محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!آج ایک ایسے مسئلہ پر تحریر لکھ رہی ہوں جس میں الفاظ ساتھ نہیں دے رہے‘ سمجھ نہیں آرہا کون سے الفاظ کا چنائوں کروں‘ اس مسئلہ پر کس طرح سے بات کروں۔دراصل میری اکلوتی بیٹی جب سے جوانی کی عمر میں پہنچی تو اس کے ساتھ کچھ شیطانی مسائل شروع ہو گئے جس کا ہمیں کافی دیر بعد جا کر علم ہوا۔وہ صبح جب نیندسے جاگتی تو کسی کو گالیاں دے رہی ہوتی جبکہ اس کے کمرے میں کوئی بھی نہ ہوتا۔اسے بہت مشکل سےاعتماد میں لیا جس کے بعد اس نےبتایا کہ رات کوکچھ شیطانی جنات مختلف رشتہ داروں کی شکل میں نظر آتے ہوں جو اس کے ساتھ نازیبا حرکات کرتے اور جسم کو نوچتے ہیں۔بیٹی کے جسم پر باقاعدہ زخموں کے نشانات بھی موجود تھے۔جب وہ صبح نیند سے بیدار ہوتی تو آنکھوں کے سامنے بھی اسے وہ شیطانی چیزیں دکھائی دیتی جنہیں وہ غصہ سے گالیاں دے رہی ہوتی۔ہم نے اس کا روحانی علاج کروانا شروع کیا تو ان شیطانی چیزوں نے مزید تنگ کرنا شرو ع کردیا اور دھمکیاں لگانا شروع کر دیں کہ ہم تمہیں کہیں کا نہ چھوڑیں گے۔کچھ جگہوں پر اس کے رشتہ کی بات چلی تو اس شیطانی مخلوق نے ایسی خباثتیں شروع کیں کہ رشتہ ختم کرنا پڑا۔
خون کے آنسو
بیٹی رات کو سو نہ پاتی‘ساری رات جاگ کر گزارنی پڑتی۔وہ ذہنی مریضہ بن گئی‘تصویروں سے باتیں اور عجیب حرکتیں کرنے لگی جسے دیکھ کر میرا دل خون کے آنسو روتا۔
ہمیں کسی نے عبقری کے بارے میں بتایا تو ایک تحریر میں پڑھا کہ گھر میںسورئہ بقرہ کی تلاوت لگانے سے شیطانی چیزوں کا صفایا ہو جاتا ہے۔اب گھر میں مسلسل سورئہ بقرہ لگا کر رکھتے ہیں۔بیت الخلاء جانے کی مسنون دعا کو مسلسل پڑھنا شروع کیا جس سے کافی بہتری آئی ہے۔شیطانی حملے کافی حد تک ختم ہو چکے ہیں‘چند مسائل ابھی بھی باقی ہیں مگر یقین ہے کہ ان شاءاللہ جلد ان سے بھی نجات مل جائے گی۔