Search

نقصان سے محفوظ
پرسکون زندگی گزارنے کے لئے مال اور جان کی حفاظت بہت ضروری ہوتی ہے کیونکہ جان کو تکلیف پہنچنے سے انسان ہمیشہ کے لئے دکھ میں مبتلا ہوسکتا ہے اور مال چھن جانے سے غربت اور افلاس کی پریشانی لاحق ہو سکتی ہے۔اس لئے مال اور جان کی حفاظت کے لئے اللہ تعالیٰ سے پناہ اور مدد مانگنا بڑا لازم ہوتا ہے لہٰذا جو شخص چاہے کہ اس کی جان اور مال باحفاظت رہیں تو اسے چاہیے کہ باوضو حالت میںاکتالیس مرتبہ بعد نماز عشاءدرج ذیل آیت کو پڑھنے کا معمول بنا لے‘ ان شاءاللہ ہمیشہ نقصان سے محفوظ رہے گا۔
اِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّکْرَ وَاِنَّا لَہٗ لَحَفِظُوْنَO(سورئہ الحجر:9)
تمام بیماریوںسے شفاء
اگر کوئی شخص بیمار رہتا ہو یامعالجوں نے اسے لا علاج قرار دیا ہو تو اس کے کسی گھر والے کو چاہیے کہ درج ذیل آیت کو اکتالیس مرتبہ فجر کی نماز کے بعد پڑھے اور تھوڑا سا پانی دم کر کے مریض کو پلائے اور اسی طرح عشاء کے بعد بھی یہی عمل کرے۔چند ہفتے اس عمل کو مستقل مزاجی سے کر لیں‘ اللہ تعالیٰ اپنے کلام پاک کی برکت سے شفاء عطا فرمائیں گے۔
آیت یہ ہے:وَ نُنَزِّلُ مِنَ الْقُرْاٰنِ مَا هُوَ شِفَآءٌ وَّ رَحْمَةٌ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ-وَ لَا یَزِیْدُ الظّٰلِمِیْنَ اِلَّا خَسَارًا(سورئہ بنی اسرائیل:82)
مقدمہ میں کامیابی
اگر کوئی شخص کسی ناجائز مقدمہ میں پھنس گیا ہو اور اس سے نکلنے کے کوئی اسباب نظر نہ آرہے ہوں توان مسائل سے نجات کے لئے متاثرہ شخص کو چاہیے کہ313 مرتبہ روزانہ درج ذیل آیت چالیس روز تک پڑھے اور اللہ سے اپنے مقصد کے حصول کے لئے دعا کرے‘ ان شاءاللہ بہت جلد مقدمہ سے نجات مل جائے گی۔اِنَّا نَحْنُ نَرِثُ الْاَرْضَ وَمَنْ عَلَيْـهَا وَاِلَيْنَا يُـرْجَعُوْنَ (سورئہ مریم:40)
ادائیگی قرض کا پُر تاثیر عمل
جو شخص قرض کے بوجھ تلے دبا ہو تو اسے چاہیے کہ روزانہ باوضو حالت میں قرآن پاک کی درج آیت کو 313 مرتبہ پڑھے اور روزانہ اللہ کے حضور ادائیگی قرض کے لئے سر سجدے میں رکھ کر اپنی حاجت کا سوال کرے۔اس عمل کی برکت سے جلد ہی اللہ تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے اس شخص کی مالی پریشانی دور فرمادے گا اور بہت جلد قرض کی ادائیگی کے لئے کوئی نہ کوئی ذریعہ بن جائے گا‘ ان شاءاللہ۔آیت درج ذیل ہے۔طٰسٓ تِلْکَ اٰیٰتُ الْقُرْاٰنِ وَکِتَابٌ مُّبِیْنo(النمل:1)
ظالم سے نجات
اگر کوئی ظالم شخص تنگ کرتا ہو اور کسی بھی طرح اپنی حرکات سے باز نہ آرہا ہو تو ایسے ظالم شخص سے نجات کے لئے صبح و شام آیت کو سو مرتبہ پڑھنے کا معمول بنا لیں‘ اس عمل کی برکت سے ان شاءاللہ ظالم شخص سے نجات مل جائے گی۔
آیت یہ ہے۔فَتَوَکَّلْ عَلَی اللّٰہِ اِنَّکَ عَلَی الْحَقِّ الْمُبِیْنِo(النمل:79)
خراب مالی حالات کیلئے
اگر کسی شخص کے مالی حالات تنگ ہوں تو اسے چاہیے نماز فجر کے بعد 70 مرتبہ درج ذیل آیت کا ورد کرکے اللہ تعالیٰ سے اپنی حاجت طلب کرےاور اس عمل کو مسلسل چالیس روز تک کرے۔ان شاءاللہ خراب مالی حالات ٹھیک ہو جائیں گے‘تونگری نصیب ہو گی۔
آیت یہ ہے۔كُلًّا نُّمِدُّ هٰٓؤُلَآءِ وَ هٰٓؤُلَآءِ مِنْ عَطَآءِ رَبِّكَ-وَ مَا كَانَ عَطَآءُ رَبِّكَ مَحْظُوْرًاo(بنی اسرائیل:20)
منصب کی بحالی
اگر کوئی شخص منصب سے معذول ہو گیا ہو یا نوکری سے نکال دیا گیا ہو تواسے چاہیے کہ درج ذیل آیت کو روزانہ کثرت سے پڑھے‘ جلد ہی بحالی ہو جائے گی‘ ان شاءاللہ۔آیت یہ ہے۔
اِنَّہٗ ھُوَ الْعَزِیْزُ الْحَکِیْمُ o