اگر کسی گھر میں جنات نے گھر کرلیا ہو یا جادو سفلی کے اثرات سے گھر کے اکثر افراد طرح طرح کی بیماریوں میں مبتلا رہتے ہوں اور گھر میں خیروبرکت ختم ہوگئی ہو‘ گھر میں لڑائی جھگڑا رہتا ہو یا گھر میں کسی کا دل نہ لگتا ہو یا طرح طرح کے ڈراؤنے خواب نظر آتے ہوں یا رات کو چھوٹے بچے سوتے سوتے چونک کر اٹھ جاتے ہوں اور رونا شروع کردیتے ہوں تو اس کیلئے یہ عمل مجرب ہے۔ انشاء اللہ تعالیٰ اس عمل کی برکت سے گھر کے حالات درست ہوجائیں گے اور گھر ہر قسم کے اثرات بد سے محفوظ ہو جائے گا۔ عمل یہ ہے:۔
صبح سورج نکلنے کے بعد اور شام کو سورج غروب ہونے سے پہلے کسی ایک کمرے میں کوئی شخص باوضو کمرے کے درمیان کھڑے ہوکر درمیانی آواز سے اذان دے اور آسمان کی طرف پھونک مار دے۔ پھر اسی جگہ کھڑے ہوکر دوبارہ اذان دے اور اذان ختم کرنے کے بعد قبلہ کی طرف منہ کرکے پھونک مار دے پھر اسی جگہ کھڑے ہوکر تیسری مرتبہ اذان دے کر شمال کی طرف (یعنی اپنے داہنی طرف) پھونک مار دے۔ پھر اسی جگہ کھڑے ہوکر چوتھی مرتبہ اذان دیکر جنوب (قبلہ کی طرف منہ کرکے اذان دیں گے تو جنوب بائیں طرف ہوگا) کی طرف پھونک ماردیں۔ پانچویں بار اذان دے کرمشرق کی طرف پھونک مار دیں۔ چھٹی بار اذان دے کر زمین کی طرف پھونک مار دیں۔ اس طرح کل چھ مرتبہ اذان پڑھی جائے گی۔ اس کے بعد اسی جگہ اذان دینے والا یہ دعا کرے۔
’’اے پروردگار عالم! غیبی مخلوق اور ارواح خبیثہ کے اثرات بد اور نقصان سے ہماری حفاظت فرما اور انہیں کسی اور جگہ منتقل ہونے کی توفیق عطا فرما۔‘‘
اس کے بعد تین بار درود شریف پڑھ کر جملہ اہل خانہ پر دم کردے۔ اس طرح یہ عمل اکتالیس دن تک کرے۔ انشاء اللہ تعالیٰ مکان جنات اور تمام برے اثرات سے پاک و صاف ہوجائے گا۔
جس شخص کا جو کام اٹک گیا ہو اور مقصد میں کامیابی نظر نہ آتی ہو تو ا س کیلئے یہ عمل تیربہدف اور نہایت پرتاثیر ہے۔ عمل یہ ہے:۔
اگر کوئی شخص بعد نماز عشاء باوضو اول گیارہ بار درودشریف پڑھے اس کے بعد ایک سو ستر بار آیۃ الکرسی پڑھے اس کے بعد گیارہ بار درودشریف پڑھ کر دعا مانگے۔ یہ عمل ستر دن تک بلاناغہ کرنا ہے۔ انشاء اللہ تعالیٰ ہرجائز مقصد میں کامیابی حاصل ہوگی۔
اگر کوئی شخص کسی خطرناک بیماری میں مبتلا ہویا علاج کے دوران کوئی دوا اثر نہ کرتی ہو یا مرض روزبروز بڑھتا جارہا ہو تو ایسی حالت میں باوضو تین بار درود شریف پڑھے اس کے بعد گیارہ بار آیۃ الکرسی پڑھے آخر میں پھر تین بار درودشریف پڑھ کر اپنے دونوں ہاتھوں کی ہتھیلیوں پر دم کرکے تمام بدن پر پھیرلے اگر خود نہ پڑھ سکتا ہو تو کسی بھی عورت مرد بچے سے پڑھوا کر ہتھیلیوں پر دم کرا کر تمام بدن پر پھیرلے۔ اسی طرح اول و آخر تین تین بار درودشریف اور اس کے بعد گیارہ بار آیۃ الکرسی باوضو پڑھ کر ایک بوتل پانی پر دم کرے اور وہ پانی تمام دن پیتا رہے۔ انشاء اللہ تعالیٰ ہر قسم کے امراض جسمانی سے نجات حاصل ہوگی۔
کسی شخص نے قرض لیا مگر حالات اتنے بگڑگئے کہ قرض کا بوجھ اترنا مشکل ہوگیا اور قرض خواہ اپنی رقم کے لیے گھر کے چکر کے چکر لگارہے ہیں یہ منہ چھپاتا پھررہا ہے۔ قرض سے جان چھڑانے کے تمام راستے بند ہیں کوئی حل سمجھ میں نہیں آتا۔ اس سلسلے میں یہ عمل بڑا مفید اور کارآمد ہے۔ عمل یہ ہے:۔
رات کو سوتے وقت تازہ وضو کرکے پاک و صاف بستر پر لیٹ جائیں اور اول تین بار درودشریف پڑھیں اس کے بعد ایک سو ستر مرتبہ آیۃ الکرسی پڑھیں اور آخر میں پھر تین بار درود شریف پڑھ کر کسی سے بات نہ کریں اور قبلہ کی طرف چہرہ کرکے سوجائیں۔ سوجانے کے بعد کسی طرف چہرہ گھوم جائے یا دوسری طرف کروٹ لے لی جائے تو کوئی حرج نہیں ہے۔
انشاء اللہ تعالیٰ خواب میں راستہ بتادیا جائے گا یا قرض سے نجات کا عمل بتادیا جائے گا یا پھر قرض کی ادائیگی کے اسباب غیب سے پیدا ہوں گے۔
اگر کوئی شخص شدید اور لاعلاج مرض میں مبتلا ہو‘ علاج کے باوجود مرض بڑھتا چلا جاتا ہو۔ افاقہ کی جگہ مرض میں اضافہ ہوتا جارہا ہو تو ایسی صورت میں مریض کے سرہانے بیٹھ کر ایک تسبیح یَاسَلَامُ یَااَللّٰہُ کی پڑھے اور تسبیح پوری ہونے پر تسبیح کومریض کے سرہانے (تکیہ) کے نیچے رکھ دے۔
پھر اگلے دن اسی وقت ایک تسبیح پڑھ کر پھر تسبیح مریض کے تکیہ کے نیچے رکھ دے۔ یہ عمل اسی طرح کرتا رہے انشاء اللہ تعالیٰ چند دن کے عمل سے مریض صحت یاب ہوجائے گا۔ یہ بہت مجرب عمل ہے۔
اگر کوئی شخص کسی بیماری یا کمزوری کے سبب بے ہوش ہوگیا ہو یا اثرات بد یا جن بھوت پریت کے سبب ہوش و حواس کھوبیٹھا ہو اور بہکی بہکی باتیں کررہا ہو تو اس کے سرہانے بیٹھ کر تین سو بار یَارَحْمٰنُ یَاسَلَامُپڑھے۔ اس کے پڑھتے ہی انشاء اللہ تعالیٰ مریض ہوش میں آجائے گا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں