بلاوجہ مسائل میں نہ الجھیں
میری شادی کو دس سال ہوچکے ہیں‘ تین بچے ہیں۔ ہم مشترکہ فیملی میں رہتے ہیں۔ میری شادی سے پہلے سسر فوت ہوگئے تھے۔ رشتہ انہوں نے ہی طے کیا تھا۔ میرے شوہر میرے چچازاد ہیں۔ سسر کے فوت ہونے کے بعد ساس نے شادی کی مخالفت کی لیکن میرے شوہر نے انہیں منالیا۔ شادی کے بعد دو سال تک سکون رہا۔ اس کے بعد میرے شوہر کو شوگر ہوگئی انہیں کاروبار میں بھی نقصان ہونے لگا۔ وہ بیمار اور چڑچڑے رہنے لگے۔ ان حالات کی وجہ سے میں اداس رہنے لگی۔ میرے شوہر اپنے بھائیوں اور بھابیوںکی بات مانتے ہیں۔ اپنے خاندان والوں سے میری عزت بھی نہیں کرواتے جیسی کہ کرنی چاہیے۔ اپنے گھروالوں کی غلط بات کو بھی فوقیت دیتے ہیں۔ میرے گھر میں سب کچھ ہے لیکن سکون نہیں ہے۔ میں نے شادی کے بعد پرائیویٹ ایم اے کیا ہے محض اپنی اہمیت جتانے کو۔ اب میں روایت توڑتے ہوئے سروس کرنا چاہتی ہوں لیکن عملی قدم اٹھاتے ہوئے ڈرتی ہوں کیونکہ میرے سسرال میں تعلیم ہے اور نہ کسی نے آج تک سروس کی ہے۔ کہیں گھر والے میرے شوہر کو بھڑکا نہ دیں۔ مجھے لگتا ہے کہ کسی نے ہم پر کچھ کردیا ہے کیا میں آپ کے رسالے میں پڑھ کر کسی وظیفے پر عمل کرسکتی ہوں۔ (عمارہ‘ سرگودھا)
جواب: آپ کے خط کا جواب میںنے پہلے بھی دیا تھا البتہ آپ کا نام تبدیل کردیا تھا کیونکہ اصلی نام سے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ بہرحال اس صفحے پر جو بھی وظائف لکھے ہوتے ہیں انہیں ہر شخص پڑھ سکتا ہے اور یہ کسی کیلئے مخصوص نہیں ہیں۔ آپ بھی ان سے استفادہ کرسکتی ہیں۔ اپنے گھروالوں کو بیوی بچوں پر فوقیت دینے کی عادت اکثر مردوں میں ہوتی ہے۔ اس لیے بہتر ہوگا کہ آپ ایسی نوبت نہ آنے دیا کریں کہ آپ کے مقابلے میں دوسروں کی بات مانی جائے۔ بہتر ہوگا کہ ان لوگوں کے اور شوہر کے معاملات میں آپ دخل نہ ہی دیا کریں جہاں تک سروس کرنے کا تعلق ہے تو اس سے مزید پریشانیاں بڑھیں گی۔ شوہر اور گھر والے ناراض ہوں گے اور ساتھ ساتھ آپ کی ذمہ داریوں اور کاموں میں مزید اضافہ ہوگا۔ یوں بھی جب آپ کے گھر میں سب کچھ ہے تو بلاوجہ نوکری کرکے خود کو مسائل میں الجھانے کی ضرورت نہیں ہے۔دو انمول خزانے ہر وقت پڑھیں۔
چلنا پھرنا دشوار ہے
میرے پیروں میں سخت درد رہتا ہے۔ چلنا پھرنا دشوار ہے۔ میں نے ڈاکٹروں‘ حکیموں کے بہت علاج کرائے۔ وقتی طور پر فائدہ ہوتا ہے مگر کچھ دن بعد پھر بیماری لوٹ آتی ہے۔ کوئی روحانی علاج بتائیں کہ میں اسے کرسکوں۔ نیز میں زیادہ لمبے وظائف نہیں پڑھ سکتی۔ (فائزہ لطیف‘ سکھر)
جواب: آپ علاج جاری رکھیں۔ اس کے ساتھ ہی دن میں چار مرتبہ سات بار سورة الناس پڑھ کر پیروں پر دم کرلیا کریں۔ انشاءاللہ شفاءہوگی۔
آنکھوں کی روشنی
میری نظر کمزور ہے اور عینک کا نمبر دن بدن بڑھتا چلا جارہا ہے۔ میں اس کی وجہ سے سخت پریشان ہوں۔ اگر اسی طرح میری بینائی جاتی رہی تو پھر تو میں کسی کام کا نہیں رہوں گا۔ گھر میں اکیلا کمانے والا ہوں۔ میری ملازمت بھی تمام وقت کمپیوٹر پر بیٹھ کر کام کرنے کی ہے۔ کوئی دعا بتائیں کہ میری آنکھوں کا مسئلہ ٹھیک ہوجائے۔(خالد عمران‘ لاہور)
جواب: کوشش کریں کہ آپ کوکوئی اور بہتر ملازمت مل جائے جہاں ہر وقت آپ کو کمپیوٹر پر کام نہ کرنا پڑے۔ آنکھوں کی روشنی بحال رکھنے کیلئے سورہ ق کی آیت نمبر 22 گیارہ بار پڑھ کر تھوڑے سے پانی پر دم کریں اور اس پانی کو دن میں تین چار بار اپنی آنکھوں پر لگالیا کریں۔ اس آیت کا ترجمہ یہ ہے۔ ”ہم نے تمہارے اوپر سے تمہاری غفلت کا پردہ ہٹالیا ہے اور اس لیے آج تمہاری آنکھوں کی روشنی بہت تیز ہے۔“
سمارٹ بننے کی خاطر
پہلے میرا وزن ٹھیک تھا لیکن دو سال سے وزن بہت بڑھ گیا ہے۔ میں اس وجہ سے احساس کمتری کا شکار رہتی ہوں۔ میری خواہش ہے کہ سمارٹ ہوجائوں۔ میری عمر پچیس سال ہے۔ میں ڈائٹنگ بھی کرتی ہوں مگر فرق نہیں پڑرہا۔ بتائیں کیا کروں؟؟؟ کوئی روحانی علاج بتائیں۔ (شائستہ مختار‘ راولپنڈی)
جواب:آپ نوافل یا سنت کی پہلی رکعت میں سورة االانشراح اور دوسری رکعت میں سورة الفیل پڑھیں۔ اپنی غذا پر مکمل کنٹرول کریں اگر آپ اپنی غذا سے چینی‘ چکنائی اور چاول بالکل نکال دیں‘ چہل قدمی کریں‘ پھل اور سبزیاں زیادہ کھائیں تو آپ تین چار ماہ ہی میں خود کو بہتر محسوس کریں گی۔
پچاس سال گزرنے کے بعد
میرا مسئلہ یہ ہے کہ میری عمر پچاس سال ہونے کے باوجود مجھ میں عقل نہیں۔ میں کسی سے صحیح طرح بات نہیں کرسکتا۔ محفل میں بیٹھتا ہوں تو لوگوں کی باتیں سنتا ضرور ہوں مگر ان کی باتوں میں شامل نہیں ہوپاتا۔ اگر عام سی باتیں ہوں تو پھر بھی گزارا ہوجاتا ہے‘ لیکن جب کوئی سنجیدہ مسئلہ ہو تو میری سمجھ میں بالکل نہیں آتا۔ میں اگر کچھ بولتا بھی ہوں تو وہ بالکل اوٹ پٹانگ ہوتا ہے جس سے لوگ ہنسنے لگتے ہیں اور میں مزید شرمندہ ہوجاتا ہوں۔ مجھے کوئی وظیفہ بتائیں کہ میں بھی سمجھ بوجھ سے کام لینے لگوں۔ (س۔ ن۔ کراچی)
جواب: زندگی کے پچاس سال گزارنے کے بعد اب آپ کو اپنی حالت سدھارنے کا ہوش آیا ہے۔ یہ سب کچھ تو آپ کو بہت پہلے کرنا چاہیے تھا۔ جہاں تک آپ کے کم عقل ہونے کا تعلق ہے تو آپ یہ بات اپنے ذہن سے نکال دیجئے کہ آپ بیوقوف اور ناسمجھ ہیں اگر لوگوں کے سامنے سنجیدہ مسائل پر بات نہیں کرپاتے تو اس کی وجہ آپ میں جنرل نالج کی کمی ہے۔ جب آپ کو کسی چیز کے بارے میں معلومات ہی نہ ہوں گی توآپ بولیں گے بھی کیا۔ اس لیے آپ جو پڑھیں اسے یاد بھی رکھیں۔ بطور روحانی علاج آپ زیادہ سے زیادہ ”یَاقَویُّ“ پڑھا کیجئے۔ اس سے آپ کا حافظہ تیز ہوگا اور خود اعتمادی بھی بحال ہوگی۔
لوگ ڈرا رہے ہیں
میں نے آپ کے کالم میں اپنا مسئلہ بھیجا تھا۔ بیٹیوں کی شادی کے سلسلے میں۔ اللہ کے فضل و کرم سے ابھی وظیفہ پورا بھی نہ ہوا تھا کہ میری ایک بیٹی کا رشتہ طے ہوگیا۔ اب پوچھنا یہ ہے کہ جس بیٹی کا رشتہ طے ہوا ہے اس کیلئے کیا دعا پڑھوں کہ وہ عزت و وقار سے اپنے گھر چلی جائے۔ اس کے سسرال والے بظاہر تو شریف لگتے ہیں اس کا رشتہ شہر سے باہر ہوا ہے اس لیے لوگ ڈرا رہے ہیں کہ اس علاقے کے لوگ لالچی ہوتے ہیں۔ شادی کے بعد بدل جاتے ہیں۔ براہ مہربانی میری یہ الجھن بھی دور کردیجئے۔ (ایک ماں‘ راولپنڈی)
جواب: آپ جو وظیفہ پڑھ رہی ہیں اسے شادی ہونے تک پڑھتی رہیں۔ جہاں تک لوگوں کا یہ کہنا ہے کہ فلاں علاقے کے لوگ لالچی ہوتے ہیں اور فلاں کے دغاباز.... تو یہ بات غلط ہے۔ ہر علاقے میں ہر قسم کے انسان بستے ہیں اس لیے یہ سوچ لینا کہ اس علاقے کے تمام لوگ خراب ہوں گے غلط ہے۔ یوں بھی انسان خود اچھا ہو تو دوسرے لوگ بھی اچھے ہوجاتے ہیں۔ آپ روزانہ ایک تسبیح درودابراہیمی پڑھ کر دعا کیا کریں کہ بیٹی کی شادی سکون سے ہوجائے اور اسے خوشیاں نصیب ہوں۔
پریشانیاں ہی پریشانیاں
میرا مسئلہ یہ ہے کہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر بے حد پریشان ہوجاتی ہوں اور یہ پریشانی کئی دن تک مجھے بے چین رکھتی ہے۔ میری حالت دیکھ کر سسرال میں سب میرا مذاق اڑاتے ہیں جس سے اور بھی شرمندگی اور پریشانی ہوتی ہے سمجھ میں نہیں آتا کہ کس طرح خود کو نارمل رکھوں اس کیلئے کوئی دعا بتائیے۔ (رفیعہ اشرف‘ خانیوال)
مشورہ: آپ باقاعدگی سے نماز پڑھا کریں۔ بطور روحانی علاج سورہ آل عمران کی پہلی دو آیات تین تین بار ہر نماز کے بعد پڑھ لیا کریں۔
معمولی شکل و صورت
میری بیٹی کی شادی غیروں میں ہوئی ہے۔ میری بیٹی خوبصورت ہے جبکہ سسرال میں سب ہی لوگ بہت ہی معمولی شکل و صورت کے اور کالی رنگت کے ہیں۔ ان دنوں بچی امید سے ہے وہ بے حد پریشان ہے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ اس کی اولاد بھی معمولی شکل کی یا بدصورت پیدا ہو۔ آپ سے گزارش ہے کہ کوئی وظیفہ بتادیں جس سے اس کی پریشانی دور ہو اور دنیا میں آنے والا نیا مہمان تندرست توانا اور خوبصورت ہو۔ (شائستہ خالد‘راولپنڈی)
مشورہ: آپ کی بیٹی کو چاہیے کہ نماز پنجگانہ پابندی سے ادا کیا کرے۔ مغرب کی نماز کے بعد ایک بار سورہ یوسف کی تلاوت کرلیا کرے۔ ہر نماز کے بعد ایک تسبیح یعنی سو بار ”یَاسَلاَمُ“ پڑھ کر دعا مانگ لیا کرے۔ اللہ تعالیٰ کا کرم و فضل حاصل ہوجائے گا۔
سُکھ کیلئے ترس گئی ہوں
میرے شوہر انتہائی شکی‘ بدمزاج اور چڑچڑے ہیں جب سے شادی ہوئی ہے خوشی و سکھ کیلئے ترس گئی ہوں۔ شوہر کا عالم یہ ہے کہ میری ہر بات انہیں بری لگتی ہے۔ ذرا ذرا سی بات پر غصے میں آگ بگولہ ہوجاتے ہیں اور جو کچھ بھی سامنے ہوتا ہے اٹھا اٹھا کر پھینکنے لگتے ہیں۔ مجھے گھر سجانے کا شوق ہے میں ڈیکوریشن پیس اور دوسری چیزیں لاتی رہتی ہوں شوہر صاحب جان بوجھ کر میری لائی ہوئی چیزوں کو توڑتے ہیں میں کچھ کہہ نہیں سکتی کیونکہ اس سے جھگڑا مزید بڑھ جاتا ہے۔ میں تو عاجز آگئی ہوں اس زندگی سے....! (فرخندہ خان‘جہلم)
مشورہ: بعض مرد محض اپنی انا اور بڑائی کی تسکین کی خاطر بیوی سے اس قسم کا سلوک کرتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح وہ اپنی ہر جائز و ناجائز بات منوا سکتے ہیں۔ لڑائی جھگڑا کرنا‘ آپ کی پسندیدہ چیزوں کو توڑنا‘ پھینکنا‘ بات بات پر بے عزتی کرنا یہ سب اذیت پسندی کی دلیل ہے۔ آپ کے شوہر آپ کو جو اذیت دےتے ہیں سو دیتے ہیں مگر خود اپنی صحت اور اپنے اوپر بھی کم ظلم نہیں کرتے۔ بہرحال آپ اللہ تعالیٰ سے ہر نماز کے بعد اپنے لیے دعا کرتی رہا کیجئے۔ وضو بے وضو ”یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ“ پڑھتی رہا کریں۔ عشاءکی نماز کے بعد ایک سو ایک بار ”یَاوَدُودُ“ پڑھ کر شوہر کا تصور کرکے دم کردیا کریں۔ یہ وظائف کم ازکم 40دن تک کریں۔
ضدی‘ ہٹ دھرم بچے
میرے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ بڑا بیٹا اٹھارہ سال کا ہے اور اس سے چھوٹا پندرہ سال کا ہے دونوں بچے جب تک چھوٹے تھے تو ٹھیک تھے زیادہ پریشان نہیں کرتے تھے مگر جوں جوں بڑے ہورہے ہیں ضدی‘ ہٹ دھرم اور نافرمان ہوتے جارہے ہیں پہلے تو اپنے والد سے ڈرتے تھے اب باپ سے بھی ڈرنا ختم ہوگیا ہے۔ میں یا ان کے والد کسی بات پر روک ٹوک کریں تو ایک دم طیش میں آجاتے ہیں دوبدو جواب دیتے ہیں اگر ایک کو ڈانٹا جارہا ہو تو دوسرا اس کی حمایت میں کھڑا ہوجاتا ہے کوئی ایسی دعا بتائیں کہ ان کی نافرمانی فرمانبرداری میں بدل جائے۔
مشورہ: آپ کے دونوں بچے ابھی نوعمری کے دور میں ہیں۔ بچوں پر زیادہ سختی کرنے کی بجائے انہیں پیار سے سمجھایا کیجئے پیارو محبت سے تو سخت سے سخت دل بھی موم ہوجاتا ہے یہ تو پھر بچے ہیں۔ بطور روحانی علاج آپ روزانہ سورہ فرقان کی آیت نمبر74 ”رَبَّنَا ھَب لَنَا“ سے پوری آیت پڑھ کر اپنے بچوں کی اصلاح کیلئے دعا کیجئے۔
اولاد کی خواہش
میری شادی کو پانچ سال ہوچکے ہیں مگر اولاد کی نعمت سے محروم ہوں۔ میرے سسرال میں جٹھانی اور نند کے بھی اولاد نہیں ہے اور دونوں اس اذیت سے گزر رہی ہیں۔ علاج معالجے کے باوجود بھی امید بر نہیں آتی۔ مجھے خوف ہے کہ کہیں میں بھی اس محرومی کا شکار نہ ہوجائوں کو ئی اسم‘ کوئی وظیفہ پڑھنے کو بتادیں۔
مشورہ:آپ مایوس نہ ہوں خداوند تعالیٰ سے دعا کرتی رہیںاس کے در سے کبھی کوئی خالی نہیں جاتا۔ بشرطیکہ جذبہ صادق ہو۔ آپ نماز عشاءکے بعد سورہ مومن اور سورہ یوسف کی پہلی آیت گیارہ گیارہ بار پڑھ کر پانی پر دم کریں اور اس پانی کو آپ اور آپ کے شوہر پی لیا کریں۔ نیز اول و آخر تین تین بار درود شریف پڑھنا نہ بھولیں۔
Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 245
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں