محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!کثرتِ محنت دماغی، کمی خون، کثرت جماع، ضعف قلب وغیرہ سے دماغ کمزور ہو جاتا ہے۔ سر کے پچھلے حصے میں درد رہتا ہے، نظر کمزور ہو جاتی ہے، حافظہ خراب ہو جاتا ہے۔ایسے مسائل سے نجات‘ مضبوط قوت حافظہ اور یاداشت کی بہتری کے لئے ایک مجرب نسخہ لے کر حاضر ہوا ہوں۔اس نسخہ کو کچھ عرصہ مسلسل استعمال کرنے سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔یہ نسخہ پڑھنے میں کچھ لوگوں کو شاید آسانی کی وجہ سے معمولی لگے لیکن دماغی امراض کی صورت میںایک عجیب اکسیر ہے۔اس نسخے کو متواتر اکیس دن استعمال کرنے سے ضعف دماغ کی شکایت دُور ہو جاتی ہے، صحت پہلے سے بھی زیادہ اچھی ہو جاتی ہے۔ ایک خوراک بوقتِ صبح کھا لینے سے طبیعت تمام دن مسرور رہتی ہے۔بے جان اور سست جسم میں جان پڑ جاتی ہے‘جسم چست اور دماغ تیز چلنے لگتا ہے۔ایسے افراد جو دماغی کام کرتےہیں ان کے لئے لاجواب ہے۔جو لوگ تعلیم حاصل کر رہے ہیں میرا مشورہ ہے وہ کچھ عرصہ اس نسخے کو ضرور استعمال کریں اور پھر اس کے ثمرات اپنی زندگی میں دیکھیں‘ان شاءاللہ چند ہی دن میں اس کا بہترین رزلٹ ملے گا۔مہنگی اور بے دریغ ادویات استعمال کرکے جو لوگ اکتا چکے ہوںیا جسم ادویات کا عادی بن چکا ہو تو یہ نسخہ چند ہفتے ضرور استعمال کریں۔نسخہ درج ذیل ہے۔
ھوالشافی: مغز بادام سات عدد، الائچی خورد چار عدد، چھوہارہ عمدہ ایک عدد، مصری پانچ تولہ، مکھن گائے پانچ تولہ۔
ترکیب: مغز بادام و چھوہارہ کو رات کے وقت مٹی کے کورے برتن میں پانی ڈال کر بھگو دیں، صبح باداموں کو چھیل لیں اور چھوہارے کی گٹھلی دُور کریں، الائچی کے دانوں کو نکال کر خوب پیس لیں پھر مصری ملا کر باریک کریں۔ آخر میں مکھن ملائیں اور نوش فرمائیں۔