قیصر نیاز‘ لاہور
میں اپنے ایک سفر میں تھا۔ ایک رات میں نے ایسی جگہ گزاری جہاں درندے بکثرت تھے۔ درندے میرے درپئے آزار تھے‘ پہلے میں خوفزدہ ہوا پھر میں ایک اونچے ٹیلے پر بیٹھ گیا اور درودشریف پڑھنا شروع کردیا کیونکہ حدیث شریف میں ہے کہ جو شخص ایک بار مجھ پر درود بھیجتا ہے اللہ تعالیٰ اس پر دس مرتبہ رحمت نازل فرماتاہے
آپ ﷺ کی شفقت درود شریف کی برکت سے
ایک بزرگ کہتے ہیں کہ میں نے عبداللہ بن المکی کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ میں نے ابوالفضل القولی کو یہ فرماتے سنا کہ ایک شخص خراسان سے آیا اور اس نے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ میرے خواب میں تشریف لائے حالانکہ میں مدینہ طیبہ میں مسجد میں تھا۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جب تو ہمدان جائے تو ابوالفضل کو میری طرف سے سلام پہنچانا‘ میں نے عرض کی: یارسول اللہ ﷺ اتنی بندہ نوازی کیوں؟ ارشاد فرمایا: وہ مجھ پر ہر روز سومرتبہ یا اس سے زیادہ مرتبہ یہ درود پڑھتا ہے۔اَللّٰھُمَّ صلِّ عَلٰی مُحَمَّدِ نِ النَّبِیِّ الْاُمِّیِّ وَعَلٰی آلِ مُحَمَّدٍ جَزَیِ اللّٰہُ مُحَمَّدًا صَلَّی اللّٰہُ وَسَلَّمَ عَنَّا مَاھُوَ اَھْلُہٗ
ہاتھ کا ورم ٹھیک ہوگیا
ایک بزرگ عبدالرحیم بن عبدالرحمن رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ ایک دفعہ غسل خانہ میں گرنے کی وجہ سے میرے ہاتھ میں بہت سخت چوٹ لگ گئی۔ اس کی وجہ سے ہاتھ پر ورم ہوگیا۔ میں نے رات بہت بے چینی میں گزاری۔ میری آنکھ لگ گئی تو میں نے رسول کریم ﷺ کی خواب میں زیارت کی‘ میں نے اتنا عرض کیا تھا کہ یارسول اللہ ﷺ حضور نے ارشاد فرمایا: کہ تیرے کثرت درود نے مجھے گھبرا دیا‘ میری آنکھ کھلی تو تکلیف بالکل جاتی رہی تھی اور ورم جاتا رہا تھا۔ (القول البدیع)
لقوہ کے مرض سے شفاء
ایک بزرگ درود شریف کی فضیلت بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ مجھے اچانک لقوہ ہوگیا۔ اس پریشانی اور بیماری کے دوران میں نے ہر روز پانچ سو مرتبہ درود پاک کا ورد کرنا شروع کردیا۔ ابھی درود پاک پڑھتے ہوئے دس بارہ دن ہی گزرے تھے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے اس بیماری سے مکمل طور پر شفاء عطا فرمادی۔اس کے بعد سے درودشریف پڑھنا میرا معمول ہوگیا۔ (کشف القلوب)
بیماری شفاء میں بدل گئی
ایک بادشاہ بیمار ہوا‘ بیماری کی حالت میں چھ مہینے گزرگئے کہیں سے آرام نہ آیا۔ بادشاہ کو پتہ چلا کہ حضرت شیخ شبلی رحمۃ اللہ علیہ یہاں آئے ہوئے ہیں اس نے درخواست کی کہ آپ تشریف لائیں جب آپ تشریف لائے تو دیکھ کر فرمایا: فکر نہ کرو اللہ تعالیٰ کی رحمت سے آج ہی آرام ہوجائے گا۔ آپ نےدرود پاک پڑھ کر اس کے جسم پر ہاتھ پھیرا تو اسی وقت وہ تندرست ہوگیا۔ یہ ساری برکت درود پاک کی ہے۔ (راحۃ القلوب ص۶۱)
درندوں سے حفاظت
ابوالحسن شاذلی رحمۃ اللہ علیہ نے کہا ہے کہ میں اپنے ایک سفر میں تھا۔ ایک رات میں نے ایسی جگہ گزاری جہاں درندے بکثرت تھے۔ درندے میرے بالکل قریب تھے‘ پہلے میں خوفزدہ ہوا پھر میں ایک اونچے ٹیلے پر بیٹھ گیا اور درودشریف پڑھنا شروع کردیا کیونکہ حدیث شریف میں ہے کہ جو شخص ایک بار مجھ پر درود بھیجتا ہے اللہ تعالیٰ اس پر دس مرتبہ رحمت نازل فرماتاہے۔
اس لیے جب اللہ تعالیٰ مجھ پر رحمت فرمائے گا تو میں ساری رات اللہ تعالیٰ کی حفاظت میں گزاروں گا۔ درندے مجھے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکیں گے۔ میں نے ساری رات درود پاک پڑھنے میں گزار دی اور ساری رات میں کسی چیز سے نہیں ڈرا۔ اللہ تعالیٰ نے ساری رات درود پاک کی برکت سے میری حفاظت فرمائی۔ (فضائل درود شریف)
درود پاک کی برکت سے فاقہ دور ہوگیا
ایک بزرگ حضرت شیخ ابوالحسن بن حارث لیثی رحمۃ اللہ علیہ جو کہ پابند شریعت اور متبع سنت اور درود و سلام کی بہت زیادہ کثرت کرتے تھے۔ فرماتے ہیں مجھ پر گردش کے دن آگئے‘ فقرو تنگدستی یہاں تک بڑھی کہ فاقہ کی نوبت آگئی۔ اسی عالم فاقہ مستی میں عید کی رات آگئی۔ میں بے حد پریشان تھا کہ صبح عید کا دن ہے‘ بچوں کیلئے نہ کوئی نئے کپڑے ہیں اور نہ ہی کھانے پینے کی چیزیں ہیں۔ ابھی رات کی چند گھڑیاں گزری ہوں گی کہ کسی نے دروازے پر دستک دی۔
جب میں نے دروازہ کھولا تو ہاتھوں میں قندیلیں اٹھائے ہوئے کچھ لوگ دروازہ پر کھڑے ہیں‘ میں بے حد پریشان تھا کہ نہ جانے اس وقت یہ لوگ کیوں کھڑے ہیں کہ ان میں سے ایک خوش پوش شخص جو اس علاقے کا رئیس تھا آگے بڑھا اور اس نے بتایا الحمدللہ میں ابھی ابھی سورہا تھا کہ میری قسمت کا ستارہ چمک اٹھا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ شہنشاہ کونین ﷺ میرے غریب خانہ پر تشریف لائے ہیں اور مجھ سے فرما رہے ہیں کہ ’’ابوالحسن اور اس کے بچے بڑی تنگدستی اور فقروفاقہ کے دن گزار رہے ہیں تجھے اللہ عزوجل نے بہت کچھ دے رکھا ہے‘ جا اور جا کر ان کی خدمت کر۔ اس کے بچوں کیلئے کپڑے بھی ساتھ لیتا جا اور کچھ خرچ بھی دے آنا کہ وہ اچھے طریقے سے عید کرسکیں اور خوش ہوجائیں‘‘
یہ کچھ سامان عید قبول فرمائیں اور میں درزی کو بھی ساتھ لیتا آیا ہوں آپ بچوں کو بلائیں تاکہ ان کے لباس کاناپ لے کر ان کے کپڑے تیار کردئیے جائیں۔ پھر اس رئیس نےدرزیوں کو حکم دیا کہ پہلے بچوں کے کپڑے تیار کر اور بعد میں بڑوں کے۔ لہٰذا صبح ہونے سے پہلے سب کچھ تیار ہوگیا اور صبح گھر والوں نے خوشی خوشی عید منائی۔ (سعادۃ الدارین)
درود پاک کا نور آسمان تک
ابوالقاسم مروزی کہتے ہیں کہ میں اور میرے والد رات میں حدیث کی کتاب کا مطالعہ کیا کرتے تھے۔ خواب میں دیکھا گیا کہ جس جگہ ہم مطالعہ کیا کرتے تھے اس جگہ ایک نور کا ستون ہے جو اتنا اونچا ہے کہ آسمان تک پہنچ گیا۔ کسی نے پوچھا یہ ستون کیسا ہے؟ تو بتایا گیا کہ وہ درودشریف ہے جس کو یہ دونوں کتاب کے مطالعے کے وقت پڑھا کرتے تھے۔ (القول البدیع‘ سعادۃ الدارین)
ہر چیز کی چابی درود شریف
ایک جلیل القدر بزرگ سیدنا ابوالعباس تیجانی رحمۃ اللہ علیہ کا قول ہے کہ نبی اکرم حبیب محترم ﷺ پر درود پاک پڑھنا ہر چیز کی چابی ہے‘ انوار و اسرار حاصل کرنے کی چابی ہے۔ غیوب و معارف کی چابی ہے تو جو شخص اس سے الگ ہوگیا وہ کٹ گیا اور دھتکارہ گیا۔ اس کو اللہ تعالیٰ کے قرب سے کچھ حصہ نہیں ہے۔ (سعادۃ الدارین صفحہ۹۲)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں