطاریں بنا کر کھڑے تھے۔ سب سے پہلے غیر مسلموں کی باری تھی یعنی انگریزوں کی باری تھی اور وہ بزرگ جس کی طرف اشارہ کرتے تھے تو وہ آدمی اسے پکڑ کر دوزخ کی طرف لے جاتے تھے۔ مجھے یوں محسوس ہوا کہ یہ دو آدمی فرشتے ہیں۔وہ جس کو لے جاتے تھے وہ چیختا چلاتا اور معافی مانگتا تھا۔ جنت میں کسی کو جاتے ہوئے نہیںدیکھا۔ اپنے رشتے داروں میں، میں سب سے آگے تھی۔ جب بزرگ نے میری طرف دیکھا تو میری آنکھ اس وقت کھل گئی۔ (فرخندہ ناز قریشی۔ کوٹری)
تعبیر: اللہ رب کریم آپ کی مغفرت کر دیں گے بشرطیکہ آپ نیک اعمال پر ڈٹی رہیں اور اپنے عقیدے کو صحیح رکھیں۔ ہر طرح کی شرک و بدعت سے دور رہیں۔ نیز روزانہ ایک سو ایک دفعہ آیت کریمہ پڑھ کر سجدے میں گر کر گناہوں کی معافی طلب کرتی رہا کریں‘ واللہ اعلم۔
وہ ہی بدنصیب اورمحروم ہو گا
خواب: میں نے دیکھا کہ میرے دونوںہاتھوں میں ہتھیلیوں اور پشت کی جانب سادہ سی مہندی لگی ہے اور میں ہاتھ چھپانے کی کوشش کرتی ہوں کہ لوگ دیکھیں گے تو کیا کہیں گے کہ گاﺅںوالوں کی طرح دونوں جانب مہندی لگائے بیٹھی ہے۔ بہت سرخ رنگ چڑھا ہوا ہے‘ سرخ ہاتھ ہیں۔ (مسز سہیل۔ واہ کینٹ)
تعبیر: آپ کے خواب اور تمام تر تفصیلات کے مطابق عرض یہ ہے کہ آپ کی یہ پریشانی عارضی ہے۔ جلد دور ہو جائے گی اور آپ کی ازدواجی زندگی انشاءاللہ پھر سے خوشگوار ہو جائے گی البتہ اس تمام تر پریشانی کا سبب خاندان میں ایک ایسی خاتون بنی ہے جو زبان کی میٹھی اور دل کی نہایت کڑوی اور کینہ پرور ہے۔ جس کی خفیہ تدابیر اور چغلیوں کے نتیجے میں آپ کے شوہر نے یہ رویہ اختیار کیاہے لیکن جلدی ہی اس کی آنکھیں کھل جائیں گی۔ خدا نخواستہ شوہر اپنی غفلت سے باز نہ آئے تو آپ کا کوئی نقصان نہیں وہ ہی بدنصیب اورمحروم ہو گا اور اچھی بیوی سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔ پچھتاوا اس کو زندگی بھر رہے گا۔ بہرکیف آپ رات کو سونے سے قبل منہ میں کوئی میٹھی چیز پانی وغیرہ رکھ کر شوہر کی محبت ور غبت کا تصور کرکے گیارہ سو دفعہ ”یَالَطِیفُ یَا وَدُودُ“ پڑھا کریں اول آخر گیارہ دفعہ درود شریف ضرور پڑھیں۔ انشاءاللہ جلد خوشیاں دامن میں آکر گریں گی۔
والدہ کی مغفرت کیلئے تلاوت کریں
خواب: میں نے دیکھا کہ والدہ مرحوم میرے بھائی کے بیٹے کو جو ان کے انتقال کے بعد پیدا ہوا تھا اوراب ایک سال کا ہے گود میں لیے ہوئے ہیں اوراس کو پیار کررہی ہیں۔ اس کے بعد آنکھ کھل گئی۔(نسیم کوثر۔ کراچی)
تعبیر: ماشاءاللہ خواب اچھا ہے۔ آپ کی والدہ مرحوم کی روحانیت اپنے بچوں کی طرف ہے۔ اس کی برکت سے انشاءاللہ خاندانی خوشحالی نصیب ہوگی۔ آپ اپنی والدہ کی مغفرت کیلئے قرآن پاک کی تلاوت کریں۔
Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 551
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں