Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

جی ہاں! جنات سے حفاظت ممکن ہے!

ماہنامہ عبقری - ستمبر 2019ء

جنات سے حفاظت کے نبویﷺ فرمان! مستند حوالہ جات کے ساتھ

آپ کے دروازہ کو شیطان نہیں کھول سکتا
حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا : دروازے بند کرو اور بند کرتے وقت اللہ کا نام لو۔ شیطان ایسا دروازہ نہیں کھول سکتا جو اللہ کے نام پر بند کردیا گیا ہو۔( ابوداود، مسند احمد)
جنات سے حفاظت اور بیت الخلاء کی دعا
حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ یہ قضائے حاجت کی جگہیں (بیت الخلاء) ایسی ہیں جن میں شیاطین حاضر ہوتے ہیں۔ پس تم میں سے کوئی شخص قضائے حاجت کی جگہ (بیت الخلاء) داخل ہونے لگے تو یہ پڑھ لے: اَللّٰہُمَّ اِنِّیْ اَعُوْذُ بِکَ مِنَ الْخُبُثِ وَالْخَبَاءِث۔ (ابوداودومسند احمد)
جمائی کا وقت اور جنات سے حفاظت
حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ چھینک کو پسند کرتا ہے اور جمائی کو ناپسند کرتا ہے۔ تم میں سے جو کوئی چھینک کر الحمد للہ کہے تو سننے والے پر حق ہے یوں کہے ’’یرحمک اللہ‘‘ اللہ تعالیٰ تم پر رحم فرمائے۔ جمائی شیطان کی طرف سے ہے، تم میں سے جب کوئی جمائی لے تو حتی الامکان اسے روکے کیونکہ تم میں کوئی (جمائی کے وقت منہ کھول کر) کہتا ہے ’’ہا‘‘ تو اس سے شیطان خوش ہوتا ہے۔ جب تم میں سے کوئی جمائی لے تو اپنا ہاتھ منہ پر رکھ لیا کرے کیونکہ شیطان جمائی کے ساتھ اندر گھس جاتا ہے۔( مشہور ومعروف کتب حدیث)
تعوذ پڑھیے اور بچیے
حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جو شخص روزانہ دس مرتبہ اَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّيطَانِ الرَّجِيم پڑھ لیا کرے، اللہ تعالیٰ اس پر ایک فرشتہ مقرر فرمادیتا ہے، جو شیطان سے اس کی حفاظت کرتا ہے۔( مجمع الزوائد ومنبع الفوائد )
یہ پڑھیں! جنات کبھی گھر میں داخل نہ ہوں گے
حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: اپنے گھروں کو قبریں نہ بناؤ، جس گھر میں سورۃالبقرہ پڑھی جاتی ہے وہاں شیطان داخل نہیں ہوتا ہے۔ (ترمذی)
آیۃ الکرسی پڑھیے! حفاظت رہے گی
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں رمضان میں وصول کی گئی زکاۃ کے مال پر پہرا دے رہا تھا، ایک آنے والا آیا اور سمیٹ سمیٹ کر اپنی چادر میں جمع کرنے لگا۔ حضرت ابوہریرہؓ نے اس کو ایسا کرنے سے بار بار منع فرمایا۔ اس آنے والے نے کہا کہ مجھے یہ کرنے دو، میں تجھے ایسے کلمات سکھاؤں گا کہ اگر تو رات کو بستر میں جاکر ان کو پڑھ لے گا تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے تجھ پر حافظ مقرر ہوگا اور صبح تک شیطان تیرے قریب بھی نہ آسکے گا اور وہ آیت الکرسی ہے۔ جب حضرت ابوہریرہؓ نے حضور اکرم ﷺ کو یہ واقعہ سنایا تو آپ ﷺنے فرمایاکہ اس نے سچ کہا مگر وہ خود جھوٹا ہے اور وہ شیطان ہے۔ (بخاری)
معوذتین آپ کو بچارہی ہیں
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ ہر رات جب بستر پر آرام کے لئے لیٹتے تو اپنی دونوں ہتھیلیوں کو ایک ساتھ کرکے ’’قل ہو اللہ احد‘‘، ’’قل اعوذ برب الفلق‘‘ اور ’’قل اعوذ برب الناس‘‘ پڑھ کر ان پر پھونکتے تھے اور پھر دونوں ہتھیلیوں کو جہاں تک ممکن ہوتا اپنے جسم پر پھیرتے تھے۔ سر ، چہرہ اور جسم کے آگے کے حصہ سے شروع کرتے۔ یہ عمل آپ تین مرتبہ کرتے تھے۔(بخاری ۔ باب فضل المُعَوذات)
تمہارے لیے ہر تکلیف سے امان ہے
حضرت عبد اللہ بن خبیب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک رات میں بارش اور سخت اندھیرا تھا، ہم رسول اللہ ﷺ کو تلاش کرنے کے لئے نکلے، جب آپﷺ کو پالیا تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ کہو، میں نے عرض کیا کہ کیا کہوں، آپ ﷺ نے فرمایا، قل ہو اللہ احد اور معوذتین پڑھو جب صبح اور شام ہو، تین مرتبہ یہ پڑھنا تمہارے لئے ہر تکلیف سے امان ہوگا۔ (ابوداود، ترمذی، نسائی)
غروب آفتاب کا وقت اور چھوٹے بچے
غروب آفتاب کے وقت چھوٹے بچوں کو باہر نکالنے سے گریز کریں: حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جب غروب آفتاب قریب ہوجائے تو اپنے بچوں کو باہر نکلنے سے روکو کیونکہ اس وقت شیاطین پھیل جاتے ہیں۔ جب رات کا کچھ حصہ گزر جائے تو باہر جانے دیا جائے۔( صحیح البخاری ۔ کتاب بدء الاخلاق ۔ باب صفۃ ابلیس وجنودہ)
قرآن کریم کی تلاوت کا اہتمام کریں
فرمان الہٰی ہے: اور ہم وہ قرآن نازل کررہے ہیں جو مؤمنوں کے لئے شفا اور رحمت کا سامان ہے۔ (سورۃ الاسراء ۸۲) اللہ تعالیٰ نے جسمانی وروحانی بیماریوں کا علاج تلاوتِ قرآن میں رکھا ہے۔
خلاصہ کلام یہ ہے
خلاصۂ کلام یہ ہے کہ تعوذ (اعوذ باللہ من الشیطان الرجیم)، سورۃ الفاتحہ، آیۃ الکرسی، سورۃ البقرہ خاص کر آخری تین آیات، سورۃ الصافات کی ابتدائی دس آیات اور چاروں قل پڑھنے سے جنات سے حفاظت ہوتی ہے۔ برے کاموں سے بچ کر فرائض (نماز، روزہ اور زکوٰۃ وغیرہ) کے اہتمام کے ذریعہ بھی شیاطین سے حفاظت ہوتی ہے۔ ان دنوں نماز پڑھنے والے حضرات بھی نماز فجر سے سوتے رہتے ہیں حالانکہ محسن انسانیت حضرت محمد مصطفی ﷺ نے اس شخص کے متعلق جو نماز فجر کے وقت سوتا رہے فرمایا: یہ وہ شخص ہے جس کے کان میں شیطان پیشاب کردیتا ہے۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم) اگر ہم واقعی شیطان کے شر سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو دیگر نمازوں کے ساتھ نماز فجر کا اہتمام کریں۔ 

Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 894 reviews.