(کائنات بی بی‘ مردان)
سردرد غالباً ایسا مرض ہے جس کی شکایت اکثر و بیشتر سنائی دیتی ہے طبی ماہرین ایسے تمام درد جو سر کے پچھلے حصے یا گردن کے اوپر والے حصے یا آنکھوں اور کانوں کے بالائی حصے میں وقوع پذیر ہوتے ہیں ان کو سردرد کے زمرے میں شامل کرتے ہیں۔ سردرد کی کیفیت کبھی بھی اور کسی بھی وقت شروع نہیں ہو جاتی بلکہ کئی عوامل اس کی ابتداء کا باعث بنتے ہیں مثلاً:ماہرین کے مطابق پریشانی اور دبائو سردرد شروع ہونے کی سب سے بڑی وجہ ہیں۔ تقریباً نوےفیصد خواتین و حضرات کسی بھی وقت ٹینشن لینے سے سردرد میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بے آرامی، نیند کا پورا نہ ہونا بھی اس کی وجہ بن سکتے ہیں۔
علاج کے مختلف انداز
غذائی بدپرہیزی پر قابو پائیے:اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ غذا کی کمی بیشی سے آپ کوسردرد کا عارضہ لاحق ہے تو اس کا بہترین حل یہ ہے کہ اپنے غذائی پروگرام میں ردوبدل کیجئے۔ کھانے کے فوراً بعد لیٹنے سے پرہیز کریں اور دن کے اوقات میں پانی کی مقدار زیادہ کردیں۔ زیادہ مرغن اور کیفین آور چیزوں کی زیادتی سے بچیں۔ مکمل فاقہ کشی یا کم کھانا آپ کے وزن کو کم کرسکتا ہے لیکن اگر اس کے ساتھ آپ سردرد کے مریض بن جائیں تو بہتر ہے کہ ورزش سے اس مسئلے کو حل کیا جائے۔وٹامن اور نمکیات سے مدد لیں:ماہرین غذائیات کے مطابق غذا میں وٹامن بی کمپلیکس، میگنیشیم، کیلشیم اور وٹامن سی کا استعمال سردرد کے ممکنہ حملوں کو روکنے میں مدد دے سکتا ہے۔
نباتاتی طریقہ علاج اپنائیے
روز میری، پودینہ، کیمومائل اور بالچھڑ جیسی مفید جڑی بوٹیوں کی چائے یا قہوہ کا استعمال سردرد کے دورانئے کو مختصر کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ نیم گرم سیب کا رس یا گرم پانی میں لیموں ڈال کر پینا اور کھانے میں سبز سلاد اور ٹماٹر کا استعمال بھی مفید ہوسکتا ہے برہمی نامی بوٹی یونانی اور طب مشرق میں سردرد کے علاج کے لیے استعمال میں لائی جاتی ہے۔
خوشبو سے علاج
تیز خوشبوئوں سے حساسیت سردرد شروع کرسکتی ہے لیکن بعض قدرتی خوشبوئیں سردرد کے خاتمے اور سکون کا باعث بھی بنتی ہیں۔ خوشبو سے مختلف ذہنی بیماریوں اور درد کے خاتمے کا باعث بھی بنتی ہیں۔ خوشبو سے مختلف ذہنی بیماریوں اور درد کے خاتمے کے لیے کیا جانے والا علاج آہستہ آہستہ مقبولیت پاتا جارہا ہے۔ پیپر منٹ، لیونڈر اور کیمومائل کے خوشبودار تیلوں کا مساج یا ان کی بھاپ لینا نہ صرف سکون آور ہوتا ہے بلکہ سردرد میں بھی افاقہ دیتا ہے۔
مراقبہ یا یوگا دونوں کو آزمائیے
فطری طریقہ، علاج کے سلسلے میں مراقبہ یوگا کی ہلکی پھلکی ورزشیں نہ صرف آپ کے اعصابی تنائو کو کم کرتی ہیں بلکہ اگر آپ ان کو اپنے معمول میں شامل کرلیں تو یہ جسم میں قدرتی طور پر موجود درد کم کرنے والے عناصر کی تقویت کا باعث بن جاتی ہیں۔ جو کہ آپ کو درد کے حملوں سے محفوظ رہنے میں مدد دیتے ہیں۔
اندازِ نشست و برخاست کو بدلیے
بہت دیر تک ایک ہی انداز میں بیٹھ کر کام کرنا آپ کے اعصاب کو تھکا دیتا ہے اور وہ تمام حضرات جو دفتروں میں کام کرتے ہیں دن کے خاتمے پر سر میں درد اور بھاری پن کی شکایت کرتے ہیں۔ کام کرنے کے اوقات میں ہلکی پھلکی چہل قدمی اور درست اندازِ نشست آپ کو اس سے نجات دلاسکتا ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں