اولاد کی نعمت سے محروم: محترم شیخ الوظائف السلام علیکم! میری عمر 31 سال ہے‘ میں ایک گھریلو خاتون ہوں‘ شادی کو آٹھ سال ہوچکے ہیں مگر اولاد کی نعمت سے محروم ہوں‘ اس کے علاوہ میرا اصل مسئلہ یہ ہے کہ میرا جسم تو کافی صحت مند ہے لیکن جسم کے لحاظ سے میرا چہرہ بہت پتلا اور بے رونق ہے‘ بہت علاج کروائے جسم تو موٹا ہوجاتا ہے مگر چہرے پر گوشت کم ہے‘ میں چاہتی ہوں کہ میرا چہرہ میرے جسم کی مطابقت سے ہو اور چہرہ صاف اور شفاف بھی ہوجائے‘ میں ساتھ دائمی قبض کی مریضہ بھی ہوں۔ براہ مہربانی میرا روحانی و جسمانی علاج تجویز فرمائیں۔ (ف‘ منڈی بہاؤالدین)
جواب:میرے پاس بے اولاد جوڑوں کیلئے ایک روحانی عمل ہے جو کہ متعدد بار کا آزمودہ ہے میری طرف سے قارئین عبقری کو ہدیہ ہے ۔ وظیفہ پڑھیں ۔ اللہ سے مانگیں ، اور اولاد پائیں۔ روزانہ صبح و شام 11 مرتبہ سورہ الصفت کی آیت نمبر 76 پڑھیں ، بعد نماز فجر 133 مرتبہ سورۂ شوریٰ کی آیت 49 پڑھیں ، سورۂ السجدہ کی آیت 7 سے 9 اور سورۂ کوثر تسمیہ کے ساتھ 101 مرتبہ پڑھیں ۔ یہ وظیفہ کچھ عرصہ مستقل مزاجی سے جاری رکھیں ۔ یہ وظیفہ ماہنامہ عبقری میں ایک قاریہ نے بھیجا تھا ‘ متعدد بار کا آزمودہ ہے‘ یقین‘ اعتماد کے ساتھ چند ہفتے‘ چند مہینے ضرور کریں۔
بیوہ کی کانپتے ہاتھوں سے لکھی روداد: شیخ الوظائف السلام علیکم! میں عرصہ دراز سے بہت پریشان ہوں‘ میری شادی کو تقریباً 27 سال ہوئے ہیں‘ شوہر ویسے تو بہت اچھے تھے مگر شراب وغیرہ پیتے تھے اور گھر کے کاموں میں زیادہ توجہ نہیں دیتے تھے اب چھ سال ہوئے ہیں فوت ہوگئے‘ بچے تب چھوٹے تھے اب بڑےہوگئے ہیں‘ مگر پریشانیاں ہیں کہ جانے کا نام نہیں لیتیں‘ بڑا بیٹا اٹھارہ سال کا ہے‘ ہمارا کوئی کام نہیں ہوتا‘ ہر کام میں رکاوٹ آتی ہے‘ بیٹے اور بیٹی کا کہیں بھی رشتہ نہیں ہوتا جب بات ہوتی ہے تو شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہوجاتی ہے‘کافی لوگوں نے بتایا ہے کہ آپ پر جادو کیا گیا ہے‘ اسی وجہ سے ہر کام میں بندش اوررکاوٹ آتی ہے اور بعض کہتے ہیں یہ گھر چھوڑ دیں‘ یہ گھر میرے مرحوم شوہر کو ملاکر چار بھائیوں کا ہے۔ گھر پر آسیب بھی ہے اور جادو بھی‘ بچوں کی ترقی اور تعلیم پر بندش بتائی گئی ہے‘ ہمارے پاس کچھ نہیں‘ بیٹے کی دکان پر چوری ہوگئی‘ کاروبار ٹھپ ہوگیا‘ بیٹی کے پاس بچے ٹیوشن پڑھنے آتے تھے وہ بھی آہستہ آہستہ کم ہوگئے۔ بچوں کی شادیاں کرنی ہیں‘ دن گزرتے جارہے ہیں‘ ہر کوئی ہم سے منہ موڑتا ہے‘ خدارا مجھے کوئی وظیفہ بتائیے‘ میں بہت پریشان ہوں‘ خدارا ہماری مدد کریں اللہ تعالیٰ آپ کو اجرعظیم عطا فرمائے۔ (ایک دکھی ماں)
جواب:آپ بہن مایوس نہ ہوں ‘یہ عمل بے شمار لوگوں نے کیا ہے نہایت اکسیر اورپرتاثیر ہے۔سورۃ والضحیٰ 90 دن پڑھیں روزانہ 41 بار پڑھیں صبح 41دفعہ شام کو اول و آخر درود شریف 7بار پڑھیں آپ یقین جانیے! میں نے جس توجہ اور دھیان سے آپ کا روحانی مسئلہ دیکھا ہے، اس کا صلہ صرف دعا ہے۔ آپ یہ عمل اعتماد سے شروع کریں۔
بدتمیز بچے: لمحہ لمحہ اللہ تعالیٰ کی رحمتیں آپ پر نازل ہوں۔ میرا یہ مسئلہ اپنے بچوں کے متعلق ہے‘ تین بچے دو بیٹے ایک بیٹی ہے‘ ہم کچھ ایسے حالات سے گزر رہے ہیں کہ بچے باپ سے متنفر‘ بدتمیز‘ جھگڑالو‘ احساس کمتری کا شکار‘ نفسیاتی مریض‘ لاپرواہ‘ تینوں ایک دوسرے کے اتنے دشمن کہ کسی کی بات برداشت نہیں کرتے‘ چھوٹی چھوٹی بات پر کمرہ میدان جنگ بن جاتا ہے‘ بڑوں سے بدتمیزی سے یپش آتے ہیں‘ کہنا نہیں مانتے‘ پڑھائی کے میدان میں پہلے بہت اچھے تھے مگر اب زیرو‘ جس کی وجہ سے میں ہروقت اپنے شوہر اور سسرال والوں کی باتیں سنتی ہوں کہ مجھے تربیت نہیں کرنی آتی‘ مجھ سے سنبھالے نہیں جاتے‘ مجھے ایک ہی درس دیا جاتا ہے کہ انہیں مارو‘ بڑا نویں جماعت میں پڑھتا ہے‘ قد مجھ سے بھی اونچا ہے میں اس کو کیسے ماروں؟ ان بچوں نے بہت مار کھائی ہے‘ مار کھا کھا کر ڈھیٹ ہوگئے ہیں‘ ماروں تو کہتے ہیں اور ماریں۔ براہ مہربائی کوئی وظیفہ بتادیں کہ یہ بچے فرمانبردار ہوجائیں‘ اللہ تعالیٰ کی طرف راغب ہوجائیں‘ گھر کا ماحول اچھا ہوجائے۔ (م۔ب، گوجرہ)
جواب: آپ کے تمام مسائل کے لیے ایک آیت لکھ رہا ہوں وہ سورۃ توبہ کی آخری آیات ’’لقد جاء کم سے آخر تک‘‘ روزانہ 121بار پڑھیں۔ یہ عمل 90دن کریں ساتھ اوّل آخر درود ابراہیمی پڑھیں۔یقین‘ توجہ اور دھیان سے پڑھیں‘ بے شمار کے مسائل حل ہوچکے ۔
میری بیٹی کا مسئلہ: میری بیٹی جس کی 12 سال قبل شادی ہوئی تھی‘ شروع کے دو سال تو ٹھیک گزرے پھر اس کے شوہر کو کوئی اور لڑکی مل گئی اور یہ سلسلہ چار سال تک چلتا رہا‘ میرا داماد اس لڑکی کے پیچھے دیوانہ ہوگیا تھا آخرکار اس نے اس سے شادی کرلی‘ دوسری شادی سے قبل ہی اس کے ازدواجی تعلقات میری بیٹی کے ساتھ بالکل ختم ہوگئے تھے‘ الحمدللہ میری بیٹی کو کسی چیز کی کمی نہیں‘ ماشاء اللہ سے دو بیٹیاں اور ایک بیٹا بھی ہے مگر اس کی زندگی میں ازدواجی سکون نہیں ہے‘ شوہر دوسری شادی کے بعد دونوں گھروں میں آتا جاتا ہے لیکن دوسری کی طرف دھیان زیادہ ہے جبکہ میری بیٹی کے ساتھ کسی بھی قسم کا کوئی تعلق نہیں۔ میری زندگی بھی اسی پریشانی میں گزری ہے‘ میں اب اپنی بیٹی کو اس حال میں نہیں دیکھ سکتی‘ میں ایک عورت ہوں اور اس کے جذبات سمجھتی ہوں‘ دراصل اس کی سوتن سخت کالاجادو کرواتی ہے‘ خدارا میری بیٹی کیلئے کوئی حل تجویز فرمائیں۔ (ش‘ راولپنڈی)
جواب:اپنی بیٹی سے کہیے کہ را ت کو جب اس کے شوہر سو جائیں تو سورئہ فاتحہ ایک بار پڑھ کر شوہر کے سر یا گر دن کے پیچھے دم کر دیا کرے۔ رات سونے سے پہلے کسی بھی وقت سورئہ کو ثر ایک بار پڑھ کر شوہر کے تکیے پر دم کر دیا کر ے ۔ یہ تکیہ کوئی اور شخص استعما ل نہ کرے۔اس کے علاوہ سارا دن کھلا وضو بے وضو یارب موسیٰ یارب کلیم بسم اللہ الرحمٰن الرحیم پڑھے۔کم از کم نوے دنو ں تک یہ عمل جا ر ی رکھے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں