یہ صفحہ خواتین کے روز مرہ خاندانی اور ذاتی مسائل کیلئے وقف ہے۔ خواتین اپنے روز مرہ کے مشاہدات اور تجربات ضرور تحریر کریں۔ نیز صاف صاف اور صفحے کے ایک طرف مکمل لکھیں۔ چاہے بے ربط ہی کیوں نہ ہوں۔
اونچی ایڑی کی سینڈل
میں اونچی ایڑی کی سینڈل پہنتی ہوں۔ رفتہ رفتہ میری ایڑی میں گہرے چیر پڑگئے۔ مرہم لگانے سے آرام آتا ہے مگر چند روز بعد جگہ سرخ ہوکر پھول جاتی ہے اور دوبارہ چیرپڑ جاتے ہیں۔ میرے دونوں پائوں سوجے رہتے ہیںاور پنڈلیوں میں درد رہتا ہے۔ اس تکلیف سے کیسے نجات ملے گی؟ طرح طرح کی کریمیں استعمال کرکے تھک گئی ہوں۔ (نوشابہ ، راولپنڈی)
مشورہ:جو لڑکیاں اونچی ایڑی کے جوتے پہنیں، ان کے پیروں پر کہیں نہ کہیں دبائو پڑ کر ورم ہو جاتا ہے۔ اسی لیے اونچی ایڑی والی جوتی استعمال نہیں کرنی چاہیے۔ آپ بھی چند دن کے لیے اسے ترک کر دیجئے۔ ویسے بھی کبھی کبھار کسی تقریب میں استعمال کیجئے، ہر وقت نہیں۔ رات کو ایک برتن میں نیم گرم پانی ڈالیے۔ ایک ایک چٹکی نمک اور میٹھا سوڈا ملائیے پھر اس میں پندرہ بیس منٹ پائوں بھگوئیے۔ بعدازاں اچھی طرح تولیے سے صاف کرلیجئے۔ نیز ایک چمچہ پسی ہلدی لیں، اس میں سرسوں کا تیل ملا کر گاڑھا آمیزہ بنائیے۔ یہ آمیزہ آہستہ آہستہ پیروں پر لگائیے۔ ساتھ ساتھ انگلی سے ہلکی مالش کیجئے۔ پھر موزے پہن کر سو جائیے۔ہلدی دافع عفونت ہے۔ چند روز لگانے سے پائوں کے زخم بھر جائیں گے۔
مہندی کے تیل کاکمال
بہن کو کسی نے مہندی کے پھولوں کا تیل دیا‘ یہ تیل انہوں نے خود گھر میں بنایا ہے۔ اس کے لگانے سے بال گھنے ہو جاتے ہیں۔ اب تیل ختم ہورہا ہے کیا آپ ہمیں مہندی کے پھولوں کا یہ تیل بنانے کی ترکیب دے سکتے ہیں؟ (ماہ رخ، فیصل آباد)
مشورہ:تیل بنانے کے لیے آپ کو مہندی کے تازہ پھول درکار ہوں گے۔ اس کے بعد کھلے منہ کی بوتل یا مرتبان لیں اور اس میں پھول ڈال دیں۔ پھر تلوں کا تیل پھولوں پر ڈالیں۔ پھول ڈول جائیں تو بوتل پر ململ کا پرانا کپڑا باندھ کر اسے دھوپ میں رکھ دیں۔ دن میں ایک دو بار ہلا دیا کریں۔ دس دن بعد تیل چھان لیں۔ پھر اس میں مزید تازہ پھول ڈال دیں اور دوبارہ دھوپ میں رکھیں۔ اس طرح ہفتہ دس دن بعد پھول بدلتے رہیے۔ تین بار ایسا کیجئے۔ اب پھولوں کا تیل تیار ہے۔ اس کے لگانے سے بال مضبوط، گھنے، لمبے اور چمکدار رہتے ہیں۔ گھریلو طور پر اسی طرح برس ہا برس سے یہ تیل بن رہا ہے آپ کسی مالی سے کہہ کر پھولوں کا انتظام کیجئے۔ پھول نکالیے، تو ان کو ململ کے کپڑے میں رکھ کر نچوڑیے تاکہ تیل نکل جائے۔ پھر ان پھولوں کو بھی آپ ہاتھ سے مسل کر سر پر لگا سکتی ہیں۔ آدھ گھنٹہ بعد شیمپو کرلیں، بال چمک جائیں گے۔ پھولوں کو ضائع مت کیجئے۔
ہونٹوں کا پھڑکنا
میری عمر اٹھارہ سال ہے۔ میرے پیٹ میں بہت گیس بنتی ہے۔ کچھ بھی کھائوں، پیٹ پھول جاتا ہے۔ دوسری بات یہ کہ جب پیٹ میں تکلیف ہو تو میرا ہونٹ پھڑکنے لگتا ہے جس سے میں پریشان ہو جاتی ہوں۔ (میمونہ زریں،گوجرانوالہ)
مشورہ: ماش کی دال یا گوبھی کھائی جائے تو پیٹ پھول جاتا ہے۔ اس مسئلے سے بچنے کے لیے ہی ان میں گرم مصالحہ اور ادرک ڈالتے ہیں۔ آپ چند روز کھانے کے بعد ادرک کے ایک دو چھوٹے ٹکڑے منہ میں خوب چبایا کریں۔ ادرک ہاضم ہوتی ہے، پیٹ میں ہوا نہیں بننے دیتی۔ چھوٹے چھوٹے تین چار ٹکڑے کافی ہیں۔ نہاری میں جیسے باریک ادرک کاٹتے ہیں اسی طرح آپ کاٹ کر کھائیں۔ ماش کی دال، گوبھی، ساگ اور گائے کا گوشت پکاتے وقت اس میں ادرک ڈالنے سے نقصان نہیں ہوتا۔ آپ چھ سات دن ادرک کھائیں گی تو مسئلہ ٹھیک ہو جائےگا۔ سوکھی ہوئی ادرک کو سونٹھ کہتے ہیں۔ پنساری سے عام مل جاتی ہے۔ تھوڑی سی سونٹھ پیس کر رکھ لیں۔ ہونٹ پھڑکے تو ایک چمچہ پانی میں دو چٹکی سونٹھ کا سفوف ملاکر ہونٹوں پر لگائیے بعد میں دھولیجئے۔میرا خیال ہے ادرک کھانے سے ہی ہونٹ کی پھڑکن درست ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ آپ عبقری دواخانہ کا اصلاح معدہ‘ کورس بھی چند دن‘ چند ہفتے استعمال کیجئے ان شاء اللہ آپ کامسئلہ ہمیشہ کیلئے ٹھیک ہوجائے گا۔
ادرک کیسے محفوظ رہے؟
موسم گرما میں ادرک خراب ہو جاتی ہے۔ اندر سے کھوکھلی ہو جاتی ہے اور جڑیں نکلنے لگتی ہیں۔ ادرک کیسے محفوظ رکھی جاسکتی ہے جبکہ ہمارے پاس فریج بھی نہیں؟(رضیہ عمر، قصور)
مشورہ:ایک بار میرے پاس بہت ساری ادرک آگئی۔ ان دنوں میرے پاس بھی فریج نہیں تھا۔ میں نے گملوں میں ریت اور تھوڑی سی مٹی ملا کر بھری اور ان میں ادرک کے ٹکڑے دبا دیئے۔ دوسرے تیسرے دن پانی کا ہلکا سا چھینٹا دے دیتی ۔ جب ضرورت ہوتی تو ایک ٹکڑا نکال لیتی۔ وہ ادرک پانچ چھ مہینے صحیح رہی۔ کچھ خواتین ادرک لہسن پیس کر اس میں تھوڑا سا پکانے والا تیل ملا کر محفوظ کرلیتی ہیں۔ بھارتی خواتین تو لہسن، ادرک، مرچ، دھنیا، ہلدی اکٹھی پیس کر اور تیل میں بھون کر رکھ لیتی ہیں۔ جب بھی کھانا پکانا ہو اندازے سے مصالحہ ڈال دیا۔ یوں وقت کی بچت بھی ہوتی ہے بہرحال آپ بھی کسی گملے یا مٹی کے کونڈے میں ریت مٹی ملا کر ادرک دبا دیجئے، تازہ رہے گی۔ صرف ریت میں بھی دبا سکتی ہیں۔
ہری مرچ اور جلن
میں جب بھی ہری مرچیں کاٹتی ہوں، میرے ہاتھوں میں جلن ہونے لگتی ہے اور دو تین دن تک ہاتھ جلتے رہتے ہیں۔ بتائیےیہ جلن کیسے دور ہوگی؟ بعض دفعہ ہاتھ سرخ بھی ہو جاتے ہیں۔ (شائستہ حبیب،شیخوپورہ)
مشورہ:بازار میں ہری مرچیں، ادرک وغیرہ کاٹنے کے لیے ہاتھ سے چلانے والا چھوٹا گرائینڈر عام دستیاب ہے۔ اس میںہری مرچ، ادرک، پیاز وغیرہ ڈال کر دو منٹ چلائیے، شامی کبابوں میں بھرنے کا مصالحہ بن جائے گا۔ بازار سے دستانے بھی دستیاب ہیں۔ وہ پہن کر قینچی سے ہری مرچ کاٹ لیجئے، جلد کام ہو جائے گا، چھری چاقو سے نہ کاٹیے۔ گھر میں کپڑے دھونے کا نیل ہوتا ہے۔ آدھا چمچہ نیل تھوڑے سے پانی میں گھول کر اس میں چند منٹ ہاتھ بھگوئیے، جلن ختم ہو جائے گی۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں