محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! عبقری رسالہ پڑھتے ہوئے دو سال ہوگئے ہیں‘ ایک امید ملی ہے‘ اس لیے آج قلم اٹھایا ہے۔میرے گھر میں سکون نہیں ہے‘ لڑائی کبھی ختم ہو جاتی پھر شروع ہوجاتی چند دن کے بعد میرے دادا عامل تھے‘ ان کے پاس ایک جن بھی تھا‘ ان کے وظائف اور نسخے کافی ڈائری میں لکھے ہوئے ہیں‘ میرے میاں بھی ان کی ڈائری میں سے وظیفے کرتے ہیں۔ کام دھندا تو کوئی کرتے نہیں ان کی زبان پر بس ایک بات ہے کہ ’جن قابو کرلوں پھر دیکھنا گاڑی، کوٹھیاں، بنگلے ، روپے پیسے ، سونا، چاندی جو چیز کہوں گا وہ جن لاکر دے گا۔ 30,35 سال ہوگئے آج تک جن تو کوئی نہ آیا مگر گھر میں بیماری پریشانی لڑائی جھگڑا سب مفت میں آیا۔ کہتے ہیں کہ اللہ کسی کو بھوکا نہیں سلاتا بس یہی حال ہے کہ دو وقت کا کھانا باعزت ملتا ہے۔ خود محنت مزدوری کرتی ہوں۔ دادا نے بھی کئی لوگوں کے الٹے سیدھے کام کیے ہوں گے۔ پتہ نہیں وہی لوگوں کی بددعائیں ہماراتعاقب کررہی ہیں‘ اللہ سے ہر وقت دعا کرتی ہوں کہ اے اللہ تو غفور الرحیم ہے معاف کردے ‘ہمارے بڑوں سے یاان کے بڑوں سے یا ہمارے سے کوئی بڑا بول غلطی کوتاہی یا تیری شان میں کوئی بے ادبی ہوئی ہے تو معاف کرنے والا ہے‘ معاف کردے۔ چند دن حالات میں بہتری آتی ہے مگر پھر وہی ڈھاک کے تین پات والا معاملہ ۔میں نے تسبیح خانہ سے میموری کارڈ لیا تھا تقریباً 1½ مہینہ سورئہ بقرہ اور سورئہ رحمن صبح شام لگائی۔ مجھے اپنے گھر میں سایہ گھومتے پھرتے نظر آنے لگا کبھی چلتے پھرنے کی آوازیں کبھی چیزیں گرنے کی آوازیں اور کبھی دروازہ کھولنے اور بند کرنے کی آوازیں آنے لگیں۔ کئی دفعہ میاں سے منہ ماری ہوئی اب لگاتی ہوں تو سورئہ بقرہ ہی میموری کارڈ سے غائب ہے۔ پھر وہی حالات ہورہے ہیں۔ بیٹی کہتی ہے کہ مجھے ایسے لگتا ہے جیسے سوتے میں میرے اوپر کوئی لیٹا ہے اس کی عمر 36سال ہوگئی ہے مگر اس کے رشتہ کا مسئلہ ہے‘ ابھی تک ہوا ہی نہیں جب بھی اس کے رشتے کی بات چلتی ہے مرنے والی ہو جاتی ہے اتنی سخت بیمار ہو جاتی ہے کہ جان کے لالے پڑجاتے ہیں۔ کئی عامل بابے بہت سے علاج کروائے دم درود بھی کروائے اس سے چھوٹی دو بیٹیوں کی شادی ہوگئی ہے مگر اسکی رکاوٹ دور نہیں ہوئی۔ چاول بھی مچھلیوں کو ڈالے کالے چنے آیت کریمہ پڑھ کر مچھلیوں کو ڈالے باجرہ اور چینی مکس کر کے درختوں کی جڑوں میں ڈالے مگر اس بیٹی کا رشتہ نہیں ہوتا۔ اس بچی کی وجہ سے میں بہت پریشان ہوں۔ اعمال کرتی رہتی ہوں اچانک پتہ نہیں کیا ہوتا ہے کہ سارے اعمال حتیٰ کہ نماز تک چھوٹ جاتی ہے۔ بعض دفعہ تو ایسا ہوتا ہے کہ جسم بالکل بے جان، آنکھیں
دیکھتی ہیں اور کان بھی سنتے ہیں مگر نہ تو آواز نکلتی ہے اور نہ ہی جسم حرکت کرتا ہے اس کے بعد سارے اعمال ختم ہو جاتے ہیں۔میاں کو نجانے کیا جن قابو کرنے کا بھوت سوار ہے‘ وہ اترتا ہی نہیں‘ اس شوق نے ہمارا سب کچھ برباد کردیا‘ جب بھی لڑائی ہوتی ہے اسی بات پر ہوتی ہےا ورہ وہ ہمیشہ یہ کہہ کر بات ختم کردیتے ہیں کہ بس ایک بار جن قابو آگیاتو تجھے سونے میں تول دوں گا‘ کوٹھی بنگلے کاریں تو مسئلہ ہی کوئی نہیں ہے۔ بڑے بڑے بنگلوں والی تیری بیٹیوں کے رشتے کیلئے لائنوں میں کھڑے ہوں گے۔ میاں کبھی کمبل کو چاروں طرف لپیٹ کر اور منہ چھپا کر کچھ عمل کرتے ہیں اور کبھی کپڑے اتار کر کوئی عمل کرتے ہیں کوئی دن ایسا نہیں جو سکون سے گزرے۔ مگر ہمیں صرف بربادی ملی‘ بہت چلاتی ہوں‘ چیختی ہوں روتی ہوں کہ اس کام میں صرف بربادی ہی ہے۔ مجھے واضح محسوس ہوتا ہے کہ کسی چیز نے ہمارے ہر کام روکے ہوئے ہیں‘ یہ شاید میرے شوہر کے الٹے سیدھے پڑھے جانے والے منترجنتروں کا ہی کمال ہے جو ہم پر الٹ پڑرہےہیں۔میں عبقری بہت شوق سے پڑھتی ہوں‘میں دوسروں کے لیے جو عمل کروں ان کے کام بہت جلد ہو جاتے ہیں مگر اپنے لیے اور گھر کے لیے جو بھی عمل کروں وہ کام نہیں ہوتے بلکہ کام بگڑ جاتے ہیں۔ وہی عمل دوسروں کو بھی بتائوں تو ان کے کام چند دنوں میں ہی ہو جاتے ہیں۔ میری یہ بربادی کی داستان عبقری قارئین کو ضرور پڑھوائیے اور میری منت ہے کہ جنات کو قابو نہ کیجئے یہ کام صرف بربادی لاتا ہے‘ کاش میرا شوہر بھی سمجھ لے۔ گزشتہ تیس سال سے سمجھارہی ہوں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں