مجھے شہد پسند نہیں لیکن لوگ بہت تعریف کرتے ہیں۔ قہوہ میں ڈال کر پیتے ہیں۔ شہد پینے کے فوائد بتائیے۔ میری بہن کے پیٹ میں اکثر درد رہتا ہے۔ وہ کالج میں برگر وغیرہ کھاتی ہے، شاید اس لیے درد ہو جاتا ہے۔ کوئی اچھا سا نسخہ بتائیے جس سے وہ ٹھیک ہو جائے۔ (فرحان، ساہیوال)
مشورہ:شہد ہمارے پیارے رسولﷺ کو بہت مرغوب تھا۔ قرآن پاک کی سورئہ النحل اور سورئہ محمد ؐمیں شہد کا ذکر ہے۔ فرمان خداوندی کے مطابق شہد میں شفا ہے۔ بڑھاپے میں کمزوری، بلغم کی زیادتی، جوڑوں میں درد جیسی بے شمار تکالیف لاحق ہو جاتی ہیں۔ شہد، سر سے لے کر بالوں تک قوت بخش ہے۔ آپ شہد ضرور کھائیے، آپ کو اچھا لگے گا۔ تھوڑے سے شہد پر تقریباً ڈیڑھ چمچہ پسی ہوئی دار چینی چھڑک کر کھانے سے بدہضمی دور ہوتی ہے۔ تیزابیت نہیں ہوتی، کھانا ہضم ہوتا ہے لیکن اسے آپ کھانے سے پہلے لیجئے۔ الائچی، پودینہ، سونف پانی میں ابال کر قہوہ پینے سے بھی پیٹ ٹھیک رہتا ہے۔ پودینہ کے دس بارہ پتے ایک پیالی پانی میں ابال لیں، چھان کر ایک چمچ شہد ملائیے۔ پینے سے طبیعت بشاش ہو جائے گی۔ پیٹ کے کئی امراض بھی ٹھیک ہوںگے۔ گھر پانی میں شہد ملائیے اور لیموں کا تھوڑا رس ڈال کر پی لیجئے۔ کھانے کے بعد سبز چائے پینے سے کھانا ہضم ہو جاتا ہے۔ اس میں آپ لیموں ڈال سکتے ہیں۔ بہن سے کہئے کہ برگر وغیرہ کھانا چھوڑ دے، گھر سے ہلکا پھلکا کھانا ساتھ لے جائے۔