1-تازہ نیم گرم دودھ سے ہاتھ منہ دھونے سے چہرے کی رنگت نکھر آتی ہے۔ اس مقصد کیلئے آپ ایک پلیٹ میں دودھ ڈال کر روئی یا اسفنج کی مدد سے دودھ کو چہرے پرملیں۔ پندرہ منٹ بعد تازہ ٹھنڈے پانی سے چہرے کو دھو ڈالیں۔ دودھ چہرے کیلئے بہترین ٹانک ہے۔
2-اگر چہرے کی جلد خشک ہو تو بالائی کا استعمال کریں۔ ٹھنڈی بالائی کا مساج چہرے کو داغ دھبوں سے پاک کرتا ہے۔
3-گلیسرین اور لیموں کا رس ہم وزن ملا کر لگانے سے چہرے کی جلد کی قدرتی چمک اور خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے۔
4-جلد کو ملائم اور صاف ستھرا کرنے کیلئے ابلتے ہوئے پانی میں بیسن ملا کر اسے ٹھنڈا ہونے دیں اور پھر اس سے ہاتھ منہ اور پاﺅں صاف کریں۔ اس سے جلد ملائم اور صاف ہو جائے گی۔
5-سنگترے کے چھلکوں کو سکھا کر باریک پیس لیں اور سفوف کو پانی میں حل کر کے چہرے پر ملیں اس سفو ف سے چہرے کے داغ دھبے اور پھنسیاں دور ہو جائیں گی۔
6-مہاسوں کو دور کرنے کیلئے مسور کی دال کا ابٹن گائے کے دودھ میں ملا کر دن میں دو بار لگانا بہت مفید ہے۔ اس سے نہ صرف مہاسے دور ہوتے ہیں بلکہ چہرے کی رونق بھی بڑھتی ہے۔
7-روغن زیتون اور روغن کدو ہم وزن ملا کر لگانے سے چہرے پر دانوں اور مساموں کی وجہ سے پڑنے والے گڑھے ٹھیک ہو جاتے ہیں بلکہ یہ روغن چہرے پر چیچک کے داغوں کو بھی دور کرتا ہے۔ اس کو مسلسل چھ ماہ استعمال کرنے سے بہتر نتائج برآمد ہوتے ہیں۔
8-ایک انڈہ لے کر پھینٹیں اور چہرے اور گردن پر اس کا ماسک لگائیں۔ بیس منٹ تک بالکل آرام سے لیٹ جائیں بعد میں تازہ پانی سے چہر ہ دھو ڈالیں۔ اس ماسک سے چہرے کی تازگی عود آئے گی کیونکہ انڈے کی سفیدی بہترین کلینر ہے۔
9-کھیرے کا رس جلد کیلئے بہترین چیز ہے۔ کھیرے کے رس میں تھوڑا سا دودھ ملا کر اس ٹانک کو چہرے پر لگائیں تو جلد ملائم اور صاف ہو جاتی ہے۔ کھیرے کی قاشوں سے چہرہ صاف اور ہمیشہ تروتازہ رہتا ہے۔ اس کا ٹانک چہرے کو دھوپ کی تمازت سے محفوظ رکھتا ہے۔
10-آلو چہرے کے داغ دھبوں کو دور کرنے کیلئے بھی بہترین چیز ہے۔ آلو کے قتلوں سے چہرے کوصاف کرنے سے چہرے کی جھریاں دور ہوتی ہیں۔
11-گوبھی میں ایسے وٹامنز موجود ہیں جو چہرے کی جلد کے لئے ٹانک کا کام دیتے ہیں۔ گوبھی کو تھوڑے سے پانی میں ابالیں پھر اس پانی کو ٹھنڈا کر کے ایک شیشی میں محفوظ کر لیں اس ٹانک کو چہرے کی جلد کیلئے استعمال کریں اس کے استعمال سے چھائیاں اور جھریاں ختم ہو جاتی ہیں۔
12-دہی بھی ایک قدرتی کلینر ہے ‘ روغنی اور کٹی پھٹی جلد کیلئے اس کا لیپ بہت مفید ہے۔
13-سنگترے کے چھلکوں کا سفوف دودھ میں شامل کر کے لگانے سے جلد میں نکھار آجاتا ہے۔
14-اگر چہرے کے مسامات کھل گئے ہوں تو ٹماٹر کا گودا دہی میں ملالیں اور چہرے پر لیپ کریں۔ سوکھنے پر چہرہ صاف کر لیں۔ یہ لئی مسامات بند کرنے کی بہترین چیز ہے۔
15-کھیرے کے رس میں نصف چمچہ گلیسرین اور اتنا ہی عرق گلاب ملا کر مرکب تیار کر لیں۔ روئی کے ساتھ اس آمیزے کو چہرے پر لگائیں۔ اس کے استعمال سے دھوپ کے داغ دھبوں سے نجات ملتی ہے اور سانولی رنگت نکھر آتی ہے۔
16-مچھلی کا تیل چہرے کی جھریوں اور داغ دھبوں کو دور کرتا ہے۔ اس دھوپ سے سانولاہٹ بھی دور ہوتی ہے۔
17-ملتانی مٹی کا باریک سفوف دودھ میں ملا کر چہرے اور گردن پر نصف گھنٹے تک لگانے سے چہرے کی جلد کو تقویت و توانائی ملتی ہے۔
18-جھائیوں کے خاتمے کیلئے ایک بہترین گھریلو نسخہ‘ بادام اور خشخاش کو ہم وزن لے کر ذرا سے پانی میں اتنی دیر بھگو رکھیں کہ وہ آسانی سے پیسا جا سکے۔ رات کو اس کا لیپ پورے چہرے پر لگائیں‘ صبح منہ دھو ڈالیں۔
19-خشک اور کھردری جلد کیلئے سنگترے کا گودا الگ کر کے چھلکے کو سکھا لیں۔ چھلکا خشک ہو جائے تو اسے باریک پیس کر سفوف بنا لیں۔ اس سفوف کے ہم وزن بیسن بھی ملا لیں اور تھوڑی سی ہلدی بھی ملا لیں۔ اس میں چنبیلی کا تیل ڈال کر ابٹن بنا لیںاور رات کو سونے سے پہلے چہرے پر ملیں۔ پندرہ منٹ بعد چہرہ نیم گرم پانی سے دھو ڈالیں بعد میں کوئی اچھا سا لوشن لگا لیں۔
20-جلد کو تروتازہ رکھنے کیلئے گھر میں ماسک زیادہ اچھا رہتا ہے۔ کھیرے کا ماسک ہر قسم کی جلد کیلئے اچھا ہے۔ ایک چمچ دہی میں چھلکے سمیت کھیرا کدو کش کر کے ڈالیں۔ اس میں ایک چمچ آٹا اور لیموں کے رس کے چند قطرے ملائیں۔رات کو سوتے وقت اس ماسک کو لگائیں ‘ بیس منٹ لگا رہنے دیں بعد میں سلاد کے پتوں کو ہلکے نیم گرم پانی میں ڈال دیں‘ نرم ہونے پر منہ پر رکھ لیں۔ تقریباً آٹھ منٹ بعد اتار دیں۔
21-خشک جلد اور خشکی کی وجہ سے سوزش ہو جائے تو درج ذیل نسخہ بہت مفید رہتا ہے۔عرق گلاب چار اونس‘ مچھلی کا تیل ایک اونس‘ روغن بادام ایک اونس۔ ان تینوں اشیاءکو اچھی طرح یکجان کریں۔ پھر اسے جلد پر لگائیں ۔ اگر آپ کی جلد خشک ہے اور جلد پر سوزش محسوس ہوتی ہے تو اس سے بہت فائدہ ہوگا۔ یہ مرہم جلد کو نرم و ملائم کرتا ہے اور رنگ بھی نکھر آتا ہے۔
22-درج ذیل نسخہ بھی بیحد مفید ہے۔ روز میری ۲۱ اونس‘ لیموں کے چھلکے ایک اونس‘ پودینہ ایک اونس‘ عرق گلاب ‘بام ایک اونس۔ ان تمام اشیاءکو ملا کر شیشی میں بند کر دیں۔ چار ہفتے کے بعد محلول کو چھان لیں۔ غسل کے بعد یہ لوشن ہتھیلی پر ڈال کر چہرے ‘ ہاتھوں‘ بازوﺅں اور تمام بدن پر مل لیں۔ اس نسخہ سے جسم نرم و ملائم ہو جاتا ہے۔
23-چہرے کی رنگت کے نکھار کیلئے کلونجی کو باریک پیس کر گھی میں مرہم بنا کر چہرے پر لگانے سے چہر ہ نکھر آتا ہے۔
24-کیل اور مہاسوں کیلئے پسی ہوئی کلونجی کو سرکہ میں ملا کر لیپ تیار کریں اور سونے سے قبل منہ پر لیپ کر لیں صبح اٹھ کر اچھے صابن سے منہ دھو ڈالیں۔ چند دن کے استعمال سے کیل مہاسے ختم ہو جائیں گے اور جلد میں نکھار آجائے گا۔
25-چھائیوں کے لئے ایک بہترین گھریلو نسخہ یہ ہے کہ خشخاش اور بادام ہم وزن لے کر تھوڑے سے پانی میں پندرہ بیس منٹ تک بھیگا رہنے دیں۔ پھر انہیں اتنا پیس لیں کہ لئی کی طرح ہو جائے اس مرہم کا لیپ رات کو چہرے پر لگائیں اور صبح دھو ڈالیں۔
26-چہرے کے علاوہ ہاتھوں کی صفائی بھی بے حد ضروری ہے۔ ہاتھوں کو خوشنما بنانے کیلئے ایک بہترین نسخہ نیچے دیا جا رہا ہے جو ہاتھوں کو نہ صرف ملائم بنا دے گا بلکہ ہاتھوں کی رنگت کو بھی نکھا ر دے گا۔
جئی کا آٹا چھ اونس‘ گرم پانی ایک لیٹر‘ لیموں کا رس ایک بڑا چمچ‘ روغن زیتون ایک چھوٹا چمچ‘ عرق گلاب ایک چھوٹا چمچ‘ گلیسرین ایک چھوٹا چمچ‘ ایمونیم ایک چھوٹا چمچ ۔ جئی کے آٹے کو گرم پانی میں ڈال کر رات بھر بھیگا رہنے دیں اگلی صبح اسے چھان لیں اب اس میں باقی اجزاءبھی شامل کر لیں اس محلول کو دن میں تین بار ہاتھوں پر ملیں۔ یہ ہاتھوں کی رنگت کو خوبصورت بنا دے گا۔
Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 159
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں