دو راستے
میں ایک باغ میں گئی ہوں وہاں مسمی(کینو) کے درخت ہیں، میں ایک درخت کے پاس جاتی ہوں تو وہاں ایک بزرگ بیٹھے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ اسے کینو توڑ کے دو، تو ایک لڑکی آتی ہے اور مجھے درخت پر سے کینو توڑ کر دیتی ہے۔ میں زمین پر دیکھتی ہوں تو وہاں ایک آم پڑا ہوتا ہے جو سرخ اور پیلے رنگ کا ہوتا ہے۔ اسی دوران باغ میں ایک موٹی سی عورت آتی ہے تو بزرگ کہتے ہیں کہ یہ گورنر صاحب کی بیوی ہیں، پھر وہ عورت مجھے باغ میں بنے ہوئے اپنے بنگلے میں لے جاتی ہے اور مجھے اپنا پرس دیتی ہے جس میں پہلے سے زیور رکھے ہوئے ہوتے ہیں، اس کے بعد سین بدلتا ہے تو پرس میں صرف ایک خوبصورت انگوٹھی ہوتی ہے۔ میں انگوٹھی کو دیکھ کر اپنے دل میں کہتی ہوں کہ یہ انگوٹھی گورنر صاحب کی بیوی مجھے دیں گی۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔
دوسرے خواب میں، میں نے دیکھا کہ دو راستے ہیں، ایک سڑک ہے اور دوسری طرف گلی ہے۔ میری والدہ میرے ساتھ ہوتی ہیں۔ والدہ کہتی ہیں کہ سڑک سے چلتے ہیں تو میں والدہ سے کہتی ہوں کہ ہمیشہ سڑک سے جاتے ہیں آج گلی سے چلتے ہیں۔ پھر ہم گلی سے گزرتے ہیں تو میں دیکھتی ہوں کہ جہاں ہم گزررہے ہیں وہاں مکان تعمیر ہورہے ہیں اور اسی طرح ہم سیدھے اپنے گھر کے دروازے پر بغیر رکاوٹ کے پہنچ جاتے ہیں پھر میری آنکھ کھل گئی۔(شاہین‘ کراچی)
تعبیر: ماشاءاللہ آپ کے دونوں خواب بہت مبارک ہیں۔ آپ کو جلد خوشخبری ملے گی اور آپ کے گھر کے حالات بھی ٹھیک ہوجائیں گے۔ بس آپ سب گھر والے نماز کی سختی سے پابندی کریں اور صدقہ زکوٰة دیتے رہیں۔
شادی کی تقریبات
میں اکثر خواب میں اپنی شادی دیکھتی ہوں اور ایسا میرے ساتھ تقریباً چار مرتبہ ہوچکا ہے۔ پہلی مرتبہ جب میں نے دیکھا کہ کسی کی شادی ہورہی ہے اور میں اس میں شامل ہوں کہ اچانک مجھے کوئی آواز دیتا ہے اور پھر منظر بدل جاتا ہے، مجھے بیٹھنے کیلئے کہتے ہیں اور کوئی کہتا ہے کہ منگنی کیا کرنی ہے، بس نکاح کرکے رخصت کردیتے ہیں اور میرے ساتھ ایک بزرگ جوکہ میرے (سسر) ہیں، بیٹھے ہیں اور ساتھ میں ان کا بیٹا ہے اور میں دلہن بنی ہوئی ہوں اور میں خوب روتی ہوں کہ میری شادی ہورہی ہے اور مجھے پتا ہی نہیں ہے۔ ایسے ہی دوسرے خواب میں بھی میری شادی ہورہی ہے اور میں دولہا کے ساتھ ہی بیٹھی ہوں مگر میں ان کو نہیں جانتی اور نہ ہی میں نے پہلے خواب میں اور نہ ہی باقی خوابوں میں دولہا کی شکل دیکھی ہے اور رو رہی ہوں دریںاثناءمیںسامنے نظر اٹھاکر دیکھتی ہوں کہ میرے خالہ زاد بھائی اور میری خالہ کی بیٹی یعنی خالہ زاد بہن سامنے سے آرہے ہیں جو دونوں مجھے بہت عزیز ہیں جبکہ ایک بار اور خواب میں میں دیکھتی ہوں کہ میری شادی ہے اور پھر میں ایک کمرے میں اپنی چچا زاد بہن کے ساتھ بیٹھی ہوں اور اسی کے ساتھ کمرے میں سوجاتی ہوں اور مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے میری شادی اپنے چچا زاد بھائی جس کی (اصل میں) ایک بیٹی بھی ہے، اس سے ہورہی ہے۔ پھر صبح میں چائے کیلئے کپ دھورہی ہوتی ہوں کہ دو عورتیں کہتی ہیں کہ بیچاری کی کل شادی ہوئی اور آج کام بھی کرنے لگی۔ تو میں کہتی ہوں نہیں میں صرف اپنے لئے چائے بنارہی ہوں۔
اسی طرح ایک اور خواب میں دیکھتی ہوں کہ ایک عورت دو لڑکیاں اور دو لڑکے ہمارے گھر پر ہیں، دوپہر کے وقت میں سوکر اٹھتی ہوں تو وہ موجود ہیں۔ وہ میرے رشتے کیلئے آئے ہیں مگر میری امی بہت پریشان ہیں اور ان کو ٹال رہی ہیں مگر وہ کہتے ہیں کہ ہاں ہوگی، تب ہی ہم جائیں گے۔ میرے ابو بھی ٹال رہے ہیں مگر وہ نہیں مان رہے اور وہ دو لڑکے لڑکیاں مجھ سے باتیں کررہے ہیں اور خوش ہورہے ہیں اور میری آنکھ کھل گئی۔ (لبنیٰ خان‘ گجرات)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کو انشاءاللہ جلد اچھی خبر سننے کو ملے گی اور ممکن ہے آپ کی شادی غیر خاندان میں طے ہوجائے لیکن انشاءاللہ ازدواجی زندگی خوشگوار ہوگی۔ آپ روزانہ 1111 بار ”یَالَطِیفُ“ بعد نماز عشاءپڑھ کر دعا کیا کریں۔
نقصان کا خطرہ
میں نے دیکھا کہ میں اور میری سہیلیاں امبر اور صوبیہ اسکول گئے ہیں، ہماری کلاس میں کرسیاں نہیں ہیں۔ کلاس میں ایک ٹیبل پڑا ہوا ہے۔ جہاں پر امبر اور صوبیہ بیٹھی ہیں اور میں ان کے سامنے کھڑی ہوں۔ میں کہتی ہوں، عمران نہیں آیا (وہ میرا کلاس فیلو ہے اور وہ میری دوست امبر کو پسند کرتا ہے) تو میری دوست امبر کہتی ہے، ہاں دیکھونا نہیں آیا۔ پھر ہم گراﺅنڈ کی طرف جاتے ہیں، امبر ایک سر سے بات کرتی ہے، میں اور صوبیہ باہر کھڑے ہیں، وہاں پر کرسی رکھی ہے جہاں وہ لڑکا عمران بیٹھا ہے۔ میں اسے کہہ رہی ہوں کہ آپ جیلس ہورہے ہو کہ امبر ہنس ہنس کر باتیں کررہی ہے، وہ ہنس کر کہتا ہے کہ نہیں میں کیوں جیلس ہوں گا، پھر وہ مجھے ایک کاغذ دیتا ہے، وہ مجھے ایک خط جیسا لگتا ہے، وہ مجھے پیج دیتے ہوئے کہتا ہے کہ یہ امبر کو دے دو۔ میں کہتی ہوں، اگریہ خط ہے تو میں بالکل نہیں لوں گی کیونکہ میں یہ خط پہنچانے والے کام نہیں کرتی۔ وہ کہتا ہے، خط نہیں ہے، پھر میں لے لیتی ہوں پھر منظر بدلتا ہے۔ میں اسکول میں ہی ہوں، جس جگہ میں کھڑی ہوں وہ جگہ اسکول میں نہیں ہے، وہاں میری دوست امبر بھی ہے۔ وہ کہتی ہے کہ یہ پیج کھولو اور دیکھو کہ اس میں کیا ہے لیکن میرے کھولنے سے پہلے ہی کوئی نہ کوئی وہاں آجاتا ہے (مطلب ٹیچر وغیرہ) ٹیچر کے جانے کے بعد میں خط کھولتی ہوں تو امبر کی بہن وہاں آجاتی ہے اور اپنی بہن کو لے کر چلی جاتی ہے۔ میں خط کھولتی ہوں تو مجھے کچھ سمجھ میں نہیں آتا کہ کیا لکھا ہے۔ تب میری آنکھ کھل گئی۔ (الف۔ شکار پور)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کو اپنے دوستوں کے معاملے میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے ورنہ اس بات کا اندیشہ ہے کہ آپ کو کسی قسم کا نقصان اٹھانا پڑجائے۔ ”یَاحَفِیظُ“ 119 بار پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیا کریں۔
مٹھائی اور بندوق
میں نے دیکھا کہ میری کزن ہمیں مٹھائی وغیرہ دیتی ہے، اس کے بعد منظر بدل جاتا ہے۔ میری کزن کا بھائی بندوق لاکر مجھے گولی مارتا ہے تو میں جلدی سے کلمہ شہادت پڑھنا شروع کردیتا ہوں کہ اسی طرح میں شہید ہوجاﺅں، لیکن کچھ دیر بعد میں دیکھتا ہوں تو بندوق میرے پاس پڑی ہوئی ہے اور میں زندہ ہوں۔ (شاہد سلیم۔ کچا موڑ)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کو دشمنوں کے شر سے حفاظت کا اشارہ ہے، آپ کلمہ شہادت کثرت سے پڑھا کریں۔
Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 795
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں