آپ کے گھر میں قرآن حکیم تو ہوگا آپ نے اسے قیمتی غلاف میں لپیٹ کر کسی اونچی جگہ پر نہایت ادب سے رکھا ہوگا۔ پچھلے دنوں آپ نے اپنے ایک عزیز کی وفات پر اس کی تلاوت کی تھی۔ تلاوت کے بعد آپ نے اسے پھر ادب سے اس کے مقام پر رکھ دیا تھا۔ اب آئندہ کسی اور عزیز کی وفات پر آپ کو اس کی ضرورت پڑے گی۔ اس سے پہلے آپ اسے نہیں چھوئیں گے۔ اگر ایسا ہے تو مجھے پوچھنے دیجئے کہ یہ زندہ کتاب اور لافانی کلام زندہ انسانوں کیلئے نازل ہوا تھا یا فوت ہو جانے والے افراد کیلئے؟
ذرا اپنا اور اپنے گردوپیش کا جائزہ لیجئے آپ طرح طرح کے مسائل کا شکار ہیں۔ آپ ہر طرف سے خطرات میں گھرے ہوئے ہیں۔ قدم قدم پر آپ کو ٹھوکر لگتی ہے۔لوگ آپ کی سادگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آپ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ آپ کے حقوق تلف ہو رہے ہیں۔ آپ کے ہاتھوں میں اتنی طاقت نہیں ہے کہ لٹیروں سے اپنا حق چھین سکیں۔ آپ نے وزیراعظم ہاﺅس اور ایوان صدر تک رسائی حاصل کی تھی لیکن کسی نے آپ کو گھاس نہ ڈالی۔ تھک ہار کر اور ہر طرف سے مایوس ہو کر اب آپ اپنی زندگی کا چراغ گل کرنے جارہے ہیں لیکن ذرا ٹھہریئے۔
صاحب! ایک بات سنتے جائیے آپ کے تمام مسائل کا حل تو آپ کے گھر میں موجود ہے اور آپ کشکول گدائی اٹھائے در بدر پھر رہے ہیں۔ آپ پوچھیں گے کہ کہاں ہے وہ دکھوں کا مداوا؟ اجی حضرت وہی مقدس کتاب! جسے آپ نے نہایت ادب و احترام سے لپیٹ لپیٹ کر رکھا ہوا ہے۔ آگ بڑھیے، اسے اٹھائیے، اس کی گرد جھاڑئیے، اسے کھولیے اور پڑھنا شروع کیجئے۔ اگر آپ عربی کی معمولی سی سدھ بدھ رکھتے ہیں تو آپ اس کتاب کو آسانی سے سمجھ لیں گے اور اس کے مضامین آپ کے دل میں اترتے چلے جائیں گے کیونکہ اس کی زبان اور اسلوب بہت ہی آسان ہیں۔ اگر آپ عربی نہیں جانتے تو مایوس نہ ہوں بلکہ تلاوت کے ساتھ ساتھ آسان تفسیر کا مطالعہ کریں یہ تفسیر آپ کو اللہ کا کلام سمجھنے میں مدد دے گی۔ اس کارِ خیر میں مزید دیر نہ کیجئے کیونکہ پہلے بہت دیر ہو چکی ہے۔
قرآن میں ہوغوطہ زَن اے مردِ مسلماں!
اللہ کرے تجھ کو عطا جدّتِ کردار
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں