کسانوں کے روزمرہ مسائل اور عبقری کے آسان ٹوٹکے
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں ضلع رحیم یار خان کا رہائشی ہوں‘ میرے والد محترم زمیندار ہیں‘عبقری رسالہ پڑھتے ہوئے تین سال ہوگئے ہیں ہمارا گھرا نہ کیا ہمارا پورا گاؤں عبقری بڑے شوق سے پڑھتا ہے۔ اس میں موجود ٹوٹکے اور نسخہ جات سے تمام گاؤں ہی مستفید ہوتا ہے۔ ہر چھوٹے سے چھوٹے دکاندار نے بھی ماہنامہ عبقری اپنے دروازے کے ساتھ لٹکا رکھا ہے۔ عبقری رسالہ میں ’’کسان دوست‘‘ سلسلہ سب شوق سے پڑھتے ہیں اس میں موجود وظائف اور نسخہ جات سے ہمارے جانوروں اور فصلوں کے بہت سے مسائل حل ہوئے ہیں۔ میرے پاس بھی ایک آزمودہ عمل ہے جو میرے والد نے اپنی کپاس کی فصل پر آزمایا تھا اور الحمدللہ تین سال ہوگئے ہیں کہ ہماری کپاس کی فصل بہترین ہورہی ہے‘ اس پر کسی قسم کے زہریلے حشرات‘ سنڈی یاٹڈی دل نے حملہ نہیں کیا۔ واقعہ کچھ یوں ہے کہ چند سال پہلے کی بات ہے کہ ہماری کپاس کی فصل کو زبردست کیڑا لگا اور پوری فصل برباد ہوگئی‘ میرے والد نے لاکھ جتن کیے مگر ستر فیصد فصل برباد ہوگئی۔ بڑی پریشانی ہوئی کہ اتنی محنت اور سرمایہ لگانے کے بعد جو لگایا وہ بھی بمشکل پورا ہوسکا اور بچت کچھ بھی نہ ہوئی۔اگلے سال پھر کپاس لگائی‘ مہنگی ترین سپرے کروائی مگر پھر بھی سنڈی کا حملہ ہوگیا اور ٹھیک ٹھاک نقصان اٹھانا پڑا۔ میرے والد بہت زیادہ پریشان ہوئے کیونکہ مسلسل دو سال سے فصل نقصان دے رہی تھی۔
چند ماہ بعد میرے والد کسی کام سے ملتان گئے‘ وہاں ان کے دوست نے حال احوال پوچھا تو میرے والد نے اپنی پریشانی اپنے دوست سے بیان کی‘ میرے والد کے دوست جن کا نام چاچاظفر ہے‘ انہوں نے کہا کہ میرے پاس ایک عمل ہے جب بھی فصل کو پانی دو‘ سپرے کرو یا ویسے ہی روزانہ صرف 313 مرتبہ پڑھ کر یہ آیت دم کردیا کرو۔
روزانہ یا ہفتے بعد ہی فصل کے پاس کھڑے ہوکر درج ذیل آیت پڑھ کر وہیں کھڑے کھڑے تصور کرکے فصل کے چاروں طرف پھونک مار دیا کرو۔ ان شاء اللہ ہر قسم کی ٹڈی‘ سنڈی اور زہریلے حشرات سے فصل محفوظ رہے گی۔
میرے والد نے وہ سورۂ اور آیت نمبر ایک صفحہ پر لکھ لی‘ گھر آکر مجھے دی‘ اس بار پھر ہم نے کپاس کی فصل لگائی‘ سپرے کی اس پر بھی اس آیت کو313 مرتبہ پڑھ کر دم کیا‘ لگاتے تب بھی 313 مرتبہ یہ آیت پڑھتے‘ اور ویسے بھی کبھی سات دن‘ کبھی گیارہ دن یا کبھی 21 دن بعد یہ آیت 313 مرتبہ پڑھ کر فصل کو دم کرتے رہے۔ میرے والد حیران رہ گئے اردگرد کی فصلوں پرسنڈی اور ٹڈی نے حملہ کیا مگر ہماری فصل بالکل محفوظ تھی اورفصل اتنی شاندار ہوئی کہ گزشتہ نقصان کی بھی تمام کسر نکل گئی اور فصل کامنافع بھی ٹھیک ٹھاک ہوا۔ اب تو میرے والد نے دیگر کسان بھائیوں کو بھی یہی وظیفہ بتایا ہوا ہے جو بھی یقین ‘ توجہ اور دھیان سے کرتا ہے اس کی فصل پر کوئی کیڑا‘ سنڈی یا زہریلے حشرات جیسے چوہے وغیرہ حملہ نہیں کرتے۔یقیناً عبقری کسان بھائی بڑے شوق سے پڑھتے ہیں میرا ان کو بھی مخلصانہ مشورہ ہے کہ ہمارا یہ آزمودہ عمل یقین کے ساتھ ضرور آزمائیے‘ اپنی زکوٰۃ اور عشر پورا تول کر دیجئے پھر دیکھئے آ پ کی فصل ہمیشہ بڑھے کبھی بھی کوئی مسئلہ آپ کی فصل کو ہرگز نہ ہوگا اور ہاں عبقری خود بھی پڑھیے اور اپنے گاؤں میں لوگوں کو بھی اس کی ترغیب دیجئے کیونکہ کسی ایک کا مسئلہ بھی حل ہوگیا تو جب تک وہ عبقری سے فائدہ اٹھاتا رہا آپ کو اس کا ثواب پہنچتا رہے گا اور آپ کے مسائل خودبخود حل ہوتے رہیں گے۔ ان شاء اللہ۔ عمل یہ ہے: مندرجہ ذیل آیت کو313 بار پڑھ کر 3دن،،7 دن،11دن یا اکیس دن بعد فصل کے اوپر پھونک ماردے۔اول وآخر تین مرتبہ درود شریف ضرور پڑھیں۔ جتنا یقین اور توجہ ہوگی اتنا جلد فائدہ ہوگا۔
قَالُوْا یٰذَاالْقَرْنَیْنِ اِنَّ یَاْجُوْجَ وَ مَاْجُوْجَ مُفْسِدُوْنَ فِی الْاَرْضِ فَهَلْ نَجْعَلُ لَكَ خَرْجًا عَلٰٓی اَنْ تَـجْعَلَ بَیْنَنَا وَ بَیْنَـهُمْ سَدًّا‘(کہف۹۴)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں