تیز بارش :میں نے خواب دیکھا کہ میری والدہ مجھے ایک گھر کے اندر لے جاتی ہیں اور صوفے پر بٹھاتی ہیں۔ میرے ساتھ میرا کلاس فیلو ’’س‘‘ بھی تیار ہوکر بیٹھا ہے۔مولوی صاحب آجاتے ہیں اور مجھے پتہ چلتا ہے کہ وہ میرا ’’س‘‘ کے ساتھ نکاح کروارہے ہیں۔ مولوی صاحب مجھ سے کہتے ہیں کہ کیا تمہیں ’’ س‘‘ کے ساتھ نکاح قبول ہے؟ تو میں کشمکش میں پڑ جاتی ہوں اور بے چین ہوجاتی ہوں تو وہاں میری دادی امی آجاتی ہیں اور کہتی ہیں یہ نہیں ہوسکتا۔ میری والدہ انہیں چپ کروادیتی ہیں اور میرا نکاح ہوجاتا ہے۔ پھر منظر بدلتا ہے اور میں ایک بستر پر بیٹھی ہوں۔ میں اٹھ کر کھڑکی کے پاس جاتی ہوں، باہر تیز بارش ہورہی ہوتی ہے۔ میں رونا شروع کردیتی ہوں اور کہتی ہوں کہ ’’ز‘‘ میں تمہیں حاصل نہ کرسکی۔ (’’ز‘‘وہ انسان ہے جسے میں بہت پسند کرتی ہوں) پھر خواب ختم ہوجاتا ہے۔ (د،لاہور)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ ان شاء اللہ آپ کی دلی مراد پوری ہوگی اور جہاں آپ چاہتی ہیں وہیں پر آپ کا رشتہ طے پاجائے گا۔ واللہ اعلم!
چھلے ہوئے لہسن :میں نے خواب دیکھا کہ میں امید سے ہوں۔ میں اپنے گھر میں ہوں، میری دو بڑی بہنیں میرے ساتھ ہیں۔ اتنے میں دوسرے نمبر والی بہن کوئی کاپی یا رجسٹر دکھاتی ہے۔ اس میں لہسن لکھا ہوتا ہے اور میری بہن برتن میں لہسن نکالتی ہے تو دو تین اضافی نکال لیتی ہے۔ میں کہتی ہوں نہیں زیادہ نہ نکالو مجھے ویسے بھی لہسن پسند نہیں، آٹھ ہی کافی ہیں۔ مجھے ایسا لگتا ہے جیسے کہ ڈلیوری میں لہسن کھانا پڑتا ہے۔ میری بہنیں بھی مجھے شاید یہی کہہ رہی ہوتی ہیں۔ لہسن چھلا ہوا ہوتا ہے۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ (صائمہ‘کراچی)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کے اور آپ کی بہنوں کے ساتھ بندشوں کی وجہ سے رکاوٹیں پیش آرہی ہیں اور اس وجہ سے رشتے نہیں ہو پارہے۔ تاہم اس بات کا اشارہ بھی ہے کہ کسی مستند عامل سے بندش کی کاٹ کروالیں تو انشاء اللہ یہ بندش ختم ہوجائے گی، تاہم روزانہ معوذتین 313بار صبح و شام تمام بہنیں 90 دن تک پڑھ لیں۔ پڑھنے کے بعد دعا کرلیا کریں۔
سبزی پری :تقریباً ایک ہفتے سے میں خواب دیکھ رہی ہوں کہ آسمان پر بہت سارے ستارے چمک رہے ہیں اور ان سے کوئی شکل بنی ہوئی ہے۔ مثلاً ایک بار دیکھا کہ بہت سے ستارے مل کر سانپوں کی شکل بنارہے ہیں، کبھی کارٹونوں کی اور یہ بھی دیکھا کہ آسمان سے ایک پری اتری ہے۔ میں، میری دو بہنیں، ہم تینوں بیٹھی ہوئی ہیں، مگر میں صرف پری سے بات کررہی ہوں، پھر اچانک کالے رنگ کا بڑا سا کوا آسمان سے آتا ہے، پری سبز اور لال روشنی سے ہمیں اس کوے سے بچاتی ہے۔ میری بہن کے اور میرے دائیں ہاتھ سے بھی روشنی نکل رہی ہوتی ہے۔ (س‘مردان)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ کسی کام میں سخت رکاوٹ اور پریشانی کے بعد اچانک غیبی مدد پہنچے گی اور وہ کام آسانی سے پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔ آپ سورہ بروج صبح و شام پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔
زہریلے سانپ : میں نے خواب دیکھا کہ میں غیر شادی شدہ لڑکی ہوں، میری والدہ(مرحومہ) جوان اور خوبصورت میرے قریب بیٹھی ہیں، ہم دونوں ایک اونچے اسٹیج پر ہیں سامنے کرسیوں پر بہت سے مہمان بیٹھے ہیں ، میرے ارد گرد میرے بہت پیارے لوگ ہیں۔ ہم جیسے کوئی کامیڈی ٹاک شوکررہے ہیں، سامنے سب لوگ خوب ہنس رہے ہیں، سامنے اسٹیج کے نیچے دوسری جانب میری انگریزی کی استاد بیٹھی ہیں، اچانک ایک طرف سے میراکلوتا بیٹا آتا ہے اور ان کا مذاق اڑانے لگتا ہے۔ ( ان کا قد بہت چھوٹا تھا) میں غصے سے نیچے اتر کر بیٹے کو ڈانٹتی ہوں، میری استاد کے پائوں میں جوتا نہیں ہے، میں ان سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتی ہوں اور ان کے پائوں، ہاتھ سے صاف کرکے اپنے ہاتھوں سے دباتی ہوں۔ وہ مجھے پیار کرتی ہیں، اچانک ایک طرف سے تین سانپ نمودار ہوتے ہیں جن کی لمبائی 3 میٹر سے زیادہ ہے اور موٹائی بھی کافی ہے، تینوں کی رنگت زرد، سنہری اور سیاہ مینا کاری جیسی ہے، میں دایاں ہاتھ بڑھاکر ان تینوں کے سر ایک کے اوپر ایک کرکے اپنی شہادت کی انگلی اور دائیں ہاتھ کے انگوٹھے کی پہلی ہڈی کے جوڑ سے دباکر ان کے حلق سے نیچے کس کر پکڑ لیتی ہوں، اس طرح کہ وہ ڈنک نہیں مارسکتے۔ ان کے جسم بھی بے حر کت ہوگئے ہیں لیکن مجھے یہ خطرہ ہے کہ میں نے ہاتھ ڈھیلا چھوڑا تو یہ ڈس لیں گے۔ میں انہیں ویسے ہی دباکر بھاگتی ہوں کہ کوئی میری مدد کرو، انہیں ماردو، یہ ڈس نہ لیں مگر سارا مجمع چھٹ جاتا ہے، سب بے پروا ہوکر ادھر اُدھر بکھر جاتے ہیں۔ میں بھاگ کر بڑی سڑک پر آجاتی ہوں، کچھ لوگ چارپائیوں پر سوئے ہوئے ہیں، جاگ کر سر اٹھاتے ہیں ان سنی کردیتے ہیں، اردگرد کھڑے لوگ بھی منہ موڑ لیتے ہیں، میرے خاوند جوان دکھائی دیتے ہیں، وہ بھی پیٹھ موڑ کر کھڑے ہوجاتے ہیں، میں تھک جاتی ہوں، ہاتھ درد کررہا ہے، تھوڑا ڈھیلا پڑتا ہے تو سانپ کلبلا کر منہ کھولنے لگتے ہیں، مگر وہ تینوں سانپ اچانک منہ کھول کر سرخ اور زرد رنگ کا گاڑھا زہر زمین پر اگل دیتے ہیں اور ڈھیلے پڑ جاتے ہیں۔ وہ زہر اتنی مقدار میں ہے کہ ادھر اُدھر بہنے لگتا ہے۔ میں اونچی آواز میں سب کو خبردار کرتی ہوں کہ دور ہوجائو، یہ زہر پائوں میں نہ لگ جائے۔ میرے خاوند کے پائوں کی ایڑھیاں ننگی نظر آتی ہیں مگر زہر سے بچی ہوئی ہیں، اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔ (سائرہ بانو‘ راولپنڈی)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کو اپنے دشمنوں پر مکمل فتح اور کامیابی حاصل ہوگی۔ آپ سورۂ نصر21 مرتبہ بعد نماز فجر پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔ واللہ اعلم!
کالی عورت: میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک گھر میں داخل ہوتا ہوں، وہاں ایک کالی موٹی عورت ملتی ہے اور مجھے دھمکی دیتی ہے کہ چلے جائو ورنہ تم پر الزام لگادوں گی۔ دائیں بائیں بہت سی بھینسیں ہوتی ہیں، میں وہاں سے نکل آتا ہوں، پھر کسی اور گھر میں داخل ہوتا ہوں، وہاں کے حالات خراب ہوتے ہیں، پھر واپس ایک گلی میں آتا ہوں آگے چل کر پتہ چلتا ہے کہ گلی بند ہے، پھر دوسری اور تیسری گلی میں جاتا ہوں۔ پتہ چلتا ہے کہ وہ گلیاں بھی بند ہیں اور جانے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ کچھ دن بعد اسی طرح ایک خواب اور دیکھا کہ میں کسی آبادی، گائوں یا شہر کی فضائوں میں اڑ رہا ہوں، کافی دیر اڑنے کے بعد آگے سے دیکھتا ہوں میرا راستہ بند ہے اور میں اڑ کر آگے نہیں جاسکتا۔ (محمد مجید‘سرگودھا)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کے ساتھ اثرات کی وجہ سے بندش لگی ہوئی ہے تاہم آپ حسب توفیق کچھ صدقہ دیں اور بعد نماز عشاء سورہ یونس کی آیت نمبر81، 313مرتبہ پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔ یہ عمل کم از کم 90 دن تک کرنا ہوگا۔ واللہ اعلم!
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں