محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میری شادی 2005ء میں ہوئی‘ جب میری شادی کے دن مقرر ہوئے تو شادی سے 20 دن پہلے تک شادی کے اخراجات اور برات کے کھانے وغیرہ کا کوئی بندوبست نہیں تھا‘ میں اپنے بڑے بھائی کے ساتھ رہتی تھی کیونکہ میرے والدین وفات پاچکے تھے۔ میرے کل تین بھائی ہیں لیکن کچھ معاملات کی وجہ سے ان سب کی آپس میں بول چال بند تھی اور ان کے معاشی حالات بھی انتہائی خراب تھے‘ کہیں سے بھی پیسوں کا کوئی بندوبست نہیں ہورہا تھا اور نہ ہی کوئی قرضہ مل رہا تھا جب شادی میں صرف تین دن رہ گئے تو میں نے یہ دعا پڑھنا شروع کردی‘ یَامُسَبِّبَ الْاَسْبَابْ کو بے حساب یعنی لاتعداد پڑھنا شروع کردیا۔ صرف ایک دن پڑھا کہ میرے چھوٹے بھائی جن کی بڑے بھائی سے بات چیت بالکل بند تھی‘ میرے اس بھائی نے آکر مجھ سے پوچھا کہ کیا برات کے کھانے کے اخراجات کا کچھ بندوبست ہے تو میں نے رو کر کہا کہ ابھی تک کوئی انتظام نہیں ہوا۔ میرے اس بھائی نے فوراً اپنے دفتر میں اپنے باس سے بات کی تو انہوں نے بغیر کوئی تفتیش کیے حامی بھرلی‘ فوراً میرے بھائی کو اپنے گھر بلایا تمام اخراجات کا تخمینہ لگایا اور 100 باراتیوں کیلئے بہترین کھانے کا آرڈر دے دیا۔ الحمدللہ! بارات والے دن اتنے اچھے انتظامات ہوئے کہ ہر کوئی حیران تھا کہ ان کے پاس تو کچھ تھا ہی نہیں‘ اور کھانا اتنا عمدہ اور بہترین تھا کہ جس نے کھانا کھایا وہ تعریفیں کرتا ہوا پنڈال سے نکلا۔ بے شک وہ مسبب الاسباب ہے اس نے ایسی جگہ سے سبب بنایا کہ میرے وہم وگمان میں بھی نہ تھا اور اتنا زبردست سبب بنایا کہ لوگ شادی کے کافی عرصہ بعد تک میری شادی کے کھانے کی تعریفیں کرتے رہے۔ قارئین! یہ میری زندگی کا ایک بہت بڑا واقعہ ہے جسے میں مرتے دم تک نہیں بھولوں گی کہ برات سر پر ہے اور کھانے کا انتظام نہیں اور اللہ کریم نے یک دم سبب بنایا اور سب کچھ بہترین ہوگیا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں