محترم حضرت حکیم صاحب السلا م علیکم !میری عمر 35 سال ہے اور چار سال سے میرے جوڑوں میں درد ہے‘ اسپیشلسٹ ڈاکٹرز سے معائنہ کروایا‘ تجویز کردہ ادویا ت باقاعدگی سے دوائی لیں لیکن اس کے باوجود ذرا بھی کوئی افاقہ نہ ہوا۔ سٹیرائیڈ استعمال کرتی ہوں پھر بھی آرام نہیں بلکہ چہرے پر سوجن ہو گئی ہے‘ پیٹ بڑھ گیا ہے خاص طور پر پیٹ کا نچلہ حصہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ معدہ بھی نہیں ٹھیک‘ پٹھوں میں کھچائو ہے‘ تھوڑا سا چلنے سے سانس پھول جاتا ہے‘ ٹانگیں اور پائوں بھاری محسوس ہوتے ہیں۔ گھٹنوں میں بہت درد اور سوزش ہے۔ نماز بھی کرسی پر بیٹھ کر پڑھتی ہوں‘ واش روم میں کموڈ استعمال کرتی ہوں‘ مگر اس کے باوجود بھی بہت مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جسم میں بالکل طاقت نہیں بھوک برداشت نہیں ہوتی اور گھبراہٹ ہو جاتی ہے۔براہ مہربانی اس کا علاج بتا دیجئے۔(شمائلہ نصیر ، کراچی)
مشورہ: آپ کے ان تمام مسائل کے لئے ایک مجرب نسخہ بتا رہا ہوں۔کلونجی 200 گرام، میتھر ے کے بیج 200 گرام، کالی مرچ 100 گرام ، کالا نمک 100 گرام لیں۔ان تمام اجزاء کو پیس کر محفوظ کر لیں ، اس سفوف کاآدھا چمچ دن میں تین سے چار بار کھانا کھانے کے بعد ہمراہ پانی استعمال کریں۔یہ نسخہ جہاں جوڑوں کے درد اور اعصابی کمزوری کے لئے مفید ہے وہاں گیس تبخیر ‘ معدے کی تیزابیت اور بے شمار امراض کا بھی علاج ہے۔