محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!میں گزشتہ کئی سال سے حالات کی چکی میں پس رہی تھی۔گھر اور باہر ہر طرف سے مسائل کا سامنا تھا۔سب سے بڑا مسئلہ شیطانی جنات کے اثرات کا تھا۔یہ شیطانی چیزیں مجھے ہر وقت تنگ کرتی رہتیں‘ کبھی خواب کے ذریعے اور کبھی براہ راست میرے جسم کے ساتھ خباثتیں کرتے جس وجہ سے میں اکثر ناپاک رہتی۔ان اثرات کی وجہ سے ہر وقت میری طبیعت خراب رہتی تھی۔یہ مسئلہ چند سال پرانا نہیں بلکہ جب سے ہوش سنبھالی تب سے ان مسائل کا شکار تھی۔ان شیطانی جنات نے مجھے کہیں کا نہ چھوڑا‘میری زندگی ‘میرا سب کچھ تباہ و برباد کر دیا۔شرم کے مارے کسی سے اس متعلق بات نہیں کر سکتی تھی اور نہ ہی ایسی باتوں پر کوئی یقین کرتا بلکہ ڈر تھا کہ نہ جانے اس بات کو کس رنگ میں لیا جائے گا۔میری صحت خراب سے خراب ہوتی چلی جا رہی تھی۔حالانکہ ایک معروف یونیورسٹی میں لیکچرار ہوں مگر خبیث جنات کی وجہ سے کوئی بھی شادی کے لئے تیار نہ تھا‘ کوئی بھی مناسب رشتہ نہ مل رہا تھا۔
برسوں پرانی مصیبت
ہر طرف سے مشکلات کا سامنا تھا۔اس دوران تسبیح خانہ سے تعارف ہوا‘روحانی محافل میں شرکت‘تین دن روحانی چلہ کیا جس سے کچھ بہتری ہوئی۔پھر عبقری جولائی 2022 ء کے شمارہ میں ستر حاجات کا نقش شائع ہوا۔میں نے اپنے ان تمام مسائل کی نیت سے نقش کو پُر کرنا شروع کیاجس کی برکت سے شیطانی خباثتیں کم ہونا شروع ہو گئیں۔اب ایک امید جاگ گئی کہ ان شاءاللہ زندگی سے ان چیزوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔میں نے روزانہ دو تسبیح سورئہ اخلاص کی حضرت عمررضی اللہ عنہ کی روح مبارک کو ہدیہ کرنا شروع کر دی۔اس عمل کی برکت سے میرے مسائل تیزی سے حل ہونا شروع ہو گئے۔شیطانی جنات اپنی حرکتوں سے باز آگئے اور مجھے سالوں پرانی اس مشکل اور مصیبت سے خلاصی مل گئی۔اب شادی کا مسئلہ رہ گیا تھا ‘ اس مسئلہ کے لئے بھی میں نےحضرت عمر رضی اللہ عنہ کی روح مبارک کو اعمال کا ہدیہ کرناشروع کر دیا اور ان کے وسیلہ سے اللہ تعالیٰ سے دعا مانگتی رہی۔اللہ کا شکر ہے ایک بہترین رشتہ آیا اور چند ہی ہفتوں میں منگنی بھی ہوگی‘امید ہے ان شاءاللہ جلد ہی شادی کی تاریخ بھی پکی ہو جائے گی۔(ا‘اسلام آباد)