خدارا رزق کمانے میں احتیاط کیجئے
خواب میں دیکھا کہ چھت پر کھڑا ہوں تو آسمان پر گہرے سیاہ بادل چھانے لگے اور پھر میرے چاروں طرف سیمنٹ اور ریت سے بنے پتھر بارش کی طرح برسنے لگے اور ریت برسنے لگی، پھر خوف سے آنکھ کھل گئی۔(م۔ا، لاہور)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ رزق کے کمانے میں احتیاط سے کام لیں اور رزق حلال کی طلب کیا کریں، ورنہ اس بات کا اندیشہ ہے کہ کوئی آفت نازل نہ ہو جائے۔ واللہ علم۔
آپ کی ایک مراد پوری ہوگی
میں نے دیکھا کہ ہمارا ایک زمین کا ٹکڑا ہے، ایسا لگتا ہے جیسے ہم نے خریدا ہو، وہاں ہمارے تمام قریبی رشتہ دار جمع ہیں، میں نے اپنی بیوہ چچی کی والدہ کو کندھوں پر اٹھایا ہوا ہے۔ ہم زمین کے ٹکڑے پر ہیں جو ہم نے خریدی ہے اور میں جس طرف جاتا ہوں ہر طرف پھل ہی پھل ہیں،انار، انگور، میٹھے وغیرہ وغیرہ۔(عمر فاروق، مظفر گڑھ)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ ایک مراد پوری ہوگی تاہم اخلاص نیت کا اہتمام کریں (یَافَتَّاحُ یَارَزَّاقُ) 313 بار پڑھ کر دعا کرلیا کریں (بعد نماز عشاء) واللہ اعلم۔
اللہ والوں کا روحانی فیض
میں نے دیکھا کہ لوگوں کا بہت بڑا ہجوم ہے، سخت گرمی اور دھوپ سے دوپہر کے وقت پیر علی ہجویری المعروف داتا صاحب رحمۃ اللہ علیہ لاہور کے گیٹ کے سامنے سڑک پر لوگ پیاس اور دھوپ سے تھکے ہارے کھڑے ہیں، میں بھی ان میں شامل ہوں اور سوچتا ہوں کہ کہیں سے پانی اور چھائوں مل جائے۔ اتنے میں دربار کا مین گیٹ کھولا جاتا ہے جس کا رخ بھاٹی گیٹ چوک کی طرف ہے اور اندر داخل ہونے کے لیے مجھے بلایا جاتا ہے۔ میرے ساتھ میرے دو دوست بھی اندر جاتے ہیں۔ اندر ٹھنڈی اے سی کی ہوائیں ہماری طرف چلائی جاتی ہیں، بیٹھنے کے لیے کرسیاں دی جاتی ہیں اورجگ جو تعداد میں چار سے زیادہ تھے اور گلاسوں میں ٹھنڈا پانی پیش کیا جاتا ہے، لیکن پانی دینے والے لوگ نظر نہیں آتے۔ نامور سیاسی لوگ بھی اس جلوس میں شامل تھے لیکن مجھے اور میرے ساتھ دو لوگوں کو ہی اندر بلایا جاتا ہے۔(م۔س،لاہور)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کو اللہ والوں کا روحانی فیض نصیب ہوگا، بہتر ہوگا کہ آپ متبع شریعت و سنت بزرگ سے اپنا روحانی اصلاحی تعلق قائم کرلیں۔ واللہ اعلم
ایک عورت نے یرغمال بنالیا
میں نے خواب میں دیکھا کہ ہمارے ہاں ایک عورت آئی ہے، اس نے ہم لوگوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ میں پتہ نہیں کسی بات پر اس سے بحث کرتی ہوں، تو وہ میرے سر پر ہاتھ رکھ کر میرے بال نوچ لیتی ہے، اس کے ہاتھ میں میری ایک لٹ آجاتی ہے۔ میرا دیور کہتا ہے کہ آپ کیوں بحث کرتی ہیں، پھر دیکھا کہ ہم بہت ڈرے ہوئے ہیں وہ ہم سب کے دوپٹے اتروا کر ہمیں کالے رنگ کےڈوپٹے دیتی ہے کہ یہ اوڑھو۔ اس کے ساتھ شاید ایک بچہ بھی ہے، میں اس سے نرمی سے بات کرتی ہوں تو وہ عورت مجھ سے متاثر ہو جاتی ہے۔(پوشیدہ‘ سکھر)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کو وظیفہ کی سورئہ مزمل کی رجعت ہوئی ہے جو کہ بغیر کسی اجازت کے آپ نے شروع کردیا تھا تاہم آپ اپنا اور گھر والوں کا گوشت کی صورت میں صدقہ دیں اور سورئہ الرحمن روزانہ تین مرتبہ بعد نماز فجر پڑھ کر اپنے اور گھر والوں پر دم کریں یہ عمل چالیس روز تک کرنا ہوگا۔ واللہ اعلم۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں