عبقری میں ایک عمل چھپا تھا شیخ جمال الدین یونس رحمۃ اللہ علیہ سجاوندی کی روح کو دو رکعت نفل نماز پڑھ کر ایصال ثواب کردیا جائے اور ایک کاغذ پر دعا لکھ کر پانی میں اسے بہادیا جائے تو ہفتے کے اندر اندر ہر جائز حاجت پوری ہوجاتی ہے۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ کی ذات آپ، آپ کے اہل خانہ اور جتنے بھی آپ کے ساتھی دکھی انسانیت کی مدد کیلئے کوشاں ہیں ہمیشہ تندرست‘ صحت مند اور خوش رکھے۔ اللہ آپ کے ساتھ ساتھ تمام امت مسلمہ بلکہ ہر انسان کے ساتھ عافیت کا معاملہ فرمائے۔ عبقری کا قاری ہوں‘ اس خط میں کچھ عبقری میں لکھی ہوئی باتیں اور آپ کے درس میں بتائے ہوئے سورۂ مومنون اور اذان سے عمل کے کچھ فوائد بتانا چاہتا ہوں۔ اذان اور افحسبتم کے عمل (سورۂ مومنون کی آخری چار آیات اور اذان سات سات مرتبہ دن میں بار بار پڑھیں) سے میرا ایک امتحان پاس ہوا جس کا مجھے یقین ہی نہیں تھا۔ میں تین دفعہ اس امتحان میں ناکام ہوا تھا اس عمل کی برکت سے اللہ کی نوازش سے میرا یہ مسئلہ حل ہوگیا۔ اس عمل کی برکت سے ہمیں کاروبار میں بھی دن بدن فائدہ ہورہا ہے۔ ہم نے حلال کی تلاش میں دبئی میں ایک کاروبار شروع کیا تھا اس میں دن بدن ترقی ہورہی ہے۔ اس کے لیے ہم صدقہ بھی کررہے ہیں۔ آپ دعا فرمائیں اللہ تعالیٰ اسی طرح اس کاروبار میں ترقی عطا فرماتا رہے۔
جنوری 2013 کے عبقری میں ایک عمل چھپا تھا شیخ جمال الدین یونس رحمۃ اللہ علیہ سجاوندی کی روح کو دو رکعت نفل نماز پڑھ کر ایصال ثواب کردیا جائے اور ایک کاغذ پر دعا لکھ کر پانی میں اسے بہادیا جائے تو ہفتے کے اندر اندر ہر جائز حاجت پوری ہوجاتی ہے۔ میرے والد کو دو مہینے پہلے شدید معدے کی تکلیف شروع ہوگئی‘ ساری ساری رات وہ سو نہیں سکتے۔ معدے میں شدید درد ہوتا رہتا۔ معدے کے اندر پانی کا ایک گھونٹ بھی نہ جاتا تھا۔ اگر کچھ کھالیتے تو درد اور بڑھ جاتا۔ ہم نے کافی ڈاکٹرز کودکھایا لیکن حالت دن بدن بگڑتی جارہی تھی۔ پھر میں نے دو رکعت نفل پڑھ کر شیخ جمال الدین یونس رحمۃ اللہ علیہ کی روح کو ایصال ثواب پہنچایا اور بہتے پانی میں کاغذ پر دعا لکھ کر پانی میں بہادی۔ آپ یقین جانیں صرف تین دن میں میرے والد صاحب کی تکلیف دور ہوگئی۔ اس کے بعد میں نے جس حاجت کیلئے اس عمل کو کیا میری ہر جائز حاجت پوری ہوگئی۔
میں الرجی کا مریض تھا۔ مارچ اپریل میں بہت تکلیف ہوتی تھی۔ ہروقت چھینکیں‘ نزلہ‘ زکام اور سانس کی تکلیف ہوتی۔ میں اپنے ان امراض سے نجات کیلئے روزانہ روحانی غسل (غسل کرنے سے پہلے اور بعد اول و آخر درودشریف پڑھیں دوران غسل دل ہی دل میں باتھ روم جانے والی دعا مسلسل پڑھیں)کرنا شروع کردیا۔ روحانی غسل کی بدولت اور ہر نماز میں آخری چھ سورتیں پڑھنے کی وجہ سے میں اب بالکل تندرست ہوں۔ (عثمان علی‘ حسن ابدال)
امتحان کیلئے داخلہ اعمال سے گیا
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! 2009ء کی بات ہے میں نے امتحان دینے تھے‘ میں نے چونکہ گھر میں تیاری کی تھی اور امتحان میں چند دن باقی تھے۔ اپنے والد صاحب سے عرض کیا کہ میرا داخلہ فارم بھجوادیں تو میرے ابوجی کو غصہ آگیا کہ تم نے اپنی مرضی سے گھر میں تیاری کی ہے۔ یونیورسٹی میں اپنی مرضی سے امتحان لیا جاتا ہے گھر میں تیاری کرنے والوں کا نہیں تو جب میںابوجی سے دوبارہ عرض کیا تو ابو نے کہا میں نے وہاں بات کی ہے ۔ میں نے اس دوران فَقُطِعَ دَابِرُ الْقَوْمِ الَّذِیْنَ ظَلَمُوْا وَ الْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِینَ (انعام45) 31 بار عشاء کی نماز کے بعد پڑھنا شروع کردی اس وظیفہ کو تین دن پورے ہوئے اور ادھر سے ابوجی میرا داخلہ فارم لے آئے اور میں نے اس آیت اور دعاکی برکت سے اپنے امتحانات دئیے اور کامیاب ہوئی۔ اس کےعلاوہ میرے گلے میں ٹانسلز تھے میں نے وضو کے بعد تین گھونٹ پانی پینا شروع کردیا جس سے اب کافی دیر ہوگئی ہے میرے گلے میں کبھی درد نہیں ہوا۔ غدود پہلے سے کافی کم ہوگئے ہیں انشاء اللہ مجھے امید ہے کہ اس عمل کی برکت سے وہ بھی ختم ہوجائیں گے۔پاؤں کی الرجی ایک بار عمل کرنے سے ختم:محترم حضرت حکیم صاحب! کم و بیش چھ سات سال سے میرے پاؤں پر پانی لگنے سے الرجی ہوجاتی تھی جس سے بہت زیادہ خارش ہوتی ۔ میں نے اس کیلئے روحانی غسل کرنا شروع کردیا‘ صرف پہلی ہی بار روحانی غسل کرنے سے الرجی ختم ہوگئی۔ اب میں روحانی غسل جسم کی دردوں‘ روح کو تازہ کرنے اور گناہوں کے اثر کو زائل کرنے کیلئے روحانی غسل کرتی ہوں۔(ش،غ)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں