Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔ --

متفرق

ماہنامہ عبقری - اگست 2012

اس عید پر غریبوں کی مدد کیجئے پھر دیکھیں۔۔۔!!!
ایک بار حضور نبی کریم ﷺ اپنی مجلس میں تشریف فرما تھے کہ مہاجرین کی ایک جماعت حضور ﷺ کے پاس آئی۔ یہ سب مہاجر اتنے غریب تھے کہ نہ ان کے بدن پر کپڑے تھے اور نہ ان کے پاؤں میں جوتے۔ صرف ایک چادر ان کے بدن پر تھی اور گلے میں ایک تلوار لٹکی ہوئی تھی۔ حضور ﷺ نے انہیں اس حال میں دیکھا تو آپ ﷺ کے چہرے کا رنگ مبارک بدل گیا‘ نماز کا وقت ہورہا تھا‘ آپ ﷺ نے حضرت بلال رضی اللہ عنہٗ کو حکم دیا کہ اذان دو‘ صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین جمع ہوگئے‘ آپ ﷺ نے نماز کے بعد صحابہ اکرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے خطاب کیا اور فرمایا یہ تمہارے بھائی اس حال میں ہیں ان کی مدد کریں۔ حضور نبی کریم ﷺ کی تقریر سن کر فوراً ایک انصاری اٹھے اور ایک توڑا جس کا اتنا وزن تھا کہ مشکل سے اٹھ سکتا تھا لاکر حضور ﷺ کی خدمت میں رکھ دیا اور عرض کیا ’’یارسول اللہ ﷺ! یہ حاضر ہے‘ اس سے ان مہاجروں کی مدد فرمائیے۔ انصاری کا یہ ایثار دیکھ کر صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین میں اور جوش پیدا ہوگیا اور وہ سب اُٹھ اُٹھ کر اپنے گھروں سے سامان لانے لگے ذرا سی دیر میں ان بے سرو سامان مہاجرین کے آگے غلے اور کپڑوں کا ڈھیر لگ گیا۔قارئین! آپ بھی اس عید پر اپنےغریب بھائی کی مدد کرکے صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کی سنت پوری کریں اور پھر اپنے رزق میں برکتیں دیکھیں۔(محمد عثمان)
عبقری دیدار رسول ﷺ کا ذریعہ بنا
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں ماہنامہ عبقری کا مستقل قاری ہوں‘ آپ کا کہنا ہے میں سخی ہوں آپ بھی سخی بنیں‘ بطور ایک امانت میں یہ بات واضح کررہا ہوں کہ ایک مرتبہ میں رسالہ دیکھ رہا تھا اس میں لکھا تھا جو بھی یہ عمل کرے گا اس کو بہت ہی اچھے خواب آئیں گے۔ یہ عمل عبقری دسمبر 2010ء صفحہ نمبر 41 میں چھپا تھا کہ سورۂ مریم پ16کو لکھ کر شیشے کے گلاس میں رکھ کر اپنے گھر میں رکھنے سے خیروبرکت زیادہ ہو اور خوشی کے خواب نظر آئیں گے۔ میں نے لکھ کر رکھ دیا ایک رات میں تہجد کیلئے اٹھا اور اپنی گھر والی کو بھی اٹھایا‘ میری بیوی نے کہا میں نے آج خواب میں حضور نبی کریم ﷺ کو دیکھا‘ بعد میں میں نے پوچھا آپ نے کیسے دیکھا؟ میری اہلیہ کہنے لگیں حضور پاک ﷺ ہمارے گھر تشریف لائے تو اس سے پہلے چند بچوں نے آواز دی کہ حضرت محمد ﷺ تشریف لارہے ہیں‘ اہلیہ کا کہنا ہے کہ حضور ﷺ ہمارے گھر تشریف لائے اور ہمارے ایک بچہ کو دم کیا اور سارے بچے دیکھ رہے تھے ہمارا وہ بچہ گونگا ہے اور اس کی عمر 12 سال ہے۔ ہماری تو خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی‘ انشاء اللہ اب بہت جلد ہمارا وہ بچہ ٹھیک ہوجائے گا۔(نظر محمد صدیقی‘ بلوچستان)
مسوّں (موہکے) کا میرا آزمودہ نسخہ
عبقری کے قارئین کو ایک تحفہ دے رہی ہوں جو میرا آزمودہ ہے:۔ انجیر کا دودھ مسوں (موہکوں) پر سات دن لگائیں ۔ اس سے موہکے بالکل ختم ہوجائیں گے۔ (مسز اقبال)
لہسن سے گوہانجنی ٹھیک ہوگئی
جولائی میں ہماری بیٹی ہمارے پاس رہنے آئی‘ اس کی شادی لاہور میں ہوئی ہے تو ڈھائی تین ماہ بعد ہفتے دس دن کیلئے اس کے میاں ہمارے پاس بھیج دیتے ہیں۔ اس کا ایک بیٹا بھی ہے دو سال کا۔ جب وہ آئی تو اس کی بائیں آنکھ کے نیچے گوہانجنی بن رہی تھی‘ آنکھ کو بہت تکلیف تھی‘ سوج کر کافی چھوٹی ہوگئی تھی اور درد اور سرخی بھی تھی‘ ہمارے گھر میں ایک صفائی کرنے کیلئے ایک کرسچن خاتون آتی ہیں جو کہ نیت کی بہت ہی اچھی ہیں‘ اسے میری بیٹی سے ویسے ہی بہت پیار ہے‘ اس نے لہسن کی ایک تڑی کو چھیلا اور ہاتھ سے دو ٹکڑے کیے‘ ایک ٹکڑا لے کر نچوڑ کر آنکھ کی جلد پر ملا اس طرح کہ اس کا پانی آنکھ کی جلد پر باہر ہی لگایا‘ دونوں حصوں کو دبا کر نچوڑ کر پانی جلد پر لگایا (خیال رہے کہ لہسن کا پانی آنکھ کے اندر نہ جائے) اور کہہ گئی کہ باجی دن میں تین بار یہ کام کریں۔ ایک بار میں نے کیا۔ دوپہر اور رات کو آپ کرنا۔ اللہ کی شان دیکھیں دوپہر تک سوج کم ہوئی اور رات کو جو بھی مادہ تھا نکل گیا اور آنکھ کو سکون آگیا اور دوسرے دن کرنا ہی نہ پڑا۔ لہسن دیسی ہو تو بہت اچھا ہے ورنہ چائنہ کا بھی چلے گا۔ یہ میں نے خود کیا ہے اور رزلٹ دیکھا ہے اس لیے آپ سب سے شیئر کررہی ہوں۔ (طاہرہ‘ راولپنڈی)
درس کے فوائد
پچھلے تین سال سے آپ کے درس میں باقاعدگی سے آرہی ہوں‘ اپنی سہیلیوں کو بھی درس میں آنے کی دعوت دیتی ہوں‘ درس میں آنے سے الحمدللہ مجھے بہت فوائد حاصل ہوئے جو حسب ذیل ہیں:۔ایک درس میں آپ نے جادوجنات کا وظیفہ بتایا تھا(فلق و ناس 200مرتبہ صبح و شام) وہ میں نے کیا الحمدللہ مجھے افاقہ ہوا‘سورۂ کوثر پڑھنے سے گھر میں برکت ہوگئی اور سب سے زبردست بات یہ ہے کہ بچوں کو تعلیم کے دوران درس سننے کی تاکید کرتی رہی جس کی وجہ سے ان کا رزلٹ بہت اچھا آیا۔میں تمام قارئین سے التجا کرتی ہوں کہ درس سننے کا اہتمام کیا کریں۔ اس سے ایک اور فائدہ بھی ہے کہ میری بچی چڑچڑا پن کا شکار تھی جب سے اسے گھر میں سی ڈی پر درس سنانا شروع کیا اس کا چڑچڑا پن ختم ہوگیا۔(بنت فاطمہ‘ لاہور)
ہیضہ کیلئے تیربہدف نسخہ
ہیضہ انسان کو دست اور الٹی کی وجہ سے قیدحیات سے فارغ کرنے والا مرض ہے۔ اس کیلئے میرے پاس ایک تیربہدف نسخہ ہے:۔ ھوالشافی: اگر مریض بالغ ہے تو دو عدد لونگ اور نابالغ ہے تو ایک عدد لونگ کے اوپر گول کالی مرچ جیسا حصہ نکال دیں صرف لونگ لیں پھر اس کو تھوڑا سا کچل لیں اور ایک ٹیبل اسپون لیں‘ پانی ڈال کر آگ پر گرم کریں جب لونگ کے پانی کا رنگ تبدیل ہوجائے تو آگ سے اتار لیں اور ٹھنڈا ہونے پر چھان کر وہ پانی مریض کو پلادیں صرف پندرہ منٹ میں دست اور الٹی بند ہوجائیں گی اگر ایک خوراک سے فائدہ محسوس نہیں ہوا تو بیس منٹ کے بعد دوسری خوراک دیں‘ کافی ہے    (عبدالرحمن صدیقی‘ کراچی)
گرمی دانوں سے ہمیشہ کیلئے نجات پائیں
جون کی شدید گرمی تھی‘ میرا گزر ایسی جگہ سے ہوا جہاں پر 8 سے 10 سال کے بچے کھیل رہے تھے‘ ان بچوں کے چہرے اور ہاتھ گرمی دانوں سے بھر ہوئے تھے لیکن ان میں سے ایک بچہ ایسا تھا جس کے نہ تو گرمی دانے نکلے ہوئے تھے اور نہ پسینہ آرہا تھا۔ میں نے اس بچے سے اس کے گھر کا پتہ پوچھا اور اس کے گھر چلی گئی اور اس کی والدہ سے پوچھا کہ وہ اپنے بچے کو کونسا پاؤڈر لگاتی ہیں؟ تو اس کی والدہ نے جواب دیا: ہم تو اپنے بزرگوں کے بتائے ہوئے نسخے استعمال کرتے ہیں۔ میں نے پوچھا کونسے نسخے توجواباً بتایا:۔ بچہ جب پیدا ہوتا ہے تو خواہ سردی ہو یا گرمی گیارہ دن آدھا کلو نیم کے پتے لیتے ہیں اور اس کو دو کلو پانی میں پکالیتے ہیں‘ پتے پھینک کر پانی کو چھان کر بغیر صابن بچے کو نہلا دیتے ہیں۔ بچہ جب تک ایک سال کا نہیں ہوتا ہر ماہ گیارہ دن نیم کے پتوں کے پانی کو پکا کر نہلا دیتے ہیں جب بڑا ہوجاتا ہے تو پھر مہینہ میں دو مرتبہ‘ پتوں کی اور پانی کی مقدار بڑھاتے جائیں‘ ایک کلو پتے بھی ڈال سکتے ہیں۔(ذکیہ اقتدار‘ بہاولنگر)
گمشدگی اور ناجائز مقدمات سے رہائی کا عمل
کراچی میں ایک بہت مشہور عالم یہ عمل گمشدگی اور ناجائز مقدمات کیلئے دیتے ہیں۔ گیارہ دن تک سورۂ یوسف روزانہ  پڑھی جائے اور عصر اور مغرب کے درمیان میٹھی چیز پکا کر اس کا ثواب حضرت بابا فرید گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت نظام الدین اولیاء رحمۃ اللہ علیہ کی روح کو ایصال ثواب کیا جائے۔(امتیاز حیدر اعوان‘ کراچی)
مسلمان پر بہتان باندھنے کا عذاب
حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت ہے کہ جو شخص کسی مومن مرد یا عورت کو اس کے فقروفاقہ کی وجہ سے ذلیل و حقیر سمجھتا ہے اللہ تعالیٰ قیامت کے روز اس کو اولین و آخرین کے مجمع میں رسوا اور ذلیل کریں گے اور جو شخص کسی مسلمان مرد یا عورت پر بہتان باندھتا ہے اور کوئی ایسا عجیب اس کی طرف منسوب کرتا ہے جو اس میں نہیں ہوتا تو اللہ تعالیٰ قمات کے روز اس کو آگ کے ایک اونچے ٹیلے پر کھڑا کرینگے جب تک وہ خود اپنی تکذیب نہ کرے۔
بندش معلوم کرنے کا آسان طریقہ
آئیے استخارہ کے ذریعہ معلوم کرتے ہیں کہ بندش ہے یا نہیں؟ استخارہ کا طریقہ: باوضو ہوکر بعد نماز ظہر قبلہ رخ ہوجائیں 6 پرچیاں ایک سائز کی کاٹ لیں اور انہیں ملالیں۔ تین پر ’’بندش‘‘ لکھیں اور تین پر ’’کشود‘‘۔ دو رکعت نماز نفل پڑھ کر ’’اَسْتَخِیْرُاللہ بِرَحْمَتِہٖ خَیْرَۃُ فِیْ عَافِیَۃً 21بار پڑھیں اور ہاتھ پر دم کرکے ملی ہوئی پرچیوں میں سے چار پرچیاں اٹھالیں اگر تین پر بندش لکھا ہے تو یقیناً بندش ہے اور نہ لکھا ہو بلکہ کشود لکھا ہو تو آپ کی تقدیر کھلی ہے اگر دو پر بندش یا دو پر کشود لکھا ہے تو ایک پرچی اور اٹھائیں ان کے مطابق عمل کریں۔(سید نورعالم‘ شویکی شریف)
شدید درد کیلئے
سورۃ الحشر کی آخری تین آیات تیل پر دم کریں اور درد والی جگہ پر لگائیں انشاء اللہ تین چار بارلگانے سے ہی درد ختم ہوجائے گا۔ (حافظ سعید الرحمن‘ پہاڑپور)
پیٹ کی بیماریوں کا آسان علاج
کھانے کے بعد خشخاش صاف کرکے تھوڑی سی کھالینے سے قبض‘ خشکی‘ معدہ انہضام ہضم سب کچھ ٹھیک ہوجاتا ہے۔
کسٹرآئل رات کو سونے سے پہلے سر میں نرم ہاتھوں سے مالش کریں اور صبح بال دھولیں‘ اس سےبال گھنے‘ لمبے اور خوشنما سیاہ ہوجاتے ہیں۔(شہناز)
روحانی پھکی یا کراماتی پھکی
مجھے درد معدہ کی شکایت تقریباً پندرہ سال کی عمر سے شروع ہوئی اور آج 62 سال کی عمر ہوچکی ہے اب حالت یہ تھی کہ یہ درد تین تین دن تک مسلسل پریشانی کا سبب بنا ہوا تھا۔ ماہنامہ عبقری جو کہ میرا پسندیدہ رسالہ ہے اس میں روحانی پھکی کے بارے میں پڑھا‘ آپ سے منگوائی‘ استعمال کی اور کوئی چھ ماہ سے زائد عرصہ ہوا اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس درد سے نجات پائی اس کے ساتھ ہی چائے سے بھی نجات مل گئی‘ معلوم نہیں اس پھکی میں کون سا ایسا جزو ہے کہ میرا جی چائے پینے کیلئے نہیں کرتا۔ میرا خیال ہے کہ اگر چائے سے احتیاط کی جائے تو پھکی کا اثر جلد ظاہر ہوگا۔ لیہ کے ایک دوست حاجی نواز جن کو معدہ اور کمر کے مہروں کی تکلیف تھی‘ ان کو بھی روحانی پھکی دی‘ استعمال کرنے کے بعد کہنے لگے کہ الحمدللہ میری دونوں تکالیف ختم ہوچکی ہیں اور میں نے تمام دوائیں چھوڑ دی ہیں۔ بے شک اس روحانی پھکی میں کوئی کرامت ضرور ہے کہ جس نیت سے استعمال کی جائے اللہ پاک شفاء نصیب فرماتے ہیں۔ اللہ پاک آپ کو اور آپ کی نسلوں کو اس کا اجرعظیم عطا فرمائے۔ آمین  (محمدعبدالرشید‘ پشاور)
سورۂ فلق سے روزی میں برکت واضافہ
حضرت امام ابوالحسن شاذلی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ سورۂ فلق کثرت سے پڑھنے والے پر روزی بارش کے قطروں کی طرح برستی ہے۔ لہٰذا صبح و شام درود شریف گیارہ بار‘ سورۂ فلق 41بار پھر درود شریف گیارہ بار معمول بنالیں‘ بہت جلد اثرات ملنے شروع ہوں گے۔(اللہ دتہ چشتی‘ خانیوال)
معدے کے السر سے بچاؤ کی تدابیر
کون سی اشیاء کھانی ہیں اور کن اشیاء کا پرہیز کرنا ہے۔
جو اشیاءکھانی چاہیے:صرف چھوٹا گوشت‘ بھینس کا‘ مرغ کا خشک روٹی سے کھائیں۔ روٹی صرف ایک یا ڈیڑھ سے زیادہ نہ کھائیں۔ مربہ سیب‘ مربہ گاجر‘ سلاد مثلاً مولی‘ گاجر‘ کھیرا‘ٹماٹر وغیرہ۔ دودھ‘ میٹھا دہی استعمال کرسکتے ہیں‘ موسمی میٹھے پھل بھی۔ بھوک سے کم کھائیں تاہم معدہ خالی نہ رکھیں۔ صبح کے وقت سیر کو اپنائیں‘ مناسب ورزش معالج کے مشورہ کے مطابق کرسکتے ہیں‘ خوش رہیں اور جہاں تک ممکن ہو تفکرات اور پریشان رہنے سے اجتناب کریں۔
پرہیز: سگریٹ نوشی اور الکوحل سے‘ چکنائی دار‘ تلی ہوئی غذا‘ مصالحے دار اور کولڈ ڈرنکس سے‘ تیز مرچ‘ تیز چائے اور ترش اشیاء سے‘ بیگن‘ پالک‘ مٹر‘ گوبھی‘ تمام قسم کی دالیں‘ جوار‘ باجرہ‘ مکئی‘ ہر قسم کی مچھلی‘ مربہ آملہ‘ مربہ ہڑیر‘ ترش پھل‘ چاولوں سے‘ درد کی ادویات کا استعمال صرف معالج کی ہدایات کے مطابق کریں۔ (حاجی محمد وارث‘ راولپنڈی)
ہیضہ کیلئے مفت ٹوٹکہ
ایک مرتبہ ایک دوست کے گاؤں میں گئےدوست کے کزن کو رات 12بجے سے ہیضہ شروع ہوا‘ نزدیک کوئی ہسپتال یا کلینک نہ تھا‘ مجھے مریض دکھانے لے گئے‘ میںنے فوراً کہا اللہ بہتری کرےگا اور یہ نسخہ دیا۔ ھوالشافی:۔ پیاز کا پانی تقریباً5تا 10چمچ‘ کالی مرچ10 عدد کے ہمراہ گھوٹ کر ایک ایک چمچ وقفے وقفے سے پلانے سے مریض ٹھیک ہوگیا اور سب خوش ہوگئے اسی طرح ایک مرتبہ ایک مریض کے ورثاء آئے کہنے لگے میرے بیٹے کو ہیضہ ہوگیا اور انگریزی دوائی حتیٰ کہ مریض کو بوتل بھی لگوائی ہے‘ فرق نہیں ہے اس کو بھی یہی ٹوٹکہ بتایا تو فوراً رزلٹ ملا۔   (محمد سلیم‘ دنیاپور)
ہر قسم کے درد کا روحانی علاج
ہم نے یہ عمل کئی دفعہ کیا ہے جس سے ہمیں بہت فائدہ پہنچا ہے۔ گھرمیں کسی کو کہیں بھی درد یعنی سر یا پسلی وغیرہ میں ہو تو یہی عمل کریں پھر ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت پیش نہیں آئیگی۔ عمل:اگر کسی کو پسلی یا سینہ یا کمر میں درد ہو تو دوسرا شخص باوضو ہوکر درد کی جگہ سات مرتبہ یَااَللہُ  انگلی سے خالی یا سیاہی وغیرہ سے لکھے اور دن میں سات دفعہ اس عمل کو کرے انشاء اللہ درد جاتا رہے گا۔ (رخشندہ کوثر)
دمہ‘ ریشہ‘ نزلہ کیلئے
ایک پاؤ گھیکوار کا گودا‘ ایک کلو دودھ میں پکالیں جب پک پک کر کھویا بن جائے تو اتار لیں‘ رات کو سوتے وقت چھوٹی چمچی چائے والی کھالیں بعد میں پانی نہیں پینا‘ ریشہ پہلے دن ہی نکل جائیگا‘ سات دن متواتر کھانا ہے۔(عاشق حسین‘  راولپنڈی)
غصہ کیا ہے۔۔۔۔؟؟؟
ایک دانشور سے پوچھا گیا کہ’’غصہ کیا ہے؟‘‘ خوبصورت جواب ملا کہ ’’کسی کی غلطی کی سزا خود کو دینا‘‘
انسانیت بیش بہا خزانہ ہے اسے لبا س میں نہیں‘ انسان میں تلاش کرو۔
کیا آپ کا بھی سر چکراتا ہے؟؟؟
اکثر لوگوں میں سر چکرانا ایک بیماری کی شکل اختیار کرجاتا ہے‘ اس بیماری کے حل کیلئے ایک نہایت آسان اور بارہا کا آزمودہ نسخہ بہت مجرب ہے۔ ھوالشافی: ایک پاؤ دہی لیں‘ چائے کی چھوٹی چمچ سفید زیرہ اگر یہ دونوں کھاسکیں تو بہتر ورنہ اس میں حسب ذائقہ تھوڑا سا نمک یا چینی مکس کرلیں‘ بلڈپریشر ہے تو نمک مت ڈالیں‘ دہی اور زیرہ مکس کرکے خالی پیٹ استعمال کریں۔ یہ دہی کم از کم ایک ہفتہ اور زیادہ جب تک جتنا چاہیں استعمال کریں اس کا کوئی نقصان نہیں بلکہ اس سے معدہ بھی سیٹ رہتا ہے۔میری والدہ ہائی بلڈپریشر اور السر کی پرانی مریضہ ہیں‘انکو بہت چکر آتے تھے‘ بہت علاج کرائے‘ لیکن ان کو شفاء اس عام نسخے سے ملی۔ (خولہ زبیر‘ لاہور کینٹ)
اس ماہ کی موصول شدہ منتخب تحریریں
محمد سعید ‘ گوجرانوالہ۔ محمدیاسمین اختر‘ راولپنڈی۔ م۔ ا‘ لاہور۔ نورسحر نعیم۔ سعیدہ عائشہ۔ محمد بشیراحمد۔ محمدآصف‘ کنڈیارو۔ زعفران‘ ٹیکسلا۔ محمدعثمان منور۔ محمد اسلم مہر۔ محمداعظم مغل۔ افشاں فروغ۔ محمد زبیر‘ سرگودھا۔ عبدالقیوم قریشی۔ سلیم اللہ‘ سندھ۔ محمدالطاف‘ گجرات۔ خولہ زبیر‘ لاہور کینٹ۔ چوہدری محمدسعید‘ گجرات۔ محمداکمل فاروق‘ سرگودھا۔ محمددانش رضا خان‘ کراچی۔ صنوبر اقبال۔ فرح‘ لاہور۔ عابد عباسی‘ مانسہرہ۔ فوزیہ اشرف‘ لاہور۔ ذوالفقار ملک‘ چکوال۔ سعدیہ ملک۔ عمرخلیل۔ صباح رفیع‘ ملتان۔ طارق محمود‘ رحیم یارخان۔ پرنسپل (ر) غلام قادر ہراج‘ جھنگ۔
درس سے فیض پانے والے
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں آپ کی بہت شکرگزار ہوں کہ میں نے جب سے آپ کے کہنے پردرس میں آنا شروع کیا ہے‘ ہمارے گھر کے تمام مسائل آہستہ آہستہ حل ہورہے ہیں اور سب سے بڑا مسئلہ جو میرے بیٹے کا 302 کا  مقدمہ تھا اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور آپ کی دعاؤں کی وجہ سے حل ہوا ہے کون سی ایسی جگہ تھی جہاں ہم نہیں گئے لیکن میرے بیٹے کا مسئلہ حل ہونے کو نہیں ہورہا تھا جب سے ہم نے درس میں آنا شروع کیا ہے‘ میرا بیٹا 302 کے کیس سے بری ہوا بلکہ دنوں میں گھر آگیا۔ بخیرو عافیت سے۔ بس اتنی گزارش ہے کہ آپ ہمیں ہمیشہ اپنی دعاؤں میں شامل رکھیں اور باقی مسائل بھی ہمارے اسی طرح حل ہوجائیں آمین۔آپ کی دعاؤں کی طالب۔   (پوشیدہ‘ لاہور)

Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 100 reviews.